Tag: US

  • امریکا کا روس کے ساتھ ایٹمی ہتھیاروں کا معاہدہ ختم کرنے کا اعلان

    امریکا کا روس کے ساتھ ایٹمی ہتھیاروں کا معاہدہ ختم کرنے کا اعلان

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکا روس کے ساتھ جوہری ہتھیاروں کے معاہدے سے دستبردار ہوجائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکا روس کے ساتھ ایٹمی ہتھیاروں کے تاریخی معاہدے کو ختم کر رہا ہے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ روس نے 1987 کے انٹرمیڈیٹ رینج نیوکلیئر فورسز (آئی این ایف) معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔

    آئی این ایف معاہدے کے مطابق زمین سے درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں پرپابندی ہے، یہ فاصلہ 500 سے 5500 کلومیٹرہے۔

    امریکی صدر نے کہا کہ امریکا روس کو ان ہتھیاروں کی اجازت نہیں دے گا، روس برسوں سے اس معاہدے کی پاسداری نہیں کر رہا۔

    دوسری جانب روس نے آئی این ایف معاہدے کی خلاف ورزی کی تردید کی ہے اور انہوں نے اس نئے میزائل کے بارے میں بہت کم بات کی ہے۔

    یاد رہے کہ روسی صدر ولادی میرپیوٹن نے 2007ء میں اعلان کیا تھا کہ یہ معاہدہ اب روسی مفادات میں نہیں ہے۔

    روس کی جانب سے یہ اعلان امریکا کے 2002ء اینٹی بیلسٹک میزائل معاہدے سے نکل جانے کے بعد سامنے آیا تھا۔

    واضح رہے کہ 2014ء میں سابق امریکی صدر براک اوباما نے روس پر آئی این ایف کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا تھا جب روس نے مبینہ طور پرزمین سے مار کرنے والے ایک کروز میزائل کا تجربہ کیا تھا۔

  • پاکستان کی اقتصادی سمت درست تاہم رفتار سست ہے: امریکی سرمایہ کاروں کا موقف

    پاکستان کی اقتصادی سمت درست تاہم رفتار سست ہے: امریکی سرمایہ کاروں کا موقف

    اسلام آباد: امریکی سرمایہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان کی اقتصادی سمت درست ہے مگر اصلاحات کی رفتار بڑھانے کی ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یو ایس پاکستان بزنس کونسل کی صدر ایسپررینزا جیلالین اور دیگر امریکی سرمایہ کاروں نے یہ بات ایف پی سی سی آئی کے صدر غضنفر بلور سے ایک حالیہ ملاقات کے دوران کہی۔

    سرمایہ کاروں نے موقف اختیار کیا کہ سرمایہ کاری کی فضاء خطے کے دیگر ممالک سے بہت بہتر ہے مگر اس میں مزید بہتری کی گنجائش ہے۔

    انہوں نے زور دیا کہ دونوں ملکوں کے مابین تجارتی روابط میں استحکام سے مسائل اور کشیدگی حل کرنے میں مدد ملے گی، سرمایہ کاری کی فضاء کو مزید بہتر بنانا ضروری ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری کی فضا کو بہتر بنانا اس لیے بھی ضروری ہے کیونکہ بہت سی امریکی کمپنیاں پاکستان میں بھاری سرمایہ کاری کی خواہاں ہیں۔

    سرمایہ کاروں کے مطابق حقوق دانش کے تحفظ اور اسکی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی سے بھی غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو گا۔

    اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے صدرغضنفر بلورنے کہا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں،دونوں ممالک کا نجی شعبہ اپنا کردار ادا کرے جبکہ کاروباری معاہدوں میں شفافیت کا اہتمام کیا جائے۔

  • امریکا میں پولیو طرز کی پراسرار بیماری پھیلنے لگی، 127 بچے مفلوج

    امریکا میں پولیو طرز کی پراسرار بیماری پھیلنے لگی، 127 بچے مفلوج

    سینٹ پال: امریکا کی 22 ریاستوں  میں بچوں کو مفلوج کرنے والی پُراسرار بیماری تیزی سے پھیلنا شروع ہوگئی جس کی وجہ سے اب تک 127 سے زائد بچے متاثر ہوچکے ہیں۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ریاست منیوسٹا میں بچوں کو مفلوج کرنے والی پراسرار بیماری سے بچوں کے متاثر ہونے کا سلسلہ جاری ہے، رواں برس کے 9 ماہ میں ساتواں کیس سامنے آچکا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق پولیو سے مماثلث رکھنے والی بیماری کے کیسز 22 ریاستوں میں رپورٹ ہوچکے جس کی وجہ سے 127 بچے متاثر ہوئے۔

    مزید پڑھیں: پولیو کے مکمل خاتمے کی ملک گیر مہم کا آغاز

    منیسوٹا کے وزیر صحت نے مذکورہ وبا پھیلنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ بیماری پولیو سے ملتی جلتی ہے کیونکہ متاثرہ بچے میں ہلنے جلنے کی سکت نہیں رہتی اور وہ مفلوج ہوجاتا ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق 2014 میں اس حوالے سے پہلا کیس کیلی فورنیا میں رپورٹ کیا گیا تھا، بعد ازاں اُسی سال 120 متاثرہ مریض سامنے آئے اسی طرح 2016 میں بھی 149 کیسز درج ہوئے تھے۔

    سنٹر فار ڈیزیز کنٹرول کے مطابق رواں سال بھی 22 ریاستوں میں 127 کیس سامنے آچکے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: پراسرار بیماری میں مبتلا بے یارو مددگار پاکستانی بچی

    طبی ماہرین نے پولیو وائرس کے خدشے کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بیماری ریڑھ کی ہڈی میں سوزش کی وجہ سے ہوتی ہے جس کی وجہ سے انسان کا جسم مفلوج ہوجاتا ہے۔ اُن کا ماننا ہے کہ وائرس کے تیزی سے پھیلنے کی وجوہات میں ماحولیاتی تبدیلیاں سب سے اہم ہیں۔

    امریکی ڈاکٹرز کا یہ بھی ماننا تھا کہ مچھر کے کاٹنے سے پھیلنے والا ’نیل وائرس‘ اس بیماری کی سب سے بڑی وجہ ہے مگر حال ہی میں ہونے والی تحقیق نے اس خدشے کو متاثر کردیا جو ماہرین کے لیے پریشان کُن ہے۔

  • امریکی پادری کی رہائی کے بعد امریکا نے ترکی سے پابندیاں اٹھانے کا عندیہ دے دیا

    امریکی پادری کی رہائی کے بعد امریکا نے ترکی سے پابندیاں اٹھانے کا عندیہ دے دیا

    واشنگٹن: ترکی میں قید امریکی پادری اینڈریو براؤنسن کی رہائی کے بعد امریکا نے اپنی پابندیاں ختم کرنے کا عندیہ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اپنے ترک ہم منصب مولود چاؤش سے ملاقات کی اس دوران ترکی پر امریکی پابندیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مولودی چاؤش اور امریکی وزیر خارجہ کی ملاقات ترک دارالحکومت انقرہ میں ہوئی، اپنے ترک ہم منصب سے ملاقات کے دوران مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ ترکی پر عائد امریکی پابندیاں اٹھائی جا سکتی ہیں۔

    دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں باہمی تعلقات میں بہتری کے علاوہ جمال خاشقجی کیس کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔

    ترکی پہنچنے سے قبل بیلجیم میں صحافیوں سے گفتگو میں پومپیو نے کہا تھا کہ امریکی پادری کی ترکی میں حراست کے حوالے سے انقرہ حکومت پر عائد کی جانے والی پابندیوں کو اب ہٹایا جا سکتا ہے۔

    ترک عدالت نےامریکی پادری کو رہا کردیا

    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں ترکی کی عدالت نے دہشت گردوں سے تعلقات کے الزام میں گرفتار امریکی پادری کو رہائی دے دی ہے۔

    یاد رہے کہ سنہ 2016 میں حکومت مخالف تنظیموں سے تعلقات کے شبے میں اینڈریو براؤنسن کو گرفتارکیا تھا، جس کے بعد ترکی اور امریکا کے درمیان شدید کشیدگی پیدا ہوگئی تھی۔

    ترک عدالت نے اکتوبر2016 میں امریکی پادری کو دہشت گردی کے الزام میں تین سال قید کی سزا سنائی تھی اور اگست میں انہیں ایک گھر میں نظربند کردیا تھا۔

    واضح رہے کہ 26 جولائی 2018 کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا تھا کہ اگر ترکی نے امریکی پادری کو رہا نہ کیا تو اسے سخت پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

  • صومالیہ: امریکی فوج کا فضائی حملہ، 60 شدت پسند ہلاک

    صومالیہ: امریکی فوج کا فضائی حملہ، 60 شدت پسند ہلاک

    موغادیشو: صومالیہ میں امریکی فوج کے فضائی حملے کے نتیجے میں 60 شدت پسند ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی فوج کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ صومالیہ کے مرکز میں واقع علاقہ ہرارڈیر میں موجود عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر کیے جانے والے فضائی حملے کے باعث ساٹھ جنگجوں ہلاک ہوئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صومالیہ میں شدت پسند تنظیم ’الشباب‘ کے 60 جنگجوں امریکی فضائی حملے میں ہلاک ہوئے، حملہ گذشتہ ہفتے کیا گیا تھا۔

    اس سے قبل نومبر 2017ء میں صومالییہ میں ایک امریکی فضائی حملے میں الشباب کے 100 سے زائد عسکریت پسند مارے گئے تھے۔

    امریکی فوجی حکام کے مطابق اس حملے میں صومالیہ کی فوج نے بھی مدد فراہم کی، اور یہ 2017 کے بعد سب سے بڑی کارروائی ہے۔

    حکام کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہنا تھا کہ الشباب دہشت گرد گروہ خطے کے لیے ایک بڑا چیلج اور خطرہ ہے، جس کے خلاف بھرپور کارروائی جاری رہے گی۔

    امریکی فضائیہ رواں سال دو درجن سے فضائی حملے صومالیہ میں کرچکی ہے، جس میں ڈرون اٹیک بھی شامل ہے۔

    امریکا نے اس بات کا عندیہ دیا ہے کہ شدت پسندوں کو خطے میں کمزور کردیا ہے، الشباب کے روابط دہشت گروہ القاعدہ سے بھی ہیں۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل کیے جانے والے امریکی فضائی حملے میں متعدد عام شہری بھی مارے گئے تھے جس کے بعد انسانی حقوق کی تنظیموں نے حملوں کے خلاف آواز بلند کی تھی۔

  • کراچی: امریکی سفارتخانے کی کار سے حادثہ، تھانہ سول لائنز میں مقدمہ درج

    کراچی: امریکی سفارتخانے کی کار سے حادثہ، تھانہ سول لائنز میں مقدمہ درج

    کراچی: شہرقائد میں امریکی سفارت خانے کی کار سے حادثے کا مقدمہ تھانہ سول لائنز میں زخمی شہری کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں امریکی قونصلیٹ کی گاڑی کی ٹکر سے شہری زخمی ہوگیا تھا، زخمی شہری کی مدعیت میں درج کیے گئے مقدمے میں تیز رفتاری اور ٹریفک حادثے کی دفعات شامل ہیں۔

    زخمی شہری کا کہنا ہے کہ میں پی آئی ڈی سی سے جارہا تھا، عقب سے گاڑی نے ٹکر ماری، واقعے کے بعد موقع پر رش لگ گیا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ موقع پر موجود افراد میں سے کسی نے خاتون کو الزبتھ کے نام سے پکارا، رش کے دوران معلوم ہوا کے ڈرائیور امریکی خاتون ہے۔

    کراچی، امریکی قونصلیٹ کی گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار زخمی

    پولیس کے مطابق امریکی قونصلیٹ کی گاڑی غیرملکی خاتون چلا رہی تھیں، خاتون امریکی قونصل خانے میں اسٹاف ممبر ہیں، گاڑی کا نمبر کیو ایم 942 ہے، جبکہ تحقیقات کررہے ہیں کہ حادثہ کس طرح پیش آیا۔

    حادثے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے شخص کو اسپتال منتقل کیا گیا، ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمی شخص کے پاؤں میں چوٹیں آئی ہیں۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید اوڈھو کے مطابق زخمی ہونے والا شخص پاک بحریہ کا ملازم ہے، امریکی خاتون سفارتکار دوسری کار میں سفارت خانے چلی گئیں، جس گاڑی سے حادثہ ہوا اسے تھانے منتقل کیا جارہا ہے۔

  • پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی کا نیب میں پیش ہونے کا فیصلہ

    پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی کا نیب میں پیش ہونے کا فیصلہ

    واشنگٹن: امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی نے نیب میں پیش ہونے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا میں پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی 19 اکتوبر کو نیب میں پیش ہوں گے، ان پر قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔

    علی جہانگیر صدیقی آخری بار نیب میں اپریل 2018 میں پیش ہوئے تھے، نیب لاہور نے علی جہانگیر صدیقی کو 19 اکتوبر کو طلب کررکھا ہے۔

    نیب ذرائع کے مطابق ایزگارڈ 9 کیس میں علی جہانگیر صدیقی پر ساڑھے 10 ارب روپے کی کرپشن کا الزام ہے، جب کہ انھیں امریکا میں بطور سفیر اپنی تعیناتی کے لئے رقم دینے کے الزامات کا بھی سامنا ہے۔

    امریکا میں تعینات پاکستانی سفیرعلی جہانگیر صدیقی 19 اکتوبر کو نیب میں‌ طلب

    اس سے پہلے نیب کی جانب سے علی جہانگیر کو ایک سوالنامہ دیا گیا تھا، علی جہانگیر صدیقی نے نیب کے سوال نامہ کا جواب دیا گیا، مگر انھیں غیر تسلی بخش قرار دے دیا گیا ہے.

    یاد رہے کہ علی جہانگیر صدیقی کی تعیناتی گذشتہ دور حکومت کے آخری دنوں میں کی گئی ، جسے اس وقت اپوزیشن نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا.

    واضح رہے کہ چند روز قبل مشیر برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے بیان دیا تھا کہ امریکا میں پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی پر مقدمات ہیں، انھیں جلد واپس بلائیں گے۔

  • افغانستان: طالبان کا امریکا کے ساتھ بات چیت جاری رکھنے کا فیصلہ

    افغانستان: طالبان کا امریکا کے ساتھ بات چیت جاری رکھنے کا فیصلہ

    کابل: افغان طالبان نے امریکا کے ساتھ بات چیت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، عالمی رہنماؤں نے اس اقدام کو مثبت قرار دیا۔

    تفصیلات کے مطابق دو روز قبل قطر میں طالبان رہنماؤں کے ساتھ امریکا کے اعلیٰ عہدیدار کی ملاقات ہوئی جس میں افغان مسئلے پر گفتگو ہوئی تھی۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق قطر میں ہونے والی ملاقات کے بعد افغان طالبان نے مثبت ردعمل دیتے ہوئے یہ سلسلہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    طالبان رہنماؤں سے امریکی عہدیدار کی ملاقات کو عالمی منظرنامے پر بھی اہم قرار دیا جارہا ہے، بین الاقوامی تعلقات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے فیصلوں سے افغان مسئلے کا حل نکالا جاسکتا ہے۔

    طالبان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے فریقین نے افغان مسئلے کے پر امن حل اور تسلط کے خاتمے کے لیے بات چیت کی، دونوں اطراف نے مستقبل میں بات چیت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

    افغانستان، طالبان کے حملوں میں 22 سیکیورٹی اہلکار ہلاک

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں دونوں فریقین نے اپنے اپنے مطالبات پیش کیے، طالبان نے موقف اختیار کیا کہ امریکی فوج کی افغانستان سے انخلا یقینی بنایا جائے۔

    دوسری جانب امریکی عہدیدار نے طالبان پر روز دیا کہ وہ افغانستان میں رواں ماہ ہونے والے پارلیمانی انتخابات سے پہلے جنگ بندی کا اعلان کرے۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل افغانستان کے صوبے فرح اور زاہل میں طالبان کے حملوں کے نتیجے میں 22 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے، ہلاک ہونے والوں میں ایک ضلع کے پولیس سربراہ بھی شامل تھا۔

  • امریکا اقتصادی پابندیوں کے ذریعے ایرانی حکومت تبدیل کرنا چاہتا ہے: حسن روحانی

    امریکا اقتصادی پابندیوں کے ذریعے ایرانی حکومت تبدیل کرنا چاہتا ہے: حسن روحانی

    تہران: ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ امریکا ایران پر اقتصادی پابندیاں عائد کرکے موجودہ حکومت تبدیل کرنا چاہتا ہے، ایسے حربے کامیاب نہیں ہوں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے تہران یونیورسٹی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، حسن روحانی کا کہنا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ کے نفسیاتی اور اقتصادی حربے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

    انہوں نے امریکی فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر دباؤ برداشت نہیں کیا جائے گا، ڈونلڈ ٹرمپ نے اقتدار میں آنے کے بعد ایرانی پر نئی اقتصادی پابندیاں عائد کیں۔

    ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا ایرانی دشمنی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ خیال رہے کہ ایرانی تیل کی فروخت پر پابندی چار نومبر کو عائد کی جا رہی ہے۔

    ایران کی سعودی عرب کو امریکا کے خلاف اتحاد کی پیش کش

    گذشتہ ہفتے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا تھا کہ ایران امریکا سے مذاکرات کے لیے تیار ہے، بشرط یہ کہ مذاکرات جامع اور مربوط ہوں جس پر امریکا خود بھی عمل کرے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے ہی ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر طنز کرتے ہوئے کہا تھا کہ سعودی حکومت کو ایران کے ساتھ مل کر امریکا کے خلاف مضبوط اتحاد بنانا چاہیے تاکہ مشرق وسطیٰ کو مضبوط کیا جاسکے۔

    واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ میں سعودی عرب امریکا کا سب سے مضبوط اتحادی ہے دونلڈ ٹرمپ نے اپنے غیر ملکی دوروں کا آغاز بھی سعودی عرب سے کیا تھا۔

  • پاکستان نے باضابطہ طور پر آئی ایم ایف سے مدد کی درخواست کی ہے: ہیدر نوئرٹ

    پاکستان نے باضابطہ طور پر آئی ایم ایف سے مدد کی درخواست کی ہے: ہیدر نوئرٹ

    واشنگٹن: ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ہیدرنوئرٹ نے کہا ہے کہ پاکستان نے باضابطہ طور پر آئی ایم ایف سے مدد کی درخواست کی ہے، قرضوں کی وجہ سے پاکستان کو مشکل صورت حال کا سامنا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی طرف سے آئی ایم ایف کو باقاعدہ مدد کی درخواست موصول ہوئی ہے۔

    ہیدر نوئرٹ کا مزید کہنا تھا کہ معاملے کو تمام پہلوؤں سے بغور دیکھ رہے ہیں، پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ وزیرخارجہ مائیک پومپیو اس حوالے سے بیانات دے چکے ہیں۔

    پاکستان نے آئی ایم ایف سے قرضے کے لیے باضابطہ درخواست کردی

    خیال رہے کہ آج انڈونیشیا کے جزیرے بالی میں وفاقی وزیر خزانہ اسدعمر ا کی نٹر نیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان نے قرض کے لیے باضابطہ طور پر درخواست کی۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل پی ٹی آئی کی حکومت نے ملکی معیشت کو استحکام بخشنے کے لیے آئی ایم ایف سے رجوع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    اس ضمن میں وزیر خزانہ اسد عمر نے ایک بیان جاری کیا، جس میں انھوں نے کہا کہ ملک مشکل حالات سے گزر رہا ہے۔

    وزیر خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے ایسا پروگرام لینا چاہتے ہیں، جس سے معاشی بحران پر قابو پایا جا سکے۔