Tag: USA

  • وینزویلا سیاسی بحران، امریکا نے روسی بینک پر پابندی عائد کردی

    وینزویلا سیاسی بحران، امریکا نے روسی بینک پر پابندی عائد کردی

    واشنگٹن: وینزویلا میں سیاسی بحران بدستور برقرار ہے، جبکہ امریکا نے ’ایورو فنانس موسنار‘ نامی روسی بینک پر پابندی عائد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق روسی بینک وینزویلا کی آئل کمپنی سے کاروبار کررہا تھا، جس کے باعث امریکا نے بینک پر عالمی پابندیاں عائد کیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ امریکا وینزویلا بحران کے حل پر زور دے رہا ہے جبکہ مقامی حکومت کی جانب سے شدید مزاحمت اور مخالفت کا سامنا ہے۔

    اپوزیشن لیڈر اور خود ساختہ وینزویلا صدر جون گائیڈو نے امریکا سمیت کئی یورپی ممالک کی بھی حمایت حاصل کررکھی ہے، اور عوام کی بڑی تعداد میں حمایت کے باعث مقامی حکومت پر شدید دباؤ ہے۔

    علاوہ ازیں امریکی کانگریس کے دو خواتین اراکین نے وینزویلا کی سرحد کے قریب کولمبیا کے ایک قصبے کا دورہ کیا، جہاں سیاسی بحران کے باعث کئی وینزویلا مہاجرین مقیم ہیں۔

    دوسری جانب وینزویلا حکومت نے اپوزیشن لیڈر پر کڑی نظر رکھی ہوئی ہے، اور گرفتاری کا بھی خطرہ ہے، حال ہی میں جون گائیڈو مختلف ملکوں کا دورہ کرکے ملک لوٹے ہیں۔

    وینزویلا: جون گائیڈو کی حمایت کیوں کی؟ جرمن سفیر کو ملک چھوڑنے کا حکم

    گذشتہ دنوں وینزویلا میں اپوزیشن لیڈر جون گائیڈو کے ایجنڈے کی حمایت کرنے پر حکام نے جرمن سفیر کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔

    واضح رہے کہ وینزویلا میں 23 جنوری کو اپوزیشن لیڈر اور پارلیمنٹ کے اسپیکر جون گائیڈو نے خود کو عبوری صدر قرار دیا تھا جس کے بعد امریکا اور بعض دوسرے علاقائی ممالک نے صدر نکولس مادورو کی جگہ گائیڈو کو ملک کا عبوری صدر تسلیم کرلیا ہے۔

  • وزیر خارجہ شاہ محمود  سے امریکہ کے مشیر قومی سلامتی کا ٹیلیفونک رابطہ

    وزیر خارجہ شاہ محمود سے امریکہ کے مشیر قومی سلامتی کا ٹیلیفونک رابطہ

    اسلام آباد : وزیر خارجہ سے امریکہ کے مشیر قومی سلامتی نے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے، شاہ محمود قریشی نے جان بولٹن کو بھارتی جارحانہ عزائم کے ممکنہ خدشات سے آگاہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے امریکی مشیر برائے سلامتی جان بولٹن کی ٹیلی فونک گفتگو ہوئی ہے، اس موقع پر پلوامہ واقعے کے بعد خطے میں امن وامان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    شاہ محمود قریشی نے امریکی عہدیدار کو26فروری کو جانے والی بھارتی جارحیت کی تفصیلات کے آگاہ کیا انہوں نے کہا کہ دراندازی یو این چارٹر کے بھی منافی تھی، بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کا بھرپور جواب اپنے دفاع میں تھا، ہم خطے میں امن و امان کے خواہاں ہیں۔

    شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم نے جذبہ خیرسگالی کے تحت بھارتی پائلٹ کو واپس بھجوایا، پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود مشاورت کے بعد بھارت واپس پہنچ چکے ہیں،14مارچ کو کرتار پور راہداری معاہدے کیلئے وفد بھارت جارہا ہے۔

    ٹیلی فون پر ہونے والی اس گفتگو میں ایمبیسڈر جان بولٹن نے امن کیلئے پاکستان کے مؤثر اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو شمالی کوریا کی قیادت سے اہم مذاکرات میں مصروف تھے اس کے باوجود اس تمام صورتحال میں پاک بھارت قیادت سے رابطے میں رہے۔

    انہوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وزیر خارجہ نے بھارتی جارحانہ عزائم کے ممکنہ خدشات سے آگاہ کیا، ایمبیسڈر جان بولٹن نے افغان امن عمل میں پاکستان کے مؤثر کردار کی تعریف کی، اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

  • عالمی شہرت یافتہ امریکی سائیکلسٹ نے خود کشی کرلی

    عالمی شہرت یافتہ امریکی سائیکلسٹ نے خود کشی کرلی

    سکرامنٹو: عالمی شہرت یافتہ امریکی سائیکلسٹ اور اولمپئین میڈلسٹ تئیس سالہ کیلی کیٹلین نے مبینہ طور پر خود کشی کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا کر کئی اعزاز حاصل کرنے والی خاتون سائیکلسٹ کیلی کیٹلین نے مبینہ طور پرخود کشی کی ہے، نیشنل سائکلنگ بورڈ نے ان کی موت کو ناقابل تلافی نقصان قرار دے دیا۔

    امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ کیلی کیٹلین کا شمار اُن مایہ ناز خواتین سائیکلسٹ میں تھا، جنہوں نے لگاتار دوہزارسولہ، سترہ اور اٹھارہ کے مقابلوں میں امریکی سائیکلنگ ٹیم کو عالمی چمپئین بنایا۔

    اولمپک گیمز میں بھی کیلی نے امریکا کی نمائندگی کرتے ہوئے سلور میڈل حاصل کیا، کیٹلین کے اہلخانہ نے ان کی موت کی وجہ خود کشی بتائی ہے۔

    امریکی ریاست کیلی فورنیا میں قائم اسٹینڈ فورڈ یونیورسٹی کے ہاسٹل میں کیٹلین مردہ حالت میں پائی گئی، روم میٹ کی اطلاع پر لاش کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

    وہ تین بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹی تھی، ایک سائیکلسٹ ہونے کے باوجود یونیورسٹی میں انجینئرنگ کی طالبہ تھی اور امتحانات میں نمایاں نمبروں سے پاس ہوتی تھی۔

    کیٹلین کے والد نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ‘میرے لیے یہ موت ناقابل یقین ہے، ایک لمحہ ایسا نہیں گزر رہا جو اس کی یاد سے غافل ہو‘۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ تئیس سالہ خاتون سائیکلسٹ کی مبینہ خود کشی سے متعلق تحقیقات کررہے ہیں، ابتدائی اطلاعات کے مطابق کیٹلین کئی مہینوں سے ذہنی دباؤ کا شکار تھی۔

  • امریکا ایک بار پھر شمالی کوریا سے مذاکرات کے لیے تیار ہوگیا

    امریکا ایک بار پھر شمالی کوریا سے مذاکرات کے لیے تیار ہوگیا

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کے مابین بے نتیجہ ختم ہونے والے مذاکرات کے بعد امریکا ایک بار پھر بات چیت کے لیے تیار ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق گذشتہ دنوں امریکا اور شمالی کوریائی سربراہان کے درمیان دوسری ملاقات ہوئی تھی، مذاکرات بغیر کسی معاہدے کے بے نتیجہ ختم ہوگئے تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ امریکی حکام کے مطابق شمالی کوریا کی میزائل سے متعلق متنازعہ سرگرمیوں کے باوجود امریکا دوبارہ مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

    شمالی کوریا سے مذاکرات کے ذریعے معاملہ حل کرنا چاہتے ہیں، باہمی گفتگو کے ذریعے جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنا ترجیحات میں شامل ہے۔

    ایک غیر ملکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی کوریا پہلی بار ‘انٹر کونٹیننٹل بیلسٹک میزائل‘ تیار کررہا ہے، جو امریکا تک ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔

    علاوہ ازیں شمالی کوریا کے بارے میں حال ہی میں ایسی رپورٹیں بھی سامنے آئی تھیں کہ اس نے اپنے میزائل پروگرام سے متعلق سرگرمیاں مبینہ طور پر دوبارہ شروع کر دی ہیں۔

    ٹرمپ کم ملاقات، جنوبی کوریا نے مایوسی کا اظہارکردیا

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس حوالے سے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ خبر درست نکلی تو مجھے کم جونگ سے بہت مایوسی ہوگی۔

    خیال رہے کہ امریکا اور جنوبی کوریا نے اپنی سالانہ بنیادوں پر ہونے والی جنگی مشقوں کو دوبارہ بحال کردیا ہے، جس پر شمالی کوریا کو تحفظات ہیں۔ امریکا سے مشقوں کو روکوانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

  • امریکی ایوان نمائندگان میں مذہبی اقلیتوں سے نفرت کے خلاف قرارداد منظور

    امریکی ایوان نمائندگان میں مذہبی اقلیتوں سے نفرت کے خلاف قرارداد منظور

    واشنگٹن: امریکی ایوان نمائندگان میں مذہبی اقلیتوں سے نفرت کے خلاف قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کرلی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا میں اقلیتوں سے نفرت، مذہبی تعصب اور نسل پرستانہ سوچ رکھنے کے خلاف قرار داد ایوان نمائندگان میں منظور کرلی گئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ قرارداد کے حق میں 407 اور مخالفت میں 23 ووٹ پڑے، قرارداد میں یہودیوں اور مسلمانوں سے نفرت کی شدید مذمت کی گئ۔

    صرف ری پبلکن اراکین نے مخالفت میں ووٹ کاسٹ کیے، جبکہ ڈیموکریٹس کے تمام ارکان نے قرارداد کے حق میں ووٹ دے کر قرار منظور کروائی۔

    ایوان نمائندگان میں منظور ہونے والی سات صفحات پر مشتمل قرار پر کئی اقلیتوں کی جانب سے تحفظات سامنے آئیں تھے کہ ان کا نام شامل نہیں کیا گیا بعد ازاں تحفظات دور کیے گئے۔

    خیال رہے کہ امریکا میں مسلمانوں کے خلاف حملے کے واقعات دیکھنے میں آئے ہیں، رواں سال جنوری میں امریکا میں ایک مسلمان بستی اسلام برگ پر حملہ کرنے کی تیاری کرنے والے 4 امریکی نوجوانوں کو حراست میں لیا گیا تھا۔

    علاوہ ازیں گذشتہ سال دسمبر میں امیریکی ایوانِ نمائندگان نے ایک قرارداد منظور کی تھی جس میں میانمار کی فوج کی جانب سے روہنگیا مسلمان اقلیت کے خلاف کی جانے والی کارروائی کو نسل کشی‘‘ قراد دیا گیا تھا۔

    امریکی نشریاتی ادارے مطابق قرار داد کے حق میں 394 جبکہ مخالفت میں صرف ایک ووٹ پڑا تھا۔

  • پاکستان کی جانب سے کالعدم تنظیموں کیخلاف کارروائی سےآگاہ ہیں: امریکا

    پاکستان کی جانب سے کالعدم تنظیموں کیخلاف کارروائی سےآگاہ ہیں: امریکا

    واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان رابرٹ پلاڈینو کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی سے آگاہ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں نیشنل ایکشن پلان اور قومی سلامتی کمیٹی کی جنوری میں ہونے والے اجلاس کے فیصلوں کے نتیجے میں کالعدم تنظمیوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

    امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان کا واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کا کہنا تھا کہ امریکا کا بھی کالعدم تنظیموں کے بارے میں واضح موقف ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ کالعدم تنظیمیں خطے کے استحکام کے لیے خطرہ ہیں اور پاکستان میں جاری حالیہ کارروائیوں سے بھی آگاہ ہیں۔

    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا بھارتی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا کہ کسی کے دباؤ میں نہیں ہیں، ملک میں قومی سلامتی کمیٹی کی جنوری میں ہونے والے اجلاس کے فیصلوں پر عمل درآمد ہورہا ہے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پر 2014 میں تمام سیاسی جماعتوں نے اتفاق کیا، نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کیا جارہا ہے، پاکستان خطے میں امن اور علاقائی تعاون کا فروغ چاہتا ہے۔

    کالعدم تنظیموں کےخلاف کریک ڈاؤن، 121ا فرادکو حفاظتی تحویل لے لیاگیا

    یاد رہے کہ گذشتہ روز وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان کےتحت کالعدم تنظیموں کے خلاف کریک ڈاؤن میں اب تک ایک سو21 افراد کو حفاظتی تحویل میں لے لیا گیا ہے جبکہ ایک سو بیاسی مدارس اور چونتیس اسکول و کالج کا کنٹرول بھی حکومت نے حاصل کرلیا ہے۔

  • وینزویلا بحران، جون گائیڈو وطن واپس پہنچ گئے، گرفتاری کا خطرہ

    وینزویلا بحران، جون گائیڈو وطن واپس پہنچ گئے، گرفتاری کا خطرہ

    کراکس: وینزویلا کے اپوزیشن لیڈر اور خود ساختہ صدر جون گائیڈو وطن واپس پہنچ گئے، انہیں گرفتار کیا جاسکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جون گائیڈو نے دس دن کا لاطینی امریکی ملکوں کا دورہ کیا، جس کے بعد وہ وطن واپس پہنچے ہیں، خدشہ ہے کہ حکام کی جانب سے گرفتاری کے احکامات جاری کیے جاسکتے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ رواں سال 22 فروری سے خودساختہ صدر لاطینی امریکی ملکوں کے دورے پر تھے، عدالت عظمٰی کی جانب سے ان پر سفری پابندی بھی عائد ہے۔

    دورے کا مقصد ملک میں جاری سیاسی بحران کے پیش نظر امداد حاصل کرنا تھا، جس کے لیے انہوں نے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کی اور ملکی صورت حال سے آگاہ کیا۔

    وطن واپسی پر ایئرپورٹ پر عوام کی کثیر تعداد موجود تھی، جو اپوزیشن لیڈر کے حق میں نعرے بازی کررہی تھی، اس موقع پر جون گائیڈو کا کہنا تھا کہ ملک کی سالمیت اور بہتر مستقبل کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔

    دوسری جانب امریکا نے وینزویلا کی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ وہ جون گائیڈو کی وطن واپسی پر ان کے خلاف کسی کارروائی سے باز رہے، بصورت دیگر سخت اقدامات کیے جاسکتے ہیں۔

    بحران دوچار وینزویلا کے لیے جرمنی کا لاکھوں‌ ڈالرز امداد اعلان

    قبل ازیں گائیڈو نے اپنے حامیوں سے درخواست کی کہ وہ ان کی آمد کے موقع پر ملک میں بڑے پیمانے پر مظاہرے کریں تاکہ حکومت پر دباؤ بڑھایا جا سکے۔

    واضح رہے کہ وینزویلا میں 23 جنوری کو اپوزیشن لیڈر اور پارلیمںٹ کے اسپیکر جون گائیڈو نے خود کو عبوری صدر قرار دیا تھا جس کے بعد امریکا اور بعض دوسرے علاقائی ممالک نے صدر نکولس مادورو کی جگہ گائیڈو کو ملک کا عبوری صدر تسلیم کرلیا ہے۔

    بعد ازاں امریکا میں تعینات وینزویلا کے ملٹری اتاشی کرنل جوش لوئس سلوا کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر جاری ہوئی تھی جس میں وہ نکولس ماڈورو سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے اپوزیشن رہنما جون گائیڈو اعلان وفاداری کررہے تھے۔

  • امریکا سے مذاکرات جاری ہیں تاہم ابھی تک کوئی معاہدہ نہیں ہوا، ترجمان طالبان

    امریکا سے مذاکرات جاری ہیں تاہم ابھی تک کوئی معاہدہ نہیں ہوا، ترجمان طالبان

    دوحا : افغان طالبان کا قطر میں ہونے والے امن مذاکرات سے متعلق کہنا ہے کہ امریکا کے ساتھ امن مذاکرات جاری ہیں لیکن ابھی تک کوئی معاہدہ نہیں ہوسکا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ افغانستان میں امن کی بحالی اور نیٹو فورسز کے افغانستان سے انخلاء کےلیے پاکستان کے تعاون سے افغان طالبان اور امریکا کے درمیان قطر میں گزشتہ کئی روز سے مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے، دو روز قبل مذاکرات کا دوبارہ آغاز ہوا ہے۔

    ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد کا جاری بیان میں کہنا تھا کہ قطر میں امریکا کے ساتھ شروع ہونے والے مذاکرات میں افغانستان سے غیر ملکی فوجیوں کے انخلاء پر ہوئی جبکہ دوسرا نکتہ افغانستان کی سرزمین کو دوسروں کی جنگ میں استعمال نہ کرنا۔

    ترجمان طالبان کا کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ مذکورہ دو نکات گفتگو ہوئی تاہم ابھی تک کوئی معاہدہ نہیں ہوسکا کیوں دو مسائل کی نوعیت انتہائی حساس ہے۔

    مزید پڑھیں : امریکا اور طالبان کے درمیان آج پھر مذاکرات ہوں گے

    یاد رہے کہ دو رو قبل دوحا میں افغان طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان سہیل شاہین کا کہنا ہے کہ طالبان کو امید ہے کہ امریکا کے ساتھ جاری مذاکرات کے بعد غیر ملکی فوجیں افغانستان سے نکل جائیں گی، غیر ملکی فوجوں کے انخلاء کے بعد افغانستان میں سرگرم مسلح گروپس آپس میں مذاکرات سے تنازعات کو حل کریں گے۔

    سہیل شاہین نے امریکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ امریکی حکام کے ساتھ دوحا میں ہونے والے مذاکرات میں جنگ بندی شامل نہیں ہے۔

    مزید پڑھیں: افغان طالبان نے اشرف غنی کی پیش کش مسترد کردی

    خیال رہے کہ افغان طالبان نے افغان صدر اشرف غنی کی شہر میں دفتر کھولنے کی پیش کش مسترد کردی تھی۔

    افغان طالبان اور امریکا کے درمیان مذاکرات کا مقصد افغان میں گزشتہ 17 سال سے جاری جنگ کا خاتمہ اور افغانستان سمیت خطے کے دیگر ممالک میں امن و امان کا قیام ہے۔

    امریکا نے افغانستان سے اپنی فوج کے انخلاء کا اعلان کیا ہے جبکہ طالبان کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ افغان طالبان افغانستان سے داعش کا چند دنوں میں خاتمہ کرسکتے ہیں۔

    افغانستان میں قیام امن کے لیے امریکا کے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے پاکستان سمیت دیگر ملکوں کا دورہ کیا تھا۔

  • پیرو میں شدید زلزلے کے جھٹکے، شہری عمارتوں سے باہر نکل آئے

    پیرو میں شدید زلزلے کے جھٹکے، شہری عمارتوں سے باہر نکل آئے

    لیما: جنوبی امریکی ملک پیرو میں شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، خوف وہراس کے باعث بلندوبالا عمارتوں میں موجود شہری باہر نکل آئے۔

    تفصیلات کے مطابق پیرو میں اس زلزلے کے باعث شہری خوف وہراس میں مبتلا ہیں، تاہم کسی جانی یا مالی نقصانات کی کوئی اطلاعات نہیں ہیں۔

    امریکی زلزلہ کوہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ ریکٹر اسکیل پر ان زلزلے کے جھٹکوں کی شدت 7.1 ریکارڈ کی گئی، زلزلہ پیرو کے جنوبی شہر خُولیاکا سے تقریباﹰ 70 کلومیٹر شمال مغرب میں آیا۔

    زلزلے کا مرکز 250 کلومیٹر زمین کی گہرائی میں تھا، جبکہ ان زلزلوں کے نتیجے میں سونامی کی وارننگ جاری نہیں کی گئی۔

    یاد رہے کہ گذشتہ دنوں جنوبی امریکی ملک ایکواڈور کے مشرقی علاقوں میں آنے والے شدید زلزلے کے باعث 6 افراد زخمی ہوئے تھے۔

    ایکواڈور میں شدید زلزلے کے جھٹکے، 6 افراد زخمی

    خیال رہے کہ گذشتہ ماہ میکسیکو میں شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے جس کے باعث عمارتیں لرز اٹھی تھیں۔

    قبل ازیں نومبر 2016 میں لاطینی امریکا کے ممالک ایل سلواڈور اور نکارا گوا میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، امریکی جیالوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر اور مرکز 150 کلومیٹر دور تھا۔

  • ٹرمپ کم ملاقات، جنوبی کوریا نے مایوسی کا اظہارکردیا

    ٹرمپ کم ملاقات، جنوبی کوریا نے مایوسی کا اظہارکردیا

    سیؤل: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کی ملاقات سے متعلق جنوبی کوریا نے مایوسی کا اظہار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ اور کم جونگ ان کی آٹھ ماہ بعد ملاقات ہوئی اور دونوں ملکوں کے سربراہان نے مذاکرات بغیر کسی معاہدے کے ختم کردیے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا اور امریکا کے سربراہان کے درمیان بغیر کسی معاہدے کے مذاکرات ختم ہوجانے پر جنوبی کوریا نے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ویت نام کے دارالحکومت ہنوئی میں کم جونگ ان سے ملاقات کے بعد واشنگٹن دوبارہ روانہ ہوگئے۔

    جنوبی کویائی حکام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ بات افسوس ناک ہے کہ صدر ٹرمپ اور شمالی کوریائی رہنما کِم جونگ اُن کے درمیان ملاقات کسی مکمل معاہدے تک نہیں پہنچی۔ البتہ جنوبی کوریا کو دونوں ممالک کے درمیان پیش رفت کی امید ہے۔

    قبل ازیں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ جوہری پروگرام کے خاتمے کے معاملے پرجلد بازی سے کام نہیں لینا چاہتے، معاہدے میں سرعت دکھانے کے بجائے زیادہ ضروری امر یہ ہے کہ معاہدہ درست انداز میں کیا جائے۔

    جوہری تنازعہ، صدر ٹرمپ اور کم جونگ کی ملاقات بغیر معاہدے کے ختم

    اس موقع پر شمالی کوریا کے سربراہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر جوہری ہتھیاروں میں تخفیف نہ کرنی ہوتی تو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات نہ کرتا۔

     آٹھ ماہ قبل ٹرمپ اور اُن کی سنگاپور میں ہونے والی ملاقات میں جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے پر اتفاق رائے ہوا تھا۔ تاہم  بعد میں دونوں ممالک کے درمیان تحفظات دیکھے گئے تھے۔