Tag: US

  • حماس نے غزہ جنگ بندی کی نئی امریکی تجویز کیوں مسترد کر دی؟

    حماس نے غزہ جنگ بندی کی نئی امریکی تجویز کیوں مسترد کر دی؟

    فلسطینی مزاحمت کاروں کی تنظیم حماس نے دوحہ اجلاس کے بعد اپنے پہلے باضابطہ بیان میں کہا ہے کہ غزہ جنگ بندی کی نئی امریکی تجویز نیتن یاہو کے مطالبات کے عین مطابق مرتب کی گئی ہے۔

    بتایا جا رہا ہے کہ دوحہ سربراہی اجلاس میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کی نئی تجویز اسرائیل اور حماس کے درمیان موجود خلیج کو پُر کرنے کے ارادے کے ساتھ ترتیب دی گئی ہے، تاہم حماس نے اتوار کو کہا ہے کہ یہ تجویز دراصل اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے نئے مطالبات کو مد نظر رکھ کر تشکیل دی گئی ہے، اور یہ کسی معاہدے پر پہنچنے کی راہ میں ایک رکاوٹ کی طرح ہے۔

    حماس کا یہ بیان امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے اسرائیل پہنچنے کے چند گھنٹوں بعد سامنے آیا، وہ غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کو یقینی بنانے کے لیے یہ دورہ کر رہے ہیں۔ دوحہ میں دو روزہ مذاکرات کے بعد ثالثوں قطر، مصر اور امریکا کی جانب سے نئی تجویز حماس کو بھیجی گئی تھی، جس پر حماس نے کہا کہ یہ بنجمن نیتن یاہو کے حالیہ مؤقف کے بہت قریب ہے۔

    خان یونس: اسرائیلی فوج نے صحافیوں پر براہ راست گولیاں بر سا دیں

    حماس کا مؤقف ہے کہ نیتن یاہو جنگ ختم کرنے اور غزہ اور مصر کی سرحد سے اسرائیلی افواج کو ہٹانے سے انکار کرتا ہے، جب کہ حماس کی جانب سے یہ دو بنیادی شرائط ہیں جن کے بغیر کسی بھی معاہدے کا کوئی امکان نہیں ہے۔

    حماس نے کہا کہ معاہدے میں تاخیر، فلسطینیوں کی طرح اسرائیلی یرغمالیوں کی زندگی خطرے میں ڈالنے اور ثالثوں کی کوششیں ناکام بنانے کی ذمہ داری پوری طرح اسرائیلی وزیر اعظم کے سر ہے۔ حماس نے کہا ’’ہم ثالثوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنی ذمہ داریاں نبھائیں اور جولائی میں جس تجویز پر اتفاق ہوا تھا، اس پر غاصب اسرائیل کو عمل کرنے پر مجبور کرے۔‘‘

  • امریکا کا مشرق وسطیٰ میں مزید جنگی جہاز بھیجنے کا حکم

    امریکا کا مشرق وسطیٰ میں مزید جنگی جہاز بھیجنے کا حکم

    امریکی وزیر دفاع نے مشرق وسطیٰ میں کشیدہ صورتحال کے بعد میزائل بردار آبدوز اور ابراہم لنکن طیارہ بردار جنگی بحری جہاز تعینات کرنے کا حکم دے دیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پینٹاگون کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں تعینات کی جانے والی آبدوز USS Georgia ایٹمی آبدوز ہے۔

    امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے اس سے قبل اسرائیلی ہم منصب سے بات چیت کے دوران کہا تھا ایران بڑے پیمانے پر حملے کی تیاری میں مصروف ہے۔

    واضح رہے کہ حماس اور حزب اللّٰہ کے سینئر رہنماؤں پر حملوں کے بعد ایران نے اسرائیل سے بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے۔

    دوسری جانب اسرائیل نے 7 اکتوبر 2023 کے بعد سے اب تک غزہ کی 1.8 فیصد آباد ی کو شہید کر دیا ہے۔

    فلسطینی سینٹرل بیورو آف سٹیٹسٹکس کے مطابق محصور ساحلی علاقوں میں 24 فیصد اموات نوجوانوں کی ہوئی جن کی عمریں (18 سے 29 سال) کے درمیان تھیں۔

    بیورو نے کہا کہ غزہ میں زخمی ہونے والوں میں تقریباً 70 فیصد خواتین اور بچے ہیں جبکہ ایک اندازے کے مطابق 10,000 لوگ لاپتہ ہیں اور 20 لاکھ بے گھر ہو چکے ہیں۔

    اس میں مزید کہا گیا ہے کہ اسی عرصے کے دوران مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں 620 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں سے 75 فیصد کی عمریں 30 سال سے کم تھیں۔

    ’میری صدارت ختم ہونے سے پہلے غزہ جنگ بندی ممکن ہے‘

    بیورو کے اعداد و شمار سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ غزہ میں غذائی قلت کے باعث 34 افراد موت کے منہ میں چلے گئے اور تقریباً 3500 بچے خوراک کی کمی کے باعث موت کے خطرے سے دوچار ہیں۔

  • لبنان کا سفر نہ کریں، امریکہ نے اپنے شہریوں کو خبردار کردیا

    لبنان کا سفر نہ کریں، امریکہ نے اپنے شہریوں کو خبردار کردیا

    اسرائیل اور لبنانی حزب اللہ گروپ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو مدنظر رکھتے ہوئے امریکا نے اپنے شہریوں کو لبنان کا سفر نہ کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے لبنان کے لیے اپنی ٹریول ایڈوائزری کو چار درجے تک بڑھا دیا۔ جس میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ لبنان کا سفر کرنے سے گریز کریں۔

    حزب اللہ کی جانب سے تازہ ترین پیش رفت میں گزشتہ روز پارٹی کے سینئر رہنما فواد شکر کے قتل پر سوگ منایا گیا، گزشتہ روز اسرائیلی حملے میں بیروت کے جنوبی مضافات میں ایک عمارت پر میزائل داغا گیا تھا جس کے نتیجے میں فواد شکر شہید ہوگئے تھے۔

    بدھ کی علی الصبح تہران میں ایک حملے میں حماس کے پولٹ بیورو کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے جام شہادت نوش کیا، دو رہنماؤں کے قتل کے بعد خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے۔

    حزب اللہ نے ایک بیان میں کہا ہے فواد شک نے القدس کی راہ میں ایک عظیم شہید کے طور پر قربانی دی ہے۔ وہ مزاحمت کی عظیم علامتوں میں سے ایک تھے۔ ان کی فتوحات ہی ان کی صلاحتیوں کا بتا رہی ہیں۔ وہ میدان کے ایسے رہنما تھے جنہوں نے آخری سانس تک جہاد کو نہیں چھوڑا۔

    ایران میں انتقام کی علامت ’سرخ پرچم‘ لہرا دیا گیا

    حزب اللہ کے قریبی ذرائع کے مطابق فواد شکر کا جسد خاکی ہدف بنائی گئی عمارت کے ملبے کے نیچے سے ملا ہے، بیان کے مطابق حزب اللہ کے سکریٹری جنرل حسن نصر اللہ آج جمعرات کو جلوس جنازہ سے خطاب کرتے ہوئے اس مذموم حملے اور بڑے جرم کے بارے میں سیاسی موقف کا اظہار کریں گے۔

  • حماس سربراہ کو نشانہ بنانے میں امریکا ملوث نہیں: امریکی وزیر خارجہ

    حماس سربراہ کو نشانہ بنانے میں امریکا ملوث نہیں: امریکی وزیر خارجہ

    امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو نشانہ بنانے میں امریکا ملوث نہیں ہے۔

    امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے سنگاپور کے دورے کے دوران نیوز ایشیا سے گفتگو میں کہا کہ اسماعیل ہنیہ کو نشانہ بنانے کے بعد غزہ جنگ بندی لازمی ہے۔

    امریکی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ حماس رہنما کونشانہ بنانے میں امریکا ملوث نہیں ہے، امریکا کو حملے سے متعلق کوئی اطلاع نہیں تھی۔

    حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو ایران میں شہید کردیا گیا

    امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے مزید کہا کہ ہم مذاکرات کے جاری رہنے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے، فلسطینیوں کی مشکلات کم کرنے کیلئے مدد کرنا بہت ضروری ہے۔

    امریکی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ فوری جنگ بندی کی ضرورت مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کو کم کرنے کا طریقہ ہے، تنازع خطے میں نہ پھیلے اس پر توجہ مرکوز ہے۔

    واضح رہے کہ فلسطین کے سابق وزیراعظم اور حماس کے سربراہ اسمٰعیل ہنیہ کو ایران میں قاتلانہ حملے میں شہید کردیا گیا، حماس نے ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اسمٰعیل ہنیہ کو یہودی ایجنٹوں نے نشانہ بنایا جس کا بدلہ لیا جائے گا۔

    اسمٰعیل ہنیہ کے قتل کے بعد سے غزہ تنازع کے مزید بڑھنے کا خدشے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے، تجزیہ کاروں نے بھی اسرائیل پر معاملات کو آگے لے جانے کا الزام عائد کردیا ہے۔

  • امریکہ، روس اور جرمنی  نے شہریوں کو وارننگ جاری کردی

    امریکہ، روس اور جرمنی نے شہریوں کو وارننگ جاری کردی

    امریکہ، روس اور جرمنی کی جانب سے اپنے شہریوں کو لبنان کا سفر نہ کرنے کی تنبیہہ جاری کی گئی ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بیروت میں امریکی سفارت خانے کے بیان میں لبنان کے لیے موجودہ سفری انتباہ پر نظرثانی کا مطالبہ کیا گیا۔

    جاری کئے گئے بیان میں لبنان میں امریکی شہریوں کو تنبیہہ کی گئی ہے کہ وہ لبنان کے جنوب اور لبنان شام سرحدی لائن یا پناہ گزین کیمپوں کی جانب نہ جائیں۔

    رشیا 24 ٹیلی ویژن چینل کو اپنے بیان میں بیروت میں روس کے سفیر الیگزینڈر روداکوف نے مشورہ دیا کہ اگر ممکن ہو تو روسی شہریوں کو لبنان کا سفر ملتوی کر دینا چاہیے۔

    بیروت میں روس کے سفیر الیگزینڈر روداکوف نے کہا کہ وہ لبنان میں رہنے والے روسیوں سے مسلسل رابطہ کررہے ہیں۔

    الیگزینڈر روداکوف کا کہنا تھا کہ ہم صورتحال پر گہری نظر رکھتے ہیں اور اپنے تمام شہریوں کو مندرجہ ذیل مشورے دیتے ہیں کہ اگر وہ کسی چیز سے پریشان یا خوفزدہ ہیں تو یہ وقت ہے کہ دستیاب مواقعوں سے پورا فائدہ اُٹھائیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال 8 اکتوبر سے لبنان-اسرائیل سرحد پر اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جھڑپوں میں حالیہ شدت اور اسرائیل کے حالیہ اعلان کے بعد اس نے لبنان کے خلاف بڑے حملے کے آپریشنل منصوبوں کی منظوری دے دی ہے

    بائیڈن اور ٹرمپ کے درمیان صدارتی مباحثہ، سنگین الزامات کا تبادلہ

    لبنان کے خلاف بڑے حملے کے آپریشنل منصوبوں کی منظوری کے بعد خطے میں تنازعات میں اضافے کے خدشات میں اضافہ ہورہا ہے۔

  • امریکہ اور برطانیہ کی یمن میں 18 مقامات پر فضائی بمباری

    امریکہ اور برطانیہ کی یمن میں 18 مقامات پر فضائی بمباری

    یمن میں 8 مقامات پر حوثیوں کے 18 ٹھکانوں کو امریکا اور برطانیہ کی جانب سے فضائی حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایران کی جانب سے یمن پر تازہ حملوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ امریکی و برطانوی حملے یمن کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کی خلاف ورزی ہے۔

    ترجمان ایرانی وزارت خارجہ ناصر کنعانی کے مطابق امریکا اور برطانیہ نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ جنگی جرائم اور نسل کشی کرنے والے اسرائیل کے حمایتی ہیں۔

    ایرانی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکا و برطانیہ غزہ جنگ روکنے کے بجائے اس ملک پر حملہ کر رہے ہیں جو غزہ جنگ رکوانے کیلئے اسرائیل پر دباؤ بڑھا رہا ہے۔

    عارضی جنگ بندی کے بنیادی نکات طے کر لیے، امریکا

    ترجمان ایرانی وزارت خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ امریکا اور برطانیہ غاصب مجرم ریاست کے تحفظ اور ناجائز مفادات کو بین الاقوامی امن وسلامتی سے زیادہ اہمیت دیتے ہیں۔

  • امریکی و برطانوی فورسز نے بحیرۂ احمر میں 21 ڈرونز مار گرائے

    امریکی و برطانوی فورسز نے بحیرۂ احمر میں 21 ڈرونز مار گرائے

    امریکا اور برطانیہ کی فورسز نے بحیرۂ احمر میں فائر کیے گئے اکیس ڈرونز کو مار گرایا ہے۔

    خبر ایجنسی کے مطابق امریکا اور برطانیہ کی فورسز نے بحیرۂ احمر میں فائر کیے گئے 21 ڈرونز کو مار گرایا ہے، حوثیوں کے ڈرونز اور میزائل حملے میں کسی جہاز کو نقصان نہیں پہنچا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق یمن کے حوثی باغیوں کی طرف سے اسرائیل پر ڈرونز سے حملے کی اب تک اکیس کوششیں ہو چکی ہیں۔

    واضح رہے کہ غزہ حملے کے بعد سے بحیرۂ احمر سمیت مختلف سمندری راستوں پر متعدد بحری جہازوں پر حملوں کے واقعات سامنے آئے ہیں۔

    ان حملوں میں یمن کے حوثی باغیوں نے مختلف بحری جہازوں کو نشانہ بنایا ہے، جن میں اسرائیل، امریکا سمیت مختلف ممالک کے بحری جہاز شامل ہیں۔

    یمن کے حوثیوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ امریکا پوری دنیا کو متحرک کر لے پھر بھی بحیرۂ احمر میں جہازوں پر حملے جاری رہیں گے۔

  • ٹرمپ کے مطالبے پر واشنگٹن کی عدالت نے کوئی رد عمل نہیں دیا

    ٹرمپ کے مطالبے پر واشنگٹن کی عدالت نے کوئی رد عمل نہیں دیا

    واشنگٹن: الیکشن فراڈ کیس میں جج تانیا چُٹکن کو ہٹانے اور کیس واشنگٹن سے کہیں اور منتقلی کے ٹرمپ کے مطالبے پر ڈسٹرکٹ آف کولمبیا کی ضلعی عدالت نے کوئی ردعمل نہیں دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 6 جنوری حملہ کیس کی سماعت کرنے والی جج تانیا چُٹکن پر اعتراض کر دیا ہے، ٹرمپ نے یہ مطالبہ بھی کیا ہے کہ ان کے خلاف ووٹنگ پر واشنگٹن ڈی سی سے کیس کہیں اور منتقل کیا جائے۔

    دوسری طرف ٹرمپ کے مطالبے پر ڈسٹرکٹ آف کولمبیا کی ضلعی کورٹ نے کوئی ردعمل نہیں دیا ہے، خیال رہے کہ سابق صدر پر کیپٹل حملہ اور خفیہ دستاویزات کیسز میں فرد جرم عائد ہو چکی ہے، اور وہ دوبارہ صدارتی انتخاب لڑنے کے لیے ریپبلکنز نمائندگی حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

    ٹرمپ نے الیکشن فراڈ کیس میں جج تانیا چُٹکن کو ہدف بنا لیا

    ریپبلکن رہنما ساجد تارڑ نے جج پر ٹرمپ کے اعتراض کو درست قرار دے دیا ہے، جب کہ ڈیموکریٹ رہنما کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کیس میں تاخیر کے بہانے ڈھونڈ رہے ہیں۔

  • بھارتی ریاست منی پور میں جاری تشدد کے واقعات نے حیران اور خوف زدہ کیا، امریکی محکمہ خارجہ

    بھارتی ریاست منی پور میں جاری تشدد کے واقعات نے حیران اور خوف زدہ کیا، امریکی محکمہ خارجہ

    واشنگٹن: امریکا نے بھارتی ریاست منی پور میں جاری تشدد اور نسلی فسادات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ویدانت پٹیل نے پریس کانفرنس میں بھارتی ریاست منی پور میں جاری تشدد اور نسلی فسادات پر افسوس کا اظہار کیا، انھوں نے کہا بھارتی ریاست میں جاری تشدد کے واقعات نے حیران اور خوف زدہ کر دیا ہے۔

    نائب ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت میں خواتین پر حملے کی ویڈیو حیران کن اور صدمہ انگیز تھی، ہم متاثرین سے گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، خواتین کے خلاف ایسا تشدد کسی بھی مہذب معاشرے میں شرمناک ہے۔

    امریکی محکمہ خارجہ کا پیمرا ترمیمی بل پر ردعمل

    امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ امریکا منی پور میں تشدد کے پرامن اور جامع حل کی حوصلہ افزائی کرتا ہے، بھارتی حکام تمام گروپس کی جان و مال کی حفاظت کریں۔

  • سپریم کورٹ نے صدر بائیڈن کی تعلیمی قرضوں کی معافی کی پالیسی کو مسترد کر دیا

    سپریم کورٹ نے صدر بائیڈن کی تعلیمی قرضوں کی معافی کی پالیسی کو مسترد کر دیا

    واشنگٹن: امریکی سپریم کورٹ نے صدر جو بائیڈن کی تعلیمی قرضوں کی معافی کی پالیسی کو مسترد کر دیا ہے، جس پر بائیڈن انتظامیہ پریشانی کا شکار ہو گئی ہے جب کہ طلبہ سراپا احتجاج بن گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز امریکی سپریم کورٹ نے صدر جو بائیڈن کے فیڈرل اسٹوڈنٹس لون 400 بلین ڈالر کے منصوبے کو چھ تین کی اکثریت سے مسترد کر دیا ہے، اس منصوبے سے لاکھوں امریکیوں کو ریلیف ملنا تھا۔

    امریکی سپریم کورٹ کے فیصلے سے بائیڈن انتظامیہ پریشان ہے جب کہ طلبہ سراپا احتجاج بن گئے ہیں، صدر بائیڈن نے اعلان کیا ہے کہ یہ لڑائی ابھی ختم نہیں ہوئی۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ بائیڈن انتظامیہ کو 400 ارب ڈالر کے منصوبے کے لیے کانگریس کی توثیق درکار تھی، بائیڈن انتظامیہ نے اس منصوبے پر اپنے اختیار سے تجاوز کیا، اور قرض لینے والوں کو ایسے ہی چھوڑ دیا، جن کے قرضوں کی واپسی موسم خزاں میں دوبارہ شروع ہونے کی توقع ہے۔

    ادھر صدر بائیڈن نے ایک خطاب میں عدالتی فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے امریکی آئین کی غلط تشریح کی ہے، ریپبلکنز طلبہ کے قرضوں کے معاملے پر ریلیف دینے کو تیار نہیں۔ دوسری طرف سابق صدر ٹرمپ نے عدالتی فیصلے کو سراہا اور کہا کہ بائیڈن انتظامیہ کا منصوبہ غیر منصفانہ تھا۔

    واضح رہے کہ امریکا میں پبلک اسکولوں کی مفت تعلیم کے بعد جب طلبہ یونیورسٹیوں میں جاتے ہیں تو ان یونیورسٹیوں میں تعلیم خاصی مہنگی ہوتی ہے، ہزاروں ڈالر کی فیسیں ہوتی ہیں، جس پر طلبہ کو پھر قرضے ملتے ہیں، جنھیں وہ پڑھائی کے ساتھ ساتھ کام کرتے ہوئے قسطوں میں ادا کرتے ہیں۔ لیکن ہزاروں طلبہ ایسے بھی ہوتے ہیں جو قرضے واپس نہیں کر پاتے جن کے لیے صدر بائیڈن یہ بڑا منصوبہ لے کر آئے تھے۔

    تاہم ریپلکن پارٹی نے بائیڈن کے منصوبے کو سیاسی اسٹنٹ قرار دیا اور اس کی بھرپور مخالفت کی۔