Tag: usman-buzdar

  • ‘آج تحریک انصاف ایوان بالامیں اکثریتی جماعت بن کر ابھرے گی’

    ‘آج تحریک انصاف ایوان بالامیں اکثریتی جماعت بن کر ابھرے گی’

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ آج سچ کی جیت ہوگی،جھوٹ کی سیاست کو ہزیمت کاسامنا کرناپڑے گا اور تحریک انصاف ایوان بالامیں بھی اکثریتی جماعت بن کر ابھرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ایوان بالاکی37نشستوں کےامیدواروں کاانتخاب آج ہورہا ہے ، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آج سچ کی جیت ہوگی،جھوٹ کی سیاست کو ہزیمت کاسامنا کرناپڑےگا ، عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی شفاف سیاست کی علمبردار ہے۔

    اپوزیشن کا پوراٹولہ کرپشن میں لت پت ہے اور ان کا ماضی بھی داغدار ہے اور حال بھی ،ویڈیو نےکرپٹ ٹولے کی کرپٹ پریکٹسز کاپردہ چاک کردیا۔

    منڈیا ں لگاکرخریدو فروخت کرنےوالوں کے چہرے بےنقاب ہو گئے، سیاسی بیوپاریوں کی دال اب نہیں گلے گی، تحریک انصاف ایوان بالامیں بھی اکثریتی جماعت بن کر ابھرے گی، ارکان اسمبلی کبھی بھی بہروپیوں کوووٹ نہیں دیں گے۔

    ویڈیو نےسیاسی سوداگروں کی سودےبازی پرمہرتصدیق ثبت کر دی ، سیاست خدمت کانام ہے،خریدوفروخت کرنے والوں نےبدنامی کمائی، سینٹ الیکشن کےبعد سیاسی سوداگر منہ چھپاتے پھیریں گے۔

    خیال رہے عوامی نمائندے ایوان بالا کی سینتیس نشستوں کے امیدواروں کا فیصلہ کریں گے، قومی اسمبلی میں دو، سندھ اسمبلی میں گیارہ، خیبرپختونخوا اسمبلی میں بارہ اور بلوچستان اسمبلی میں بھی بارہ سینیٹرز کاانتخاب ہوگا۔

    پنجاب سے سات جنرل نشستوں، دو خواتین اوردو ٹیکنوکریٹ نشستوں پرتمام گیارہ امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔

  • بلوچ کلچر ڈے کو شایان شان طریقے سے منانے کا فیصلہ

    بلوچ کلچر ڈے کو شایان شان طریقے سے منانے کا فیصلہ

    لاہور :‌ پنجاب بھر میں بلوچ کلچر ڈے کو شایان شان طریقے سے منانے کا فیصلہ کرلیا گیا، عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ بلوچ کلچر ڈے منانے سے بین الصوبائی ہم آہنگی کو فروغ ملے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھائی چارے اور قومی یکجہتی کو فروغ دینے کیلئے احسن اقدام کرتے ہوئے پنجاب بھر میں بلوچ کلچر ڈے کو شایان شان طریقے سے منانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    صوبے بھرمیں 2مارچ کو بلوچ کلچرڈے پر تقریبات کاانعقاد ہوگا ، جس میں ثقافتی شوزاورکلچرل تقریبات منعقدہوں گی ، تقریبات میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے فنکاربھی پرفارم کریں گے۔

    اس حوالے سے عثمان بزدار نے کہا بلوچ کلچر ڈے منانے سے بین الصوبائی ہم آہنگی کو فروغ ملے گا، پنجاب حکومت کااقدام بلوچ بہن بھائیوں کیلئےخیرسگالی کے جذبات کاحامل ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ہم سب پاکستانی ہیں اور ایک ہی لڑی میں پروئےہوئےہیں، بلوچ کلچرڈےکےذریعےاتحاد و یگانگت اور بھائی چارے کی فضا کو فروغ ملے گا۔

    بلوچستان میں بسنے والے ہمارے بہن بھائی محب وطن ہیں، پنجاب اور بلوچستان کی مشترکہ سرحدیں محبت اور پیار کی آئینہ دار ہیں، بلوچستان رقبےکے لحاظ سے پاکستان کا بڑا صوبہ ہے اور قدیم ثقافت کا امین ہے۔

  • سینیٹ انتخابات : ‘تحریک انصاف نے  اپنے امیدواروں کو کامیاب کرانے کیلئے حکمت عملی طے کر لی’

    سینیٹ انتخابات : ‘تحریک انصاف نے اپنے امیدواروں کو کامیاب کرانے کیلئے حکمت عملی طے کر لی’

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ اپنے امیدواروں کوکامیاب کرانےکیلئےحکمت عملی طےکر لی ہے ، انشااللہ سینیٹ الیکشن میں اکثریتی پارٹی بن کر سامنے آئیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے پی ٹی آئی کے چیف آرگنائزر سیف اللہ اور وفد کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں سیاسی صورتحال، پارٹی امور اور سینیٹ کے انتخابات پر گفتگو کی گئی۔

    عثمان بزدار نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں منڈیاں لگانے والوں کوناکامی کا سامناکرنا پڑے گا، اوپن بیلٹ کی مخالفت کرنے والوں کوشکست نظر آ رہی ہے، ہارے ہوئے عناصر کو ایک بار پھر منہ کی کھانی پڑے گی۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ الیکشن میں شفافیت کےلیےاوپن بیلٹ ضروری ہے، اپنے امیدواروں کوکامیاب کرانےکیلئےحکمت عملی طےکر لی ، انشااللہ سینیٹ الیکشن میں اکثریتی پارٹی بن کر سامنے آئیں گے، عوام اپوزیشن عناصر کے دوغلے چہروں کو پہچان چکے ہیں۔

    اس موقع پر سیف اللہ خان نیازی نے کہا کہ وزیراعظم اورآپ نےحکومتی امور میں شفافیت کی مثال قائم کی ، عوام کوتحریک انصاف کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے۔

    پی ٹی آئی کے چیف آرگنائزر کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا منفی بیانیہ پٹ چکا ہے، اوپن بیلٹ کی مخالفت سے ان کےچہرے سے لبادہ اتر چکا ہے، یہ لوگ صرف پیسے کی سیاست کرنے کےعادی ہیں۔

  • پی ٹی آئی ایم پی اے کی پرویز الہٰی سے وزیر اعلیٰ کی شکایت

    پی ٹی آئی ایم پی اے کی پرویز الہٰی سے وزیر اعلیٰ کی شکایت

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رکن اسمبلی خواجہ محمد داؤد سلیمانی نے چوہدری پرویز الہٰی سے وزیر اعلیٰ پنجاب کی شکایت کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہٰی سے پی ٹی آئی کے ایم پی اے خواجہ محمد داؤد سلیمانی نے ملاقات کی، رکن صوبائی اسمبلی کا کہنا تھا وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو اقتدار میں آئے ڈھائی سال گزر چکے ہیں لیکن ہمارا معاملہ حل نہیں ہوا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق چوہدری پرویز الہٰی نے پی ٹی آئی رکن اسمبلی سے کہا کہ اکیلے آپ ہی نہیں اور بھی بہت سے دوستوں کی شکایات ہیں۔

    تحریک انصاف کے ایم پی اے داؤد سلیمانی نے ملاقات میں اسپیکر پرویز الہٰی کو بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ہمارے 8 ماہ قبل اختلافات پیدا ہوئے تھے، آپ نے ہمارے درمیان صلح کرائی تھی، جو معاہدہ ہوا اس کی گارنٹی بھی آپ نے دی تھی۔

    ایم پی اے نے مزید کہا ہمارے ساتھ جو وعدہ کیا گیا تھا ہر کام اس کے الٹ ہو رہا ہے، اس وقت کرپشن اور اقربا پروری عروج پر ہے.

    ایم پی اے پی ٹی آئی نے کہا پنجاب میں ڈکیتی، چوری کی وارداتیں پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہیں، کوئی پرسان حال نہیں ہے، ڈی جی خان کی ساری انتظامیہ کسی کی بات نہیں سنتی، 15 سے 20 ایم پی اے وزیر اعلیٰ سے اختلاف رکھتے ہیں جو ہمارے ساتھ ہیں۔

    اسپیکر ہونے کے ناطے آپ کا فرض ہے کہ ہماری داد رسی کریں، آج مجبور ہو کر داد رسی کے لیے آنا پڑا ہے۔

    ان کا کہنا تھا اب جو بھی معاملات طے ہوں گے چودھری پرویزالہٰی کے ساتھ ہوں گے، چوہدری پرویز الہٰی نے کہا میں نے پہلے بھی سمجھایا تھا اب بھی سمجھانے کی کوشش کروں گا۔

  • ماضی میں کرپشن نہ کی جاتی تو پاکستان ترقی یافتہ ملک ہوتا، عثمان بزدار

    ماضی میں کرپشن نہ کی جاتی تو پاکستان ترقی یافتہ ملک ہوتا، عثمان بزدار

    لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب سے کرپشن سے معتلق کہا کہ کرپشن کرنے والے ملک و قوم کے مجرم ہیں، سیاست کو ذاتی کمائی کا ذریعہ بنانا عوام سے ظلم کے مترادف ہے۔

    ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کرپشن سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نےکہا کہ کرپشن پاکستان کا سب سے بڑا المیہ ہے، سابق ادوار میں سیاست کو کرپشن سے آلودہ کیا گیا اور ماضی میں بے دردی سے قومی وسائل کو لوٹا گیا۔

    عثمان بزدار نے کہا کہ سیاست کو ذاتی کمائی کا ذریعہ بنانا عوام سے ظلم کے مترادف ہے، کرپشن کے مضر اثرات سے پورا معاشرہ تباہ ہوتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں کرپشن نہ کی جاتی تو پاکستان ترقی یافتہ ملک ہوتا، کرپشن سے معاشرے کو تباہ کرنے والوں کو تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی۔

    وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعظم کرپشن سے پاک نئے پاکستان کےلیے انتھک محنت کررہے ہیں، قوم اس نیک مقصد میں جرات مند لیڈر عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

  • لاہور کے بعد راولپنڈی میں بھی ڈبل ڈیکر بسیں متعارف کروانے کا اعلان

    لاہور کے بعد راولپنڈی میں بھی ڈبل ڈیکر بسیں متعارف کروانے کا اعلان

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ چاہتے ہیں کہ پنجاب پاکستان کا سیاحتی مرکز بنے، لاہور کے بعد راولپنڈی میں بھی ڈبل ڈیکر بسوں کو متعارف کروا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ آج کا دن سیاحت کے حوالے سے اہم ہے، ورلڈ بینک کے تعاون سے 83 کروڑ روپے سے 6 نئی سڑکیں بنائی جا رہی ہیں، سیاحت پر ورلڈ بینک کا فوکس ہے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں چکوال میانوالی کو فوکس کیا جا رہا ہے، اس کے بعد روہتاس اور لاہور قلعے پر کام کیا جائے گا۔ والڈ سٹی اتھارٹی 4.5 ارب سے شہر میں کام کر رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اوکاڑہ میں چاکر اعظم رند کے مقبرے پر کام شروع کر دیا گیا، 176 ریسٹ ہاؤسز کی آن لائن بکنگ ہو رہی ہے۔ لاہور کے بعد راولپنڈی میں بھی ڈبل ڈیکر بسوں کو متعارف کروا رہے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ٹور ازم ڈپارٹمنٹ کے فنڈز میں کمی نہیں آنے دیں گے، محکمہ آبپاشی کی جانب سے ٹور ازم ڈپارٹمنٹ کو اثاثے منتقل کیے ہیں، سیاحت کے ساتھ ثقافت کو بھی پروموٹ کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں پنجاب پاکستان کا سیاحتی مرکز بنے، سیاحت سے بہت زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے "ارطغرل غازی” کی ملاقات

    وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے "ارطغرل غازی” کی ملاقات

    لاہور : ترکی کے مشہور ڈرامے ”ارطغرل غازی “میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار انگین التان نے سردار عثمان بزدار سے ملاقات کی۔

    وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی ترک ڈرامے ارطغرل غازی کے دلدادہ نکلے،ترک ڈرامے کے مرکزی کردار اینگن التان کی پاکستان  آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

    اس موقع پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے اداکار اینگن التان نے خصوصی ملاقات کی،  وزیراعلیٰ نے ترکش اداکار اینگن التان سے گفتگو کرتے ہوئے ان کی اداکاری کی تعریف کی، اس موقع پر اینگن التان نے پاکستانیوں کی اپنے لیے محبت پر وزیراعلیٰ سے اظہار تشکر بھی کیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز ترک اداکار انگین التان نے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران لاہور شہر کی شان بیان کرنے کے لیے مشہور زمانہ جملہ” لاہور لاہور اے "بھی بولا تھا ۔

    ’ارطغرل غازی‘ نے  لاہور میں منعقد ہونےو الی تقاریب میں شرکت کی جبکہ انہوں نے شہر کے مختلف مقامات کا دورہ بھی کیا، اس دوران انہوں نے نجی ہوٹل میں پاکستانی اور ترکش کھانے بھی کھائے۔

    مزید پڑھیں : ارطغرل غازی کی پاکستان آمد، پرتپاک استقبال

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے، یہاں آکر خوشی ہوئی، لاہور کے کھانے بہت لذیذ تھے لیکن ان میں مرچیں تھوڑی زیادہ تھیں۔

    ترک اداکار کا کہنا تھا کہ ترکی اور پاکستان میں اچھے برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان کے لوگ میرے کردار کے باعث مجھ سے محبت کرتے ہیں، میں پاکستانیوں کی محبت اور نیک خواہشات پر ان کا مشکور ہوں۔

  • پی ٹی آئی حکومت کا کارنامہ : سیالکوٹ میں اربوں روپے کے منصوبوں کا آغاز

    پی ٹی آئی حکومت کا کارنامہ : سیالکوٹ میں اربوں روپے کے منصوبوں کا آغاز

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے کہا ہے کہ سیالکوٹ میں17ارب کی لاگت سے نئے منصوبے شروع کئے جارہے ہیں، ایک ہزارایکڑ اراضی پر مشتمل نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کی خوشخبری جلد سنائیں گے۔

    یہ بات انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، عثمان بزدار نے کہا کہ سیالکوٹ کے لوگوں کو اپنی ایئرلائن سیال ایئر کے آغاز پر مبارکباد دیتا ہوں، سیالکوٹ کے شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت پہلا ایئرپورٹ بنایا۔

    انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ نے اب ایئرلائن کا آغاز کرکے قابل تقلید مثال قائم کی ہے، سیالکوٹ میں17ارب کی لاگت سے منصوبے شروع کئے جارہے ہیں، ان منصوبوں سے سیالکوٹ شہر کےمسائل حل ہوں گے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اب سیالکوٹ میں بسنے والے شہریوں کا معیار زندگی بہتر ہوگا کیونکہ یہاں عوام کی سہولت اور ٹریفک کی روانی کیلئے رنگ روڈ بنایا جارہا ہے۔

    اس کے علاوہ سیالکوٹ میں5ارب روپے کی لاگت سے مدر اینڈ چائلڈ اسپتال بنایا جائے گا،500بستروں پر مشتمل جنرل اسپتال بھی جلد بنے گا، وزیراعظم اپنےاگلے دورے میں اس اسپتال کاسنگ بنیاد رکھیں گے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ وزیراعظم نے سیالکوٹ کیلئے ٹیکنیکل یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے، اس یونیورسٹی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر فنڈزفراہم کریں گے اس کے علاوہ ایک ہزارایکڑ اراضی پر مشتمل نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کی خوشخبری جلد دیں گے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمال انڈسٹریز کارپوریشن کی2انڈسٹریل اسٹیٹس چل رہی ہیں، تیسری انڈسٹریل اسٹیٹ پربھی جلد کام شروع کیا جائے گا،2021تک پنجاب کےہرشہری کوہیلتھ کوریج دیں گے، سیالکوٹ سمیت ہر شہر کے مسائل حل کرینگے اور ترقی کا سفر جاری رہے گا۔

  • لاہور میں یونیورسٹی آف چلڈرن ہیلتھ سائنسز بنانے کی منظوری

    لاہور میں یونیورسٹی آف چلڈرن ہیلتھ سائنسز بنانے کی منظوری

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں یونیورسٹی آف چلڈرن ہیلتھ سائنسز بنانے کی منظوری دے دی گئی، یونیورسٹی سے پنجاب بھر میں بننے والے تمام مدر اینڈ چائلڈ کیئر اسپتالوں کو منسلک کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ پنجاب کی تقریباً 48 فیصد آبادی 18 سال سے کم ہے لیکن ہماری جامعات میں پیڈیا ٹرکس اسپیشلائزیشن کی سیٹیں نہ ہونے کے برابر ہیں۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہم نے لاہور میں یونیورسٹی آف چلڈرن ہیلتھ سائنسز بنانے کی منظوری دے دی ہے، یونیورسٹی سے پنجاب بھر میں بننے والے تمام مدر اینڈ چائلڈ کیئر اسپتالوں کو منسلک کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ صوبہ پنجاب میں صحت و تعلیم کا شعبہ بہتری کی جانب گامزن ہے، گزشتہ روز پنجاب یونیورسٹی کے 3 پروفیسرز کو دنیا کے بہترین 2 فیصد محققین میں شامل کر لیا گیا۔

    اسٹینفورڈ یونیورسٹی کیلی فورنیا کی جاری کر دہ فہرست کے مطابق پنجاب یونیورسٹی کے ڈین فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز کے ڈاکٹر خالد محمود، ڈین فیکلٹی آف سائنس ڈاکٹر محمد شریف اور شعبہ میتھمیٹکس کے ڈاکٹر محمد اکرم دنیا کے بہترین 2 فیصد محققین میں شامل ہوگئے۔

    بہترین محققین کی عالمی درجہ بندی میں تمام شعبوں سے 1 لاکھ 60 ہزار محققین کو شامل کیا گیا ہے۔

  • ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والے اپنا وقت بھول گئے، عثمان بزدار

    ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والے اپنا وقت بھول گئے، عثمان بزدار

    حافظ آباد : وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب کو ایک ماڈرن صوبہ بنائیں گے، ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والے اپنا دور بھول گئے۔

    حافظ آباد میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا جلسے سے خطاب میں کہنا تھا کہ ہم پوری دیانت داری سے عوام کی خدمت کررہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ پنجاب کو ایک ماڈرن صوبہ بنائیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ صوبے کے تمام علاقوں میں برابر ترقیاتی کام ہوں، شمالی اور جنوبی پنجاب سمیت سب کو ان کاحق دینا چاہتے ہیں، ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والے اپنا دور بھول گئے۔

    ،عثمان بزدار نے اپنے خطاب میں کہا کہ جلسہ گاہ آنے پر حافظ آباد کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں، قوم مسئلہ کشمیر پر واضح مؤقف اختیار کرنے پر وزیراعظم کی شکر گزار ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہی عوام کو سکھایا کہ اپنا حق کیسے مانگا جاتا ہے، وزیراعظم نے اصولی سیاست کی اور ذاتی مفادات کو بیچ میں نہ آنے دیا۔

    قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان نے حافظ آباد جاتے ہوئے پہلے پاکپتن میں بابا فرید گنج شکر ؒ کے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی جس کے بعد وہ واپس حافظ آباد آئے۔