Tag: usa vs nepal

  • امریکی کرکٹ ٹیم نے ورلڈ ریکارڈ بنا لیا

    امریکی کرکٹ ٹیم نے ورلڈ ریکارڈ بنا لیا

    کھٹمنڈو : امریکہ کی کرکٹ ٹیم نے نیپال میں ون ڈے میچ میں انتہائی کم رنز بنا کر نیا ریکارڈ بنا ڈالا کم ترین اسکور کرکے امریکی ٹیم زمبابوے کی ٹیم کے ساتھ شامل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں امریکی اور نیپالی ٹیم کے درمیان کھیلے جانے والے ورلڈ کپ لیگ کے ون ڈے میچ میں امریکہ کی پوری ٹیم 12 اوورز میں 35 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

    میچ کے آغاز میں ہی  نیپال ٹیم کا پلہ بھاری رہا ، میزبان ٹیم کے لیگ سپنر سندیپ لمیچھانے نے صرف 16 رنز دے کر6امریکی بلے بازوں کو آؤٹ کردیا۔

    نیپال کے دوسرے اسپنر سشان بھاری بھی پیچھے نہ رہے انہوں نے صرف پانچ رنز دے کر باقی کے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی جانب جانے والا راستہ دکھایا۔ امریکی اوپنر زاویئر مارشل ڈبل فگر میں داخل ہونے والے واحد بیٹسمین تھے جنہوں نے 16 رنز بنائے۔

    جواب میں نیپالی ٹیم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف چھٹے اوور کی دوسری بال میں اپنا ہدف صرف دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

    نیپال کے دونوں اوپنرز دوسرے اوور میں ہی آؤٹ ہو کر چلے گئے تھے۔ نیپال ٹیم کے بلے باز تِمل پٹیل نے یکے بعد دیگرے تین گیندوں پر چوکا، چھکا اور پھر چوکا لگا کر اپنی ٹیم کو 8 وکٹوں سے فتح دلا دی۔

    اس طرح امریکی ٹیم 50 اوورز کے میچ میں کم ترین اسکور کا ریکارڈ قائم کرنے والی زمبابوے کی ٹیم کے ساتھ شامل ہو گئی ہے