Tag: Users

  • واٹس ایپ صارفین کو ایک اور سہولت فراہم، نیا فیچر متعارف

    واٹس ایپ صارفین کو ایک اور سہولت فراہم، نیا فیچر متعارف

    دنیا کے سب سے مقبول میسجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ نے اپنے صارفین کی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے ایک خاص سروس متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    میٹا کی زیرملکیت میسجنگ ایپ واٹس ایپ میں صارفین کی پرائیویسی اور سکیورٹی کو ترجیح دینے کے حوالے سے چیٹ لاک فیچر متعارف کرایا جارہا ہے۔

    واضح رہے کہ چیٹ لاک فیچر مئی 2023 میں موبائل ایپس کے لیے متعارف کرایا گیا تھا جس کے ذریعے مختلف چیٹس کو ایک فولڈر میں محفوظ کیا جاتا ہے جبکہ ان تک رسائی فون ان لاک کے طریقہ کار سے ممکن ہوتی ہے۔

    بعد ازاں چیٹ لاک فیچر کو زیادہ بہتر بنانے کے لیے سیکرٹ کوڈ فیچر بھی متعارف کرایا گیا۔ اب کئی ماہ بعد واٹس ایپ کی جانب سے یہ فیچر ویب ورژن کا حصہ بنانے پر کام کیا جا رہا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق میسجنگ ایپ کے ویب ورژن میں لاک چیٹ فیچر کا اضافہ کیا جا رہا ہے جس سے مخصوص چیٹس کو زیادہ سکیورٹی اور پرائیویسی مل سکے گی۔

    اس فیچر پر ابھی کام جاری ہے اور ویب ورژن کے بیٹا ورژن میں اس کا اشارہ دیا گیا ہے رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ویب ورژن پر بھی یہ فیچر اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ورژنز کی طرح ہی کام کرے گا۔یہ فیچر ایسے افراد کے لیے بہت زیادہ مددگار ثابت ہوگا جو کسی دفتر میں واٹس ایپ کو کمپیوٹر پر استعمال کرتے ہیں۔

    اس فیچر کے ذریعے وہ ذاتی تفصیلات، خفیہ یا حساس معلومات دیگر افراد کی رسائی سے دور رکھ سکیں گے۔

    ابھی اس فیچر پر کام جاری ہے تو ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ اسے کب تک ویب ورژن کے صارفین کے لیے متعارف کرایا جاسکتا ہے۔

     

  • فیس بک استعمال کرنے والے افراد پر منفی اثرات کا انکشاف

    فیس بک استعمال کرنے والے افراد پر منفی اثرات کا انکشاف

    انٹرنیٹ کا زیادہ استعمال بہت سے مسائل کا سبب بن سکتا ہے، حال ہی میں فیس بک استعمال کرنے والے کروڑوں صارفین پر منفی اثرات مرتب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    فیس بک کے ایک مبینہ اندرونی سروے کے نتائج پر مبنی وال اسٹریٹ جرنل کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ فیس بک کے ہر 8 میں سے ایک صارف کا ماننا ہے کہ اس سوشل میڈیا ایپ کو استعمال کرنے سے اس کی نیند، کام، رشتے اور بچوں سے تعلق پر مضر اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

    فیس بک کے محققین نے تخمینہ لگایا کہ ان طرح کے مسائل کا سامنا ایپ کے 2 ارب 90 کروڑ سے زیادہ صارفین میں سے 12.5 فیصد یا 36 کروڑ سے زائد افراد کو ہے۔

    دستاویز میں محققین نے بتایا کہ نتائج صارفین کی جانب سے ایپ کے مضطربانہ استعمال کا نتیجہ ہیں جس کو عوامی زبان میں انٹرنیٹ کی لت بھی کہا جاتا ہے۔ استعمال کا یہ رجحان دیگر بڑے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے مقابلے میں فیس بک میں بدتر ہوتا ہے، مگر محققین نے تعلق کو ثابت نہیں کیا۔

    فیس بک نے اسے اپنے پلیٹ فارم کو غلط طریقے سے استعمال کا نتیجہ قرار دیا۔

    یہ انکشاف فیس بک فائلز سیریز کا حصہ ہے جو کمپنی کی اندرونی دستاویزات پر مشتمل ہے جو کمپنی کی سابق ملازمہ فرانسس ہیوگن نے لیک کیے۔

  • ٹیلی گرام نے مقبولیت کے ریکارڈ توڑ دیے

    ٹیلی گرام نے مقبولیت کے ریکارڈ توڑ دیے

    ماسکو: واٹس ایپ کی سیکیورٹی کے حوالے سے نئے خدشات کے بعد روسی میسنجر ٹیلی گرام کے صارفین کی تعداد عروج پر پہنچ گئی، ٹیلی گرام کے بانی نے اسے انسانی تاریخ کی سب سے بڑی ڈیجیٹل ہجرت کہا ہے۔

    روسی میڈیا کے مطابق روسی میسنجر ٹیلی گرام نے امریکا اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقبولیت کے ریکارڈ توڑ دیے ہیں، روسی ٹیلی گرام کے بانی پاویل ڈوروف نے ٹیلی گرام انٹرنیٹ میسنجر میں صارفین کی اتنی تیزی سے آمد کو اسے انسانی تاریخ کی سب سے بڑی ڈیجیٹل ہجرت قرار دیا ہے۔

    ٹیلی گرام کی جانب سے سوشل میڈیا پر کہا گیا کہ اس عالمی رجحان کے بعد دو صدور نے اپنے ٹیلی گرام چینلز شروع کیے گئے جس میں برازیل کے صدر جیر بولسنارو اور ترکی کے صدر رجب طیب اردگان شامل ہیں۔

    بانی کا کہنا ہے کہ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون اور یوکرین کے صدر ولادی میر زیلینسکی کے علاوہ اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو سمیت متعدد دیگر عالمی رہنماؤں نے بھی ٹیلی گرام میسنجر میں اندراج کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ اعزاز حاصل ہے کہ سیاسی رہنماؤں کے ساتھ ساتھ متعدد عوامی تنظیمیں غلط استعمال سے نمٹنے اور اپنے معاشروں میں اہم امور کے بارے میں آگاہی پھیلانے کے لیے ٹیلی گرام پر انحصار کر رہی ہیں۔

    ٹیلی گرام کے بانی نے زور دے کر کہا کہ میسنجر مبہم الگورتھم پر عمل نہیں کرتا جس سے یہ طے ہوتا ہے کہ صارف اپنی مرضی کا مواد ہی دیکھ سکیں گے۔

    اس سے قبل ڈوروف نے اعلان کیا تھا کہ ٹیلی گرام استعمال کرنے والوں کی تعداد 500 ملین سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ صرف 3 دنوں میں 25 ملین افراد ٹیلی گرام کا استعمال شروع کرچکے ہیں۔

  • ٹیلی گرام ایپ نے صارفین کو بڑی سہولت فراہم کردی

    ٹیلی گرام ایپ نے صارفین کو بڑی سہولت فراہم کردی

    موبائل چیٹ ایپلی کیشن ٹیلی گرام نے ایک نئے فیچر کا اجراء کیا ہے جس کے ذریعے صارفین گروپ میں کانفرنس کال پر اپنے عزیز و اقارب سے باآسانی بات چیت کرنے کے قابل ہوں گے۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ کانفرنس کال کوئی ایک شخص کرے گا جو مختلف لوگوں کو اس میں شامل کر سکے گا، یوں ان کے درمیان رابطہ قائم ہوگا۔

    اس کے علاوہ قابل ذکر بات یہ بھی ہے کہ ٹیلی گرام نے اس سے قبل ایپل ایپلی کیشن اسٹور کے خلاف یورپی یونین کو سرکاری طور پر شکایت جمع کروائی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مذکورہ شکایت باضابطہ طور پر یورپی یونین کی ایکزیکٹیو نائب صدر مارگریٹ ویسٹیئر کو پیش کی گئی ہے۔

    شکایت میں کہا گیا ہے کہ ایپل صارفین کو ایپ اسٹور کے علاوہ سافٹ ویئر ڈاؤن لوڈ کرنے کا موقع فراہم کرے۔

    شکایت میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ڈویلپرز کو ایپل کی شرائط کو قبول کرنا ہوگا، بشمول ایپ خریداریوں پر 30 فیصد کمیشن بھی ہوگا تاکہ آئی فون استعمال کرنے والے لاکھوں لوگوں تک رسائی حاصل ہو۔

    واٹس ایپ اور ٹیلی گرام میں کیا فرق ہے؟

    ٹیلی گرام ایپ وا ٹس ایپ سے زیادہ مؤثر، محفوظ اور بہترین ایپلیکیشن ہے جس کے کافی فوائد ہیں جیسا کہ واٹس ایپ گروپ میں 256ممبر ایڈ ہو سکتے جبکہ ٹیلی گرام چینل میں تقریباً 5000 ممبر ایڈ ہوسکتے ہیں۔

    واٹس ایپ گروپ جوائن کرنے پر آپ کا موبائل نمبر پبلک ہو جاتا ہے یعنی ہر گروپ ممبر ایک دوسرے کا موبائل نمبر دیکھ سکتا ہے، لیکن ٹیلی گرام چینل جوائن کرنے پر کوئی ممبر کسی دوسرے کا نمبر نہیں دیکھ سکتا۔

    واٹس ایپ گروپ جوائن کرنے پر آپ گروپ میں کی گئی پرانی پوسٹس نہیں دیکھ سکتے جبکہ ٹیلی گرام چینل جوائن کرنے پر آپ اس چینل کی دو سال پرانی پوسٹس بھی دیکھ پڑھ سکتے ہیں۔

    اسی بنا پر لوگ تیزی سے ٹیلی گرام استعمال کر رہے ہیں کچھ عرصہ پہلے پاکستان میں اس پر پابندی لگا دی گئی تھی مگر اب یہ پھر سے صارفین کے لیے دستیاب ہے۔

  • دنیا بھر میں انٹرنیٹ صارفین کی تعداد کتنی ہوگئی؟

    دنیا بھر میں انٹرنیٹ صارفین کی تعداد کتنی ہوگئی؟

    لندن: دنیا میں انٹرنیٹ صارفین کی تعداد 3.8 ارب ہو گئی، صارفین کی تعداد کے اعتبار سے چین اول، بھارت دوسرے اور امریکا تیسرے نمبر پر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بانڈ انٹرنیٹ ٹرینڈ لائن رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انٹرنیٹ کے صارفین کی تعداد میں ہر گزرتے دن اضافہ ہونے کے باوجود اضافے کی رفتار میں سستی آ رہی ہے۔

    انٹرنیٹ صارفین کی تعداد سال 2018 میں اس سے قبل کے سال کے مقابلے میں 6 فیصد تک بڑھتے ہوئے 3.8 ارب تک پہنچ گئی ہے جو کل عالمی آبادی کے نصف سے زیادہ ہے۔

    نیٹ صارفین کا 53 فیصد ایشیا پیسیفک میں 15 فیصد، یورپ میں 13 فیصد، افریقہ اور مشرق وسطیٰ میں 10فیصد جبکہ 9 فیصد شمالی امریکا میں ہے۔

    صارفین کی تعداد کے اعتبار سے 21 فیصد شرح کے ساتھ چین اول نمبر پر، 12 فیصد شرح کے ساتھ بھارت دوسرے اور 8 فیصد کے ساتھ امریکا تیسرے نمبر پر ہے، اس لسٹ میں ترکی کا نمبر 15واں ہے۔

    صارفین کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ کے بغیر گزارا نہ ممکن ہوچکا ہے، دنیا بھر کی معلومات باآسانی انٹرنیٹ سے حاصل کرلی جاتیں ہیں، جبکہ سوشل ویب سائٹس پیغام رسانی میں مدد فراہم کرتی ہیں۔

    فائیو جی انٹرنیٹ کی دنگ کردینے والی رفتار سامنے آگئی

    انٹرنیٹ کے بڑھتے ہوئے صارفین کے پیش نظر انٹرنیٹ کے استعمال کے لیے کچھ اصول بھی تیار کیے گئے ہیں، جبکہ ہر گزرتے دن کے ساتھ بچوں کی بھی بہت بڑی تعداد انٹرنیٹ صارفین کی صفوں میں شامل ہے۔

  • شاہی خاندان پر تنقید، سوشل میڈیا صارفین پر سزا اور جرمانے کا اعلان

    شاہی خاندان پر تنقید، سوشل میڈیا صارفین پر سزا اور جرمانے کا اعلان

    ریاض : سعودی حکام نے سوشل میڈیا پر  شاہی خاندان پر تنقید اور اشتعال انگیز مواد کی تشہیر کرنے پر قید اور 8 لاکھ ریال جرمانہ عائد کرنے کا عندیہ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے حکام کی جانب سے نیا قانون نافذ کیا گیا ہے جس کے تحت سوشل میڈیا ویب سایٹس پر سعودی شاہی خاندان پر تنقید کرنے اور مذہبی اقدار کا تمسخر اڑانے یا اشتعال انگیز مواد کے ذریعے عوامی جذبات کو اُبھارنے والے کو سزا دینے کا عندیہ دے دیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ جو بھی شہری ریاست کے امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے والے اور نا مناسب مواد کی تشہیر کرنے والے سوشل میڈیا صارفین کو 5 برس قید اور 8 لاکھ ریال جرمانے کا سامان کرنا ہوگا۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے حکمرانوں نے مذکورہ اقدامات سماجی رابطوں کی ویب سایٹس پر ملک و مذہب کے خلاف ہونے والے منفی پروپیگنڈے کو روکنے کےلیے اٹھائے گئے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی مذہبی شخصیت سلمان العودۃ کو قطر سے اچھے تعلقات استوار کرنے کے حق میں ٹویٹ کرنے پر گرفتار کرکے جیل منتقل کردیا گیا ہے۔

    عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ سلمان العودۃ کے ٹویٹر پر ایک کروڑ چالیس لاکھ سے زائد فالوورز ہیں، سعودی حکومت کی جانب سے عدالت سے درخواست کی گئی ہے سلمان العودۃ کو سزائے موت کی سزا سنائی جائے۔

    یاد رہے کہ اس پہلے بھی سعودی حکومت شاہی خاندان پر تنقید کرنے والے سعودی مبلغ اور خواتین کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے والے 7 سرگرم سماجی کارکن خواتین وکلاء کو گرفتار کرچکی ہے۔

  • موبائل فون صارفین کو سو روپے کے کارڈ پر سو روپے کا بیلنس ملتا رہے گا

    موبائل فون صارفین کو سو روپے کے کارڈ پر سو روپے کا بیلنس ملتا رہے گا

    اسلام آباد: موبائل فون صارفین کے لیے اچھی خبر سامنے آگئی مزید چند دن سو روپے کے کارڈ پر سو روپے کا بیلنس ملتا رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان نے ایک ہفتے قبل موبائل کارڈز پر عائد کمپنیوں کی جانب سے از خود ٹیکسز کو کالعدم قرار دیا تھا جس کے بعد موبائل فون کمپنیوں نے عدالتی حکم پر سو روپے کے کارڈ پر سو روپے کا بیلنس دینے کا اعلان کیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے موبائل فون کارڈ پر ٹیکس کٹوتی کا نیا میکنیزم سپریم کورٹ میں آئندہ سماعت کے بعد نافذ ہوگا اس وقت تک صارفین سو روپے میں سو کا بیلنس حاصل کرتے رہیں گے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ آئندہ ہفتے سپریم کورٹ میں موبائل فون کارڈز کیس کی سماعت متوقع ہے، پندرہ دن کے لیے موبائل فون کارڈز پر ٹیکس کٹوتی کی پابندی آج ختم ہونے والی تھی۔


    ٹیکس کٹوتی ختم:‌ موبائل کمپنیوں کا 100روپےکےموبائل کارڈپر100روپےکےلوڈ کا اعلان


    واضح رہے کہ 3 مئی کو چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے موبائل کارڈ کے ریچارج پر رقم کی کٹوتی کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے تمام موبائل کمپنیوں کو نوٹس جاری کئے تھے۔

    چیف جسٹس آف پاکستان کا کہنا تھا کہ 100روپے کے کارڈ یا بیلنس پر 40 روپے کاٹ لیے جاتے ہیں، اتنا زیادہ ٹیکس کس قانون کے تحت اورکس مد میں لیا جاتا ہے؟

    خیال رہے کہ پاکستان میں موجود موبائل فون کمپنیاں 100 روپے کے ری چارج پر 40 روپے کی کٹوتی کرتی ہیں جس میں سروس چارجز اور ٹیکس کی رقم شامل ہے، صارفین کا دیرینہ مطالبہ تھا کہ کمپنیوں کی جانب سے کٹوتی زیادتی اور ظلم ہے جس پر کوئی اُن سے جواب طلب نہیں کرتا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کمپیوٹر یا لیب ٹاپ پرتوجہ کے ساتھ کام کرنا ممکن، مائیکروسافٹ کا نیا فیچر

    کمپیوٹر یا لیب ٹاپ پرتوجہ کے ساتھ کام کرنا ممکن، مائیکروسافٹ کا نیا فیچر

    کیلی فورنیا: کمپیوٹر سافٹ ویئرز بنانے والی کمپنی مائیکروسافٹ نے ونڈوز 10 میں نیا فیچر متعارف کرادیا جس کے تحت اب صارف کو کمپیوٹر استعمال کرتے وقت ای میل کے نوٹی فکیشن کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

    تفصیلات کے مطابق کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ استعمال کرنے والے صارفین کو اکثر یہ شکایت رہتی تھی کہ دفتری یا کسی بھی اہم کام کے دوران انہیں ای میلز یا دیگر کمپنیوں کی جانب سے آنے والے نوٹی فکیشن بہت پریشان کرتے ہیں۔

    مائیکرو سافٹ نے صارفین کی شکایت کو مدنظر رکھتے ہوئے ونڈوز 10 میں ’فوکس اسسٹ‘ یعنی پر کام پر توجہ مرکوز رکھنے والا فیچر شامل کرلیا، جو ای میل اور سوشل میڈیا کے نوٹی فکیشن کو کنٹرول کرتا ہے۔

    کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دفتری کام کرنے والے افراد کو اکثر اوقات شکایت ہوتی تھی کہ اُن کے پاس آنے والا ہر نوٹی فکیشن کم از کم تین سے چار منٹ ضائع کرواتا ہے جس کی وجہ سے کام متاثر ہوتا ہے اور تقریبا ایک گھنٹے میں تقریباً 23 منٹ ضائع ہوجاتے ہیں۔

    مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ روزانہ 3 سے 6 گھنٹے ونڈوز استعمال کرنے والے صارفین چاہتے ہیں کہ کام کے دوران اُن کے پاس نوٹی فکیشن نہ آئیں تاکہ وہ تسلسل اور دل جمعی کے ساتھ کام کرسکیں۔

    کمپیوٹر ونڈوز بنانے والی کمپنی نے یہ بھی اعتراف کیا کہ صارفین کی شکایت کے بعد ایک مطالعاتی تحقیق کی گئی جس میں یہ بات سامنے آئی کہ کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ کے ڈیسک ٹاپ پر آنے والے نوٹی فکیشن وقت کا ضیاع کراتے ہیں کیونکہ سوشل میڈیا ویب سائٹ کا کوئی بھی پیغام دیکھ کر صارف اُس پر ضرور کلک کرتا ہے۔

    مائیکروسافٹ کی جانب سے متعارف کروایا جانے والے نئے فیچر کی اپ ڈیٹ 30 اپریل کو ہر صارف کو بھیجی جائے گی جسے اگر سسٹم میں انسٹال کرلیا گیا تو یہ نوٹی فکیشن کو (منقطع) ڈس ایبل کردے دی۔

    کمپنی کی جانب سے اس ضمن میں ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی جس میں فیچر اپ ڈیٹ کرنے اور نوٹی فکیشن کو روکنے کا طریقہ بتایا گیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • رمضان المبارک میں مسلمان زیادہ تر وقت کس کام میں مصروف رہتے ہیںِ؟

    رمضان المبارک میں مسلمان زیادہ تر وقت کس کام میں مصروف رہتے ہیںِ؟

    سان فرانسسکو : رمضان کی آمد آمد ہے، یہ وہ مہینہ ہے جس میں فرزندان اسلام اپنے گناہوں کی مغفرت کیلئے کوشش کرتے ہیں اور مومن کا رزق بڑھا دیا جاتا ہے ایک سروے کے مطابق رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں وسط ایشیائی ممالک کے مسلمان اپنا زیادہ تر وقت سوشل میڈیا پر گزارتے ہیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک نے رمضان میں اپنے صارفین کے وقت گزارنے سے متعلقاعداد وشمار جاری کیے ہیں، جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ صارفین رمضان المبارک کے دوران میں 5 کروڑ 76 لاکھ اضافی گھنٹے فیس بُک پر گزارتے ہیں۔

    سروے میں کہنا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران صارفین تین شعبوں میں زیادہ دلچسپی لیتے ہیں جبکہ علی الصباح تین بجے فیس بُک پر صارفین کی بھرمار ہوتی ہے۔

    پہلا مرحلہ

    پہلے مرحلے کے دوران مسلمان رمضان سے قبل ہی کپڑوں کی خریداری کی منصوبہ بندی شروع کردیتے ہیں اور انٹرنیٹ براؤزرز کے بجائے موبائل ایپلی کیشنز پر اپنا زیادہ وقت صرف کرتے ہیں۔

    متحدہ عرب امارات میں جن لوگوں سے سروے کیا گیا ہے،ا ن میں سے 47 فی صد نے بتایا کہ وہ رمضان سے پہلے مہینے میں کپڑوں کی خریداری کی منصوبہ بندی شروع کردیتے ہیں۔

    دوسرا مرحلہ

    سروے کے مطابق دوسرے مرحلے میں مسلمان اپنے موبائل فونز کا استعمال زیادہ کر دیتے ہیں اور رمضان المبارک کے دوران اپنے اسمارٹ فون کے ذریعے بنائی گئی تصاویر اور ویڈیو ز پوسٹ کرتے اور اپنے دوستوں سے شیئر کرتے ہیں۔

    اس سروے میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ سال کے دوسرے مہینوں کی نسبت رمضان کے دوران موبائل پر 4.84 فی صد زیادہ گفتگو کی جاتی ہے حالانکہ اس مقدس مہینے میں فضول گفتگو سے پرہیز کی ہدایت کی گئی ہے۔

    رمضان المبارک کے دوران باقی دنوں کے مقابلے میں ٹیلی ویژن زیادہ دیکھا جاتا ہے اور خاندان کے افراد اکٹھے بیٹھ کر مختلف ٹی وی شو دیکھتے ہیں، یو اے ای کے 71 % فیس بُک صارفین کا کہنا ہے کہ وہ ٹی وی دیکھتے ہوئے بھی سماجی رابطے کی اس مقبول ویب سائٹ پر مصروف رہتے ہیں۔

    تیسرے مرحلہ

    رمضان المبارک کے دوران تیسرے اور آخری مرحلے عید کی خریداری کا ہوتا ہے، متحدہ عرب امارات کے 70فیصد رہائشیوں کا کہنا ہے کہ اپنے دوست احباب اور اہل خانہ کیلئے عید کے تخائف کا انتخاب فیس بک کے زریعے ہی کرتے ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • صارفین کو مفت فور جی سروس فراہم کرنے کا اعلان

    صارفین کو مفت فور جی سروس فراہم کرنے کا اعلان

    ممبئی: بھارتی ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین اور مینجنگ ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ اگلے تین ماہ تک صارفین کو مفت فور جی ایل ٹی ای سروس فراہم کی جائیں گی جس کے تحت صارفین مفت کالز سمیت دیگر سہولیات حاصل کرسکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ریلائنس انڈسٹری کے چیئرمین مکیش امبانی نے بھارت کے غریب صارفین کے لیے مفت فورجی ایل ٹی ای کی تمام سروسز کی مدت میں توسیع کرنے کا اعلان کردیا۔

    اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ ’’کمپنی کے صارفین کو اگلے تین ماہ تک مفت فور جی ایل ٹی ای سروسز فراہم کی جائیں گی، جس کے تحت صارفین فری وائس کالز، روزانہ کی بنیاد پر 1 جی بی فری انٹرنیٹ ڈیٹا استعمال کرسکیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ’’ہمارے کروڑوں صارفین پہلے ہی فورجی کی سروسز کو استعمال کررہے ہیں تاہم پہلے یہ سہولیات دسمبر تک تھیں مگر کمپنی نے لوگوں کی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے اس کی تاریخ میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے‘‘۔

    پڑھیں: ’’ وارد ٹیلی کام کا سیلولر موبائل لائسنس پر فورجی سروسز شروع کرنے کی خواہش ‘‘

    انہوں نے بتایا کہ  صارفین اگلے تین ماہ یعنی 31 مارچ 2017 تک ان سہولیات کو بالکل مفت استعمال کرسکیں گے تاہم کمپنی کی جانب سےعوامی مقامات پر وائی فائی ہاٹ لگائے جارہے ہیں تاکہ صارفین کو مزید بہتر خدمات دی جاسکیں۔

    خیال رہے ریلائنس جیو نے بھارت میں رواں سال ستمبر میں کام شروع کیا تھا جس کے آغاز کے ساتھ ہی وائس کالز مفت فراہم کرنے کے اعلان نے دیگر موبائل کمپنیوں کو بری طرح متاثر کیا۔