Tag: USA

  • میں نے سیاہ فاموں کی فلاح کے لیے مثالی اقدامات کیے‘ ڈونلڈ ٹرمپ

    میں نے سیاہ فاموں کی فلاح کے لیے مثالی اقدامات کیے‘ ڈونلڈ ٹرمپ

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ سیاہ فاموں میں بےروزگاری کی کم ترین شرح میرے اقدامات کی مثال ہے، میری انتظامیہ نے سیاہ فام کمیونٹی کے لیے ابراہم لنکن کے بعد سے سب سے زیادہ کام کیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا کہ ملک میں قدیم سیاہ فام کالج یونیورسٹیوں کی لیے لازمی فنڈنگ اور کرمنل جسٹس ریفارمز میرے دور میں ہوئے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سیاہ فاموں میں بےروزگاری کی کم ترین شرح میرے اقدامات کی مثال ہے۔ امریکی صدر نے صدارتی امیدوارجوبائیڈن پر بھی کڑی تنقید کی۔ ٹرمپ نے کہا کہ جوبائیڈن نے 40سال سے سیاست میں ہونے کے باوجود کچھ نہیں کیا، وہ اب ایسے ڈھونگ کررہا ہے جیسے ہر مسئلے کا حل پتہ ہے۔

    ٹرمپ نے ٹوئٹ میں کہا کہ جوبائیڈن کو تو مسائل تک کا نہیں پتہ، کمزوری کبھی بھی انتشار پسندوں، لٹیروں اور چوروں کو شکست نہیں دےسکتی، جوبائیڈن ساری زندگی سیاسی طور پر کمزور رہا ہے۔

    امریکی صدر نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فیک میڈیا کا انتہاپسندوں کی کارروائیوں اور لوٹ مار کرنے والوں کو نظر انداز کرنا بھی افسوسناک ہے، ایسا لگتا ہے سب مل کر کام کررہے ہیں۔

    خیال رہے کہ امریکا بھر میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ بدستور جاری جاری ہے۔ کئی شہروں میں مظاہرین نے کرفیو توڑ دیا اور سڑکوں پرنکل آئے۔ واشنگٹن ڈی سی، نیویارک، ہیوسٹن، شکاگو اور لاس اینجلس کی سڑکوں پر مظاہرے ہورہے ہیں۔ وائٹ ہاؤس کے باہر بھی گزشتہ روز پولیس تشدد کے بعد آج پھر شہری جمع ہوگئے۔

    پولیس نے کرفیو پر عمل درآمد کی اپیل کی جبکہ مظاہرین نے ٹرمپ کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے مقتول جارج فلوئیڈ سے اظہاریکجتہی اور قاتلوں کو سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ سیاہ فام جارج فلوئیڈ کو پولیس اہلکاروں نے 25مئی کو دوران حراست قتل کیا تھا۔ برطانیہ، آسٹریلیا سمیت کئی ملکوں میں احتجاج کا دائرہ پھیل گیا ہے۔

  • امریکہ : دادی کی کار چلانے والے بچوں کے ساتھ خوفناک حادثہ

    امریکہ : دادی کی کار چلانے والے بچوں کے ساتھ خوفناک حادثہ

    جیکسن کاؤنٹی : امریکی ریاست میسوری میں دو کمسن بچے اپنی دادی کی گاڑی چلاتے ہوئے خوفناک حادثے کا شکار ہوکر ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست میسوری میں والدین کی غفلت نے دو بچوں کی جان لے لی، جیکسن کاؤنٹی کے علاقے میں چھ اور سات سالہ دو کمسن بچوں نے اپنی دادی کی غیر موجودگی میں ان کی کار گھر سے نکالی اور شاہراہ پر آگئے۔

    کار چلانے والے بچے کا اچانک کار پر کنٹرول نہیں رہا اور کار تیز رفتاری سے سڑک کے کنارے ایک گہری کھائی میں جاگری۔

    اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد کار میں آگ لگ گئی جس کے باعث دونوں بچے جل کر موقع پر ہی ہلاک ہوگئے، حادثہ گزشتہ شام پانچ بجے پیش آیا۔

    پولیس کے مطابق جان لیوا حادثے کی تحقیقات جاری ہیں، بچوں کے اہل خانہ کی جانب سے تاحال ان کے نام ظاہر نہیں کیے گئے ہیں۔

  • لاک ڈاؤن کے دوران سودا سلف لانے والا پالتو کتا

    لاک ڈاؤن کے دوران سودا سلف لانے والا پالتو کتا

    واشنگٹن: امریکا میں ایسا پالتو کتا منظر عام پر آیا جو از خود باہر جاکر سپر مارکیٹ سے سودا سلف لاتا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست ’’کلوراڈا‘‘ کے علاقے مینیٹوس میں ایسے کتے کہانی اور صلاحیتوں کے جوہر سامنے آئیں جو ناصرف اپنے مالک بلکہ پڑوسی کی بھی مدد کرتا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پڑوس میں معمر خاتون طبیعت ناساز رہنے کے باعث چہل قدمی سے قاصر ہیں جبکہ لاک ڈاؤن کے دوران گھر سے نکلنا بھی مناسب نہیں سمجھتیں ایسے میں مذکورہ کتے کا سہارا لیا جارہا ہے۔

    بہادر کتا گھر کا راستہ بھول جانے والی 4 سالہ بچی کی حفاظت کرتا رہا

    ’’کیرن ‘‘ نامی خاتون اپنے کتے کو پڑوسی کی مدد کے لیے ہمیشہ بھیجتی ہے۔ ضروری اشیاء کی فہرست بنا کر دی جائے تو مذکورہ کتا پرچی منہ میں دبائے سپرمارکیٹ سے اشیاء خرید لاتا ہے۔

    کتے کی اس صلاحیت کو سوشل میڈیا پر بھی بہت سراہا جارہا ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ ایسے کتے کی مدد سے ہم لاک ڈاؤن کے دوران اپنی خدمات لے سکتے ہیں۔ کئی افراد نے اسے کتے کی وفاداری قرار دی۔

    کیرن کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے کتے کو اس انداز میں ٹریننگ دی کہ وہ ناصرف سودا سلف لاتا ہے بلکہ دیگر کام بھی بخوبی کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، یہی وجہ ہے کہ اسے ہرجگہ محبت ملتی ہے۔

  • گرین کارڈ کے لیے جھوٹی شادی کرنے والے سعودی نوجوان کا انجام کیا ہوا؟

    گرین کارڈ کے لیے جھوٹی شادی کرنے والے سعودی نوجوان کا انجام کیا ہوا؟

    واشنگٹن: امریکا میں اسکالر شپ پر زیر تعلیم سعودی نوجوان کو گرین کارڈ کے لیے امریکی خاتون سے فرضی شادی کرنے پر گرفتار کرلیا گیا۔

    سعودی حکام کو موصول اطلاعات کے مطابق مذکورہ طالبعلم پر امریکی حکام نے جعلسازی اور دروغ بیانی کے الزامات عائد کیے ہیں۔

    امریکی ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی طالب علم نے امریکی لڑکی سے فرضی شادی کے بعد گرین کارڈ کی درخواست دی تھی اور اس کے لیے جعلسازی اور دروغ بیانی سے کام لیا۔

    گرفتاری کے بعد سعودی طالب علم پر جعلسازی کے الزام میں فوجداری کا مقدمہ چلایا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق وزٹ ویزے یا تعلیمی ویزے کو گرین کارڈ میں تبدیل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ مزکورہ غیر ملکی کسی امریکی خاتون سے شادی کر چکا ہو۔

    اس کے لیے امیدوار کا ٹیکس ریکارڈ دیکھا جاتا ہے، اس کا انٹرویو لیا جاتا ہے جبکہ اس کے سیکیورٹی ریکارڈ کی بھی چھان بین کی جاتی ہے۔

    امریکی حکام مذکورہ شخص کی سوشل میڈیا پر سرگرمیاں چیک کرتے ہیں، اس کا فوجداری ریکارڈ دیکھا جاتا ہے اور مالیاتی ریکارڈ بھی طلب کیا جاتا ہے۔

    درخواست گزار کی شادی کے بارے میں یہ اطمینان بھی حاصل کیا جاتا ہے کہ یہ فرضی نہیں بلکہ حقیقی شادی ہے۔

  • فرانس، ٹرمپ اور ایرانی صدرکے درمیان ملاقات کے لیے ثالثی کررہاہے،امریکا

    فرانس، ٹرمپ اور ایرانی صدرکے درمیان ملاقات کے لیے ثالثی کررہاہے،امریکا

    واشنگٹن : وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ ایران کی جوہری معاہدے کی مزید شرائط سے دست برداری قبول نہیں،اعلانات مستردکرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ ایران کی طرف سے اپنی جوہری معاہدے کی شرائط اور ذمہ داریوں میں مزید کمی کا اعلان ناقابل قبول ہے اور ہم ایرانی اعلان کو مسترد کرتے ہیں۔

    انہوں نے کینساس کے ایک مقامی ریڈیو اسٹیشن کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ایران نے اعلان کیا ہے کہ وہ جوہری ہتھیاروں کے بارے میں مزید تحقیق کرے گا اور اس سلسلے میں پابندی ختم کر دے گا۔

    انہوں نے کہاکہ تہران نے ابھی اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے جوہری فوجی نظاموں کی مزید تحقیق اور ترقی جاری رکھے گا،امریکی وزیر خارجہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ امریکا ایران کے ساتھ مسائل کے حل کے لیے سفارتی ذرائع تلاش کرسکتا ہے۔

    امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ کئی ماہ پیشتر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ بغیر کسی شرط کے ایرانی رہ نماؤں سے ملاقات کے لئے تیار ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ فرانس، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ستمبر کے آخر میں ٹرمپ اور ان کے ایرانی ہم منصب حسن روحانی کے درمیان ملاقات کے لئے حالات پیدا کرنے کے لئے ثالثی کر رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم مذاکرات کی صورت میں جو نتائج تلاش کر رہے ہیں اس کے بارے میں ہمارا موقف واضح ہے۔

  • طاقتور سمندری طوفان امریکی ریاست لوئزیانہ سے ٹکرا گیا، سیلاب کا خطرہ

    طاقتور سمندری طوفان امریکی ریاست لوئزیانہ سے ٹکرا گیا، سیلاب کا خطرہ

    واشنگٹن: طاقتور سمندری طوفان امریکی ریاست لوئزیانہ سے ٹکرا گیا جس کے باعث ریاست میں سیلابی صورت حال کا خطرہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لوئزیانہ میں سمندری طوفان ٹکرانے کے بعد محکمہ موسمیات نے ریاست کے کئی نشیبی مقامات میں سیلابی صورت حال پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست لوئزیانہ کے شہر نیو اورلیئنز کو طاقتور سمندری طوفان بیری کے ساتھ آنے والی موسلادھار بارش کا بھی سامنا ہے۔

    محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ نیو اورلیئنز اور دیگر مقامات پر بیس انچ تک بارش ہو سکتی ہے، اس بارش کے بعد ریاست کے کئی نشیبی مقامات میں سیلابی صورت حال پیدا ہونے کا قوی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

    بیری نامی سمندری طوفان ایسے وقت میں ٹکرایا ہے جب نیو اورلیئنز شہر میں سے گزرنے والا بڑا دریا مِسِسپی کی سطح طغیانی کے باعث پہلے ہی بلند ہے۔

    ریاست لوئزیانہ کے گورنر جان بیل ایڈورڈ نے اپنے شہریوں کو ہوشیار اور خبردار رہنے کی ہدایت کر رکھی ہے۔ طوفان بیری کے ساتھ جھکڑوں کی رفتار اسی کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد ہے۔

  • ایران فوٹو شاپ کے ذریعے اپنی دفاعی صلاحیت سے متعلق دھوکہ دے رہا ہے، امریکا

    ایران فوٹو شاپ کے ذریعے اپنی دفاعی صلاحیت سے متعلق دھوکہ دے رہا ہے، امریکا

    تہران/واشنگٹن : امریکی ایلچی برائن ہُک نے انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ فوٹو شاپ سے پرانے طیاروں کو نئے انداز میں جنگی طیاروں کے طور پر دکھایا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کے لیے امریکی خصوصی ایلچی برائن ہُک نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران اپنی دفاعی صلاحیت کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کے لیے فوٹوشاپ سافٹ ویئرکا استعمال کررہا ہے تاکہ دنیا کو ایرانی فوجی صلاحیت سے مرعوب کیا جاسکے۔

    ایران کی میزائل اور دیگر ہتھیاروں کی دفاعی صلاحیت ایسی نہیں جیسی بیان کی جاتی ہے، ایران فوٹو شاپ سافٹ ویئر کی مدد سے اپنی دفاعی صلاحیت کے بارے میں دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونک رہا ہے۔

    ایران نے اپنے جدید ترین جنگی طیاروں کی جو تصاویر جاری کی ہیں وہ سب فوٹوشاپ کا کمال ہے جس کی مدد سے پرانے طیاروں کونئی شکل میں دکھایا گیا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک انٹرویومیں امریکی وزارت خارجہ کی سماجی رابطوں کے لیے کام کرنے والی ٹیم نے ٹویٹر پرایک فوٹیج پوسٹ کی جس میں برائن ہُک کو ایران کی طرف سے اپنی دفاعی صلاحیت کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کی تکینیکس پر بریفنگ دیتے دکھایا گیا ہے۔

    اُنہوں نے کہا کہ ایران نے فوٹوشاپ پروگرامنگ کی مدد سے میزائل داغے جانے کی تصاویر جاری کی ہیں تاکہ تہران کی میزائل اور جنگی صلاحیت سے دنیا کومرعوب کیا جا سکے۔

    برائن ہُک نے مزید کہا کہ ایران نے فوٹوپ شاپ کی مدد سے پرانے طیاروںکی نئے انداز میں تصاویر بنا کر انہیں نئے جنگی طیاروں کے طور پر دکھایا گیا ہے۔

  • امریکا: اسکول میں فائرنگ، 8 طالب علم شدید زخمی

    امریکا: اسکول میں فائرنگ، 8 طالب علم شدید زخمی

    واشنگٹن: امریکا میں ایک بار پھر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، مقامی اسکول میں اندھادھن فائرنگ سے 8 طالب علم شدید زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کی ریاست کولوراڈو میں ایک اسکول میں دو مشتبہ افراد کی فائرنگ سے آٹھ طالب علم زخمی ہوگئے، پولیس نے بروقت کارروائی کرکے حملہ آوروں کو گرفتار کرلیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ کولوراڈو میں دو مشتبہ افراد نے اسٹیم اسکول ہائی لینڈزرنچ میں فائرنگ کرکے کئی طالب علوں کو یرغمال بھی بنائے رکھا، بعد ازاں پولیس نے حملہ آوروں کو گرفتار کیا۔

    پولیس نے ابتدائی طور پر انکشاف کیا ہے کہ حملہ کرنے والے دونوں طالب علم ہیں، جن میں سے ایک کی عمر 18 سال سے کم بتائی جاتی ہے، ملزمان کی شناخت جلد سامنے لائی جائے گی۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے طالب علموں کی عمریں پندرہ سال کے لگ بھگ ہیں، جنہیں مقامی اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

    کولوراڈو حکام نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کے والدین سے گھہرے دکھ کا اظہار کیا، ان کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہے۔

    امریکا، فلوریڈا اسکول فائرنگ میں ساتھیوں کی جان نہ بچانے پر افسردہ طالبہ نے خودکشی کرلی

    یاد رہے کہ گذشتہ سال مئی میں امریکا کے سانٹا فے ہائی اسکول میں طالبعلم کی فائرنگ سے پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ سمیت 10 طالبعلم جاں بحق ہوگئے تھے، بعد ازاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی تھی۔

  • امریکا کی بیشتر ریاستوں کا فلسطینی علاقوں میں یہودی آباد کاری کی سرپرستی کا انکشاف

    امریکا کی بیشتر ریاستوں کا فلسطینی علاقوں میں یہودی آباد کاری کی سرپرستی کا انکشاف

    واشنگٹن : انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ہیومن رائیٹس واچ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کی بیشتر ریاستیں صہیونی ریاست کی طرف داری کرتی ہوئے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں غیر قانونی یہودی آباد کاری کی سرپرستی کر رہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق انسانی حقوق کے عالمی ادارے کا کہنا تھا کہ امریکا کی ریاستیں مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی آباد کاری کے فروغ کے لیے اپنے قوانین اور ایگزیکٹو آرڈرز کا استعمال کرتی ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ امریکا کی 27 ریاستیوں کی 20 کروڑ 50 لاکھ آبادی جو کہ کل 78 فی صد آباد ہیں، اپنے قوانین اور ایگزیکٹو آرڈر کو فلسطین میں یہودی آباد کاری کے لیے استعمال کرتی ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکا کی 17 ریاستوں کے قوانین صہیونی ریاست کے ساتھ صراحت کے ساتھ ہر قسم کے کاروبار کی اجازت دیتی ہیں بلکہ بہت سی ریاستیں فلسطین میں یہودی آباد کاری کے لیے کام کرنے والی کمپنیوں کی مکمل سر پرستی کرتی ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ اسی طرح یہ ریاستیں قوانین کا استعمال کرتے ہوئے اسرائیلی ریاست کا بائیکاٹ کرنے والی کمپنیوں، اداروں اور افراد کو بھی نشانہ بناتی ہیں۔

    ہیومن رائیٹس واچ کا کہنا تھا کہ امریکی ریاستیں فلسطین میں یہودی آباد کاری میں معاونت کرکے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کررہی ہیں۔ ان ریاستوں کی طرف سے اپنی قوانین کا فلسطین میں یہودی آباد کاری کے لیے استعمال ناقابل قبول اور شرمناک ہے۔

  • افغان امن مذاکرات میں تاخیر پر امریکا کا اظہارِ تشویش

    افغان امن مذاکرات میں تاخیر پر امریکا کا اظہارِ تشویش

    واشنگٹن: امریکی حکام نے قطری دارالحکومت دوحہ میں طالبان سے ہونے والے مذاکرات میں تاخیر پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے افغان امن مذاکرات میں غیر معینہ اِلتو پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جلد مذاکرات کی کے آمادگی پر زور دیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا دوحہ میں ہونے والے ممکنہ مذاکرات کو جلد حتمی شکل دینا چاہتا ہے جس کے لیے افغان حکام پر شدید دباؤ بھی ہے۔

    یہ مذاکرات جمعہ سے خلیجی ریاست قطر کے دارالحکومت دوحہ میں شروع ہونے والے تھے، البتہ طالبان نے افغان شرکاءکی تعداد پراعتراض کیا تھا۔

    مذکورہ مذاکرات شروع ہو جاتے تو پہلی مرتبہ طالبان اور افغان شہریوں کے درمیان رابطہ استوار ہوتا، عالمی ماہرین نے مذاکرات کو اہم قرار دیا ہے۔

    ادھر افغانستان کے لیے مقرر امریکی مندوب زلمے خلیل زاد اگلے پیر سے افغانستان، پاکستان، بھارت، روس اور برطانیہ کا ایک اور دورہ شروع کرنے والے ہیں، خلیل زاد کا یہ دورہ گیارہ مئی کو ختم ہوگا۔

    یاد رہے کہ طالبان اور افغان نمائندوں کے درمیان ملاقات 20 اور 21 اپریل کو قطر میں ہونا تھی اور مذاکرات کے لیے افغان حکومت نے 250 رکنی فہرست تیار کی تھی۔

    امریکی صدر کی عرب ممالک کے تیل پر نظر

    افغان حکومت کی مذاکرات کے لیے تیار کی گئی فہرست پرطالبان نے تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ شادی یا کسی اور مناسب سے دعوت اور مہمان نوازی کی تقریب نہیں کہ کابل انتظامیہ نے کانفرنس میں شرکت کے لیے 250 افراد کی فہرست جاری کی۔