لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ نقصان کے ازالے اور ریلیف کے لیے ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو فعال کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے قدرتی آفات سے آگاہی اور بچاؤ کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کےاستعمال سے قدرتی آفات کے نقصان کو کم کیا جاسکتا ہے۔
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ نقصان کے ازالے اور ریلیف کے لیے ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو فعال کیا، قدرتی آفات میں عوام کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمے داری ہے۔
پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج قدرتی آفات سے بچاؤ کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ یہ دن 1978 سے ہر سال 13 اکتوبر کو منایا جاتا ہے، اس دن کو منانے کا مقصد قدرتی آفات، ناگہانی سانحات، سیلاب، زلزلے، وبائی امراض پھوٹنے سمیت دیگر ایسے ہی واقعات کے بارے میں عوام کو مختلف عوامل سے آگاہ کرنا ہے۔
اس دن کے حوالے سے تنظیم شہری دفاع، رضاکاروں تنظیموں، ریسکیو آرگنائزیشنز، سماجی تنظیموں کے زیر اہتمام تقریبات کی جاتی ہیں جبکہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے آگاہی کی غرض سے پمفلٹ اور معلوماتی لٹریچر بھی تقسیم کیا جاتا ہے۔
دنیا بھر میں قدرتی آفات، زلزلوں، سیلاب، سونامی اور آتش فشاں پھٹنے سے لاکھوں قیمتی جانیں ضائع ہوجاتی ہیں۔