Tag: USA

  • امریکا: دستاویزات نہ رکھنے والے  تارکین وطن کے خلاف کریک ڈاؤن

    امریکا: دستاویزات نہ رکھنے والے تارکین وطن کے خلاف کریک ڈاؤن

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے احکامات پر تیزی سے عمل درآمد کرتے ہوئے امریکا میں دستاویزات نہ رکھنے والے تارکین وطن کے خلاف چھ ریاستوں میں کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا ہے۔

    امریکی اخبار کے مطابق امریکہ میں امیگریشن حکام نے 6 ریاستوں میں دستا ویزات نہ رکھنے والے تارکین وطن کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا اور کاروائی کرتے ہوئے متعدد افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

    تارکین وطن کو ایٹلانٹا، شکاگو، نیویارک،لاس اینجلس، شمالی کیرولائنا اور جنوبی کیرولائنا میں چھاپوں کے دوران گرفتار کیا گیا ہے، گرفتارہونے والے افراد میں وہ افراد بھی شامل ہیں جن کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ مو جود نہیں۔

    یاد رہے کہ امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے دستاویزات نہ رکھنے والےتیس لاکھ تارکین وطن کو امریکا سے نکالنے کا اعلان کیا تھا۔

    مزید  پڑھیں: امریکی صدر کے تارکین وطن اور 7 مسلم ممالک کے داخلے پر پابندی کے حکم نامہ پر دستخط

    واضح رہے کہ چند روز قبل امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے تارکین وطن اور 7مسلم ممالک کے شہریوں کی امریکہ میں داخلے پر پابندی کے حکم نامہ جاری کیا تھا، جس پر ڈونلڈٹرمپ نے اظہار خیال کیا کہ ایگزیکٹو آرڈر کا مقصد شدت پسندوں کو امریکا سے دور رکھنا ہے ۔

    مزید پڑھیں: امریکی ایئرپورٹ پر متعدد پناہ گزین آتے ہی زیرحراست

    بعدازاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دستخط کرتے ہی انتظامیہ نے پُھرتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایئر پورٹ پر ہی متعدد پناہ گزینوں کو حراست میں لے لیا گیا تھا، انسانی حقوق کی تنظیموں نے نیویارک کی عدالت میں ان پناہ گزینوں کو رہا کرنے کے لیے مقدمہ دائر کیا تھا، جنہیں جان ایف کینیڈی ایئر پورٹ پر حراست میں لے لیا گیا تھا۔

  • امریکی مسلمانوں کی وائٹ ہاؤس کے باہر باجماعت نماز ادا

    امریکی مسلمانوں کی وائٹ ہاؤس کے باہر باجماعت نماز ادا

    واشنگٹن : امریکی مسلمانوں میں صدر ٹرمپ کی جانب سے بعض مسلمان ممالک کے شہریوں کی امریکا آمد پر پابندی کے خلاف غم و غصہ پایا جاتا ہے، امریکی مسلمانوں نے وائٹ ہاؤس کے باہر باجماعت نماز ادا کی، مسلمانوں کا کہنا ہے کہ اسلام کو جتنا دباؤ گے، اتنا وجود میں آئے گا۔

    white1

    سات مسلم ممالک کے شہریوں کی امریکہ میں داخلہ پر پابندی سے متعلق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے متنازعہ حکمنامہ کے خلاف امریکی مسلمانوں نے وائٹ ہاؤس کے باہر باجماعت نماز ادا کرکے ڈونلڈ ٹرمپ کو واضح پیغام دیا۔

    اس واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تمام مسلمان باجماعت نماز ادا کررہے ہیں۔

    صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے متنازعہ حکمنامہ کے خلاف امریکیوں کا احتجاج آج سارے ملک میں پھیل گیا ہے، مظاہرین سات مسلم ممالک کے عوام اور دیگر چند ممالک کے پناہ گزینوں سے ہمدردی اور یگانگت کا اظہار کررہے ہیں۔

    اس سے قبل بھی امریکہ میں مقیم مسلمان ہوائی اڈوں پر اجتماعی عبادت کرتے بھی دکھائی دیے، اس عمل کو بعض حلقے مسلمان کے ساتھ یکجہتی کے طور پر دیکھ رہے ہیں تو بعض، بالخصوص صدر ٹرمپ کے حامی، اسلامی انتہا پسندی کا ایک مظہر بھی قرار دے رہے ہیں۔

  • ٹرمپ کا سات مسلمان ممالک کے ویزا پر پابندی کا اعلان

    ٹرمپ کا سات مسلمان ممالک کے ویزا پر پابندی کا اعلان

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 7 مسلم ممالک کو ویزا جاری کرنے پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے، ساتھ ہی انہوں نے میکسیکو کی سرحد پر دیوار تعمیر کرنے کے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 7 خطرناک مسلم شام، عراق، ایران، لیبیا، یمن، سوڈان اور صومالیہ کے افراد بآسانی امریکا میں داخل ہوجاتے ہیں اوریہاں پناہ گزین کی زندگی بسر کرتے ہیں ، ان افراد سے امریکا کی نیشنل سیکیورٹی کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے، اس کے حکم نامے پر وہ جلد دستخط کریں گے۔

    امریکی صدرنے میکسیکو کی سرحد پر دیوار تعمیر کرنے کی ہدایت جاری کی ہے اور کہا ہے کہ تارکین وطن کے امریکا میں داخلے پر 4 ماہ کی پابندی عائد کردی ہے اور اس پابندی کی مدت بڑھائے جانے کا بھی امکان ہے۔

    واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابی مہم کے دوران مسلمانوں کے حوالے سے سخت موقف اپنایا تھا اور انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ وہ مسلمانوں کی امریکا کی سرحد پار کرنے پر پابندی عائد کریں  گے تاہم صدر کا حلف اُٹھانے کے بعد انہوں نے مسلمان ممالک پر عارضی پابندی عائد کرکے اپنا انتخابی وعدہ پورا کرنے کی کوشش کی ہے۔

    خیال رہے کہ امریکا کی انتظامیہ ہزاروں غیر قانونی پناہ گزین بچوں اور افراد کے لیے اہم پالیسی مرتب کر رہی ہے جس کے تحت انہیں‌ ان کے وطن بھیجا جائے گا۔ منگل کے روز نئے  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے ذریعے عوام الناس کو اپنے اہم حکم سے آگاہ کیا تھا۔

    اپنے ٹوئٹ میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم نے نیشنل سیکیورٹی کے لیے اہم منصوبہ بندی مرتب کی ہے، یہ فیصلہ اہم حکمت عملی کے تحت کیا گیا ہے، ہم میکسیکو کے سرحدی مقام پر دیوار تعمیر کریں  گے۔ ٹرمپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عائد کی گئی پابندی کے دوران صدر ڈونلڈ ٹرمپ امریکا میں مقیم پناہ گزینوں کے متعلق نظر ثانی کرکے فیصلہ صادر کریں گے۔


    Trump to ban US visa for seven Muslim countries by arynews

    میکسیکو کی سرحد پر دیوار بنانے کے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط

    امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے سات مسلم ممالک کے ویزا کے حکم نامے پر جلد دستخط کیے جانے کا امکان ہے جب کہ میکسیکو کی سرحد پر دیوار تعمیر کرنے کے ایگزیکٹو آرڈر پر انہوں نے دستخط کردیے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ایگزیکٹو آرڈر کے تحت میکسیکو کی سرحد پر دیوار کے لیے فنڈز جاری کیے جائیں گے۔

  • اوباما انتظامیہ نے اہم مواقع ضائع کیے‘  آصف زرداری

    اوباما انتظامیہ نے اہم مواقع ضائع کیے‘ آصف زرداری

    واشنگٹن: سابق صدرآصف علی زرداری نے امریکی اخبارکوانٹرویو دیتے ہوئےکہا کہ وائٹ ہاوس کے نئے مکین ڈونلڈ ٹرمپ کو دہشت گردتنظیموں اورپاک بھارت کشیدگی جیسے مسائل کاسامناہے، جن سے نمٹنے کے لئے انہیں موثرحکمت عملی بنانا ہوگی.

    تفصیلات کے مطابق سابق صدرآصف علی زرداری نے امریکی اخبارکوانٹرویو دیتے ہوئے وائٹ ہاوس کے نئے مکین ڈونلڈٹرمپ کو مشورہ دیا کہ وہ جنوبی ایشیا کیلئےاعلیٰ سطح کا نمائندہ مقررکریں تاکہ جنوبی ایشیا سے ان کے روابط زیادہ پائیدار ہوسکیں.

    سابق صدر کا کہنا تھا کہ ڈونلڈٹرمپ پرتنقیدکےبجائےانہیں کام کاموقع دیناچاہیےانہوں نے کہا کہ ٹرمپ کے ناقدین کوکم ازکم90دن ان کےکام کاجائزہ لیناچاہیے، اس کے بعد ان کے کام پر تنقید یا تعریف کرنی چاہیئے.

    آصف زرداری کا امریکی اخبارکوانٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ٹرمپ کودہشت گردتنظیموں اورپاک بھارت کشیدگی کاسامناہے، جس سے نمٹنے کے لئے انہیں موثر حکمت عملی بنانا ہوگی.

    ایک سوال کے جواب میں سابق صدر پاکستان آصف زرداری نے کہا کہ سابق امریکی صدر اوباما اور ان کی انتظامیہ نے دہشتگردی سے مؤثراندازمیں نمٹنےکاموقع ضائع کیا، انہوں نے کہا کہ اگر سابق امریکی صدر نےمؤثرحکمت علمی بنائی ہوتی تو وہ بہت کامیاب طریقے سے عالمی دیشتگردی کا مقابلہ کر سکتے تھے۔

    امریکی اخبارکوانٹرویو دیتے ہوئے سابق صدرپاکستان آصف زرداری کا کہنا تھا کہ اوبامہ انتظامیہ نے موثرحکمت عملی نہ ہونے کی وجہ سے اہم مواقع ضائع کیے.

  • دوران قید مرد سے عورت بننے والے امریکی فوجی کو معافی

    دوران قید مرد سے عورت بننے والے امریکی فوجی کو معافی

    واشنگٹن: امریکی صدر براک اوباما نے اپنے دور صدارت کے آخری ہفتے میں 209 افراد کی سزاؤں میں کمی اور 64 قیدیوں کے لیے معافی کا اعلان کردیا، رہائی پانے والے افراد میں وکی لیکس کو خفیہ اطلاعات فراہم کرنے والا مرد فوجی بریڈلے میننگ بھی شامل ہے، جس نے اب مکمل طور پر عورت کا روپ اختیار کرلیا ہے۔

    امریکی خبر رساں کے مطابق بارک اوباما کی جانب سے جن لوگوں کی سزاؤں میں کمی کی گئی ہے ان میں سب سے اہم نام حساس حکومتی و عسکری معلومات وکی لیکس کو دینے والے سابق فوجی اہلکار بریڈلے میننگ کا ہے۔

    بریڈلے کو 2010 میں امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے نے گرفتار کیا تھا اور اُس نے اپنے جرم کا بھی اعتراف کیا جس کے بعد اُسے 35 سال کی سزا سنائی گئی تھی تاہم دورانِ قید مرد فوجی نے خود کو عورت کہتے ہوئے اپنا نام بریڈلے میننگ سے چیلسی میننگ کرلیا تھا۔

    امریکی حساس ادارے کے اہلکار کو سزا کاٹتے ہوئے تقریبا برس ہوئے ہیں تاہم اب وہ اُن خوش نصیبوں میں شامل ہوگیا ہے جسے امریکی صدر نے معاف کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دیا ہے، بارک اوباما کے احکامات کی روشنی میں بریڈلے کی سزا 15 مئی 2017 کو ختم ہوجائے گی۔

    bredlay-meanning

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بریڈلے نے قید کے دوران دو بار خودکشی کرنے کی کوشش کی جس میں وہ ناکام رہا، بریڈلے نے مسلسل ناکامیوں کے بعد اپنے روپ کو تبدیل کرتے ہوئے خود کو عورت کہنا شروع کردیا۔

    بریڈلے میننگ نے اعتراف کیا تھا کہ اس نے بغداد میں بطور انٹیلی جنس تجزیہ کار کام کے دوران 2009ء اور2010ء میں ہزاروں کی تعداد میں عراق اور افغانستان کی جنگی رپورٹیں، سفارتی اور دوسرے خفیہ دستاویزات اور خفیہ ویڈیو کلپس وکی لیکس کو فراہم کی تھیں۔

  • بلیک فرائیڈے، امریکا میں ریکارڈ خریداری

    بلیک فرائیڈے، امریکا میں ریکارڈ خریداری

    واشنگٹن: دنیا بھر میں بلیک فرائیڈے کے موقع پر خریداروں نے خصوصی سیلوں پر خوب خریداری کی، ایک محتاط اندازے کے مطابق اس سال تیرہ کروڑ سے زائد امریکیوں نے بلیک فرائیڈے کی سیل سے فائدہ اٹھایا۔

    تفصیلات کے مطابق امسال بھی نومبر کے آخری جمعے کو بلیک فرائیڈے کے موقع دنیا بھر میں صارفین کے لیے خصوصی سیل کے پیکجز متعارف کروائے گئے تھے، دنیا بھر کے لوگوں نے بلیک فرائیڈے کے موقع پر خوب خریداری کی۔

    امریکا میں پورا سال سیل کا انتظار کرنے والے عوام سیل شروع ہوتے ہی اسٹورز پر ٹوٹ پڑے اور بچت اسکیموں سے فائدہ اٹھانے کے لیے بہت خریداری کی، امریکا میں شاپنگ سینٹر کے دروازے کھلتے ہی خریداروں کی بڑی تعداد اپنی پسندیدہ چیزوں کی خریداری میں مصروف رہی۔

    کیلی فورنیا میں شہریوں کی بڑی تعداد اس طرح شاپنگ سینٹر پر امنڈ آئی جیسے سب کی لاٹری کھل گئی، نیویارک میں بھی عوام نے بلیک فرائیڈے کی سیل کا بھر پور فائدہ اٹھایا۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق اس بار بلیک فرائیڈے کے موقع پر صرف امریکا میں 13 کروڑ روپے سے خریداری کی گئی جو گزشتہ سال کی نسبت زیادہ ہے۔

    خیال رہے دنیا بھر میں بلیک فرائیڈے کے موقع پر عوام کے لیے خصوصی سیل کا اہتمام کیا جاتا ہے، پاکستان میں بھی آن لائن شاپنگ کرنے والی ویب سائٹس نے خریداروں کے لیے ڈسکاؤنٹ سیل متعارف کروائی تھی۔

    واضح رہے کہ بلیک فرائیڈے کے موقع پرعوام کی بھرمار کے سبب امریکی سپر اسٹورز میں دھکم پیل، لوٹ مار اور مار دھاڑ کے واقعات پیش آتے ہیں جس کے سبب اسٹور مالکان پریشانی کا شکار رہتے ہیں۔

  • بصیرت سے محروم افراد کے لیے موبائل ایپلی کیشن تیار

    بصیرت سے محروم افراد کے لیے موبائل ایپلی کیشن تیار

    واشنگٹن: نابینا اور کلر بلائنڈنیس کے شکار افراد کے لیے مائیکرو سافٹ نے ایسی ایپلی کیشن تیار کرلی جو رنگوں کے درمیان فرق بتانے اور نابینا افراد کو چیزوں کی پہچان کروانے میں مدد فراہم کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق بینائی سے محرومیت اور رنگ کی شناخت نہ کرنے کی بیماریوں میں مبتلا افراد کی پریشانیوں کو دیکھتے ہوئے مائیکرو سافٹ نے ایک ایسی ایپلی کیشن تیار کی ہے جو رنگوں کے درمیان فرق کروانے میں مدد فراہم کرے گی۔

    مائیکرو سافٹ کی جانب سے اس ایپلی کیشن کو ’’کلر بائینو کیولرس‘‘ کا نام دیا گیا ہے، جو ابھی صرف آئی او ایس فونز کے لیے تیار کی گئی ہے۔ اس میں ایک خاص فلٹر شامل کیا گیا ہے جو رنگوں کے درمیان تمیز کر کے صارف کو بتانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔


    پڑھیں: ’’ پاکستانی عوام کی تکلیفوں کا مداوا کرنے کے لیے موبائل ایپ ’مرہم‘ آگئی ‘‘


    یہ ایپ  مختلف رنگوں کو مرض کی 3 اقسام میں تقسیم کر کے  تصاویر کو اپنی جانب سے خاص رنگ میں تبدیل کرتا ہے تاکہ بلائنڈ افراد اسے بہتر طور پر دیکھ سکیں۔ اس میں اشیاء کو مختلف رنگوں کے شیڈز دیے گئے ہیں تاکہ مرض کا شکار افراد کچے اور پکے گوشت میں بھی فرق کرسکیں۔

    ایپ میں موجود فلٹر کھینچی جانے والی تصویر کو تین رنگوں سرخ سبز، سبز سرخ اور نیلے پیلے کلر میں تبدیل کرتا ہے کیونکہ کلر بلائنڈ افراد انہی تین رنگوں سے چیزوں کو آسانی سے پہچاننے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔


    مزید پڑھیں: ’’ عوام کی تکلیفوں کا مداوا کرنے کے لیے موبائل ایپ ’مرہم‘ آگئی ‘‘


    حیران کن امر یہ ہے کہ یہ ایپ اوورٹون نامی انجینئیر نے تیار کی ہے جو خود بھی کلر بلائنڈ کے مریض ہیں، مائیکروسافٹ کی دریافت اُن تمام لوگوں کے لیے بڑا تحفہ ہے جو بصیرت سے محروم ہیں یا پھر رنگوں میں تمیز نہیں کرسکتے۔

    اوورٹون کے مطابق اس ایپ کو استعمال کرتے ہوئے متاثر افراد پھولوں کے رنگ، کپڑوں کی میچنگ اور میک اپ کرنے کے لیے بآسانی استعمال کرسکتے ہیں۔ اُن کا کہنا ہے کہ یہ ایپ مخصوص مرض میں مبتلا افراد کے لیے بنائی گئی ہے جو رنگوں کی شناخت میں اُن کی مدد کرتی ہے۔

    app-post

    یہ ایپ اُن تمام لوگوں کے لیے ایک بڑا تحفہ ہے جو بصارت سے محروم ہیں پا پھر رنگوں کی شناخت میں تمیز نہیں کرسکتے، اس ایپ فائل سائز 14.6 ایم بی ہے اور صارفین کے لیے یہ بالکل مفت فراہم کی گئی ہے۔

  • خواتین‘ حجاب کھینچے جانے پرکیا کریں؟

    خواتین‘ حجاب کھینچے جانے پرکیا کریں؟

    حجاب مسلم خاتون کی شان ‘ عزت و آبرو کی علامت ہے اور دنیا بھر بالخصوص امریکہ میں مسلمانوں کے ساتھ برتے جانے والے تعصب کی بنا پر خواتین کے حجاب کھینچے جانے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

    امریکہ میں ڈونلڈ ٹرمپ کی فتح کے بعد مسلم خواتین کو ہراساں کرنے اور ان کے سر سے زبردستی حجاب کھینچ کر اتارے جانے کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

    سماجی ماہرین کا کہنا ہے کہ ان واقعات کا سبب ڈونلڈٹرمپ کی مسلمان مخالف تقریریں ہیں جن میں انہوں نے مسلمانوں کو امریکہ سے بے دخل کرنے یا ان کی سرگرمیاں محدود کرنے کے دعوے کیے تھے۔


    امریکی مسلم خواتین حجاب پہننے سے خوف زدہ


     امریکی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کے ساتھ ہی مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز واقعات سامنے آنے لگے، کیلیفورنیا کی سین جوز یونیورسٹی میں سفید فام نوجوان امریکی نے مسلمان خاتون پر حملہ کرکے حجاب اتار دیا۔

    لوزیانا اسٹیٹ یونیورسٹی میں بھی ایک 18 سالہ باحجاب مسلم طالبہ پر 2 امریکی نوجوانوں نے حملہ کیا جبکہ لوزیانا یونیورسٹی انتظامیہ نے مسلم طالبہ پر حملے کو جھوٹ پر مبنی ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔


    ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی، باحجاب مسلم طالبات اور خواتین پر حملے


    سان ڈیاگو یونیورسٹی کیمپس میں باحجاب مسلم لڑکیوں پر کیمپس کے قریب پارکنگ پلازہ میں حملہ کیا گیا، حملہ آور لڑکیوں سے گاڑی کی چابیاں چھین کر فرار ہو گیا۔

    ایسے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے شکاگو میں مقیم عراقی نژاد مسلم خاتون زینب عبداللہ نے ایک ویڈیو اپنے فیس بک پر شیئر کی ہے جس میں حجاب کھینچے جانے کے واقعہ کا سامنا کرنے پر ردعمل دینے کا طریقہ بتایا گیا ہے۔

    ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ کیسے ایک شخص ایک مسلم خاتون کا اسکارف کھینچنے کی کوشش کرتا ہے اور وہ خاتون ایک معمولی سی مارشل آرٹ تکنیک کی مدد سے سیکنڈٖوں میں اس حملہ آور کو بے یارو مددگار کردیتی ہے۔

    ویڈیو میں دکھائی گئی مشق اس قدر آسان ہے کہ گھر پر کسی مرد کے ساتھ محض چند مرتبہ کی مشق سے اس میں مہارت حاصل کی جاسکتی ہے اور اس کی مدد سےکسی بھی اوباش کو مزہ چکھایا جاسکتا ہے۔


    یورپ میں مقیم مسلمانوں کو نفرت انگیز رویوں سے کیسے بچایا جائے؟


     واضح رہے کہ امریکا کے نو منتخب صدر ماضی میں مسلمانوں کے بارے میں سخت بیانات دے چکے ہیں جو کہ تنازعات کا باعث بھی بنیں،2015 میں انہوں نے امریکا میں مسلمانوں کے داخلے پر مکمل پابندی اور امریکا میں رہائش پذیر مسلمانوں کی جانچ پڑتال سخت کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

    ڈونلڈ ٹرمپ امریکہ میں موجود تمام مساجد کو بند کرنے اور سیکورٹی کی خاطر تمام مسلمانوں کا ڈیٹا بیس اکھٹا کرنے کا بھی بیان دے چکے ہیں۔

  • امریکی عوام کے بعد جانور بھی ٹرمپ سے نالاں

    امریکی عوام کے بعد جانور بھی ٹرمپ سے نالاں

    نیویارک: صدارتی انتخابات میں غیرمتوقع نتائج اور ڈونلڈ ٹرمپ کی فتح پر جہاں امریکی عوام میں غم و غصہ پایا جاتا ہے وہیں جانور بھی نومنتخب صدر کی فتح پرغصے میں نظر آرہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا میں 45 ویں صدارتی انتخابات میں ری پبلکن پارٹی کے امیدوار وں کی کامیابی کے بعد ٹرمپ کو صدر منتخب کردیا گیاہے تاہم اُن کی تقاریر اور اعلان کردہ پالیسیوں کے باعث امریکیوں میں سخت تشویش پائی جاتی ہے۔

    صدارتی انتخابات میں ٹرمپ کی مدمقابل خاتون امیدوار ہیلری کلنٹن کی فتح کے قوی امکانات تھے مگر امریکا کی عوام نے اس بار ری پبلکن پارٹی کو مینڈیٹ دے کر ڈونلڈ ٹرمپ کو کامیاب قرار کروایا۔

    جہاں امریکی عوام میں ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر منتخب ہونے پرغم وغصہ پایا جارہا ہے وہیں جانور بھی اس بات پر نالاں نظر آرہے ہیں۔ یہ بات اُس وقت سامنے آئی جب امریکا میں مقیم ایک خاتون نے اسمارٹ فون پر اپنی پالتو بلی کو مختلف سیاستدانوں کی تصاویر دکھائیں۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون نے سب سے پہلے بلی کو ہیلری کلنٹن کی تصویر دکھائی تو اُس نے کوئی ردعمل نہیں دیا بعد ازاں انہوں نے سینیٹر سینڈرز کی تصویر بلی کے سامنے کی تو وہ خاموش بیٹھی رہی۔

    بعد ازاں خاتون نے اپنے فون میں نومنتخب صدر کی تصویر لگاکر اس کی اسکرین کو جیسے ہی بلی کے آگے کیا وہ غصے سے ’غرانے‘ لگی جس پر خاتون نے موبائل پیچھے ہٹایا دیا۔ کچھ لمحے بعد دوبارہ موبائل بلی کے آگے سامنے کیا جس پر بلی کا غصہ بڑھ گیا اور اُس نے اسکرین پر موجود ٹرمپ کی تصویر کو پنجا مارا۔

    بلی کو غصے میں دیکھتے ہوئے خاتون نے موبائل پیچھے ہٹا کر پھر اُس کے سامنے کردیا جس پر بلی وہاں سے اٹھ کر دوسرے مقام کی طرف چل پڑی۔


    پڑھیں:  ’’ امریکہ میں ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف احتجاج چوتھے روز بھی جاری ‘‘


    ٹرمپ کی فتح کے بعد مختلف امریکی ریاستوں میں احتجاجی مظاہرے شروع ہوگئے ہیں جو تاحال جاری ہیں جبکہ حجاب پہننے والی خواتین پر مختلف مقامات پر حملے تیز ہوگئے ہیں۔

    مزید پڑھیں: ’’ ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی، باحجاب مسلم طالبات اور خواتین پر حملے ‘‘


    انتخابی نتائج آنے کے بعد امریکیوں کیایک قابلِ ذکر تعداد نے کینیڈا اور نیوزی لینڈ ہجرت کا سوچنا شروع کردیا ہے تو دوسری طرف وہاں مقیم مسلمان عوام میں بھی شدید تشویش پائی جارہی ہے۔

  • نوجوان نے اپنا نام تبدیل کر کے آئی فون 7 کرلیا

    نوجوان نے اپنا نام تبدیل کر کے آئی فون 7 کرلیا

    کیف: یوکرین کے مقامی اسٹور کی جانب سے مفت آئی فون دینے کا اعلان ہونے کے بعد اسمارٹ فون کا جنون رکھنے والے 20 سالہ نوجوان نے اپنا نام تبدیل کر کے آئی فون 7 کرلیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مشرقی یورپ کے ملک یوکرین کے رہائشی نوجوان نے مقامی اسٹور کی جانب سے کیے جانے والے اعلان کے بعد اپنا نام تبدیل کر کے آئی فون 7 جیت لیا۔

    مقامی اسٹور کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ ایسے 5 افراد کو آئی فون 7 مفت فراہم کیا جائے گا جو اپنا نام اس سے منسوب کرلیں گے۔ اس ضمن میں اسمارٹ فون کا جنون رکھنے والے 20 سالہ نوجوان نے سرکاری دستاویزات میں اپنا نام تبدیل کروانے کی درخواست دی۔

    i-phone7

    الیگزنڈرٹورینو کی درخواست پر انتظامیہ نے اُس کا نام تبدیل کر کے آئی فون 7 رکھنے کی اجازت دے دی، نوجوان نے نام تبدیل ہونے کے بعد مقامی اسٹور کا رخ کیا اور اُن کو اپنی دستاویزات دکھائیں جس پر انہوں نے وعدے کے مطابق نوجوان کو نیا آئی فون 7 بالکل مفت دے دیا۔

    پڑھیں: دنیا کا سب سے چھوٹا اور سستا اسمارٹ فون متعارف

     بعد ازاں نوجوان نے غیرملکی خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’اسمارٹ فون حاصل کرنے کے بعد میں اپنا نام تبدیل کرکے دوبارہ پرانا نام رکھ لوں گا کیونکہ میں الیگزنڈر ٹورینو کے نام سے شادی کرنا اور باپ بننا چاہتا ہوں‘‘۔

    دکان کے منتظمین کا کہنا ہے کہ ’’ہم اپنی پیش کش پر قائم ہیں اور چار آئی فون 7 ایسے لوگوں کے لیے مختص کیے ہوئے ہیں جو اپنے نام اس سے منسوب کرلیں گے‘‘ ۔

    نوجوان کے گھر والوں نے نام تبدیل ہونے پر حیرانی کیا تاہم انہوں نے کہا کہ 850 ڈالر کا فون جیتنے کے لیے یہ ایک اچھا آئیڈیا ہے۔ اُن کی بہن نے کہا کہ اس بات کو تسلیم کرنا بہت مشکل ہے مگر زندگی میں سہولیات حاصل کرنے کے لیے کٹھن راستوں سے گزرنا ہوتا ہے۔

    خیال رہے یوکرین میں آئی فون 7 ، 850 امریکی ڈالر میں فروخت کیا جارہا ہے جبکہ اس ملک میں نام کی تبدیلی کے لیے صرف 2 امریکی ڈالر کے اخراجات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔