Tag: US

  • تیل کی برآمد پر پابندیوں سے ایران کو سالانہ 50 ارب ڈالرز کا خسارہ ہوگا: امریکا

    تیل کی برآمد پر پابندیوں سے ایران کو سالانہ 50 ارب ڈالرز کا خسارہ ہوگا: امریکا

    واشنگٹن: امریکا کے خصوصی ایلچی برائے ایران برائن ہک نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران سے بیک ڈورچینل رابطہ نہیں ہے۔

    اپنے ایک انٹرویو میں برائن ہک کا کہنا تھا کہ تیل کی برآمد پر پابندیوں سے ایران کو سالانہ 50 ارب ڈالرز کا خسارہ ہو گا، ڈونلڈ ٹرمپ ایران کو دباؤ میں لانے کے لیے جاری ہماری مہم سے مطمئن ہیں اور بہت خوش بھی ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برائن ہک نے واضح کیا کہ ایران کے پیٹرو کیمکل شعبے، فولادی صنعت اور قیمتی دھاتوں کو بھی پابندیوں کی زد میں رکھا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایران پر مزید دباؤ بڑھایا جائے گا جسے تہران برداشت نہیں کرسکے گا۔ ایک سوال پر امریکی ایلچی نے بتایا کہ امریکا 2015 میں ہونے والے جوہری معاہدے سے بہتر معاہدہ سامنے لانے کی کوشش کرے گا لیکن امریکی انتظامیہ ایرانی حکومت کو اربوں ڈالرز کی آمدن سے محروم کرے بہت زیادہ خوش ہے۔

    ایران یورینیم افزودگی روک دے، یورپی یونین نے خبردار کردیا

    امریکا کے خصوصی ایلچی برائن ہک نے کہا کہ ایران ماضی میں کئی مرتبہ سفارتکاری کی کوششیں مسترد کرچکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران اپنا رویہ تبدیل کرے اور اپنی مہلک پراکسیز کی معاونت بند کرے۔

    انہوں نے واضح کیا کہ ہمسایوں کو روز روز دی جانے والی دھمکیوں کا سلسلہ کسی طور قبول نہیں ہے۔ ایران کے لیے امریکہ کے خصوصی ایلچی برائن ہک نے ایک سوال کے جواب میں واضح کیا کہ ہم پہلی مرتبہ ایرانی حکومت کو ناں کہہ رہے ہیں۔

  • تجارتی جنگ کے خاتمے کے لیے ایک بار پھر چینی اور امریکی حکام کا رابطہ

    تجارتی جنگ کے خاتمے کے لیے ایک بار پھر چینی اور امریکی حکام کا رابطہ

    واشنگٹن: چین اور امریکا کے درمیان تجارتی تنازعے کے خاتمے کے لیے فریقین نے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور معاملے کے حل پر تبادلہ خیال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی حکام نے چین سے تجارتی تنازع پر ٹیلی فونک گفتگو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گفتگو میں امریکی چینی صدور کے درمیان معاہدہ بھی زیرغور آیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاوس کے اکنامک ایڈوائزر لاری کڈلو نے کہا ہے کہ چین اور امریکا کے درمیان تجارتی تنازع پر ٹیلی فونک گفتگو مثبت رہی۔

    لاری کڈلو نے کہا کہ امریکی چینی حکام کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو ہوئی جو اچھی اور مثبت رہی، فریقین نے براہِ راست ملاقات پر بھی بات کی ہے۔

    چینی وزارت کامرس نے بھی چینی وائس پریمیئر کی امریکی تجارتی نمائندے اور خارجہ سیکریٹری سے ٹیلی فونک گفتگو کی تصدیق کی اور کہا کہ گفتگو میں امریکی چینی صدر کے درمیان معاہدے سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

    واضح رہے کہ امریکا اور چین کے صدور کے درمیان ملاقات جاپان میں جی ٹوئنٹی اجلاس کے موقع پر ہوئی تھی۔ ملاقات میں امریکا و چین کے صدور نے مذاکرات کے آغاز پر رضا مندی کا اظہار کیا تھا، جبکہ امریکی صدر نے چین پر عائد 300 بلین ڈالرز کے نئے ٹیرف کے نفاذ کی معطلی کا اعلان بھی کیا تھا۔ہے۔

    تجارتی جنگ ، چین کا امریکہ سے تمام تجارتی مذاکرات منسوخ کرنے کا اعلان

    امریکی اور چینی حکام کے درمیان وفود کی سطح پر مرحلہ وار مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ امید ظاہر کرچکے ہیں کہ جلد ایک معاہدہ طے پاجائے گا۔

  • دورہ امریکا سے متعلق کوئی غلط فہمی نہیں، عمران خان ٹرمپ سے ملاقات کریں گے: شاہ محمود

    دورہ امریکا سے متعلق کوئی غلط فہمی نہیں، عمران خان ٹرمپ سے ملاقات کریں گے: شاہ محمود

    لندن: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے دورہ امریکا سے متعلق کوئی غلط فہی نہیں ہے، عمران خان صدر ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔

    وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کا لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعظم کے دورہ امریکا سے متعلق تمام افواہیں مسترد ہوگئیں، اب تو وائٹ ہاؤس نے بھی دورے کی تصدیق کر دی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ امریکا کو لے کر قیاس آرائیاں کی گئیں، وزیراعظم 20کو امریکا جاکر صدر ٹرمپ سے ملاقات کریں گے، مہنگائی کیوں ہوئی، اس کے بارے میں عوام کو آگاہ کریں گے۔

    شاہ محمود کا کہنا تھا کہ کامن ویلتھ وزرا کی میٹنگ میں پاکستان کا مؤقف پیش کیا، پاکستان کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا، کامن ویلتھ کی ابتدا سے پاکستان اس کاممبر ہے۔

    بعد ازاں وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کا پشتون کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پشتونوں نے آج لندن میں حب الوطنی کا بیج بویا ہے، تفریق ڈالنے کی کوشش کرنے والوں کے ارادے ناکام ہوں گے۔

    خطے میں امن پر توجہ مرکوز ہے: وزیر خارجہ

    ان کا کہنا تھا کہ قائداعظم کی قیادت میں سندھیوں، بلوچیوں، پنجابیوں اور پشتونوں کے ساتھ ساتھ بنگالیوں نے بھی حصہ لیا، انتشار پھیلانے کی کوشش کرنے والے ناکام ہوں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ مجھے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں پر فخر ہے، اوورسیز پاکستانیوں نے برطانیہ میں اپناوجود تسلیم کروایا، اوورسیز پاکستانیوں کیلئے پاکستان سب چیزوں پر فوقیت رکھتا ہے۔

  • امریکا نے حزب اللہ کے دو پارلیمانی اراکین پر پابندی عائد کردی

    امریکا نے حزب اللہ کے دو پارلیمانی اراکین پر پابندی عائد کردی

    واشنگٹن : امریکی محکمہ خزانہ نے حزب اللہ کے پارلیمانی اراکین پر پابندی عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’دنیا کوایران اور اس کی گماشتہ دہشت گرد تنظیموں کے استحصال سے بچانے کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے‘۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کی ٹرمپ انتظامیہ نے لبنان کی شیعہ ملیشیا حزب اللہ کے مزید تین کارکنان پر پابندیاں عاید کردیں۔ان میں لبنانی پارلیمان کے دو منتخب ارکان بھی ہیں۔ان پر اپنا اثرورسوخ بروئے کار لاتے ہوئے حزب اللہ کی سیاسی ومالی معاونت کا الزام عاید کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ امریکا کے محکمہ خزانہ نے ایک بیان میں کہا کہ حزب اللہ کی سیاسی اور سکیورٹی کی شخصیات کو اپنے عہدوں سے ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے تنظیم کے ضرررساں ایجنڈے کی معاونت اور ایران کے آلہ کار کا کردار ادا کرنے پر دہشت گرد قرار دیا گیا ہے۔

    امریکی محکمہ خزانہ نے لبنانی پارلیمان کے جن دو ارکان پر پابندیاں عاید کی ہیں، ان کے نام امین شری اور محمد حسن رعد ہیں، ان کے علاوہ شیعہ ملیشیا کےایک سکیورٹی عہدے دار وفیق صفا بھی امریکا کی ان نئی پابندیوں کی زد میں آگئے ہیں۔

    محکمہ خزانہ کے انڈر سیکریٹری برائے دہشت گردی اور مالیاتی انٹیلی جنس سیگل مینڈلکر نے ایک بیان میں کہا کہ حزب اللہ اپنے کارکنان کو لبنانی پارلیمان میں اداروں کی مالیاتی اور سکیورٹی مفادات کے لیے حمایت کے حصول کی غرض سے استعمال کررہی ہے اور ایران کی تخریبی سرگرمیوں کو تقویت دے رہی ہے۔

    انھوں نے بیان میں مزید کہا کہ حزب اللہ لبنان اور خطے بھر کی سلامتی اور استحکام کے لیے خطرے کا موجب ہے اور وہ یہ سب کچھ لبنانی عوام کی قیمت پر کررہی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارکے مطابق امریکا لبنانی حکومت کی اپنے اداروں کو ایران اور اس کی گماشتہ دہشت گرد تنظیموں کے استحصال سے بچانے کے لیے کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا تاکہ وہ لبنان کے ایک پُرامن اور خوش حال مستقبل کو محفوظ بنا سکے۔

    غیر ملکی میڈیا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ محکمہ خزانہ نے حزب اللہ کے دو قانون سازوں کو بلیک لسٹ قراردیا ہے، اب امریکی شہری اورادارے ان کے ساتھ کوئی کاروبار نہیں کرسکیں گے،ان کے علاوہ سرکردہ بین الاقوامی بنک بھی ان کے ساتھ کوئی مالی لین دین نہیں کریں گے۔

    امریکی انتظامیہ کے ایک سینئر عہدے دار نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں اب دوسری اقوام کے لیے یہ یقین کرنے کا وقت آگیا ہے اور وہ یہ تسلیم کریں کہ حزب اللہ کے سیاسی ونگ اور اس کے عسکری بازو میں کوئی فرق نہیں ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ حزب اللہ کا کوئی بھی رکن جو کسی سیاسی عہدے کا امیدوار ہے تو اس کو جان لینا چاہیے کہ وہ کسی سیاسی دفتر کی چھتری تلے چھپ نہیں سکتا ہے۔

  • وزیراعظم عمران خان کا دورہ امریکا انتہائی اہمیت کا حامل ہے، زلفی بخاری

    وزیراعظم عمران خان کا دورہ امریکا انتہائی اہمیت کا حامل ہے، زلفی بخاری

    واشنگٹن: وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ امریکا انتہائی اہمیت کا حامل ہے، وہ 21 جولائی کو امریکا میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب بھی کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا میں پاکستانی سفیر اسد مجید نے زلفی بخاری اور علی جہانگیر صدیقی کے اعزاز میں عشائیہ رکھا، اس موقع پر زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ عمران خان کا دورہ امریکا اہم ثابت ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہو چکا ہے، عمران خان پاکستان کو کرپشن فری معاشرہ بنانا چاہتے ہیں، تحریک انصاف کے وزرا انتہائی محنت سے کام کر رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 10سال میں اداروں کو تباہ کیا گیا، منسٹر کی سطح سے سیکشن آفیسر تک سب کو کرپٹ کیا گیا، پاکستان میں آج کل ہر کوئی معیشت پر ماہر بنا ہوا ہے۔

    لفی بخاری نے کہا کہ عوام سیاسی مافیا کی باتوں پر دھیان نہ دیں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کریں گے۔

    وزیراعظم کے معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے ماحول سازگار بنا رہےہیں، گزشتہ 5سال میں کسی وزیر اعظم نے بورڈ آف ریونیو کے اجلاس میں شرکت نہیں کی۔

  • ایران تنازعہ، امریکی صدر کا فرانسیسی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ

    ایران تنازعہ، امریکی صدر کا فرانسیسی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا فرانسیسی ہم منصب ایمانوئل میکرون سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا، اس دوران ایران سے جاری حالیہ کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر نے فرانسیسی ہم منصب سے ایران کے جوہری پروگرام پر بھی گفتگو کی اور یورپی کردار کا بھی جائزہ لیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فرانسیسی ہم منصب ایمانوئل میکرون سے ٹیلی فون پر ایران کے جوہری پروگرام اور یورینیم کو اعلیٰ سطح پر افزودہ کرنے کے معاملے پر تبادلہ خیال ہے۔

    وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ دونوں لیڈروں نے ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنے کے لیے کوششوں کے بارے میں بات چیت کی ہے اور اس کے مشرقِ اوسط کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے تخریبی کردار کے خاتمے پر بھی گفتگو کی ہے۔

    امریکی بدمعاشی ایران کے جوہری بحران میں اضافے کی وجہ ہے، چین

    فرانسیسی صدر نے ہفتے کے روز ایرانی ہم منصب حسن روحانی سے ایک گھنٹے تک گفتگو کی تھی۔ انھوں نے کہا تھا کہ وہ تمام فریقوں کے درمیان مکالمے کی بحالی کے لیے سازگار حالات پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

    دریں اثنا وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے کہا ہے کہ امریکا ایران کو جوہری ہتھیاروں سے دستبردار کرانے اور اس کو مشرقِ اوسط میں متشدد سرگرمیوں سے رکوانے کے لیے دباؤ جاری رکھے گا۔

    دوسری جانب چین نے امریکا پر الزام عاید کرتے ہوئے کہا ہے امریکا کی ’یکطرفہ بدمعاشی‘ ایران کے جوہری بحران میں اضافے کی وجہ ہے۔

  • کسی بھی ملک سے جنگ کرنا نہیں چاہتے: سربراہ ايرانی فوج

    کسی بھی ملک سے جنگ کرنا نہیں چاہتے: سربراہ ايرانی فوج

    تہران: ایرانی فوج کے سربراہ میجر جنرم عبدالرحیم موسوی نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک سے جنگ کرنے کی چاہت نہیں رکھتے۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرنے پر امریکی ڈرون گرائے جانے کے بعد واشنگٹن اور تہران حکام کے درمیان شدید کشیدگی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی فوج کے سربراہ عبدالرحیم موسوسی کا کہنا ہے کہ ايران کسی بھی ملک کے ساتھ جنگ کرنا نہیں چاہتا۔

    دریں اثنا ايرانی وزير دفاع امير حاتمی کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ ايران کے آئل ٹينکر کو تحويل ميں رکھنے کا برطانوی اقدام دھمکی آميز اور غلط تھا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکی ڈرون گراکر ہم نے واضح کیا ہے کہ اپنی سرحد کی حفاظت ہر صورت میں کرنا جانتے ہیں۔

    خیال رہے کہ ایران نے گذشتہ دنوں 2015 میں عالمی طاقتوں سے کیے گئے معاہدے کے تحت یورینیم افزودہ کرنے کی حد سے تجاوز کرنے کا اعلان کیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق ایرانی اٹامک ایجنسی کے ترجمان بہروز کمال وندی نے کہا تھا کہ نئی سطح پر یورینیم افزودہ کرنے سے متعلق تکنیکی تیاریاں چند گھنٹوں میں مکمل ہو جائیں گی اور 3.67 فی صد سے زیادہ یورینیم افزودہ کی جائے گی۔

    ایران ایٹمی پروگرام میں توسیع کا اقدام مزید پابندیوں کا باعث بنے گا: مائیک پومپیو

    ایران کے نائب وزیر خارجہ عباس اراغچی نے کہا تھا کہ تہران ہر 60 دن بعد معاہدے پر عمل درآمد میں کمی کو جاری رکھے گا جب تک تمام فریقین امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے عاید کی گئی پابندیوں سے بچانے کی کوشش نہیں کرتے۔

  • جرمنی نے امریکی مطالبہ مسترد کردیا، شام میں فوج نہ بھیجنے کا فیصلہ

    جرمنی نے امریکی مطالبہ مسترد کردیا، شام میں فوج نہ بھیجنے کا فیصلہ

    برلن: جرمنی نے امریکی مطالبہ مسترد کرتے ہوئے شام میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے اپنی بری فوج نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا نے درخواست کی تھی کہ جرمن حکام اپنی بری فوج شام میں تعینات کرے تاکہ داعش کے خلاف جاری جنگ اور دہشت گردی کے خاتمے میں مدد مل سکے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمنی نے واضح کيا کہ داعش کے خلاف اتحاد کے ساتھ تعاون موجودہ صورت ميں برقرار رہے گا تاہم شام ميں فوج تعينات کرنا ہرگز منصوبے کا حصہ نہيں ہے۔

    جرمنی کے حکومتی ترجمان اسٹيفان زائبرٹ نے موقف اختیار کیا ہے کہ شام میں جاری دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عالمی فوجی اتحاد سے تعاون جاری رکھیں گے البتہ جرمن بری فوج کی تعیناتی ممکن نہیں ہے۔

    دریں اثنا امریکا نے یہ بھی مطالبہ کیا تھا کہ جرمن شامی اپوزیشن اتحاد کی تربیت اور معاونت کے لیے اپنے عسکری ماہرین کے دستے بھی شام بھیجے۔

    خیال رہے کہ شام اور عراق میں داعش مخالف بین الاقوامی اتحاد میں اسی سے زائد ممالک شامل ہیں اور اس مقصد کے لیے فی الوقت جرمن عسکری ماہرین اور جنگی جہاز عراق میں تعینات ہیں۔

    جرمنی: داعش سے تعلق کے شبہے میں تین شامی نوجوان گرفتار

    یاد رہے کہ رواں سال کے آغاز میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ ہم داعش کو شکست دے چکے ہیں۔ تاہم اس اعلان کے بعد بھی داعش کی شدت پسندی جاری ہے۔ غیر ملکی میڈیا یہ بھی دعویٰ کررہے ہیں کہ آئی ایس آئی ایس کے جنگجو افغانستان منتقل ہورہے ہیں۔

  • چینی کمپنی ہواوے کا اینڈرائیڈ پر انحصار ختم کرنے کا فیصلہ

    چینی کمپنی ہواوے کا اینڈرائیڈ پر انحصار ختم کرنے کا فیصلہ

    بیجنگ: اسمارٹ فون بنانے والی دنیا کی دوسری بڑی چینی کمپنی ہواوے نے اینڈرائیڈ پر انحصار ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کمپنی اپنا آپریٹنگ سسٹم ہونگ مینگ متعارف کروائے گی جو اینڈرائیڈ کے مقابلے 60 فیصد تیز اور صرف موبائل فونز کے لیے مخصوص نہیں ہوگا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سمارٹ فون بنانے والی دنیا کی دوسری بڑی کمپنی ہواوے نے موبائل آپریٹنگ سسٹم اینڈرائیڈ پر انحصار ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ہواوے کے بانی رین زین فائی کا کہنا ہے کہ ہواوے کمپنی کا تیار کردہ آپریٹنگ سسٹم انٹرنیٹ راﺅٹرز، معلومات محفوظ کرنے والے مراکز اور خودکار ڈرائیونگ کی صلاحیت رکھنے والی گاڑیوں میں بھی استعمال ہو سکے گا۔

    رین زین فائی نے کہا کہ اس سسٹم کو باقاعدہ استعمال میں لانے سے قبل ہواوے کو اپنا ایپ سٹور بنانا ہوگا جو تیاری کے آخری مراحل میں ہے۔

    ٹیکنالوجی مصنوعات تیار کرنے والی چینی کمپنی نے کہا کہ ہواوے کے آپریٹنگ سسٹم کو مارکیٹ میں جگہ بنانے کے لیے تھوڑا وقت درکار ہوگا کیونکہ اینڈرائیڈ اور آئی او ایس پہلے سے بازار میں دستیاب ہیں اور ان کو اچھی ڈویلپر سپورٹ حاصل ہے۔

    امریکا اورگوگل نے ہواوے کے صارفین کو خوشخبری سنادی

    خیال رہے کہ چینی کمپنی کا نیا آپریٹنگ سسٹم رواں سال ابتدائی طور پر چین میں متعارف کرایا جائے گا اور 2020 میں دنیا بھر میں صارفین کے لیے پیش کیا جائے گا۔

  • ایرانی اقدامات کے بعد جوہری ڈیل خطرے میں پڑ گیا، یورپی یونین کو شدید تشویش

    ایرانی اقدامات کے بعد جوہری ڈیل خطرے میں پڑ گیا، یورپی یونین کو شدید تشویش

    برسلز: یورپی یونین نے ایرانی اقدامات کے ردعمل میں شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایران کو ضرر رساں حکمت عملی سے گریز رہنے کی اپیل کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی یونین نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ وہ جوہری ڈیل سے متعلق ضرر رساں اقدامات سے گریز کرے، بصورت دیگر سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کی جانب سے یورینیم کی طے شدید حد سے تجاوز کرنے پر یورپی یونین مشترکہ کمیشن بنانے پر غور کررہی ہے جو معاملے کا بغور جائزہ لے گی۔

    یورپی یونین کا کہنا ہے کہ ہمیں ایران کے یورینیم کو 3.67 فی صد سے بالائی سطح تک افزودہ کرنے کے اعلان پر گہری تشویش لاحق ہے۔

    ای یو نے ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عالمی طاقتوں کے درمیان طے پانے والے جوہری معاہدے کی پاسداری کرے، اور سمجھوتے کے تقاضو کے منافی تمام اقدامات روک دے اور اس ضمن میں حالیہ اعلانات بھی واپس لے۔

    دوسری جانب فرانسیسی صدر نے جوہری معاہدے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران 15 جولائی کو جوہری معاہدے میں شامل تمام فریقین کے درمیان مذاکرات کے لیے حالات سازگار بنانے کے لئے اقدامات کرے۔

    ایران کا یورینیم افزودگی میں اضافہ خطرناک ہوگا‘فرانسیسی صدر

    خیال رہے کہ ایران اور عالمی طاقتوں میں طے پائے معاہدے کے تحت ایران کو بھاری پانی کا ذخیرہ محدود کرنے کا پابند بنایا گیا تھا مگر ایران بھاری پانی کا ذخیرہ بھی 5 فی صد سے بڑھا چکا ہے۔

    یورینیم افزودگی کی مقدار 5 فی صد تک لے جانے کا ایرانی فیصلہ سلامتی کونسل کی قرارداد 2231 کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے۔