Tag: usman-buzdar

  • عثمان بزدار حکومت میں اسکولوں میں ہونے والے 58 فی صد داخلوں کی حقیقت کیا ہے؟

    عثمان بزدار حکومت میں اسکولوں میں ہونے والے 58 فی صد داخلوں کی حقیقت کیا ہے؟

    لاہور: عثمان بزدار کے دور حکومت میں پاکپتن کے اسکولوں میں ہونے والے 58 فی صد داخلوں کی حقیقت سامنے آ گئی، آڈٹ ڈیپارٹمنٹ نے داخلے مشکوک قرار دے دیے۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع پاکپتن میں طالب علموں کے سرکاری اسکولوں میں داخلوں کا ریکارڈ مشکوک قرار دے دیا گیا، اسکولوں میں داخلوں کے ریکارڈ سے متعلق پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

    آڈٹ ڈیپارٹمنٹ2021 کی رپورٹ میں پاکپتن میں سرکاری اسکولوں میں بوگس داخلوں کا انکشاف ہوا ہے، عثمان بزدار دور حکومت میں پاکپتن میں سرکاری اسکولوں میں 58 فی صد داخلوں کا ریکارڈ نہ مل سکا۔

    آڈٹ ڈیپارٹمنٹ نے ضلع پاکپتن میں سرکاری اسکولوں میں داخلوں کے ریکارڈ کے لیے مراسلے لکھے، لیکن بار بار ریکارڈ طلب کیے جانے کے باوجود ریکارڈ فراہم نہ کیا گیا، آڈٹ ڈیپارٹمنٹ کو ضلع پاکپتن میں صرف 42 فی صد داخلوں کا نادرا سے ریکارڈ مل سکا ہے۔

    پی ٹی آئی کا القادر کیس کا فیصلہ 48 گھنٹے میں چیلنج کرنے کا فیصلہ

    آڈٹ ڈیپارٹمنٹ نے 58 فی صد طالب علموں کے داخلوں کا ریکارڈ نہ ملنے پر معاملہ مشکوک قرار دے دیا ہے، ضلع پاکپتن میں سرکاری اسکولوں میں مشکوک داخلوں کی رپورٹ پنجاب اسمبلی کو بھی بھجوا دی گئی، اور سرکاری اسکولوں کے تمام داخلوں کی دوبارہ جانچ کی سفارش کی ہے۔

  • عثمان بزدار دور میں 99 ملین روپوں کی مبینہ بے ضابطگی کا انکشاف

    عثمان بزدار دور میں 99 ملین روپوں کی مبینہ بے ضابطگی کا انکشاف

    لاہور: عثمان بزدار دور میں 99 ملین روپوں کی مبینہ بے ضابطگی کا انکشاف ہوا ہے۔

    سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے دور میں ڈیرہ غازی خان میں مبینہ مالی بے ضابطگی کی رپورٹ سامنے آئی ہے، محکمہ آڈٹ پنجاب کا کہنا ہے کہ عثمان بزدار دور میں سرکاری اسکولوں میں فنڈز مبینہ طور پر غیر قانونی خرچ کیے گئے۔

    رپورٹ کے مطابق عثمان بزدار دور میں اسکولوں میں رقم خرچ کرنے کی با ضابطہ منظوری نہیں لی گئی تھی، 2020-21 میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے 99 ملین روپے مبینہ طور پر خرچ کیے، اور ان سے مبینہ طور پر فرنیچر و دیگر اشیائے ضرورت خریدی گئیں۔

    بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں انہیں ’’مشورہ‘‘ دوں گا کہ ….؟ علی محمد خان نے بتا دیا

    تاہم رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈی جی خان میں 99 ملین کی فرنیچر و دیگر اشیا کی خریداری کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ آڈٹ پنجاب کی نشان دہی پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی سے کوئی جواب نہیں آیا ہے۔

  • نیب میں پیش نہ ہونے پر عثمان بزدار کے وارنٹ گرفتاری کا امکان

    نیب میں پیش نہ ہونے پر عثمان بزدار کے وارنٹ گرفتاری کا امکان

    لاہور: آج نیب میں پیش نہ ہونے پر عثمان بزدار کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے آج نیب میں پیش نہ ہونے پر ان کے وارنٹ گرفتاری حاصل کیے جانے کا امکان ہے۔

    آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں عثمان بزدارآج نیب میں پیش ہوں گے، نیب نے عثمان بزدار کو آج دن 11 بجے طلب کر رکھا ہے، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کو آج تیرہویں مرتبہ طلب کیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ عثمان بزدار صرف 2 مرتبہ نیب میں پیش ہوئے تھے، اس لیے اگر آج وہ نیب میں پیش نہ ہوئے تو ان کے وارنٹ گرفتاری حاصل کیے جانے کا امکان ہے۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس ناقابل سماعت قرار دے دیا

    وارنٹ گرفتاری حاصل کرنے کے بعد نیب ٹیم عثمان بزدار کو گرفتار کر لے گی، ذرائع کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ نیب کسی ملزم کو طلبی کے 13 نوٹس جاری کر چکا ہے۔

  • نیب نے عثمان بزدار کے گرد گھیرا مزید تنگ کردیا

    نیب نے عثمان بزدار کے گرد گھیرا مزید تنگ کردیا

    لاہور : سابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کیخلاف قومی احتساب بیورو نے تحریک انصاف اور سیاست چھوڑنے کے اعلان کے باوجود گھیرا مزید تنگ کردیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے عثمان بزدار کے دور حکومت میں پنجاب میں ہونے والی تقرری و تبادلوں کی تحقیقات کا آغازکردیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق نیب لاہور نے کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے سیکرٹری سروسز پنجاب سے تقرری و تبادلوں سے متعلق مکمل ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔

    نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکرٹری مواصلات کو5 جون کو ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی تھی،
    تاہم سیکرٹری مواصلات نے تاحال ریکارڈ فراہم نہیں کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق عثمان بزدار دور میں افسران کے تقرری و تبادلوں پر کروڑوں روپے رشوت کا الزام ہے، تبادلوں میں فرحت شہزادی عرف فرح گوگی، سابق پرنسپل سیکرٹری طاہرخورشید بھی ملوث ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے سیاست سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا تھا۔

    کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ شرافت کی سیاست کی ہے۔ پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، انہوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ بے گناہ لوگوں کو رہا کیا جائے۔

    سابق وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ 3 سال 7 ماہ صوبے کے عوام کی خدمت کی اور اس حوالے سے میرا ضمیر مطمئن ہے۔ 14 ماہ سے اپنے خلاف مقدمات کا سامنا کر رہا ہوں۔

  • آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس: عثمان بزدار کی ضمانت میں 3 مئی تک توسیع

    آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس: عثمان بزدار کی ضمانت میں 3 مئی تک توسیع

    لاہور: سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اپنے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں لاہور کی احتساب عدالت میں پیش ہوئے، جہاں ان کی ضمانت میں 3 مئی تک توسیع کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت میں آمدن سے زائد اثاثہ جات انکوائری کیس میں، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی عبوری ضمانت سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔

    عثمان بزدار نے عدالت کے روبرو پیش ہو کر حاضری مکمل کروائی، عثمان بزدار کے وکیل کا کہنا تھا کہ سوال نامے کا جواب تیار کرلیا ہے آج نیب آفس میں جمع ہوگا۔

    احتساب عدالت کے جج نے کہا کہ فیصلہ میرٹ پر ہوگا اگر آپ کا حق بنتا ہوا تو آپ کو انصاف ملے گا، اگر میرٹ پر پورا نہیں اترتے تو ضمانت نہیں ملے گی۔

    جج نے کہا کہ اگر عثمان بزدار نے اپنے آفس کو صاف شفاف طریقے سے استعمال کیا ہے تو ٹھیک ہے، اگر اس میں کوئی غلط یا غیر قانونی کام ہوا تو رپورٹ میں لکھا جائے۔

    عثمان بزدار کی جانب سے کہا گیا کہ 20 اگست 2018 سے 16 اپریل 2022 تک وزیر اعلیٰ پنجاب کے عہدے پر رہا، اس دوران کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا۔

    عدالت نے سابق وزیر اعلیٰ کی ضمانت میں 3 مئی تک توسیع کردی۔

  • سرکاری اراضی پر بزدار ہاؤس تعمیر، عثمان بزدار کو محکمہ اینٹی کرپشن نے طلب کرلیا

    سرکاری اراضی پر بزدار ہاؤس تعمیر، عثمان بزدار کو محکمہ اینٹی کرپشن نے طلب کرلیا

    لاہور: اینٹی کرپشن پنجاب نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو طلب کرلیا، اینٹی کرپشن کے مطابق عثمان بزدار نے کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی پر قبضہ کر کے بزدار ہاؤس تعمیر کیا۔

    تفصیلات کے مطابق سرکاری اراضی پر بزدار ہاؤس کی تعمیر کے معاملے پر اینٹی کرپشن نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو طلب کر لیا، اینٹی کرپشن پنجاب نے عثمان بزدار کو 30 مارچ کو طلبی کا نوٹس جاری کیا ہے۔

    اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے فورٹ منرو میں کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی پر قبضہ کیا، قبضہ شدہ سرکاری اراضی کے 2 کنال رقبہ پر بزدار ہاؤس تعمیر کیا گیا۔

    اینٹی کرپشن کے مطابق اختیارات کے ناجائز استعمال اور عملے کی ملی بھگت سے 2 کنال کمرشل اراضی پر قبضہ کیا گیا۔

    اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ عثمان بزدار نے جعلسازی سے سرکاری اراضی پر قبضہ کیا اور قومی خزانے کو نقصان پہنچایا۔

    اینٹی کرپشن نے سابق وزیر اعلیٰ کے ساتھ ساتھ محکمہ مال کے افسران کو بھی طلبی کا نوٹس جاری کرتے ہوئے اراضی و تعمیر کا ریکارڈ طلب کیا ہے۔

  • لاہور : نیب کو عثمان بزدار کی گرفتاری سے روک دیا گیا

    لاہور : نیب کو عثمان بزدار کی گرفتاری سے روک دیا گیا

    لاہور کی احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثے کیس میں سابق وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کو گرفتار کرنے سے روک دیا،30نومبر تک عبوری ضمانت منظور کرلی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج ذوالقرنین اعوان نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی عبوری ضمانت پر سماعت کی۔

    درخواست گزار کی جانب سے مومن ملک ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ نیب نے سیاسی بنیادوں پر میرے مؤکل عثمان بزدار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی تحقیقات شروع کر رکھی ہیں۔

    وکیل کا کہنا تھا کہ ہمیں ڈر ہے کہ انہیں نیب گرفتار کرلے گا لہٰذا عدالت سے استدعا ہے کہ میرے مؤکل کی عبوری ضمانت منظور کی جائے۔

    عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر سابق وزیراعلیٰ کی 30نومبر تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے نیب کو انہیں گرفتار کرنے سے روک دیا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل سردار عثمان بزدار نے شراب لائسنس کیس میں احتساب عدالت سے ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔

  • پنجاب کا بجٹ : عثمان بزدار نے “تلاش گمشدہ” کا اشتہار ٹویٹ کردیا

    پنجاب کا بجٹ : عثمان بزدار نے “تلاش گمشدہ” کا اشتہار ٹویٹ کردیا

    لاہور : پنجاب میں وزیرخزانہ مقرر نہ کرنے پر سابق وزیراعلی عثمان بزدار نے طنز کرتے ہوئے “تلاش گمشدہ” کا اشتہار ٹویٹ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کا بجٹ کون پیش کرے گا ، اس کا فیصلہ اب تک نہ ہوسکا، سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر “تلاش گمشدہ”کا اشتہار شیئر کرتے ہوئے کہا پنجاب کا وزیرخزانہ نے بجٹ 13جون کو پیش کرنا ہے اس کا نام فائنل نہیں ہوا، جس کوبھی معلومات ہوں پنجاب اسمبلی سےرابطہ کرے۔

    خیال رہے ملک کا سب سے بڑا صوبہ پنجاب تاحال وزیر خزانہ کی خدمات سے محروم ہے جبکہ رواں ماہ صوبے کا بجٹ بھی پیش کیا جائے گا، وزیر خزانہ کون ہوگا؟ فیصلہ تاحال نہیں کیا جاسکا ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی جانب سے میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان کا نام بطور وزیرخزانہ سامنےآیا ہے جبکہ پیپلزپارٹی کی جانب سے مخدوم عثمان محمود کا نام زیر گردش ہے، دونوں جماعتوں کی جانب سے وزیر خزانہ نامزد کرنے پر چہ مگوئیاں شروع ہوگئیں ہیں۔

    یاد رہے صوبہ پنجاب کا آئندہ مالی سال کے لیے بجٹ پیر 13 جون کو پیش کیا جائیگا جس کے لیے اسمبلی اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔

  • عثمان بزدار کا استعفیٰ آرٹیکل 130 کی شق 8 کی خلاف ورزی ہے: ایڈووکیٹ جنرل پنجاب

    عثمان بزدار کا استعفیٰ آرٹیکل 130 کی شق 8 کی خلاف ورزی ہے: ایڈووکیٹ جنرل پنجاب

    لاہور: ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا ہے کہ عثمان بزدار کا استعفیٰ آرٹیکل 130 کی شق 8 کی خلاف ورزی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے معاملے پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے گورنر پنجاب کے خط کا جواب دے دیا۔

    اے جی پنجاب نے خط میں کہا ہے کہ عثمان بزدار کا استعفیٰ آرٹیکل 130 کی شق 8 کی خلاف ورزی ہے، عثمان بزدار کا استعفیٰ غلط منظور کیا گیا۔

    واضح رہے کہ گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے اے جی سے عثمان بزدار کے استعفے پر آئینی رائے مانگی تھی، اے جی پنجاب کے جواب کے بعد گورنر پنجاب نے آئینی ماہرین کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔

    گورنر پنجاب نے کہا کہ اجلاس میں آئینی ماہرین شرکت کریں گے، اجلاس میں اے جی پنجاب کے جواب کا جائزہ لے کر آئین کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔

  • پنجاب کے ترقیاتی پروگرام میں غیر معمولی اضافہ

    پنجاب کے ترقیاتی پروگرام میں غیر معمولی اضافہ

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ صوبے میں ترقیاتی پروگرام کا حجم 645 ارب روپے تک بڑھایا گیا، یہ صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا ڈویلپمنٹ پروگرام ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ ترقیاتی پروگرام میں غیر معمولی اضافے کا اعزاز ہماری حکومت کو حاصل ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ترقیاتی پروگرام 22-2021 کے حجم میں 85 ارب روپے کا اضافہ ہوا، اضافے سے ترقیاتی پروگرام کا حجم 645 ارب روپے تک بڑھایا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ یہ صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا ڈویلپمنٹ پروگرام ہے، اسکیموں کے آغاز سے مکمل ہونے کا ٹائم فریم مرتب کیا گیا اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کے فنڈز کا بروقت اور شفاف استعمال یقینی بنایا گیا۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب کے تاریخ ساز ترقیاتی پروگرام پر عملدر آمد کی خود نگرانی کی، فنڈز لیپس کے منفی کلچر کی بھی حوصلہ شکنی کی گئی۔