Tag: USA

  • امریکا میں بارشوں نے تباہی مچادی، 14 افراد ہلاک، بچہ لاپتہ، ویڈیو دیکھیں

    کیلی فورنیا : امریکی ریاست کیلی فورنیا میں شدید طوفانی بارشوں اور تیز ہواؤں نے نظام زندگی درہم برہم کردیا۔اب تک 14 افراد ہلاک اور ایک بچے کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا شدید طوفانی بارشوں اورتیز ہواؤں کی لپیٹ میں ہے۔ شدید طوفانی بارشوں کے بعد سڑکیں زیرآب اور آمدورفت معطل ہو کر رہ گئی۔

    kaliforniya firtina1.jpg

    متعلقہ حکام نے بعض علاقوں سے شہریوں کی جان بچانے کیلئے ان کو وہاں سے نکالنے کے فیصلے کا اعلان کیا ہے۔ حکام نے کارپنٹیریا کے علاقے مونٹے سیٹو، ٹورو وادی، سائیکامور وادی اور پیڈرو لین کے رہائشیوں کو فوری طور پر مذکورہ علاقے ترک کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق متاثرہ علاقوں میں مقیم شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بلند مقامات کی جانب رخ کریں، اس سلسلے میں پناہ گزینوں کیلئے سانٹا باربارا میں انخلاء مرکز قائم کردیا گیا ہے۔

    قومی محکمہ موسمیات کے جاری کردہ تازہ ترین بیان کے مطابق آج بھی خاص طور جنوبی کیلیفورنیا میں طوفان اور طوفانی بارشیں جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دو روز میں ریاست کے کچھ حصوں میں ایک فٹ سے زیادہ بارش ہوئی جس کے نتیجے میں خطرناک سیلاب آیا ہے اور منگل کی صبح تک دو لاکھ سے زیادہ گھر بجلی سے محروم ہیں۔

  • وزیر خارجہ کی یو ایس ایڈ کی ایڈمنسٹریٹر اور مختلف امریکی سینیٹرز سے ملاقات

    وزیر خارجہ کی یو ایس ایڈ کی ایڈمنسٹریٹر اور مختلف امریکی سینیٹرز سے ملاقات

    واشنگٹن: وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے امریکا میں یو ایس ایڈ کی ایڈمنسٹریٹر اور مختلف امریکی سینیٹرز سے ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹس میں امریکا میں ہونے والی مختلف ملاقاتوں کے بارے میں بتایا۔

    وزیر خارجہ کی یو ایس ایڈ کی ایڈمنسٹریٹر سمانتھا پاور سے ملاقات ہوئی، انہوں نے لکھا کہ یو ایس ایڈ کی ایڈمنسٹریٹر سے نتیجہ خیز ملاقات ہوئی۔

    بلاول نے لکھا کہ پاکستان میں سیلاب سے نمٹنے کے لیے مدد کرنے پر امریکی قیادت کا شکریہ ادا کیا، امریکا کی جانب سے 97 ملین ڈالر کی انسانی امداد کو بھی سراہا۔

    انہوں نے لکھا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی اور تعمیر نو کے لیے طویل مدتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیر خارجہ نے امریکی سینیٹرز لنزے گراہم، بوب مینڈس، جین شاہین اور ٹم کین سے ملاقات کی، انہوں نے حالیہ سیلاب میں امریکی امداد پر سینیٹرز کا بھی شکریہ ادا کیا۔

    بلاول کا کہنا تھا کہ امریکی کانگریس بحالی اور تعمیر نو کے عمل میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

  • ٹرمپ کے حامی گورنر نے تارکین وطن سے بھری بسیں کملا ہیرس کے گھر پہنچا دیں

    ٹرمپ کے حامی گورنر نے تارکین وطن سے بھری بسیں کملا ہیرس کے گھر پہنچا دیں

    واشنگٹن: ٹرمپ کے حامی گورنر نے تارکین وطن سے بھری دو بسیں کملا ہیرس کے گھر پہنچا دیں۔

    تفصیلات کے مطابق جمعرات کی صبح تارکین وطن کی دو بسیں شمال مغربی واشنگٹن ڈی سی میں نائب صدر کملا ہیرس کی رہائش گاہ کے باہر اتار دی گئیں۔

    بسوں میں تقریباً 100 تارکین وطن سوار تھے جن کا تعلق بنیادی طور پر وینزویلا سے تھا، جو ڈیل ریو، ٹیکساس کے علاقے سے صبح 7 بجے سے پہلے پہنچے تھے، اور مین گارڈ گیٹ کے قریب ہیریس کی سرکاری رہائش گاہ، یو ایس نیول آبزرویٹری کے باہر اتارے گئے۔

    رپورٹس کے مطابق بائیڈن انتظامیہ اورٹرمپ کے حامی ریبپلکن گورنر میں سخت کشیدگی پیدا ہو گئی ہے، جس کی وجہ سے گورنر ٹیکساس نے تارکین وطن کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔

    گورنر ٹیکساس گریگ ایبٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ ہماری ریاست پر بوجھ بڑھ رہا ہے اس لیے یہ اقدام کیا، بائیڈن ہیرس انتظامیہ ہماری جنوبی سرحد پر تاریخی بحران کو نظر انداز کر رہی ہے، جس نے ٹیکساس کی کمیونٹیز کو تقریباً دو سالوں سے خطرے میں ڈال دیا ہے۔

    گورنر کا کہنا تھا کہ نائب صدر کملا ہیرس نے ابھی تک سرحد کا دورہ نہیں کای، تاکہ وہ کھلی سرحد کی پالیسیوں کے اثرات کو خود ہی دیکھ سکیں، جن پر عمل درآمد میں انھوں نے مدد کی ہے، گورنر نے مزید کہا کہ یہ عمل جاری رہے گا۔

    دوسری طرف میئر واشنگٹن نے اس معاملے پر بائیڈن انتظامیہ سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے، وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ ریبپبلکن گورنر تارکین وطن کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

  • امریکا نے چین کی خود مختاری پر حملہ کیا: روس

    امریکا نے چین کی خود مختاری پر حملہ کیا: روس

    ماسکو: روسی صدر پیوٹن کا کہنا ہے کہ امریکا نے چین کی خود مختاری پر حملہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق روسی صدر پیوٹن نے منگل کو بین القوامی عالمی سلامتی سے متعلق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا دنیا بھر میں اپنی بالا دستی برقرار رکھنے کی کوشش کر رہا ہے۔

    انھوں ںے کہا امریکا نے چین کی خود مختاری پر حملہ کیا، امریکا یوکرین تنازعے کو بھی طول دے رہا ہے، ہمیں اپنے شہریوں کے دفاع کے لیے یوکرین میں آپریشن کرنا پڑا۔

    صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ دنیا کو غیر مستحکم اور افراتفرای کا شکار کرنا امریکا کی پالیسی کا حصہ ہے۔

    روسی صدر نے خطاب میں امریکا کو ایشیا میں کشیدگی کو ہوا دینے کا ذمہ دار قرار دیا، اور کہا کہ امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی کے تائیوان کا دورہ "مکمل طور پر منصوبہ بند اشتعال انگیزی” ہے۔

    ماسکو سیکیورٹی کانفرنس سے خطاب میں پیوٹن نے آسٹریلیا، برطانیہ اور ریاستہائے متحدہ کے درمیان AUKUS سیکورٹی معاہدے پر بھی تنقید کی، جو ایشیا پیسیفک خطے میں نیٹو طرز کا بلاک بنانے کی مغربی کوششوں کا ایک واضح ثبوت ہے۔

    خبررساں ایجنسی روئٹرز نے پیوٹن کے خطاب پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا بیان اس بیانیے کا حصہ ہے جسے ماسکو بھرپور طریقے سے آگے بڑھا رہا ہے، ماسکو مغربی تسلط اور نیو نوآبادیاتی نظام کا دعویٰ کر کے مقابلے میں ایک نیا عالمی اتحاد بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔

  • امریکہ کی سعودی عرب کو پیٹریاٹ میزائلوں کی فروخت

    امریکہ کی سعودی عرب کو پیٹریاٹ میزائلوں کی فروخت

    سعودی عرب کو بیرونی کے خطرات سے نمٹنے اور اس کے سدباب کے لیے امریکہ نے پیٹریاٹ میزائل کی فروخت کی منظوری دے دی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی میزائل ڈیفنس سسٹم کی مالیت 5 ارب ڈالر سے زائد ہے، سعودی عرب 3.05 ارب اور یو اے ای 2.25 ارب ڈالرز کا میزائل ڈیفنس سسٹم خریدے گا۔

    اس حوالے سے امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے بتایا ہے کہ محکمہ خارجہ نے سعودی عرب کے ساتھ تین ارب ڈالر مالیت کے معاہدے کی منظوری دی ہے جس کے تحت پیٹریاٹ میزائل اور دیگر متعلقہ آلات بھی فراہم کیے جائیں گے۔

    پینٹاگون ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات کو دفاعی سامان فراہم کرنے کے دو ارب 25 کروڑ ڈالر کے معاہدے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ اس میں امریکی دفاعی نظام ’تھاڈ‘میزائل (ٹرمینل ہائی ایلٹی ٹیوڈ ایریا ڈیفنس) اور تھاڈ ٹرمینل فائر کنٹرول اور کمیونیکیشن اسٹیشن شامل ہیں۔

    امریکی محکمہ خارجہ نے ایک نوٹس میں کانگریس کو میزائل کی فروخت کے حوالے سے بتایا کہ مجوزہ فروخت سعودی عرب کے پیٹریاٹ جم ٹی میزائلوں کے گھٹتے ہوئے ذخیرے کو مستحکم کرکے موجودہ اور مستقبل کے خطرات سے نمٹنے کے لیے مملکت کی صلاحیت کو بہتر بنائے گی۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ میزائل سسٹم لانگ رینج بیلسٹک، کروز میزائل اور جنگی طیارہ مار گرانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    واضح رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن کے گزشتہ ماہ سعودی عرب کے دورے کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے میں اس بات کا اعادہ کیا گیا تھا کہ کئی دہائیوں سے امریکہ اور سعودی عرب کی شراکت داری خطے کی سلامتی کے لیے مرکزی کردار ادا کرتی رہی ہے، دونوں ممالک ایک مزید محفوظ، مستحکم اور خوشحال خطہ چاہتے ہیں جو دنیا کے ساتھ منسلک ہو۔

  • صدر بائیڈن کی ٹرمپ پر کڑی تنقید

    صدر بائیڈن کی ٹرمپ پر کڑی تنقید

    فلوریڈا: امریکا میں کانگریس پر حملے کی تحقیقات جاری ہیں، صدر بائیڈن نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق 6 جنوری کو کانگریس پر حملے پر قائم خصوصی کمیٹی کی تحقیقات آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہیں۔

    فلوریڈا میں جاری سیاہ فام پولیس افسران کی کانفرنس سے صدر بائیڈن نے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے سابق صدر پر تنقید کرتے ہوئے کہا ٹرمپ نے 6 جنوری کو کانگریس پر حملہ روکنے کے لیے کچھ نہیں کیا۔

    صدر بائیڈن کا کہنا تھا کہ چھ جنوری کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جمہوریت کا تحفظ کیا، لیکن ہارا ہوا صدر 3 گھنٹے تک ٹی وی پر کانگریس پر حملے کے مناظر ہی دیکھتا رہا۔

    امریکی صدر نے کہا کہ بغاوت کی حمایت کرنے والا کبھی جمہوریت کا حامی نہیں ہو سکتا۔

  • امریکا اور بھارت میں کرونا وائرس کی نئی قسم سامنے آگئی

    امریکا اور بھارت میں کرونا وائرس کی نئی قسم سامنے آگئی

    واشنگٹن / نئی دہلی: امریکا اور بھارت میں کرونا وائرس کی نئی قسم کے کیسز سامنے آئے ہیں، ماہرین نے اس کے پھیلاؤ کے حوالے سے حتمی نتائج دینے سے گریز کیا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق امریکا اور بھارت سمیت چند دیگر ممالک میں کرونا وائرس کی ایک نئی قسم سامنے آئی ہے جس نے سائنس دانوں کو پریشان کر دیا ہے۔

    امریکا اور بھارت کی مختلف ریاستوں میں اومی کرون کی نئی قسم بی اے 2.75 رپورٹ ہوئی ہے اور یہ وائرس تیزی سے پھیلتا دکھائی دے رہا ہے، امریکی ریاست منی سوٹا میں مایو کلینک کے کلینیکل وائرولوجی کے ڈائریکٹر میتھیو بیننکر کا کہنا ہے کہ فی الحال کسی حتمی نتیجے پر پہنچنا قبل از وقت ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں بالخصوص اس وائرس کے پھیلنے کی شرح سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ تیزی سے پھیل رہا ہے، اس بات کا تعین کرنا ابھی باقی ہے کہ آیا اس کے پھیلنے کی شرح کرونا کی بی اے 5 ویریئنٹ سے زیادہ ہے یا نہیں۔

    دہلی میں کونسل آف سائنٹفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف جینومکس اینڈ انٹیگریٹو بائیولوجی کی سائنسدان لیپی ٹھکرال نے بتایا کہ کرونا وائرس کی نئی قسم ملک کی دور دراز ریاستوں میں رپورٹ ہوئی ہے، یہ وائرس آسٹریلیا، جرمنی، برطانیہ اور کینیڈا سمیت 10 ممالک میں سامنے آیا ہے۔

    حالیہ دنوں میں کرونا کی اسی قسم کے 3 کیسز امریکا میں رپورٹ ہوئے تھے، ماہرین کا کہنا ہے کہ ویکسین اور اس کی بوسٹر خوراکیں اب بھی کرونا وائرس کے خلاف دفاع کا بہترین ذریعہ ہیں۔

    دوسری جانب موسم خزاں میں امریکی حکومت کرونا وائرس کے خلاف تیار کی گئی ویکسین میں مزید بہتری لائے گی تاکہ آنے والی سردیوں سے قبل شہریوں کی قوت مدافعت بڑھائی جا سکے۔

    مایو کلینک کے کلینیکل وائرولوجی کے ڈائریکٹر میتھیو بیننکر کے مطابق کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ ویکسی نیشن اور بوسٹر خوراکوں کے باجود لوگ وائرس کا شکار ہوئے تاہم ہم نے دیکھا کہ اس سے اسپتالوں میں داخلے اور اموات میں کمی واقع ہوئی تھی۔

  • پاکستان نے خطے میں ہمیشہ امن و استحکام لانے کے لیے کام کیا: سردار مسعود خان

    پاکستان نے خطے میں ہمیشہ امن و استحکام لانے کے لیے کام کیا: سردار مسعود خان

    واشنگٹن: اسلام آباد کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے 15 رکنی وفد نے امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے کا دورہ کیا، پاکستانی سفیر سردار مسعود نے وفد کو پاکستان امریکا تعلقات اور اہم علاقائی امور پر بریفنگ دی۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا 15 رکنی وفد واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے پہنچا، وفد کی پاکستانی سفیر سردار مسعود خان سے ملاقات ہوئی۔

    وفد میں پاک فوج اور سول سروسز کے سینئر افسران، بنگلہ دیش، سری لنکا اور سعودی عرب کے اتحادی حکام شامل تھے۔

    سردار مسعود نے وفد کو پاکستان امریکا تعلقات اور اہم علاقائی امور پر بریفنگ دی، انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک اپنے تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لیے جامع ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں، دونوں ممالک افغانستان میں انسانی بحران روکنے کے لیے مل کر کام جاری رکھیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں، اقتصادی، تجارتی، دفاع، تعلیم، آئی ٹی و دیگر شعبہ جات سے متعلق بھی کام کیا جا رہا ہے۔

    پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ دفاعی اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون سمیت تجارت، سرمایہ کاری، آب و ہوا،صحت، توانائی اور تعلیم کا محکمہ بھی یکساں اہمیت کا حامل ہے۔

    انہوں نے یوکرین کے جاری بحران کے حل کے لیے فعال سفارت کاری کی فوری ضرورت پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ خطے میں جاری انسانی بحران، عالمی بحران کی حیثیت اختیار کر چکا ہے، بحران کے حل کے لیے اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور وعدوں پر اجتماعی ردعمل کی ضرورت ہے۔

    سردار مسعود خان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے خطے میں ہمیشہ امن و استحکام لانے کے لیے کام کیا ہے، پاکستان اور امریکا کے دیرینہ تعلقات میں امریکہ میں متعین تارکین وطن کا کردار انتہائی اہم ہے۔

  • چین، ایران، روس امریکا کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں: امریکی ادارے کی رپورٹ

    چین، ایران، روس امریکا کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں: امریکی ادارے کی رپورٹ

    واشنگٹن: امریکی سیکیورٹی ادارے نے ایک رپورٹ میں حکومت کو خبردار کیا ہے کہ چین، ایران، روس و دیگر ممالک امریکا کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا میں پُر تشدد واقعات کے خطرے پر منگل کو ہوم لینڈ سیکیورٹی نے انتباہ جاری کر دیا ہے، ہوم لینڈ سیکیورٹی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ دہشت گرد اور غیر ملکی مخالفین امریکا میں انتشار پیدا کرنا چاہتے ہیں، اور آئندہ چند ماہ میں بڑے پُر تشدد واقعات جنم لے سکتے ہیں۔

    ہوم لینڈ سیکیورٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ چین، ایران، روس اور دیگر ممالک امریکا کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اور غیر ملکی قوتیں امریکا میں سماجی تقسیم کے بیانیے کو فروغ دے رہی ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق مخالفین امریکا میں اجتماعات، اسکولوں اور اہم تقریبات کو نشانہ بنا سکتے ہیں، میڈیا اور سرکاری املاک بھی دہشت گردوں کے اہداف میں شامل ہیں۔

    ہوم لینڈ سیکیورٹی نے کہا کہ سوشل میڈیا کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے، انتہا پسند عناصر متحرک ہو چکے ہیں، القاعدہ اور داعش کے حامیوں نے حالیہ خونی واقعات کا جشن منایا تھا۔

    سیکیورٹی ایجنسی نے اس نئے بلیٹن میں کہا کہ وسط مدتی انتخابات اور رو بمقابلہ ویڈ کا فیصلہ ملک میں انتہا پسندانہ کارروائیوں کو جنم دے سکتا ہے۔ واضح رہے کہ Roe v. Wade سپریم کورٹ کا تاریخی فیصلہ ہے جس کے ذریعے خواتین کو اسقاط حمل کا حق دیا گیا تھا، اور اب سپریم کورٹ خواتین کے اسقاط حمل کے حقوق کے لیے اس آئینی تحفظ کو ختم کرنے کے لیے تیار نظر آتی ہے۔

  • یوکرین کو ہتھیاروں کی فراہمی جاری رکھی جائے گی: امریکا

    یوکرین کو ہتھیاروں کی فراہمی جاری رکھی جائے گی: امریکا

    واشنگٹن: امریکی محکمہ دفاع پینٹاگان کا کہنا ہے کہ یوکرین کو ہتھیاروں کی فراہمی جاری رکھی جائے گی، یوکرین کو فوجی امداد کی ترجیحی درخواستوں کو پورا کرتے رہیں گے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق محکمہ دفاع پینٹاگان کا کہنا ہے کہ ملٹری ٹرانسپورٹ لیڈر شپ امریکی ذخیرے سے یوکرین کو ہتھیاروں کی فراہمی جاری رکھے گی۔

    محکمے کی جانب سے ٹویٹر پر کہا گیا کہ یوکرین کو فوجی امداد کی ترجیحی درخواستوں کو پورا کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ہم اتحادیوں اور شراکت داروں کے ذریعے یوکرین کو ہتھیاروں کی فراہمی میں سہولت فراہم کر رہے ہیں۔

    اس سے قبل پینٹاگان کے ترجمان نے ایک پریس بریفنگ میں وضاحت کی تھی کہ ان کے ملک نے صدارتی فیصلوں کے ذریعے یوکرین کو فوجی امداد دی ہے جو کہ تقریباً 2021 کے لیے اس کے دفاعی بجٹ کے برابر ہے۔

    امریکی حکام کا کہنا تھا کہ واشنگٹن باقی امدادی ذخیرے کو ہوشیاری سے استعمال کرنا چاہتا ہے تاکہ یوکرین کو موجودہ لڑائی میں ضرورت کے مطابق سامان فراہم کیا جا سکے۔

    انہوں نے توقع ظاہر کی کہ کانگریس کی طرف سے منظور کردہ امدادی پیکج اس ماہ کے تیسرے ہفتے کے آخر تک ختم ہو جائے گا، انہوں نے مطالبہ کیا کہ انتظامیہ کی طرف سے درخواست کردہ دوسرے پیکج کو جلد منظور کیا جائے۔