Tag: USA

  • امریکا، غیر ملکی افراد کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ

    امریکا، غیر ملکی افراد کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ

    واشنگٹن: امریکا میں پیدا ہونے والے غیر ملکی افراد کی تعداد  100 سال کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ کی ویزہ پالیسی پر سختی کے باوجود امریکا میں غیر ملکی افراد کی تعداد گزشتہ 100 سال کے مقابلے میں دگنی ہوگئی۔

    رپورٹ کے مطابق امریکا میں رہائش پذیر غیر ملکی افراد کی تعداد سال 2017 میں 4 کروڑ چالیس لاکھ تک پہنچ گئی تھی جو گزشتہ برس کے مقابلے مٰں 1.8 فیصد زیادہ تھی۔

    وائٹ ہاؤس انتظامیہ نے غیر ملکیوں کی تعداد میں ہونے والے اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم امیگریشن کو محدود کرنا چاہتے ہیں تاکہ امریکی نوجوانوں کو بھی مواقع فراہم کیے جاسکیں۔

    انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹرمپ نے 2017 میں عہدہ سنبھالنے کے بعد سب سے پہلے غیر قانونی تارکین کے خلاف اقدامات کا حکم دیا تاکہ بڑھتی ہوئی غیر ملکی آبادی کو قابو میں کیا جاسکے۔

    مزید پڑھیں: امریکا نے تارکین وطن کے خلاف مقدمات عارضی طور پر روک دئیے

    ادارہ شماریات کی جانب سے جاری اعداد و شمار کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2017 میں امریکا کی آبادی کا 13.7 فیصد حصہ غیر ملکی افراد پر مشتمل تھا جبکہ یہ شرح 2016 میں 13.5 فیصد تھی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکا میں غیر ملکی افراد کی تعداد میں اضافہ 1910 سے ہوا، اُس وقت آبادی کا 14.7 فیصد حصہ غیر ملکیوں پر مشتمل تھا مگر گزشتہ بیس سالوں میں ایشیائی اور دیگر ممالک کے شہری اعلیٰ تعلیم کے لیے آئے جنہوں نے یہاں گھر بسا لیے۔ رپورٹ میں غیر ملکی افراد میں سب سے زیادہ تعداد میکسیکو کے شہریوں کی بتائی گئی ہے۔

    ماہر شماریات رینڈی کیپس کا کہنا تھا کہ حکومت نے قانونی امیگریشن پر ابھی تک سختی سے عمل درآمد نہیں کیا یہی وجہ ہے کہ غیر ملکی شہری ابھی بھی ملازمتوں اور حصولِ تعلیم کے لیے امریکا آرہے ہیں۔

  • امریکی جریدے میں شایع ہونے والے گم نام خط نے ٹرمپ انتظامیہ میں کھلبلی مچا دی

    امریکی جریدے میں شایع ہونے والے گم نام خط نے ٹرمپ انتظامیہ میں کھلبلی مچا دی

    نیویارک: امریکی جریدے نیو یارک ٹائمز میں شایع ہونے والے گم نام خط نے ٹرمپ انتظامیہ میں کھلبلی مچا دی، نائب امریکی صدر اور مائیک پومپیو صفائیاں پیش کرنے پر مجبور ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف امریکی جریدے میں ان کی اپنی انتظامیہ کے کسی اہل کار کی جانب سے گم نام خط کی اشاعت کے بعد نائب صدر مائیک پنس اور وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو اپنی صفائیاں پیش کرنے لگے ہیں۔

    گم نام خط میں ڈونلڈ ٹرمپ کے طرزِ حکمرانی پر شدید تنقید کی گئی ہے، خط کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ وائٹ ہاؤس کے کسی اہل کار نے تحریر کیا ہے۔

    صدر ٹرمپ نے مذکورہ خط کو ایک بغاوت قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ خط تحریر کرنے والا بزدل ہے، اور نیویارک ٹائمز ایک جعلی اخبار ہے۔

    نیویارک ٹائمز میں شائع کیے گئے خط کا مطلب یہ قرار دیا جا رہا ہے کہ امریکی صدر کو ان ہی کے نامزد کردہ اہل کاروں کی جانب سے مزاحمت کا سامنا ہے۔

    گزشتہ روز خط کی اشاعت کے بعد سے خط لکھنے والے اہل کار کے بارے میں مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں، مائیک پنس اور پومپیو نے خط سے اپنی لاتعلقی ظاہر کرتے ہوئے وضاحتی بیانات جاری کیے۔


    یہ بھی پڑھیں:  صدرٹرمپ شامی صدربشارالاسد کو قتل کرانا چاہتے تھے، بوب وڈورڈز کا انکشاف


    نائب صدر کی طرف ٹویٹر پر جاری کردہ وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ اپنے مضامین پر اپنا نام تحریر کرتے ہیں، خط لکھنے والے اور نیویارک ٹائمز دونوں کو اس حرکت پر شرم آنی چاہیے۔

    خط میں لکھا گیا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ ایک ایسے صدر ہیں جو اپنی خواہشات کے طابع، اخلاقیات سے عاری اور غیر سنجیدہ ہیں، یہ کہ ٹرمپ انتظامیہ کے متعدد اعلیٰ اہل کار ان کے ایجنڈے کے منفی اثرات زائل کرنے کی کوششوں میں لگے رہتے ہیں۔

    واضح رہے کہ نیویارک ٹائمز کا کہنا تھا کہ یہ خط انتظامیہ ہی کے ایک اہل کار نے لکھا ہے جس نے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست کی۔ دوسری طرف صدر ٹرمپ نے ٹویٹر پر طیش میں ردِ عمل دیتے ہوئے ایک لفظ ’غداری‘ لکھ دیا تھا۔

  • آرمی چیف سے امریکی وزیرِ خارجہ کی ملاقات، مل کر کام کرنے پر اتفاق

    آرمی چیف سے امریکی وزیرِ خارجہ کی ملاقات، مل کر کام کرنے پر اتفاق

    اسلام آباد: امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو نے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے ساتھ علیحدہ ملاقات کی، ملاقات میں خطے میں امن کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی وزیرِ خارجہ کی سربراہی میں امریکی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا، مائیک پومپیو نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ سے علیحدگی میں بھی ملاقات کی، جس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ خطے میں امن کے لیے مل کر کام کریں گے۔

    امریکی وزیرِ خارجہ دہشت گردی کے خلاف امریکا کے سب سے اہم پارٹنر پاکستان کے دورے پر آئے تو انھوں نے پاک فوج کے سربراہ سے ملاقات میں دفاعی تعاون پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو نے ملاقات میں دونوں ممالک کے رشتوں کو مزید استحکام دینے کے لیے کوششیں جاری رکھنے کا عزم بھی کیا۔


    یہ بھی پڑھیں:  امریکا سےعزت واحترام پرمبنی تعلقات چاہتے ہیں: وزیراعظم عمران خان


    خیال رہے کہ آج وزیرِ اعظم ہاؤس میں عمران خان سے بھی امریکی وزیرِ خارجہ نے ملاقات کی، جس میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون بڑھانے پر تبادلۂ خیال ہوا۔

    اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ پاکستان امریکا سے مل کر قیام امن کے لیے کردار ادا کرتا رہے گا، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دیں، امریکا سےعزت و احترام پرمبنی تعلقات چاہتے ہیں۔

  • بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا ’مرد‘ بننے کو تیار

    بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا ’مرد‘ بننے کو تیار

    ممبئی: بالی ووڈ انڈسٹری میں مختلف کرداروں سے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والی اداکارہ پریانکا چوپڑا جلد اپنے مداحوں کو مرد کے روپ میں نظر آئیں گی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 36 سالہ اداکارہ نے گزشتہ روز ایک تقریب میں شرکت کے دوران انکشاف کیا کہ امریکی ٹی وی شو کوانٹیکو کی سیریز میں وہ الیکس پیرش نامی مرد کا کردار ادا کررہی ہیں۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’الیکس  میری نظر میں دراصل ایک ایسی لڑکی کا کردار ہے جو لوگوں سے نفرت کرتی ہے مگر زندگی پر یقین رکھنے کیوجہ سے انہیں  اپنے مطلب کے لیے استعمال کرتی ہے‘۔

    پریانکا کا کہنا تھا کہ پیرش لڑکی ہونے کے باوجود ایک مرد کے کردار میں نظر آئے گی جو  ناظرین کو بہت متاثر کرے گا ، عام طور پر خواتین اس طرح کی اداکاری سے دور بھاگتی ہیں مگر میں نے رضامندی ظاہر کی کیونکہ میری خواہش کے کچھ تبدیل کیا جائے۔

    مزید پڑھیں: پریانکا نے فلم سے باہر ہونے کے لیے شادی کا بہانہ بنایا، سلمان خان

    اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’میرا بچن امریکا میں گزرا، میرے پالتو جانوروں نے ٹی وی پر کسی کو نہیں دیکھا تو وہ مجھے ہی دیکھنا پسند کرتے ہیں، بالکل اسی طرح بالی ووڈ انڈسٹری کی بھی مثال ہے کہ مداح آپ کو فلموں میں پنجابی گھرانے کی لڑکی یا اپو کی طرح کا دکاندار دیکھنا چاہتے ہیں‘۔

    واضح رہے کہ پریانکا نے اپنے 15 سالہ شوبز کیریئر میں مختلف کردار نبھائے تاہم یہ پہلی بار ہے کہ وہ اپنی خواہش پوری کرتے ہوئے آئندہ مداحوں کے سامنے مرد کے روپ میں نظر آئیں گی۔ اداکارہ نے اپنے نئے کردار پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ میرا دیرینہ خواب تھا جو اب پورا ہونے جارہا ہے‘۔

    نئے کردار پر ہونے والی تنقید پریانکا کا کہنا تھا کہ  ’میں ایسے کردار ادا کرنا چاہتی ہوں جہاں فیصلے خود لے سکوں اور کوئی میرے بارے میں کچھ نہ بولے، یہ آزادی سالوں سے صرف مردوں کو مل رہی ہے جو خواتین کو بھی چاہیے‘۔

    یہ بھی پڑھیں:  ممکنہ شادی، پریانکا کی جگہ کرینہ فلم ’بھارت‘ کا حصہ

    مداحوں کے نام اپنے پیغام میں اُن کا کہنا تھا کہ ’ہم ایسے کردار کیوں ادا نہیں کرسکتے جو نسلی امتیاز سے بالا تر ہوں، لوگوں کو مشورہ ہے کہ وہ ہمیں پنجابی شادیوں کے علاوہ بھی دیکھیں تاکہ اداکاری کا علم ہوسکے اور کچھ نیا دیکھنے کو ملے‘ْ

    واضح رہے کہ پریانکا چوپڑا نئی آنے والی بالی ووڈ فلم ’بھارت‘ میں کام کررہی تھیں تاہم انہوں نے یک دم اپنے آپ کو کاسٹ سے علیحدہ کرنے کا اعلان کیا جس کی ہدایت کار بھی تصدیق کرچکے ہیں۔

    خیال رہے کہ بھارتی ذرائع ابلاغ میں یہ بات زیر گردش ہے کہ پریانکا امریکی گلوکار نک جانس کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے جارہی ہیں، گزشتہ دنوں ہدایت کار علی عباس ظفر نے بھی اداکارہ کے کاسٹ سے باہر ہونے پر کچھ اسی طرح کا ٹویٹ کیا تھا جس سے یہ تاثر نظر آیا کہ وہ شادی کے بندھن میں بندنے جارہی ہیں۔

    شادی کے حوالے سے ابھی دونوں شخصیات نے کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی تاہم قریبی ذرائع اس بات کا دعویٰ ہے کہ جولائی یا اگست کے آغاز پر امریکا میں منگنی کا انعقاد کیا جائے گا جس میں صرف مخصوص لوگ اور قریبی دوست شرکت کریں گے البتہ اب فلم بھارت کے ہدایت کار کی تصدیق نے اس قیاس آرائی کو تقویت دے دی۔

    قبل ازیں بھارتی میڈیا کے ذرائع نے جون کی 27 تاریخ کو دعویٰ کیا تھا کہ پریانکا چوپڑا جولائی یا اگست میں امریکی گلوکار نک جانس کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

  • امریکی رکن کانگریس شیلا جیکسن کا عمران خان کو ٹیلی فون، انتخابات میں کام یابی پر مبارک باد

    امریکی رکن کانگریس شیلا جیکسن کا عمران خان کو ٹیلی فون، انتخابات میں کام یابی پر مبارک باد

    واشنگٹن: امریکی کانگریس کی سینئر رکن شیلا جیکسن لی نے پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کو ٹیلی فون کرکے انتخابات میں کام یابی پر مبارک باد دی۔

    تفصیلات کے مطابق خاتون رکن کانگریس نے عمران خان سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے کام یابی پر مبارک باد دی، انھوں نے فون پر تحریکِ انصاف کی حکومت کے لیے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔

    امریکی رکن کانگریس نے نئی حکومت کو اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ان کی طرف سے عمران خان کی حکومت کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

    شیلا جیکسن لی نے پاکستان میں حکومت سازی مکمل ہونے کے بعد امریکی وفد کے ہم راہ پاکستان کے دورے کا بھی عندیہ دیا۔

    چیئرمین تحریکِ انصاف نے رکن کانگریس کی جانب سے تہنیتی پیغام پر شیلا جیکسن لی کا شکریہ ادا کیا، عمران خان نے امریکی رکن کانگریس کے دورۂ پاکستان کے پروگرام کا خیر مقدم کیا۔

    امریکی کانگریس ارکان کی عمران خان کو مبارکباد


    واضح رہے کہ آج امریکی کانگریس کے متعدد ارکان نے عمران خان کو الیکشن جتینے پر مبارک باد دیتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ وہ پاک امریکا تعلقات کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ عمران خان قوم کا درد رکھتےہیں، عمران خان کے امریکا میں بہت سے دوست اور خیر خواہ ہیں، وہ جمہوری اقدار پر یقین رکھتے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ترکی کا بڑا قدم، امریکی وزرا کے اثاثے منجمد کر دیے

    ترکی کا بڑا قدم، امریکی وزرا کے اثاثے منجمد کر دیے

    انقرہ: ترکی نے جواباً دو امریکی وزرا کے اثاثے منجمد کر دیے، ترک صدر رجب طیب اردگان نے کہا ہے کہ انھوں نے دو امریکی وزیروں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی کے صدر اردگان نے ٹی وی پر خطاب کرتے ہوئے کہا ’آج میں نے ترکی میں امریکی وزیرِ داخلہ اور وزیرِ قانون کے اثاثے منجمد کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔‘

    امریکی وزرا پر پابندیاں لگانے کا اقدام اُس امریکی اقدام کا ردِ عمل ہے جس کے تحت امریکا نے ترک حکام پر اسی قسم کی پابندیاں عائد کر دی تھیں۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل امریکا نے ترک وزیرِ داخلہ سلیمان سویلو اور وزیرِ قانون عبد الحمید گل پر پابندیاں عائد کی تھیں، اور امریکا میں ان وزرا کے اثاثے منجمد کر دیے گئے تھے، جب کہ امریکی شہریوں کو ان سے تجارت نہ کرنے کی بھی ہدایت کی گئی تھی۔

    واضح رہے کہ امریکا اور ترکی دونوں نیٹو اتحادی ہیں، ان کے درمیان دو سال قبل دہشت گردی کے الزام میں ترکی میں قید ہونے والے امریکی پادری اینڈریو برنسن کے معاملے پر تعلقات کشیدہ ہیں۔

    ترک صدر کا عمران خان کو فون، جیت پر مبارک باد


    دل چسپ بات یہ ہے کہ یہ دو طرفہ پابندیاں محض علامتی ہیں، ترکی وزرا نے پابندیاں لگنے کے بعد کہا تھا کہ امریکا میں ان کے کوئی اثاثے نہیں ہیں، دوسری طرف امریکی حکام کے ترکی میں اثاثے موجود ہونا بھی بعید از امکان ہے۔

    قارئین کو معلوم ہوگا کہ امریکا میں وزیرِ داخلہ کا عہدہ ہی نہیں ہوتا، اس وقت جیف سیشنز امریکا کے اٹارنی جنرل ہیں جب کہ سیکریٹری داخلہ کا عہدہ رائن زنکی کے پاس ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • امریکی کامیڈین نے صدر ٹرمپ کو بے وقوف بنا دیا

    امریکی کامیڈین نے صدر ٹرمپ کو بے وقوف بنا دیا

    واشنگٹن: امریکی کامیڈین نے جعلی سینیٹر بن کر دنیا کے سب سے طاقت ور ملک کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بے وقوف بنا دیا، دیر تک فون پر بات کرتے رہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایک امریکی کامیڈین جان میلنڈیز نے خود کو امریکی سینیٹر بوب میننڈیز ظاہر کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ فون پر مختلف اہم ملکی معاملات پر گفتگو کی۔

    ایک برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق جس وقت کامیڈین نے صدر ٹرمپ کے ساتھ بات کی، اس وقت وہ صدارتی جہاز ایئر فورس ون پر سوار تھے۔ جان میلنڈیز نے گفتگو کی ریکارنگ بھی اپنے پوڈ کاسٹ پر لوگوں کے لیے اپ لوڈ کی۔

    قبل ازیں کامیڈین جان میلنڈیز نے وائٹ ہاؤس فون کر کے اپنا اصل نام بتایا اور ٹرمپ سے بات کرنے کی خواہش ظاہر کی تاہم ٹرمپ کے داماد کشنر نے کہا کہ صدر مصروف ہیں۔

    دوسری مرتبہ انھوں نے سینیٹر میننڈیز کی طرف سے ان کے جعلی اسسٹنٹ شون مور بن کر بات کی جس پر وائٹ ہاؤس سے کہا گیا کہ انتظار کریں، صدر کی طرف سے انھیں کال کی جائے گی۔

    بھارتی شہری امریکی صدر ٹرمپ کی پوجا کرنے لگا


    کامیڈین کا کہنا تھا کہ اگرچہ ان کا لہجہ بھی اتنا اچھا نہیں تھا لیکن وہ دھوکا کھاگئے اور ان کے موبائل فون پر صدر ٹرمپ کی کال آگئی، صدر تک پہنچنے کے لیے انھیں صرف ڈیڑھ گھنٹہ لگا۔

    برطانوی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کامیڈین جان نے کہا کہ انھیں اب بھی حیرت ہے، مذاق میں وہ اتنی جلدی صدر تک پہنچے، حالاں کہ اگر ان سے پوچھا جاتا کہ مذکورہ سینیٹر کا تعلق کس جماعت سے ہے، تو ان کا بھانڈا اسی وقت پھوٹ جاتا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • بچوں‌ کو والدین سے علیحدہ کرنے کی پالیسی، امریکی نیوز کاسٹر خبر پڑھتے ہوئے رو پڑی

    بچوں‌ کو والدین سے علیحدہ کرنے کی پالیسی، امریکی نیوز کاسٹر خبر پڑھتے ہوئے رو پڑی

    نیویارک: امریکی صدر ٹرمپ کی مہاجرین بچوں کو والدین سے علیحدہ رکھنے کی پالیسی بیان کرتے ہوئے نیوز کاسٹر جذبات پر قابو نہ رکھ سکی اور زاروقطار رو پڑیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے غیر قانونی تارکین (مہاجرین) سے نمتنے کی نئی پالیسی متعارف کرائی جس کے مطابق مہاجر بچوں کو والدین سے علیحدہ کر کے کیمپوں ’ٹینڈر ایج‘ میں رکھا جائے گا۔

    امریکی صدر کی اس پالیسی کے خلاف خصوصا امریکا اور دنیا بھر کے لوگ شدید بھرم ہیں اور انہوں نے اس معاملے پر اپنی آواز بلند کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اسے فوری طور پر واپس لیا جائے۔

    مزید پڑھیں: تارکین وطن کی بچوں سے علیحدگی، ٹرمپ کو شدید احتجاج کا سامنا

    ٹرمپ کی پالیسی سے متعلق امریکی نشریاتی ادارے کی نیوز کاسٹر ریچل میڈو براہ راست خبریں پڑھتے ہوئے اچانک اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور انہوں نے روتے ہوئے مہاجرین سے نئی پالیسی پر معافی بھی مانگی۔

    نشریاتی ادارے کی جانب سے اس واقعے کی ویڈیو شیئر کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون نیوز کاسٹر یہ بتا رہی تھیں کہ اب امریکا میں غیر قانونی طور پر آنے والے خاندانوں کے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو بھی والدین سے علیحدہ کر کے خصوصی مراکز میں رکھا جائے گا۔

    ایک اور امریکی صحافی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹرمپ پالیسی کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے کہا کہ ’چلڈرین ایلین پروگرام کے تحت 11 ہزار 786 بچے مختلف مراکز میں مقیم ہیں، ان اطفالوں تک والدین یا کسی بھی شخص کو رسائی نہیں دی جاتی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پاکستان نے بھی امریکی سفارت کاروں پرجوابی پابندیاں عائد کردیں

    پاکستان نے بھی امریکی سفارت کاروں پرجوابی پابندیاں عائد کردیں

    اسلام آباد : پاکستانی وزارت خارجہ نے امریکی سفارت کاروں پر  پابندی عائد کردی ہے جس کے بعد امریکی سفارت کاروں کی رہائش گاہوں پر ریڈیو کمیونیکیشن کی تنصیب این او سی کے بغیر نہیں ہوگی، سفارتکاروں کو دی جانے والی کچھ سہولیات بھی واپس لینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا میں پاکستانی سفارت کاروں پر سفری پابندی کے بعد حکومت نے  بھی پاکستان میں تعینات امریکی سفارت کاروں پر جوابی سفارتی پابندی عائد کردی ہے۔

    مذکورہ پابندی کے بعد امریکی سفارت کاروں کو  محدود نقل و حرکت کی اجازت ہوگی اور  ان کو نقل و حرکت سے پہلے دفتر خارجہ سے اجازت لینا ہوگی جس کا اطلاق آج 11مئی سے ہی ہوگا۔

    وزارت خارجہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق امریکی کارگو اسکیننگ کے بغیر نہیں جانے دیا جائے گا، ایئر پورٹس پر بھی  سفاتر کاروں کو کارگو سے متعلق کوئی استثنیٰ نہیں دیا جائے گا۔

    وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی سفارت کاروں کی گاڑیوں کے کالے شیشے ممنوع ہوں گے اور نان ڈپلو میٹک نمبر پلیٹ لگانے پر بھی پابندی ہوگی۔

    وزارت خارجہ کے نوٹیفیکیشن کے مطابق امریکی سفارت کاروں کو  موبائل سم کارڈ  نکلوانے کے لیے بائیو میٹرک تصدیق کروانا بھی ضروری ہوگی۔

    نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ امریکی سفارت کار ایک سے زائد پاسپورٹ نہیں رکھ سکیں گے اور ان کا قیام جاری ہونے والے ویزے کی مدت کے مطابق ہوگا جبکہ کرائےکی گاڑیوں پر ڈپلومیٹک نمبر پلیٹ استعمال نہیں کی جائےگی۔

    وزارت خارجہ کے مطابق رہائش گاہوں پر ریڈیو کمیونیکیشن کی تنصیب این اوسی کے بغیر نہیں ہوگی اور امریکی سفارت کار این او سی کے بغیر کرائے پر کوئی بھی جگہ نہیں لے سکیں گے۔

    پاکستانی وزارت خارجہ نے امریکی سفارت کاروں پر عائد کردہ پابندی کے حوالے سے امریکی سفارت خانے کوآگاہ کردیا ہے  اور اب پاکستانی ایئر پورٹس پر امریکی سفارتخانے کے سامان کی ترسیل کو ویانا کنونشن کے مطابق ڈیل کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ گذشتہ دنوں امریکا نے پاکستان کے سفارت کاروں پر پابندیاں عائد کی تھیں جس کی تصدیق گزشتہ روز دفتر خارجہ کے ترجمان نے کی تھی۔

    ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ پاکستانی عملے کی نقل و حرکت پر پابندیوں کا اطلاق 11 مئی سے ہوگا، پاکستان نے بھی جوابی ردعمل میں امریکی سفارتی عملے پر پابندیاں عائد کی ہیں۔

     ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ 11 مئی سے امریکا میں تعینات سفارتی عملے پر پابندیاں عائد ہوں گی جس کے بعد عملہ سفارت خانے سے  40 کلومیٹر  حدود کے دائرے سے باہر نہیں جاسکے گا، اسی طرح کی پابندیاں پاکستان نے بھی امریکی سفارتی عملے پر عائد کردیں۔

    مزید پڑھیں: سفارتی پابندیوں کے بعد پاکستان کا سپر پاور کو کرارا جواب

    اُن کا مزید کہنا تھا کہ سفری پابندیاں باہمی دوطرفہ سطح پر نافذ ہوں گی، اگر سفارتی عملے  کےکا رکن کسی بھی علاقے میں جانا چاہیے گا تو اُسے امریکی وزارتِ داخلہ سے پیشگی اجازت لینی ہو گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • امریکی اقدامات کا خمیازہ یورپی کمپنیاں کیوں ادا کریں، یورپی وزیر خارجہ

    امریکی اقدامات کا خمیازہ یورپی کمپنیاں کیوں ادا کریں، یورپی وزیر خارجہ

    پیرس :امریکا کی جانب سے ایران پر عائد کردہ پابندیوں پر یورپ نے رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی اقدامات کا خمیازہ یورپی کمپنیاں کیوں ادا کریں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کی جانب سے ایران کے ساتھ طے ہونے والے جوہری معاہدے سے علیحدگی کے بعد امریکی انتظامیہ نے ایرانی سپاہ پاسداران کو مالی مدد فراہم کرنے والے چھ افراد اور ایران کے ساتھ تجارت کرنے والی تین کمپنیوں پر پابندی عائد کردی ہے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ فرانس نے امریکا کی جانب سے ایران پر اور سپاہ پاسداران سے تعلق کے شبے میں یورپی کمپنیوں پر پابندی لگانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ’ناقابل قبول قرار دیا ہے‘۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ فرانس کی جانب سے ایران پر عائد کردہ پابندیوں پر تنقید کرنے سے امریکا اور فرانس کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آگئے ہیں۔

    واضح رہے کہ امریکا کا ایرانی جوہری معاہدے سے دستبردار ہونے کے بعد گزشتہ روز ٹرمپ انتظامیہ نے ایران کے ساتھ کاروبار کرنے پر چھ افراد اور تین کمپنیوں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ واشنگٹن کا خیال ہے کہ ان افراد اور کمپنیوں کے ایرانی سپاہ پاسداران سے رابطے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سنہ 2015 میں ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان جوہری معاہدے پر دستخط ہونے کے بعد متعدد فرانسیسی کمپنیوں نے ایران کے ساتھ اربوں ڈالرز کے معاہدے کیے تھے۔

    غیر ملکی میڈیا کہنا تھا کہ ایران کے معاہدہ کرنے والی کمپنیوں میں فرانس کی ملٹی نیشنل کمپنیاں ایئر بس، آئل کمپنی ٹوٹل، جبکہ کار بنانے والی کمپنیوں میں رنو اور پژجو شامل ہیں۔

    یورپ کے وزیر خارجہ لی ڈارین کا کہنا ہے کہ امریکا کے اقدامات کا جرمانہ یورپی کمپنیاں کیوں ادا کریں، امریکا کو ایران کے ساتھ جوہری معاہدے میں شامل دیگر شراکت داروں کی عرت کرنی چاہیئے۔

    یورپی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اقدامات پہلے سے تیل کے اخراجات میں اضافہ اور مشرقی وسطی میں سیاست کی غیر یقینی صورتحال میں اضافہ محسوس ہوگا۔

    خیال رہے کہ فرانس، برطانیہ اور جرمنی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ تینوں یورپی ممالک جوہری معاہدے پر باقی رہیں گے اور ایران کے ساتھ مل کر معاہدے پر عمل درآمد رہیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔