Tag: US

  • ایران میں حکومت مخالف مظاہرے امریکی پابندیوں کا نتیجہ ہیں: نائب امریکی وزیر خارجہ

    ایران میں حکومت مخالف مظاہرے امریکی پابندیوں کا نتیجہ ہیں: نائب امریکی وزیر خارجہ

    واشنگٹن: امریکی نائب وزیر خارجہ سیگل مینڈیلکر نے کہا ہے کہ ایران میں حکومت مخالف مظاہرے اور ریلیاں امریکا کی جانب سے اقتصادی پابندیوں کا نتیجہ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایران میں حال ہی میں حکومت مخالف مظاہرے کیے گئے تھے، مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ ایران کے عہدیداران بدعنوانی میں ملوث ہیں ان کا احتساب کیا جائے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی خاتون نائب وزیر خارجہ سیگل مینڈیلکر کا اپنے جاری کردہ بیان میں کہنا تھا کہ ایران میں حکومت مخالف حالیہ مظاہرے حقیقت میں نئے امریکی مالی دباؤ اور پابندیوں کا نتیجہ ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ایران میں امریکی پابندیوں کے ثمرات نظر آرہے ہیں، جس کے باعث عوام بھی سڑکوں پر ہیں، اور ایران اپنی متنازع سرگرمیوں سے بھی باز رہے گا۔


    ایران پابندیوں کے تناظر میں مذاکرات کا مطالبہ کرسکتا ہے: ڈونلڈ ٹرمپ


    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایران امریکا کی جانب سے عائد کی جانے والی اقتصادی پابندیوں کے تناظر میں مذاکرات کا مطالبہ کرسکتا ہے۔

    صدر ٹرمپ نے بیلجیئم کے دار الحکومت برسلز میں نیٹو اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بھی کہا تھا کہ ایران کی مشرقی وسطیٰ میں سرگرمیاں انتہائی متنازعہ ہیں، امریکی پابندیوں کے نتیجے میں ایران پر دباؤ بڑھا ہے۔


    جوہری ڈیل کی خاطر ایران کو مراعات دی جائیں گی: یورپی ممالک کا عزم


    خیال رہے کہ امریکا کی جانب سے ایران جوہری معاہدہ ختم کرنے کے بعد ایران پر اقتصادی پابندیاں عائد کردی ہیں جس کے بعد یہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ ایران مذاکرات کی میز پر آسکتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سیلفی سے انکار، سلمان کے مداحوں‌ کی کترینہ سے بدتمیزی، ویڈیو وائرل

    سیلفی سے انکار، سلمان کے مداحوں‌ کی کترینہ سے بدتمیزی، ویڈیو وائرل

    اوٹاوا: بالی ووڈ اداکار سلمان خان کے مداحوں نے اپنے ساتھ سیلفی نہ لینے پر کترینہ کیف کو آڑے ہاتھوں لیا اور اداکارہ سے شدید بدتمیزی کی۔

    تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ اداکار سلمان خان ’دبنگ ٹورز‘ کے سلسلے میں اس وقت کینیڈا میں موجود ہیں جس میں اُن کے ساتھ سوناکشی سنہا، کترینہ کیف سمیت دیگر اداکار بھی موجود ہیں۔

    کترینہ کیف کی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جو اطلاعات کے مطابق ٹورنٹو شہر کی ہے، اس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فٹ پاتھ پر کھڑے نوجوان اُن کے ساتھ بدتمیزی کررہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: کترینہ کیف نے بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا

    بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ خریداری کے بعد واپس ہوٹل کی طرف جارہی تھیں کہ گاڑی سے چند قدم کے فاصلے پر کچھ مداحوں نے سیلفی لینے کی خواہش کا اظہار کیا مگر کترینہ نے صاف انکار کردیا۔

    بالی ووڈ اداکارہ کا انکار مداحوں کو پسند نہ آیا تو انہوں نے دبنگ خان کی پرانی دوست پر آوازیں اور جملے بازی کی اور کہا کہ ’ہم سلمان خان کے مداح ہیں اور اُن کو دیکھنے کے لیے ہی یہاں موجود ہیں‘۔

    یہ بھی پڑھیں: کترینہ کیف ایک بار پھر پاکستانی لڑکی کا کردار نبھانے کو تیار

    جملے بازی سُن کر اداکارہ سیخ پا ہوئیں اور اُسی مقام پر رک کر مداحوں کو جواب دینے لگیں جس پر اُن کے ساتھ موجود ایک شخص نے انہیں خاموش رہنے کی تاکید بھی کی۔

    کترینہ نے نوجوانوں کو کہا کہ ’میں اس وقت تھکی ہوئی ہوں اس لیے تصویر لینے سے انکار کیا‘ البتہ مداحوں نے ایک نہ سنی اور پھر اداکارہ نے رک کر دوسرے راہگیروں کے ساتھ تصاویر ضرور بنوائیں۔

    خیال رہے کہ سلمان خان کے ’دبنگ ٹورز‘ میں سوناکشی سنہا، کترینہ کیف، جیکولین فرنینڈس، ڈیزی سمیت کئی اداکار شامل ہیں جنہوں نے مختلف فلمی گانوں پر شاندار رقص کا مظاہر کیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • امریکا اور چین کے درمیان اقتصادی بُل فائٹنگ عروج پر پہنچ گئی

    امریکا اور چین کے درمیان اقتصادی بُل فائٹنگ عروج پر پہنچ گئی

    امریکا: چینی مصنوعات پر دس فی صد ٹیکس عائد کیے جانے سے امریکا اور چین کے درمیان جاری اقتصادی جنگ مزید تیز تر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی حکام نے 200 ارب ڈالر کی چینی مصنوعات کی فہرست بھی جاری کر دی ہے جن پر دس فی صد ٹیکس عائد کیا جائے گا۔

    امریکا اور چین کے مابین جاری اقتصادی جنگ میں اس نئی پیش رفت سے مزید شدت پیدا ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، ایک طرف امریکی تاجر تشویش میں مبتلا ہوگئے ہیں دوسری طرف چین کی طرف سے بھی مذمت آ گئی ہے۔

    امریکی حکام نے چین کی مزید چھ ہزار سے زاید مصنوعات کو نشانے پر لے لیا ہے، اگلے دو ماہ کے دوران جاری کردہ فہرست کو حتمی شکل دی جائے گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق فہرست کو حتمی شکل دیے جانے کے بعد اسے صدر ٹرمپ کے سامنے پیش کیا جائے گا جو اس پر عمل در آمد کے احکامات جاری کریں گے۔

    دنیا کی دو سب سے بڑی معیشتوں کے درمیان کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، چینی وزارتِ اقتصادیات نے امریکی محصولات کی اس نئی قسط کو مسترد کرتے ہوئے ناقابل قبول قرار دیا ہے۔

    چین اور امریکا کے درمیان تاریخ کی سب سے بڑی تجارتی جنگ


    چین نے کہا ہے کہ امریکا چین کو نقصان پہنچا رہا ہے، اس امریکی اقدام کا جواب دیا جائے گا، چین کا نقصان دنیا کا نقصان ہے، امریکا بھی اس کی زد میں آئے گا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی امریکی انتظامیہ نے 34 ملین ڈالر کی مالیت کی چینی اشیا پر 25 فی صد محصولات عائد کی تھیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • امریکا کی   پشاور خودکش دھماکے کی شدید مذمت

    امریکا کی پشاور خودکش دھماکے کی شدید مذمت

    اسلام آباد : امریکا نے  پشاور  میں کارنر  میٹنگ کے دوران خودکش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی ہے اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعاگو ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی سفارتحانے کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ پشاور میں انتخابی مہم کے دوران خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہیں، جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی ہے۔

    امریکی سفارتخانے کا مزید کہنا تھا کہ دھماکے کے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا گو ہیں۔

    یاد رہے گذشتہ روز صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور کے علاقہ یکہ توت میں عوامی نیشنل پارٹی کی انتخابی مہم کے دوران ہونے والے خودکش دھماکے ہوا، جس کے نتیجے میں اے این پی کے امیدوار ہارون بلور سمیت 21 افراد شہید اور 75 افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔


    مزید پڑھیں : پشاور: اے این پی کی کارنر میٹنگ میں خودکش دھماکا، ہارون بلور سمیت 13 شہید


    ہارون بلور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 78 سے الیکشن میں حصہ لے رہے تھے، ان کی شہادت کے باعث پی کے 78 پر الیکشن ملتوی کردیے گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل 22 دسمبر 2012 اے این پی کے رہنما بشیر احمد بلور کو شہید کیا گیا تھا، اس سانحے میں عوامی نیشنل پارٹی رہنما سمیت 9 افراد شہید ہوئے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • مہاجرین غیر قانونی طور پر امریکا میں داخل نہ ہوں: ڈونلڈ ٹرمپ

    مہاجرین غیر قانونی طور پر امریکا میں داخل نہ ہوں: ڈونلڈ ٹرمپ

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تارکین وطن کے بحران پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہاجرین غیر قانونی طور پر امریکا میں داخل نہ ہوں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اگر ہم تارکین وطن کے بحران سے نکلنا چاہتے ہیں تو مہاجرین کو چاہیے کہ وہ غیر قانون طور پر امریکا نہ آئیں۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بات ایک ایسے وقت پر کہی ہے کہ جب امریکی عدالتوں کی طرف سے ٹرمپ انتظامیہ کی تارکین وطن کو حراست میں رکھنے کی پالیسی کے خلاف ایک سے زائد فیصلے سنائے جا چکے ہیں۔


    امریکا: تارکین وطن بچوں کو علیحدہ کرنے کا حکم، عدالتوں میں چلینج


    صدر ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ اس سنگین مسئلے کا حل ممکنہ تارکین وطن کو یہ بتانا ہے کہ انہیں غیر قانونی کے بجائے قانونی طور پر امریکا آنے کی کوشش کرنا چاہیے۔

    ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسی کے تحت تارکین وطن کو اپنے خطے میں داخلے پر حراست میں لے لیا جاتا ہے اور ان کے بچوں کو والدین سے جدا رکھا جاتا ہے۔


    امریکا نے تارکین وطن کے خلاف مقدمات عارضی طور پر روک دئیے


    اس امریکی پالیسی کے خلاف انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے بھرپور احتجاج بھی کیا جاچکا ہے، عالمی رہنماؤں کی جانب سے بھی اس حکمت عملی پر تنقید کی جاچکی ہے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ روز ایک وفاقی عدالت کے جج نے غیر قانونی تارکین وطن کے طور پر امریکا آنے والے بچوں کو طویل مدت کے لیے حراستی مراکز میں رکھنے کی حکومتی پالیسی مسترد کر دی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • امریکی وزیر خارجہ کا غیر اعلانیہ دورہِ افغانستان، اشرف غنی سے ملاقات

    امریکی وزیر خارجہ کا غیر اعلانیہ دورہِ افغانستان، اشرف غنی سے ملاقات

    کابل: امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو غیر اعلانیہ دورے پر افغانستان پہنچ گئے جہاں انہوں نے افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو پیر نو جولائی کو غیر اعلانیہ دورے پر افغانستان کے دارالحکومت کابل پہنچے ہیں، جہاں انہوں نے اشرف غنی کے علاوہ افغان حکومت کے چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ سے بھی ملاقات کی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ان ملاقاتوں کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ امریکا افغان حکومت اور طالبان کے درمیان ہونے والے مذاکراتی عمل کی حمایت کرے گا بلکہ ان کا اہتمام کرنے کے علاوہ ان کا حصہ بننے سے بھی گریز نہیں کرے گا۔


    شمالی کوریا کے جوہری ہتھیار تلف ہونے تک پابندیاں برقرار رہیں گی، امریکی وزیر خارجہ


    ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چاہتے ہیں کہ افغانستان میں مزید امریکی فوجی تعینات کیے جائیں تاکہ افغان طالبان پر دباؤ بڑھے اور وہ مذاکرات کی میز پر آئیں۔

    خیال رہے کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو گزشتہ روز جاپان کا دورہ ختم کر کے ویتنام پہنچے تھے، پومپیو ویتنامی دارالحکومت سے براہ راست کابل آئے ہیں۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل مائیک پومپیو نے جاپان کا دورہ کرتے ہوئے شمالی کوریا کے معاملے کو اپنا موضوع بنایا تھا، انہوں نے ٹوکیو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب تک شمالی کوریا جوہری ہتھیار مکمل طور پر تلف نہیں کرتا تب تک شمالی کوریا پر عائد پابندیاں نہیں ہٹائی جائیں گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • روس نے امریکی صدارتی انتخابات میں مداخلت کی تھی‘ امریکی سینیٹ کا دعویٰ

    روس نے امریکی صدارتی انتخابات میں مداخلت کی تھی‘ امریکی سینیٹ کا دعویٰ

    واشنگٹن: امریکی سینیٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ روس نے 2016 میں ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات میں مداخلت کی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی نے اب پہلی بار کھل کر کہہ دیا ہے کہ روس نے امریکا میں ہوئے گذشتہ صدارتی انتخابات میں مداخلت کی تھی۔

    امریکی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق روس پر 2016 کے بعد سے ہی یہ الزام لگایا جاتا رہا ہے کہ ماسکو نے امریکا کے ان صدارتی انتخابات میں مداخلت کی تھی، جن کے نتیجے میں کاروباری شخصیت ڈونلڈ ٹرمپ صدر منتخب ہوئے تھے۔


    امریکی صدارتی انتخابات میں روسی مداخلت کا معاملہ، ٹرمپ کے وکیل کا اہم بیان سامنے آگیا


    سینیٹ انٹیلی جنس کمیٹی نے امریکی خفیہ اداروں کے اس موقف کی کھل کر تائید کی ہے کہ روس نے دو سال پہلے ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات میں اس لیے مداخلت کی تھی کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی مدد کی جاسکے اور وہ اپنے مقصد میں کامیاب ہوئے۔

    خیال رہے کہ انتخابی سیاست کی سطح پر ٹرمپ اور روس کے روابط سے متعلق امریکی سینیٹ کا یہ موقف ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے، جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے روسی ہم منصب ولادی میر پوٹن کی سربراہی ملاقات میں چند ہی روز باقی رہ گئے ہیں۔


    امریکی صدارتی انتخاب میں روسی مداخلت، تحقیقات میں پہلی فرد جرم کی منظوری


    یاد رہے کہ نومبر 2016 میں ہونے والے صدارتی انتخابات سے قبل ماہ اکتوبر میں امریکی حکومت نے روس پر ڈیموکریٹک پارٹی پر سائبر حملوں کا الزام عائد کیا تھا۔

    واضح رہے کہ سابق امریکی صدر باراک اوباما بھی اس عزم کا اظہار کر چکے ہیں کہ امریکی صدارتی انتخابات میں مبینہ مداخلت کرنے پر روس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • امریکا: بچوں کو بچاتے ہوئے دو سعودی نوجوانوں نے اپنی زندگی قربان کر دی

    امریکا: بچوں کو بچاتے ہوئے دو سعودی نوجوانوں نے اپنی زندگی قربان کر دی

    بوسٹن: امریکی ریاست میسا چوسٹس میں دریائے چکوپی میں ڈوبنے والے دو مقامی بچوں کو بچاتے ہوئے دو سعودی طلبہ نے اپنی زندگی قربان کردی۔

    تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ جمعے کو پیش آیا تھا، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ریڈ برج روڈ کے قریب دریا میں دو امریکی لڑکے تیز لہروں میں بے بس ہوگئے تھے۔

    لڑکوں کو بچانے کے لیے وہاں موجود لوگ کوششیں کر رہے تھے لیکن اس دوران دو سعودی طلبہ خود بھی تیز لہروں کی زد میں آکر بہہ گئے۔

    مقامی حکام کا کہنا ہے کہ ڈوب کر جان قربان کرنے والے سعودی نوجوانوں کی شناخت ستائیس سالہ ذیب الیامی اور پچیس سالہ جاسر آل راکہ کے نام سے ہوئی ہے، جن میں ایک کی لاش جمعے کی رات ہی مل گئی تھی تاہم دوسرے کی لاش پیر کو ملی۔

    آج امریکا کا 242 واں یوم آزادی منایا جارہا ہے


    معلوم ہوا ہے کہ دونوں نوجوان کزن ہیں، اور ان کا تعلق سعودی عرب کے جنوبی صوبے نجران سے ہے، دونوں گزشتہ پانچ برسوں سے اسکالر شپ پر سول انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کر رہے تھے۔

    جاں بحق سعودی نوجوانوں کے ایک اور کزن نے میڈیا کو بتایا کہ جاسر اور ذیب آئندہ دو ہفتوں میں فارغ التحصیل ہونے والے تھے، جب کہ تین برس بعد گھر کو جانے والے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • جوہری معاہدے کا احترم ملکی مفادات کے تحفظ تک جاری رکھیں گے: ایرانی صدر

    جوہری معاہدے کا احترم ملکی مفادات کے تحفظ تک جاری رکھیں گے: ایرانی صدر

    تہران: ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ملکی مفادات کے تحفظ تک جوہری معاہدے کا احترام جاری رکھیں گے اور دیگر یورپی ممالک کے ساتھ تعاون بھی برقرار رہے گا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوئٹزر لینڈ کے دار الحکومت برن میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ جب تک ایران کا تحفظ اور مفادات جوہری معاہدے سے وابستہ ہیں اس وقت تک ایران چھے بڑی طاقتوں کے ساتھ طے شدہ جوہری سمجھوتے کا احترام کرے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی صدر سرکاری دورے پر سوئٹزر لینڈ میں موجود ہیں، جس کا مقصد یورپی رہنماؤں سے امریکا کی جانب سے ایران جوہری معاہدے سے دست برداری کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر تبادلہ خیال کرسکیں۔


    ایرانی صدر اہم دورے پر سوئٹزر لینڈ پہنچ گئے، جوہری ڈیل پر بات چیت ہوگی


    ترجمان ایرانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ حسن روحانی کا دورہ خطے کے لیے انتہائی اہم ہے، اس دورے سے ایران اور یورپی ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

    خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران جوہری معاہدہ ختم کرنے کے بعد یورپ نے مکمل طور پر ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی ہے۔


    امریکا نے سلامتی کونسل سے ایران پر پابندی کا مطالبہ کردیا


    علاوہ ازیں امریکا کی جانب سے اس فیصلے کے بعد یورپی بلاک نے صدر ٹرمپ کو شدید تنقید کا بھی نشانہ بنایا اور واضح کیا کہ جوہری معاہدے میں شامل دیگر ممالک اس اہم ڈیل کی پاسداری کریں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • امریکی اور روسی وزیر خارجہ کا ٹیلی فونک رابطہ، ٹرمپ پیوٹن ملاقات پر گفتگو

    امریکی اور روسی وزیر خارجہ کا ٹیلی فونک رابطہ، ٹرمپ پیوٹن ملاقات پر گفتگو

    واشنگٹن: روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف کا اپنے امریکی ہم منصب مائیک پومپیو سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا، اس دوران ٹرمپ پیوٹن ملاقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے درمیان جلد ملاقات ہونے جارہی ہے اسی تناظر میں مائیک پومپیو اور سیرگئی لاوروف کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔

    امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور ان کے روسی ہم منصب سیرگئی لاوروف کے درمیان ٹیلی فونک رابطے میں پیوٹن اور ٹرمپ کی طے شدہ ملاقات کی تیاریوں کے بارے میں بات چیت کی گئی ہے۔


    امریکی صدر کی ولادی میر پیوٹن سے ملاقات کی راہ ہموار ہوسکتی ہے: مائیک پومپیو


    امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے شام اور شمالی کوریا کے معاملے پر بھی گفتگو کی، اس دوران شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کی حالیہ حکمت علمی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    قبل ازیں 24 جون کو امریکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا تھا کہ انہیں امید ہے کہ قومی سلامتی کے امریکی مشیر جان بولٹن کا دورہ ماسکو امریکی اور روسی صدور کی ملاقات کی راہ ہم وار کر دے گا جس سے دونوں رہنماؤں میں قربتیں بڑھیں گی۔


    ڈونلڈ ٹرمپ کی روسی صدر سے ملاقات کے لیے نئی حکمت عملی تیار


    پوچھے گئے ایک سوال پر پومپیو نے کہا تھا کہ امریکی صدر روس کا دورہ کریں گے یا نہیں اس کا مجھے علم نہیں التبہ میں جلد امریکی صدر اور روسی ہم منصب کے درمیان ملاقات دیکھ رہا ہوں۔

    خیال رہے کہ امریکی میڈیا نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ ٹرمپ اور پیوٹن کے درمیان ملاقات 16 جولائی کو یورپی ملک فِن لینڈ کے دارالحکومت ہیلسنکی میں ہونا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔