Tag: US

  • امریکی تاریخ کا سب سے بڑا فوجی بجٹ منظور

    امریکی تاریخ کا سب سے بڑا فوجی بجٹ منظور

    واشنگٹن: امریکا میں ریکارڈ حجم کا دفاعی بجٹ منظور کرلیا گیا، بجٹ کی رقم ہتھیاروں، جہازوں، طیاروں اور فوجیوں کی تنخواہوں میں 4.6 فیصد کے اضافے پر خرچ کی جائے گی۔

    امریکی میڈیا کے مطابق سینیٹ نے جمعرات کے روز اگلے برس فوج پر خرچ کرنے کے لیے ریکارڈ 858 ارب ڈالر کی منظوری دے دی، یہ رقم صدر جو بائیڈن کے تجویز کردہ دفاعی بجٹ کی رقم سے 45 ارب ڈالر زیادہ ہے، جبکہ اس میں فوج کے لیے لازمی کووڈ ویکسین کے مینڈیٹ کو بھی ختم کر دیا گیا ہے۔

    بجٹ کی توثیق کے لیے اسے صدر بائیڈن کے پاس بھیج دیا گیا ہے، سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی میں شامل ری پبلکن رکن جم انہوف کا کہنا ہے کہ ہمیں دفاع پر ترجیح دینے کی ضرورت ہے، بس اتنا کہنا ہی کافی ہے۔

    امریکا اس وقت نیٹو دفاعی اتحاد میں شامل دیگر 29 ممالک کی جانب سے دفاع پر کیے جانے والے مجموعی اخراجات کا دو گنا سے بھی زیادہ اپنے دفاع پر خرچ کر رہا ہے۔

    جرمنی نے 50.4 ارب یورو کا دفاعی بجٹ منظور کیا ہے جبکہ اپنی فوج کو جدید بنانے کے لیے 100 ارب یورو کا ایک خصوصی فنڈ بھی مختص کیا ہے۔

    بجٹ کی رقم ہتھیاروں، جہازوں اور طیاروں نیز فوجیوں کی تنخواہوں میں 4.6 فیصد کے اضافے پر خرچ کی جائے گی، اس میں لاک ہیڈ مارٹن کے ایف 35 جنگی طیاروں اور جنرل ڈائنامکس کے تیار کردہ جنگی جہازوں کی خریداری بھی شامل ہے۔

    چین کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے مدنظر تائیوان کو دفاعی امداد کے مد میں اربو ں ڈالر الاٹ کیے گئے ہیں تاکہ اس ایشیائی ملک کے لیے ہتھیاروں کے تیز رفتار حصول کو آسان بنایا جاسکے۔

    بجٹ میں یوکرین کے لیے اگلے برس 800 ملین ڈالر کی اضافی سکیورٹی امداد بھی شامل ہے۔

    جمعرات کو پیش کیے جانے والے اس بل یا نیشنل ڈیفنس آتھرائزیشن ایکٹ کی حمایت میں 83 جبکہ مخالفت میں 11 ارکان نے ووٹ ڈالا، امریکہ کی دفاعی پالیسیوں کے لیے سالانہ بنیادوں پر دفاعی بجٹ کا پاس کیا جانا ضروری ہے۔

    ری پبلکن ارکان جنہوں نے اس بات پر زور دیا تھا کہ کووڈ 19 سے بچاؤ کے مختلف اقدامات شخصی آزادیوں کی خلاف ورزی کرتے ہیں، نے لازمی کووڈ ویکسین مینڈیٹ کو نہ ہٹانے پر بل کی مخالفت کرنے کی دھمکی دی تھی۔

    پینٹاگون کا کہنا ہے کہ کووڈ ویکسین لگوانے سے انکار کرنے کی وجہ سے تقریباً 8 ہزار اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا تھا، امریکی کانگریس سنہ 1961 سے ہر سال یہ بل پاس کرتی ہے جو صدر کے دستخط سے قانون کی حیثیت اختیار کر لیتا ہے۔

  • امریکی مڈ ٹرم الیکشن: سینیٹ میں ری پبلکنز اور ڈیمو کریٹس کی نشستیں برابر

    امریکی مڈ ٹرم الیکشن: سینیٹ میں ری پبلکنز اور ڈیمو کریٹس کی نشستیں برابر

    واشنگٹن: امریکی مڈ ٹرم الیکشن میں سینیٹ میں ری پبلکنز اور ڈیمو کریٹس کی نشستیں برابر ہوگئیں، نائب صدر کے ٹائی بریکنگ ووٹ کے باعث ڈیمو کریٹس کو اکثریت کے لیے مزید 1 نشست درکار ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق امریکی مڈ ٹرم الیکشن میں سینیٹ میں ری پبلکنز اور ڈیمو کریٹس کی نشستیں برابر ہوگئیں۔

    سوئنگ اسٹیٹ ایریزونا میں کامیابی سے ڈیمو کریٹس کے ووٹ بڑھ کر 49 ہوگئے، ریاست نیواڈا کے نتائج فی الحال واضح نہیں ہوئے جبکہ جارجیا میں انتخابی معرکہ 6 دسمبر کو ہوگا۔

    سینیٹ میں ڈیمو کریٹس کو اکثریت کے لیے 1 اور ری پبلکنز کو 2 سیٹیں درکار ہیں۔

    سنیٹ کی 100 نشستوں میں سے دونوں جماعتوں کے پاس 49، 49 نشستیں ہیں، نائب صدر کے ٹائی بریکنگ ووٹ کے باعث ڈیمو کریٹس کو مزید 1 نشست درکار ہے۔

  • امریکا کی عمران خان پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت

    امریکا کی عمران خان پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت

    واشنگٹن: امریکا نے سابق وزیر اعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کردی، ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ تشدد کی سیاست میں کوئی جگہ نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس نے نیوز بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہونے والے حالیہ واقعات پر تشویش ہے، عمران خان پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

    نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ تمام جماعتوں کو اپنے معاملات بات چیت سے حل کرنے چاہئیں، لوگوں کو پرامن احتجاج کا حق حاصل ہونا چاہیئے، عمران خان پر قاتلانہ حملے پر وزیر خارجہ بیان دے چکے ہیں۔ پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، تشدد کی سیاست میں کوئی جگہ نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان اور دیگر زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں، سیاست میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں۔

    دوران بریفنگ صحافی نے سوال کیا کہ اے آر وائی کے مالک سلمان اقبال پر جھوٹے مقدمات بنانے پر امریکا کا کیا مؤقف ہے، جس پر نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں میڈیا کی آزادی پر بات کرتے رہیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ پاکستانی حکام کے سامنے اٹھاتے رہیں گے، آزاد میڈیا جمہوریت کے لیے اہم ہے۔

    ایک اور سوال میں دریافت کیا گیا کہ بھارت روسی تیل لینے والا بڑا ملک بن گیا ہے، کیا آپ کو تشویش ہے، جس پر نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ بھارت روس تعلقات پر بھارتی حکام سے بات ہوتی رہی ہے، بھارت اور روس کے دو طرفہ تعلقات برسوں پرانے ہیں۔

    نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ بھارت واضح کر چکا ہے کہ وہ روسی جنگ کے خلاف ہے، تمام ممالک پر منحصر ہے کہ وہ کیا فیصلہ کر سکتے ہیں، روس بھارت تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں جو سرد جنگ میں شروع ہوئے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت کہہ چکا ہے کہ وہ یوکرین جنگ اورخون ریزی کےخلاف ہے، ضروری ہے روس کو یہ پیغام عالمی دنیا خصوصاً بھارت جیسے ممالک سے ملے۔ توانائی کے لیے بھارتی ضروریات کو سمجھ سکتے ہیں۔

  • ڈونلڈ ٹرمپ نے تحائف توشہ خانہ میں جمع کرائے یا ساتھ لے گئے، تحقیقات شروع

    ڈونلڈ ٹرمپ نے تحائف توشہ خانہ میں جمع کرائے یا ساتھ لے گئے، تحقیقات شروع

    واشنگٹن: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دوران صدارت ملنے والے تحائف توشہ خانہ میں جمع کرائے تھے یا ساتھ لے گئے، اس سلسلے میں تحقیقات شروع ہو گئی ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے خاندان کو غیر ملکی سربراہان کی جانب سے دیے گئے درجنوں تحائف توشہ خانے سے غائب ہو گئے ہیں، ایوان کی کمیٹی نے صدارتی تحائف رکھنے والے ادارے نیشنل آرکائیو سے اس سلسلے میں مدد مانگ لی ہے۔

    کانگریشنل تفتیش کاروں نے سابق صدر کو ملے درجنوں قیمتی تحائف کی تحقیقات شروع کر دی، ڈونلڈ ٹرمپ کو تحفے میں ملا گالف کا سامان، ہیرے کے ٹاپس اور روسی صدر پیوٹن کی دی گئی فٹ بال غائب ہیں۔

    توشہ خانے سے سعودی عرب کے بادشاہ سلمان کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کو دیا گیا عبدالعزیز السعود اعزاز بھی غائب ہے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کو جاپانی وزیر اعظم شنزوآبے نے گالف کھیلنے کا قیمتی سامان تحفے میں دیا تھا، روس کے صدر پیوٹن نے 2018 ورلڈ کپ کی فٹبال ڈونلڈ ٹرمپ کو دی تھی، مصر کے قدیم دیوتا کا سنہری مجسمہ بھی انھیں تحفے میں ملا تھا۔

    ایلسلواڈور کے صدر نے ڈونلڈ ٹرمپ کو ان کی بڑی پینٹنگ تحفے میں دی تھی، ملکہ الزبتھ دوم کی دستخط شدہ نایاب تصویر، مہاتما گاندھی کا مجسمہ، اور افغان دری بھی غائب ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو دیے گئے تحائف کی مالیت 50 ہزار ڈالر سے زیادہ تھی۔

  • نینسی پلوسی کے شوہر پر ہتھوڑے سے حملہ، امریکی صدر کا رد عمل

    نینسی پلوسی کے شوہر پر ہتھوڑے سے حملہ، امریکی صدر کا رد عمل

    واشنگٹن: نینسی پلوسی کے شوہر پر ہتھوڑے سے حملے کے معاملے پر امریکی صدر نے کہا ہے کہ سیاست میں نفرت آمیز حملے برداشت نہیں کیے جائیں گے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق صدر جو بائیڈن نے امریکی ایوانِ نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی کے شوہر پر حملے کی شدید مذمت کی ہے، انھوں نے کہا کہ سیاست میں نفرت آمیز حملے برداشت نہیں کیے جائیں گے۔

    سان فرانسسکو میں حملہ آور نے صبح کے وقت گھر میں گھس کر پال پلوسی پر ہتھوڑے سے حملہ کیا تھا، امریکی میڈیا کے مطابق 82 سالہ پال پلوسی کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    حملے کی خبر آنے کے بعد نینسی پلوسی واشنگٹن سے سان فراننسکو پہنچ گئی ہیں، دوسری طرف حملہ آور پولیس کی حراست میں ہے اور اس سے تفتیش جاری ہے۔

    اسپیکر امریکی ایوان نمائندگان نینسی پلوسی کے شوہر پر قاتلانہ حملہ

    بی بی سی کے مطابق اسپیکر نینسی پلوسی کے شوہر پال پلوسی حملے کے بعد سرجری سے صحت یاب ہو رہے ہیں، ہتھوڑے سے مارے جانے کی وجہ سے ان کی کھوپڑی کی ہڈی ٹوٹ گئی تھی، اور ان کے دائیں بازو اور ہاتھ پر شدید چوٹیں آئیں۔

    حملہ آور نے گھر میں گھسنے کے بعد نینسی پلوسی سے ملنے کا مطالبہ کیا تھا۔

    صدر جو بائیڈن نے اس حملے کو سیاسی تناظر میں دیکھا اور اسے ’قابل نفرت‘ قرار دیا۔ حملے کے وقت نینسی پلوسی واشنگٹن ڈی سی میں تھیں، وہ اپنے شوہر کو اسپتال میں دیکھنے کے لیے واپس چلی گئیں۔

  • امریکی حکومت کی ججوں سے خفیہ بات چیت، طیارہ حادثے کے متاثرین انصاف سے محروم رہ گئے

    امریکی حکومت کی ججوں سے خفیہ بات چیت، طیارہ حادثے کے متاثرین انصاف سے محروم رہ گئے

    امریکا میں گزشتہ برس دسمبر میں 2 طیارہ حادثوں کا ذمہ دار طیارہ ساز کمپنی کو قرار دیا گیا ہے جس کے بعد باقاعدہ مقدمے کی راہ ہموار ہوگئی۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ریاست ٹیکسس میں ایک جج نے یہ فیصلہ دیا ہے۔ حادثوں میں 346 مسافر ہلاک ہوئے تھے۔

    2 بوئنگ طیارہ حادثوں میں ہلاک ہونے والے کے خاندانوں نے انکشاف کیا تھا کہ امریکی محکمہ انصاف نے ان کے قانونی حقوق پامال کیے ہیں۔

    متاثرین کا کہنا تھا کہ طیارہ بنانے والوں سے قانونی جنگ کے دوران حکومت نے ان سے غلط بیانی کی، علاوہ ازیں محکمہ انصاف نے فریقین سے خفیہ بات چیت بھی کی۔

    انہوں نے بتایا کہ محکمہ انصاف نے ایک ڈسٹرکٹ جج سے کہا کہ اس کارروائی کو کرمنل پراسیکیوشن سے مستثنیٰ قرار دیں۔

    تاہم اب ٹیکسس کے جج نے 346 افراد کی موت کا ذمہ دار طیارہ ساز کمپنی کو قرار دیا ہے۔

    خاندانوں کے وکیل کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ اب کمپنی کے خلاف باقاعدہ قانونی کارروائی کی راہ ہموار کرے گا۔ طیارہ ساز کمپنی کو پہلے ہی 1.77 بلین کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

  • والدین 5 سالہ بچے کو غلط اسکول میں اتار کر روانہ ہو گئے؛ پھر کیا ہوا؟

    والدین 5 سالہ بچے کو غلط اسکول میں اتار کر روانہ ہو گئے؛ پھر کیا ہوا؟

    فلوریڈا: امریکی والدین کے بھلکڑ پن کا ایک عجیب واقعہ سامنے آیا ہے، جس نے ان کے بچے کو حیران و پریشان کر دیا تھا۔

    امریکی پولیس کی ایک ٹویٹر پوسٹ کے مطابق والدین نے اپنی دانست میں بچے کو اس کے اسکول میں اتارا لیکن بچہ حیران و پریشان کھڑا رہا، کیوں کہ یہ وہ اسکول نہیں تھا جس میں اس کی تعلیم جاری تھی۔

    یہ واقعہ امریکی ریاست فلوریڈا کے پارک لیکس ایلیمنٹری اسکول میں پیش آیا، بھلکڑ والدین اپنے 5 سالہ بچے کو غلط اسکول میں اتار کر روانہ ہو گئے تھے، اور بچہ گھںٹوں تک ایک ایسے اسکول میں رہا جہاں اسے کوئی نہیں جانتا تھا۔

    اسکول کے اساتذہ کو جب ایک بچہ ادھر ادھر ٹہلتا ہوا ملا جو اسکول کا نہیں تھا، تو انتظامیہ نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دے دی، پولیس نے اسکول پہنچ کر بچے کو چائلڈ پروٹیکٹو انویسٹیگیشن کی حفاظت میں دے دیا۔

    کاؤنٹی پولیس نے بچے کی تصویر اپنے سوشل میڈیا سے بھی شیئر کی تاکہ کوئی بچے کے والدین کی شناخت میں مدد کر سکے یا بچے کو پہچان کر ان سے رابطہ کر سکے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ پیر کی صبح ایک کار بچے کو اسکول کے دروازے پر چھوڑ کر تیزی سے آگے بڑھ گئی تھی، بچے کا اس اسکول سے کوئی تعلق نہیں تھا نہ ہی یہاں اسے کوئی جانتا تھا۔

    پولیس کے مطابق بچہ اپنے والدین کے حوالے سے کوئی بھی معلومات دینے سے قاصر نظر آ رہا تھا۔ کئی گھنٹے بعد پولیس بچے کے والدین کو ڈھونڈنے میں کامیاب ہو گئی، پولیس کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔

  • طارق فاطمی کی امریکی محکمہ خارجہ میں ملاقات کی تصدیق

    طارق فاطمی کی امریکی محکمہ خارجہ میں ملاقات کی تصدیق

    واشنگٹن: ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی کی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ میں ملاقات کی تصدیق کردی، ملاقات میں اقتصادی و تجارتی تعلقات اور صحت سے متعلق تعاون پر بات ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے وزیر اعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی طارق فاطمی کی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ میں ملاقات کی تصدیق کردی۔

    امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ طارق فاطمی نے 21 جولائی کو نائب وزیر خارجہ سے ملاقات کی، ملاقات میں امریکا اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کا ذکر کیا گیا۔

    امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق ملاقات میں اقتصادی و تجارتی تعلقات اور صحت سے متعلق تعاون پر بات ہوئی۔ امریکا پاکستان تعلقات کو بڑھانے کے لیے مشترکہ اہداف کی توثیق کی گئی۔

    طارق فاطمی سے ملاقات میں افغانستان اور علاقائی استحکام پر بھی بات ہوئی، یوکرین حملوں پر دنیا بھر میں غذائی تحفظ پر تباہ کن اثرات پر بھی گفتگو ہوئی۔

    ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس نے گزشتہ روز طارق فاطمی کی ملاقات پر تبصرہ کرنے سے اجتناب کیا تھا۔

  • بم اور میزائل حملے سے بھی محفوظ امریکی صدر کی مہنگی ترین گاڑی

    بم اور میزائل حملے سے بھی محفوظ امریکی صدر کی مہنگی ترین گاڑی

    واشنگٹن: امریکی صدر کے زیر استعمال کار، دنیا کی مہنگی ترین گاڑی ہے، یہ بم پروف ہے جس پر نہ میزائل حملہ اثر کرتا ہے نہ ہی اس کو دھماکے سے اڑایا جا سکتا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق امریکی صدر کی مشہور زمانہ گاڑی کا نام بیسٹ ہے اور یہ دنیا کی مہنگی اور محفوظ ترین کار ہے۔

    اس گاڑی کی خصوصیت یہ ہے کہ یہ بم پروف ہے جس پر نہ میزائل حملہ اثر کرتا ہے نہ ہی اس کو دھماکے سے اڑایا جا سکتا ہے۔

    یہ کار 6 طاقت ور سلنڈروں کے ساتھ زمین پر ایک قسم کا چلتا پھرتا جہاز بھی ہے، اس گاڑی کی تیاری پر کم و بیش 1.5 ملین ڈالر کے اخراجات بتائے جاتے ہیں۔

    جو بائیڈن امریکا کے 46 ویں صدر ہیں اور اسی مناسبت سے گاڑی کی نمبر پلیٹ پر بھی 46 لکھا گیا ہے۔ یہ گاڑی کیڈلک کمپنی کی تیار کردہ ہے جس میں 7 افراد سوار ہو سکتے ہیں۔

    گاڑی میں تاریکی میں دیکھنے کے لیے خصوصی کیمروں کے علاوہ کیمیائی حملوں سے محفوظ رکھنے والے خصوصی انتظامات بھی ہیں، اس کی خاص بات یہ بھی ہے کہ اس کے ٹائر فائرنگ سے نہیں پھٹ سکتے جبکہ دروازوں کی موٹائی 20 انچ ہے۔

  • امریکی یونیورسٹی میں ٹک ٹاک کی کلاسز

    امریکی یونیورسٹی میں ٹک ٹاک کی کلاسز

    امریکا میں ایک یونیورسٹی نے طالب علموں کو ٹک ٹاک کلاسز دینا شروع کردیں، ان کلاسز کی بدولت اس یونیورسٹی کے طلبا ماہانہ 7 ہزار ڈالر (13 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) تک کما رہے ہیں۔

    نارتھ کیرولینا کی ڈیوک یونیورسٹی گریجویٹ اسٹوڈنٹس کو ایک ٹیک کورس سکھا رہی ہے جسے ٹک ٹاک کلاس کا نام دیا گیا ہے۔

    اس کلاس میں بنائی جانے والی ویڈیوز کو ٹک ٹاک پر 80 ملین ویوز مل چکے ہیں۔

    کلاس کی ایک طالبہ نے اپنے سمسٹر کے دوران اپنے ذاتی ٹک ٹاک فالوورز میں 12 ہزار کا اضافہ کیا ہے، وہ مختلف برانڈز کے ساتھ شراکت داری کے ذریعہ ہر ماہ 7 ہزار ڈالر (13 لاکھ 15 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) تک کی آمدنی حاصل کرلیتی ہے۔

    بعض اوقات وہ ایک پوسٹ کے ذریعے 5 ہزار ڈالرز (9 لاکھ 39 ہزار پاکستانی روپے) تک بھی کما لیتی ہے۔

    کلاس میں سوشل مارکیٹنگ سکھانے والے پروفیسر کا کہنا ہے کہ انہوں نے جب دیکھا کہ اکثر طلبہ ٹک ٹاک اور دیگر پلیٹ فارمز کے ذریعے کانٹینٹ تخلیق کر رہے ہیں تو انہیں اس کورس کو ڈیزائن کرنے کا خیال آیا۔

    کلاس کے ایک طالب علم کو اس کورس کی بدولت لنکڈ ان میں انٹرن شپ بھی مل چکی ہے۔