Tag: US

  • شام کا معاملہ: روس کی امریکا کو باز رہنے کی دھمکی

    شام کا معاملہ: روس کی امریکا کو باز رہنے کی دھمکی

    ماسکو: شام کے معاملے پر روس نے امریکا کو دھمکی دی ہے کہ وہ کسی قسم کی غیر قانونی جارحیت سے باز رہے۔

    تفصیلات کے مطابق روسی حکام نے یہ خدشہ ظاہر کیا ہے کہ امریکا شام میں نئے حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے جس کے پیش نظر روس نے امریکا کو باز رہنے کی دھکمی دی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا میں تعینات روسی سفیر ایناتولی اینتونوف نے امریکی حکام کو بتایا کہ ماسکو حکومت کو اس طرح کی علامات پر شدید تحفظات ہیں کہ امریکا شام میں نئے حملوں کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔

    خیال رہے کہ روسی سفیر کی جانب سے رواں ہفتے کے آغاز میں ان تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا، تاہم اس حوالے سے تفصیلات آج منظر عام پر آئی ہیں، ایناتولی نے امریکی حکام کو شام کے خلاف جارحانہ اقدامات اختیار کرنے پر خبردار کیا ہے۔

    نیویارک: شام کی صورتحال کے ذمہ دار عالمی برادری ہے

    اپنے جاری کردہ بیان میں روسی سفیر کا کہنا تھا کہ رواں ہفتے امریکی حکام سے ملاقاتیں بھی کیں، جن میں شام کے لیے خصوصی امریکی نمائندے جیمز جیفری بھی شامل تھے، ان سے شام کے موضوع پر تبادلہ خیال ہوا تھا۔

    خیال رہے کہ اس بات کے امکانات اور خدشات سامنے آئے ہیں شامی فورسز خود بھی شام کے علاقوں پر حملے کے انتظامات کر رہی ہیں، جبکہ امریکی اتحادی فورسز شامی حکومتی فورسز کو اس طرح کی کسی کارروائی کو روکنے کے لیے حملے کا نشانہ بھی بنا سکتی ہیں۔

  • امریکا سے تنازع، ترک کرنسی کی قدر میں مزید کمی واقع

    امریکا سے تنازع، ترک کرنسی کی قدر میں مزید کمی واقع

    انقرہ: امریکا اور ترکی کے مابین تجارتی تعلقات میں کشیدگی کے باعث ترکی کرنسی کی قدر میں مزید کمی واقع ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی کی فولاد اور المونیم کی امریکا درآمد کی جانے والی مصنوعات پر بہت زیادہ نئے درآمدی ٹیکس عائد کیے تھے، جس کے بعد ترک کرنسی لیرا کی قدر میں ریکارڈ کمی واقع ہوئی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی مالیاتی منڈیوں میں ترک کرنسی لیرا کی قدر تقریباً پانچ فیصد مزید کم ہوئی ہے، اور لیرا کی قدر امریکی ڈالر کے مقابلے میں چالیس فیصد کم ہو چکی ہے، جس کے باعث ترک حکام کو تشویش ہے۔

    دوسری جانب امریکا اور ترکی کے درمیان حالیہ تجارتی جنگ سے متعلق ترک وزیر خزانہ بیرات البیراق نے فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں اپنے فرانسیسی ہم منصب ’لیمیری‘ سے ملاقات کی۔

    امریکا سے تنازع ترک کرنسی پر اثرانداز ہونے لگا، لیرا کی قدر میں ریکارڈ کمی

    ترک وزیر خزانہ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ اُن کا ملک جلد ہی کرنسی کے بحران پر قابو پا لے گا، ترکی کو امریکا کی جانب سے اقتصادی جنگ کا سامنا ہے، حالات جلد سنبھل جائیں گے۔

    خیال رہے کہ امریکا اور ترکی کے درمیان تعلقات انتہائی کشیدہ ہیں، اس کی وجہ ترکی میں ایک امریکی پادری کی گرفتاری بنی تھی، جسے اپنے خلاف دہشت گردی کے الزامات کا سامنا ہے، ٹرمپ انتظامیہ کا مطالبہ ہے کہ اس پادری کو رہاکیا جائے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ دنوں امریکا نے دہشت گردوں سے رابطے کے الزام میں گرفتار امریکی پادری کو رہا نہ کرنے کی صورت میں ترکی پر مزید اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی دی تھی۔

    واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 10 اگست کو یہ اعلان کیا تھا کہ وہ ترکی سے امریکا میں دھاتوں اور دھاتی مصنوعات کی درآمدات پر عائد کردہ محصولات کو دوگنا کر رہے ہیں، جس کے بعد ترک کرنسی لیرا کی قدر میں ریکارڈ کمی واقع ہوئی تھی۔

  • امریکا میں پاکستانی سفیر علی جہانگیر پر مقدمات ہیں، انہیں جلد واپس بلائیں گے: بیرسٹر شہزاد اکبر

    امریکا میں پاکستانی سفیر علی جہانگیر پر مقدمات ہیں، انہیں جلد واپس بلائیں گے: بیرسٹر شہزاد اکبر

    کراچی: مشیر برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ امریکا میں پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی پر مقدمات ہیں، انہیں جلد واپس بلائیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، بیرسٹر شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ اشتہاری ملزمان اسحاق ڈار، حسین اور حسن نواز کی جائیداد کی ضبطی اور نیلامی نیب کی ذمہ داری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کو یکم ستمبر سے سو ممالک میں پیسوں کی معلومات مل جائے گی، ہمارا صرف ایک کیس نہیں بلکہ تمام کیسز پر فوکس ہے۔

    مشیر برائے احتساب کا ٹاسک فورس سے متعلق کہنا تھا کہ ٹاسک فورس کی آج پہلی میٹنگ ہوئی تھی، ٹاسک فورس تمام منی لانڈرنگ مقدمات کا جائزہ لے گی۔

    نیب نے امریکا میں تعینات پاکستانی سفیرعلی جہانگیر صدیقی کو طلب کرلیا

    ان کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے ڈھانچہ بنائیں گے اس کے بعد مقدمات دیکھیں گے، حکومت تمام کام شفافیت کے ساتھ کرے گی، ٹاسک فورس میں وزارت خارجہ کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

    یادر ہے کہ نیب کی جانب سے علی جہانگیر صدیقی کو ایزگارڈ نامی کمپنی کیس میں 27 اگست کو 11 بجے ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا۔

    واضح رہے کہ سفارتی حلقوں کی جانب سےعلی جہانگیر صدیقی کی تعیناتی کو میرٹ کے خلاف قرار دیا گیا تھا، کیونکہ وہ مطلوبہ تعلیم اور سفارتی معاملات کو دیکھنے کی اہلیت نہیں رکھتے۔

    خیال رہے کہ علی جہانگیر صدیقی ملک کے معروف کاروباری گروپ جے ایس گروپ کے مالک جہانگیر صدیقی کے صاحبزادے ہیں۔

  • فلوریڈا میں فائرنگ، حملہ آور سمیت تین افراد ہلاک، 11 زخمی

    فلوریڈا میں فائرنگ، حملہ آور سمیت تین افراد ہلاک، 11 زخمی

    واشنگٹن: امریکی ریاست فلوریڈا میں ڈیوڈ کٹز نامی شخص کی فائرنگ کے نتیجے میں ’میڈن این ایف ایل فٹبال‘ کے 2 کھلاڑی ہلاک اور 11 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر جیکسن ولی میں پیش آیا جہاں ایک شخص نے فائرنگ کر کے 2 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ حادثے کے نتیجے میں 11 شہری زخمی ہوئے ہیں۔

    امریکی میڈیا کے مطابق جیکسن ولی میں قائم لینڈنگ اینڈ انٹرٹینمنٹ کیمپلیکس میں ویڈیو گیم کے مقابلے جاری تھے کہ اسی دوران ڈیوڈ کٹز نامی حملہ آور نے فائرنگ کردی جس کے باعث متعدد افراد گولیوں کی زد آکر زخمی جبکہ 2 نوجوان ہلاک ہوگئے۔

    مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا یہ ایک بڑا واقعہ ہے تاہم حملہ آور نے ویڈیو گیم کھیلنے والوں پر گولیاں برسانے کے بعد خود کو بھی گولی مار کر خود کشی کرلی تھی۔


    مزید پڑھیں : فلوریڈا کے ہائی اسکول میں فائرنگ، 17 افراد ہلاک


    حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے گیمرز کی شناخت 21 سالہ ایلی کلیٹن اور 27 سالہ ٹیلر رابرٹ سن کے نام ہوئی ہے اور ہلاک ہونے والے دونوں افراد ’میڈن این ایف ایل امریکن فٹبال‘ ویڈیو گیم کے نامور کھلاڑی تھے۔

    فلوریڈا پولیس کا کہنا ہے ویڈیو گیم ٹورنامنٹ کے دوران فائرنگ کرنے والا 24 ڈیوڈ کٹز امریکی ریاست میری لینڈ کے شہر بالٹی مور کا رہائشی تھا اور مذکورہ شخص نے فائرنگ کے دوران ایک ہی بندوق کا استعمال کیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی اداروں کی جانب سے واقعے کی مزید تحقیقات کے لیے حملہ آور کے گھر کی تلاشی لی جارہی ہے۔

    امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والا ڈیوڈ کٹز سنہ 2017 میں ’میڈن این ایف ایل امریکن فٹبال‘ ویڈیو گیم چیمپیئن شپ کا فاتح رہ چکا ہے۔

    عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ حملہ آور کی فائرنگ کے بعد ہر طرف افراتفری پھیل گئی تھی، اور لوگ اپنی اپنی جان بچانے کے لیے اِدھر اُدھر بھاگ رہے تھے، خوف کے مارے لوگوں کی حالت انتہائی بری تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ویڈیو گیم مقابلے میں شریک ایک 19 سالا کھلاڑی ڈرینی گجو کا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کیا کہ ’یہ واقعہ میری زندگی کا بدترین دن تھا‘۔

    ایک اور ٹویٹ میں گوجا کا کا کہنا تھا کہ ’میں خوش قسمت تھا کہ گولی صرف میرے انگوٹھے میں لگی‘۔

    جیکسن وائل کے میئر کا کہنا تھا کہ گذشتہ روز پیش آنے والے واقعہ ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ ہم اپنے شہریوں کی حفاظت کے لیے مزید اقدامات کریں۔

    خیال رہے کہ رواں سال فروری میں امریکی ریاست فلوریڈا کے ہائی اسکول میں فائرنگ سے 17 افراد ہلاک اور درجن بھر سے زائد زخمی ہوگئے تھے، بعد ازاں پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کرلیا تھا۔

  • شکاگو: عمارت میں آتش زدگی، بچوں سمیت 8 افراد ہلاک

    شکاگو: عمارت میں آتش زدگی، بچوں سمیت 8 افراد ہلاک

    واشنگٹن: امریکی شہر شکاگو کی ایک عمارت میں آتش زدگی کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں بچوں سمیت 8 افراد ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی شہر شکاگو کے علاقے لٹل ولیج میں ایک عمارت میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث بچوں سمیت آٹھ افراد کی اموات ہوئیں۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں چھ بچے شامل ہیں اور تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، تاہم عمارت میں آگ لگنے کی وجوہات اب تک سامنے نہیں آسکیں۔

    لٹل وليج نامی علاقے ميں ایک عمارت میں آتش زدگی کے بعد فائر بریگیڈ کو مقامی وقت کے مطابق صبح چار بجے طلب کيا گيا تھا، تاہم چندرپورٹروں کے مطابق اس آگ کے نتیجے میں عمارت سے جڑی دوسری عمارت کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

    امریکا: ٹرمپ ٹاورمیں خوفناک آتشزدگی‘1 شخص جُھلس کرہلاک،4 زخمی

    حکام کا کہنا ہے کہ آگ عمارت کی دوسری منزل پر لگی جبکہ پہلی منزل میں کوئی رہائش نہیں تھی، اگر بروقت کارروائی نہیں کی جاتی تو نقصان اس سے زیادہ ہوسکتا تھا۔

    فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں دو بچے زخمی بھی ہوئے تھے جنہیں مقامی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے جبکہ آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جارہی ہیں۔

    خیال رہے کہ رواں سال فروری میں امریکا کے شہر نیویارک کے علاقے مین ہیٹن میں واقع 56 منزلہ ٹرمپ ٹاورمیں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی جس کے نتیجے میں ایک شخص جُھلس کر ہلاک ہوگیا تھا۔

  • امریکہ نےغزہ کودی جانے والی امداد منسوخ کردی

    امریکہ نےغزہ کودی جانے والی امداد منسوخ کردی

    واشنگٹن : امریکہ نے غزہ کو دی جانے والی 20 کروڑ ڈالر کی امداد دوسرے ملکوں کو دینے کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایک حکم نامہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ غزہ کو دی جانے والی 20 کروڑ ڈالر کی امداد دوسرے ملکوں کو منتقل کردی جائے۔

    امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ رقم دوسرے ترجیحی منصوبوں پر خرچ کی جائے گی، تاہم انہوں نے تفصیل بتانے سے انکار کردیا۔

    امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ امداد گزشتہ ماہ منظور ہونے والے ٹیلرفورس ایکٹ نامی قانون کے مطابق معطل کی ہے۔

    ٹیلرفورس ایکٹ فلسطینی حکام کو پابند کرتا ہے کہ وہ اسرائیل کے خلاف کارروائیاں کرنے والوں کے خاندانوں کو وظیفہ دینا بند کرے۔

    امریکا نے یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرلیا

    خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے اقتدار میں آنے کے بعد سے امریکہ کے فلسطین سے تعلقات کشیدگی کا شکار ہیں، دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی اس وقت شدت اختیار کرگئی جب امریکہ نے دسمبر2017 میں یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کیا تھا۔

    بعدازاں رواں سال 14 مئی کو امریکا نے بیت المقدس میں اپنے سفارت خانے کا سرکاری طور پر افتتاح کیا تھا، سفارت خانہ مقبوضہ بیت المقدس منتقلی کے خلاف فلسطینیوں کی احتجاجی ریلی پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 58 فلسطینی شہید ہوگئے تھے۔

    واضح رہے کہ امریکہ پہلے ہی فلسطین سے متعلق اقوام متحدہ کی ساڑھے چھ کروڑ ڈالر کی امداد روک چکا ہے۔

  • پاکستان کے لیے آئی ایم ایف بیل آؤٹ پر ہمارا نکتہ نظر تبدیل نہیں ہوا: امریکا

    پاکستان کے لیے آئی ایم ایف بیل آؤٹ پر ہمارا نکتہ نظر تبدیل نہیں ہوا: امریکا

    واشنگٹن: ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ہیدر نوئرٹ نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا کا اہم پارٹنر ہے تاہم اس کے لیے آئی ایم ایف بیل آؤٹ پر ہمارا نکتہ نظر تبدیل نہیں ہوا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے واشنگٹن میں پریس کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا، ہیدر نوئرٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی نئی سویلین حکومت کے ساتھ کام کرنے کے منتظرہیں۔

    ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے وزیر اعظم عمران خان سے فون پر گفتگو کی، اس دوران ان سے زبردست گفتگو ہوئی۔

    ان کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ کار آمد باہمی تعاون چاہتا ہے۔ دوسری جانب افغان صورت حال پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ فوجی آپشن افغانستان کے 17 سال پرانے مسئلے کا واحد حل نہیں ہے۔

    امریکی وزیرخارجہ کا وزیراعظم کو فون، کامیابی پرمبارک باد، مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار

    یاد رہے کہ گذشتہ دنوں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے وزیراعظم عمران خان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا تھا، اس ٹیلی فونک رابطے میں امریکی وزیرخارجہ کی جانب سے دو طرفہ تعمیری تعلقات کے لئے نئی حکومت سےمل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا گیا تھا۔

    خیال رہے کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا رواں سال ستمبر میں دورہ پاکستان کا امکان ہے، اپنے دورے میں وہ نومنتخب وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے۔

    واضح رہے کہ نومنتخب وزیر اعظم عمران خان اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کے لیے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو پاکستان کا دورہ کریں گے۔

  • افغان حکام نے روس میں طالبان سے ہونے والے مذاکرات کی پیشکش مسترد کردی

    افغان حکام نے روس میں طالبان سے ہونے والے مذاکرات کی پیشکش مسترد کردی

    کابل: افغان حکام نے روس میں اگلے ہفتے ہونے والے طالبان سے مذاکرات کی پیش کش مسترد کرتے ہوئے شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق روسی حکام نے اگلے ماہ ماسکو میں طالبان وفد کو مدعو کیا تھا اور اس کی کوشش تھی کہ افغان حکومتی وفد کے علاوہ امریکی حکام بھی اس ملاقات کا حصہ بنیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی حکومت کی ثالثی میں طالبان سے مذاکرات افغان حکام نے مسترد کردیا، اس سے قبل امریکا نے بھی اس مذاکرات میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    کابل حکومت کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں قیام امن عمل صرف کابل حکومت کی قیادت میں ہوگا، روس کی مذاکراتی دعوت کو مسترد کرتے ہیں۔

    روس کی جانب سے مذاکرات کی دعوت طالبان نے قبول کرلی

    خیال رہے کہ دو روز قبل روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف نے کہا تھا کہ افغان طالبان نے چار ستمبر کو ماسکو میں ہونے والے مذاکرات میں شرکت کی دعوت قبول کر لی ہے۔

    روسی وزیر خارجہ نے مذاکرات سے متعلق یہ بھی کہا تھا کہ روس کے طالبان سے مذاکرات کا مقصد افغانستان میں روسی شہریوں کی سلامتی کو یقینی بنانا اور طالبان کو امن عمل کے لیے تیار کرنا ہے۔

    دوسری جانب امریکی حکام نے بھی طالبان کے ساتھ براہ راست مذاکرات کرنے کا عندیہ دیا تھا، تاہم ابھی تک عملی طور پر کوئی نتائج سامنے نہیں آئیں، جبکہ امریکا افغانستان میں طالبان کے خلاف اپنے عسکری حملوں میں بھی کمی لا چکا ہے۔

  • تجارتی جنگ: امریکا نے چینی درآمدات پر دوسری مرتبہ اضافی ٹیکس عائد کردیے

    تجارتی جنگ: امریکا نے چینی درآمدات پر دوسری مرتبہ اضافی ٹیکس عائد کردیے

    واشنگٹن: چین اور امریکا کے درمیان تجارتی جنگ شدت اختیار کرگئی، امریکا نے ایک بار پھر چینی درآمدات پر اضافی ٹیکس عائد کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق واشنگٹن اور بیجنگ حکومت کے درمیان حالیہ چند مہینوں سے تجارتی تعلقات انتہائی کشیدہ ہیں، جبکہ امریکا نے آج ایک بار پھر سے چینی مصنوعات پر اضافی ٹیکس عائد کردیے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی حکام کی جانب سے چینی درآمدات پر مزید 16 ارب ڈالر کے اضافی ٹیکس عائد کیے گئے ہیں، جبکہ چینی حکومت بھی مذکورہ اقدامات کا بھرپور جواب دے رہی ہے۔

    امریکی اضافی محصولات کے جواب میں چین نے بھی بلاتاخیر امریکی منصوعات پر 16 ارب ڈالر کے اضافی ٹیکس عائد کردیے ہیں اور حکام نے یہ بھی عندیہ دیا ہے کہ ہر امریکی فیصلوں کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

    تجارتی جنگ، چین نے امریکی مصنوعات پر اضافی محصولات عائد کردیے

    چینی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اگر یہ تجارتی جنگ وسیع ہوتی ہے تو سب سے زیادہ امریکی معیشت کو ہی نقصان پہنچے گا، چین ہر حالات سے مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    دوسری جانب ماہرین کا دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی جنگ سے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ امریکا اور چین کے اپنے اپنے مفادات ہیں اور دونوں ہی اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

    خیال رہے کہ رواں سال جون میں امریکا نے پہلی مرتبہ چینی مصنوعات پر چونتیس بلین ڈالر کے اضافی محصولات عائد کیے تھے جس کے فوری ردعمل میں چین نے امریکی مصنوعات پر ساٹھ بلین ڈالر کے اضافی ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔

  • افغان امن کے لیے وزیراعظم عمران خان کے بیانات حوصلہ افزا ہیں: ایلس ویلز

    افغان امن کے لیے وزیراعظم عمران خان کے بیانات حوصلہ افزا ہیں: ایلس ویلز

    واشنگٹن: امریکی نائب وزیرخارجہ برائے جنوبی ایشیا ایلس ویلز نے کہا ہے کہ افغان امن کے لیے وزیر اعظم عمران خان کے بیانات حوصلہ افزا ہیں، تعلقات میں بہتری آئی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، ایلس ویلز کا کہنا تھا کہ چند ماہ میں پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں بہتری آئی ہے، افغان امن بہت ضروری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان طالبان رہنماؤں کو مذاکرات کی میز پر لانے میں کردار ادا کرے، مذاکرات کے ذریعے حل ممکن ہے، افغانستان میں امن چاہتے ہیں۔

    امریکی نائب وزیر خارجہ برائے جنوبی ایشیا کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن کا قیام جنوبی ایشیا میں صدر ٹرمپ کی اولین ترجیح ہے، وہ چاہتے ہیں کہ امن کا سلسلہ شروع ہو۔

    امریکی وزیر خارجہ ستمبر میں پاکستان کا دورہ کریں گے

    ان کا مزید کہنا تھا کہ عیدالاضحیٰ پر طالبان اور افغان فورسز کے سیزفائر کا خیر مقدم کرتے ہیں۔خیال رہے کہ پریس کانفرنس کے دوران ایلس ویلز نے طالبان رہنماؤں سے براہ راست ملاقات پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔

    خیال رہے کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا رواں سال ستمبر میں دورہ پاکستان کا امکان ہے، اپنے دورے میں وہ نومنتخب وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے۔

    واضح رہے کہ نومنتخب وزیر اعظم عمران خان اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کے لیے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو پاکستان کا دورہ کریں گے، اس دوران اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔