Tag: usman-buzdar

  • وزیر اعلیٰ پنجاب کا تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال دیپال پور کا دورہ

    وزیر اعلیٰ پنجاب کا تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال دیپال پور کا دورہ

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال دیپال پور اور گندم خریداری مرکز کا دورہ کیا اور سہولیات کا جائزہ لیا، انہوں نے کہا کہ آزمائش عارضی ہے، انشا اللہ سرخرو ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال دیپال پور کا دورہ کیا، وزیر اعلیٰ نے کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا اور مرد اور خواتین کے آئسولیشن وارڈز کا بھی معائنہ کیا۔

    اس موقع پر وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، منتخب نمائندے، انتظامیہ اور پولیس فرائض جاری رکھے ہوئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ذمہ داری بڑھ گئی ہے، فرائض کو عبادت سمجھ کر انجام دینا ہوگا، ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی خدمات لائق تحسین ہیں۔ حفاظتی اقدامات عوام کے تحفظ کے لیے اٹھائے گئے ہیں۔ لوگ زندگی کو محفوظ بنانے کے لیے حکومتی اقدامات کی پابندی کریں۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ آزمائش عارضی ہے، انشا اللہ سرخرو ہوں گے، آزمائش کی گھڑی میں عوام کو حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے۔

    وزیر اعلیٰ نے دیپال پور میں گندم خریداری مرکز کا بھی معائنہ کیا اور کاشت کاروں کے لیے مہیا کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا۔

    سینٹر پر موجود کاشت کاروں نے وزیر اعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی حکومت نے ہماری سہولت کے لیے بہترین انتظامات کیے ہیں، گندم خریداری مرکز پر ایسے شاندار انتظامات پہلے نہیں دیکھے، سینٹر پر کسان سہولت کے ساتھ اپنی گندم فروخت کر رہے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ کاشت کاروں کے مفادات کا تحفظ ہر صورت کیا جائے گا، خریداری گندم مہم میں گرداوری کی شرط ختم کر دی گئی ہے، ناپ تول میں کمی سمیت کسی قسم کی شکایت پیدا نہیں ہونی چاہیئے، جہاں سے بھی کوئی شکایت آئی سخت ایکشن لیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ خریداری مراکز پر سینی ٹائزر کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔

  • وزیر اعلیٰ پنجاب کا بغیر پروٹوکول شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ

    وزیر اعلیٰ پنجاب کا بغیر پروٹوکول شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور جزوی لاک ڈاؤن کی صورتحال کا جائزہ لیا، انہوں نے اپنے فرائض انجام دینے والے اہلکاروں کو شاباشی بھی دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے رات گئے بغیر پروٹوکول لاہور کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے سیکیورٹی کے بغیر مختلف مارکیٹوں اور شاہراہوں کا دورہ کیا۔

    اس دوران وزیر اعلیٰ پنجاب نے خود گاڑی ڈرائیو کی اور جزوی لاک ڈاؤن کی صورتحال کا جائزہ لیا، وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے ناکے پر فرائض انجام دینے والے اہلکاروں کو شاباش دی۔

    اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ تاجر برادری نے حکومتی فیصلے پر عملدر آمد کر کے قومی ذمہ داری نبھائی ہے، قانون نافذ کرنے والے اہلکار اپنے فرائض جانفشانی سے ادا کر رہے ہیں، شہری کرونا سے محفوظ رہنے کے لیے گھروں میں رہیں۔

    وزیر اعلیٰ نے بعض سڑکوں پر زیادہ ٹریفک پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے دوروں سے زمینی حقائق سے آگاہی ملتی ہے، ہم آزمائش کے وقت عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ میرا ہر لمحہ اپنے عوام کو کرونا سے بچانے کے لیے وقف ہے۔

  • بے روزگاری کا سامنا کرنے والوں کی پریشانی کا ادراک ہے: وزیر اعلیٰ پنجاب

    بے روزگاری کا سامنا کرنے والوں کی پریشانی کا ادراک ہے: وزیر اعلیٰ پنجاب

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے وزرا و مشیران کے نام خط میں کہا ہے کہ یقین ہے کہ ہم جلد اس مرض پر قابو پانے میں کامیاب ہوجائیں گے، بے روزگاری کا سامنا کرنے والے لوگوں کی پریشانیوں کا ادراک ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبائی وزرا، مشیران اور معاونین خصوصی کے نام مراسلہ روانہ کیا ہے، مراسلے میں انہوں نے لکھا ہے کہ وطن کرونا وائرس کی وجہ سے غیر معمولی حالات سے گزر رہا ہے، پنجاب کے عوام بھی کرونا سے متاثر ہو رہے ہیں۔

    عثمان بزدار نے وزرا اور مشیران سے کہا کہ امید ہے آپ اپنی تمام تر کوششیں صورتحال سے نمٹنے کے لیے بروئے کار لائیں گے، حکومت پنجاب نے کرونا کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے ہیں، یقین ہے ہم جلد اس مرض پر قابو پانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

    اپنے مراسلے میں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کو حفاظتی سامان کی فراہمی میں پنجاب لیڈ لے رہا ہے، پنجاب جلد روزانہ 10 ہزار ٹیسٹ کی صلاحیت حاصل کرلے گا۔ قرنطینہ مراکز، آئسولیشن وارڈز، ہائی ڈپنڈنسی یونٹس قائم کیے جا چکے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ بے روزگاری کا سامنا کرنے والے لوگوں کی پریشانیوں کا ادراک ہے، احساس پروگرام سے مستحق افراد کو رقوم کی ادائیگی شروع ہوچکی ہے، ذخیرہ اندوزی مصد گرائ فروشی سے عام آدمی کو معاشی تکالیف کا سامنا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ عوامی نمائندوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ انتظامیہ سے رابطہ رکھیں۔

  • ڈیرہ غازی خان قرنطینہ سے 755 زائرین صحتیابی کے بعد گھر واپس لوٹ گئے

    ڈیرہ غازی خان قرنطینہ سے 755 زائرین صحتیابی کے بعد گھر واپس لوٹ گئے

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر ڈیرہ غازی خان کے قرنطینہ سے 175 کرونا وائرس کے مریضوں سمیت 755 زائرین صحت یابی کے بعد گھر واپس لوٹ گئے، ڈی جی خان قرنطینہ میں اب صرف 74 زائرین رہ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ڈیرہ غازی خان قرنطینہ سے 755 زائرین صحت یاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ان میں سے 175 کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا تاہم انہوں نے بھی کرونا وائرس کو شکست دے دی۔ ڈی جی خان قرنطینہ میں اب صرف 74 زائرین رہ گئے ہیں جن کی بہترین نگہداشت کی جارہی ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ مقامی انتظامیہ، پولیس اور طبی عملہ تعریف کا مستحق ہے جو اس مشکل وقت میں زائرین کی بہترین نگہداشت کر رہا ہے اور ان کا خیال رکھ رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم متحد ہو کر اس وبا کو شکست دیں گے۔

    خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان میں اب تک 5 ہزار 38 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص کی جا چکی ہے جبکہ ملک بھر میں وائرس کے باعث 86 اموات ہو چکی ہیں۔

  • 2 ہفتے میں ٹیسٹ کی استعداد 5 ہزار سے زائد ہوجائے گی: وزیر اعلیٰ پنجاب

    2 ہفتے میں ٹیسٹ کی استعداد 5 ہزار سے زائد ہوجائے گی: وزیر اعلیٰ پنجاب

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ 62 کروڑ روپے ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کو دے دیے ہیں، آئندہ 2 ہفتے میں ٹیسٹ کی استعداد 5 ہزار سے زائد ہوجائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سینٹرل پی سی آر لیب کا دورہ کیا، لیب میں کرونا وائرس ٹیسٹ کے لیے بی ایس ایل لیول تھری پر کرونا ٹیسٹ کیے جاتے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ نے پرسنل پروٹیکشن ایکوپمنٹ پہن کر لیب کا دورہ کیا اور کرونا ٹیسٹ کے مختلف مراحل کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے لیب میں کام کرنے والے عملے سے طریقہ کار بھی دریافت کیا۔

    عثمان بزدار نے سیکریٹری سیکنڈری ہیلتھ کیئر اور لیب اسٹاف کی خدمات کو سراہا۔

    اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ بی ایس ایل لیول تھری لیب کا قیام خوش آئند ہے، 62 کروڑ روپے ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کو دے دیے ہیں۔ چینی ڈاکٹرز کے ساتھ ہماری ملاقات ہوئی، ان کے تجربے سے استفادہ کیا۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ چینی ڈاکٹرز نے پنجاب حکومت کے اقدامات کو سراہا ہے، چینی ڈاکٹرز کا بھی یہی مؤقف ہے کہ سماجی رابطوں سے اجتناب کیا جائے۔ چینی ڈاکٹرز نے ہماری رہنمائی کی یقین دہانی کروائی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مختلف علاقوں میں فیلڈ اسپتال بھی آج سے فعال ہوجائیں گے، آئندہ 2 ہفتے میں ٹیسٹ کی استعداد 5 ہزار سے زائد ہوجائے گی۔ پیکج کے تحت 25 لاکھ خاندانوں کو فی کس 4 ہزار روپے دیے جائیں گے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبے میں کسی اسکول کو ٹیچرز یا اسٹاف کو نکالنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

  • کرونا وائرس کے سدباب کے لیے چین کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے: عثمان بزدار

    کرونا وائرس کے سدباب کے لیے چین کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے: عثمان بزدار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے چین کے ڈاکٹروں اور ماہرین کے وفد سے ملاقات کے دوران کہا کہ چین نے کرونا وائرس پر کم از کم وقت میں قابو پا کر مثال قائم کی، کرونا کے سدباب کے لیے چین کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے چین کے ڈاکٹروں اور ماہرین کے وفد کی ملاقات ہوئی، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

    ملاقات میں کرونا کی وبا کے خلاف دو طرفہ تعاون اور مشترکہ کاوشوں کو فروغ دینے پر اتفاق ہوا۔ وفد کی جانب سے پنجاب حکومت کے حفاظتی اقدامات اور علاج کے ایس او پیز کو مؤثر قرار دیا گیا۔

    ملاقات کے دوران سیکریٹری پرائمری و سکینڈری ہیلتھ نے صوبہ بھر میں مریضوں کے اعداد و شمار کے بارے میں بریفنگ دی۔

    چینی وفد کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کرونا کے خلاف حکومت کے اقدامات مؤثر ثابت ہو رہے ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب نے فوری اور تیز رفتاری سے صحیح سمت میں اقدامات کیے۔ عوام کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات قابل تحسین ہیں۔

    وفد میں شامل چینی ڈاکٹر مامنگ ہوئی نے کہا کہ گرمی میں بھی کرونا وائرس کے پھیلنے کے امکان کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

    وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ چین قابل اعتماد دوست ہے، جس نے ہر مشکل وقت میں ساتھ دیا۔ چین نے کرونا وائرس پر کم از کم وقت میں قابو پا کر مثال قائم کی۔ کرونا کے سدباب کے لیے چین کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ چینی ڈاکٹروں کے مشورے اور سفارشات پر عمل کریں گے۔ کرونا کی وبا سے نمٹنے کے لیے چین کے تعاون کی قدر کرتے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ نے چینی ڈاکٹروں اور چیف نرس کی جانب سے تعاون کی یقین دہانی پر اظہار تشکر بھی کیا۔

  • پنجاب میں مستحقین کو ڈیڑھ ارب روپے منتقل کردیے گئے

    پنجاب میں مستحقین کو ڈیڑھ ارب روپے منتقل کردیے گئے

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ معاشی پیکج کے تحت 1 لاکھ 70 ہزار سے زائد مستحقین کو ڈیڑھ ارب روپے کی منتقلی کردی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ 1 لاکھ 70 ہزار سے زائد مستحقین کو زکوٰۃ کی رقم فوری منتقلی کی ہدایت کی ہے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ باقی ڈیٹا بھی جلد از جلد حاصل کر کے اس کی تصدیق کی تاکید کی ہے، انشا اللہ ہم مشکل کی اس گھڑی میں شہریوں کی ہر ممکن مدد کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ الحمد اللہ ان تمام افراد کو 24 گھنٹے کے اندر شفاف طریقے سے ڈیڑھ ارب روپے ان کے موبائل فون نمبرز اور شناختی کارڈ نمبرز پر منتقل کر دیے گئے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ بائیو میٹرک ویری فکیشن کے بعد یہ رقم کسی بھی موبائل فون شاپ سے نکلوائی جاسکتی ہے۔

    خیال رہے کہ پنجاب حکومت نے کرونا وائرس سے متاثرہ حلقوں میں 25 لاکھ خاندانوں کے لیے 10 ارب روپے کا پیکج متعارف کروایا تھا، پیکج میں کرونا وائرس سے متاثرہ ڈیلی ویجرز کو ماہانہ 4 ہزار روپے کی ادائیگی بھی شامل تھی۔

  • صوبے میں پاک فوج کی مدد طلب کر رہے ہیں: وزیر اعلیٰ پنجاب

    صوبے میں پاک فوج کی مدد طلب کر رہے ہیں: وزیر اعلیٰ پنجاب

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ صوبے میں پاک فوج کی مدد طلب کر رہے ہیں، پوری سول انتظامیہ کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے متحرک ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیکشن 245 کے تحت پاک فوج کی مدد طلب کر رہے ہیں، پاک فوج نے بھی سول انتظامیہ کی ہر جگہ مدد کی ہے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عوام حکومتی اقدامات پر تعاون کریں اور سوشل فاصلہ رکھیں، ایکسپو سینٹر میں ایک ہزار بیڈ پر مشتمل فیلڈ اسپتال بنا رہے ہیں۔ ہماری پوری سول انتظامیہ کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے متحرک ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں بھرپور طریقے سے اقدامات کر رہے ہیں، کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے 5 مخصوص اسپتال بھی بنا رہے ہیں، کابینہ کی کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر مسائل کا حل نکال رہی ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب ایک لاکھ لوگوں کے لیے اقدامات کی صلاحیت رکھتا ہے، عوام سے درخواست ہے حکومتی اقدامات پر مکمل تعاون کریں۔ صوبے بھر میں خوراک کی کوئی قلت نہیں۔ یہ ایک ایمرجنسی صورتحال ہے اس سے اسی طرح نمٹنا ہوگا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی کابینہ میں کرونا آرڈیننس لا رہے ہیں، سوشل پروٹیکشن کے لیے بھی لائحہ عمل طے کیا جا رہا ہے۔ بلوچستان حکومت کو تفتان بارڈر پر سہولتوں کی کمی کا سامنا رہا ہے۔ بلوچستان حکومت کو تمام طبی سہولتوں کے لیے تعاون کریں گے۔

  • جنوبی پنجاب کے عوام سے کیے وعدے ہر صورت نبھائیں گے: عثمان بزدار

    جنوبی پنجاب کے عوام سے کیے وعدے ہر صورت نبھائیں گے: عثمان بزدار

    اسلام آباد: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کے دوران کہا کہ ماضی میں جنوبی پنجاب کے لوگوں کو سیاسی وعدوں سے بہلایا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ماضی میں جنوبی پنجاب کے لوگوں کو سیاسی وعدوں سے بہلایا گیا، سابق حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کے فنڈ اپنے حلقوں پر لگائے۔ جنوبی پنجاب کے عوام نے دھوکا دینے والوں کو مسترد کیا۔

    انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو جنوبی پنجاب میں شاندار مینڈیٹ ملا، ہم اس مینڈیٹ کی لاج رکھیں گے۔ حکومت جنوبی پنجاب کے عوام سے کیے وعدے ہر صورت نبھائے گی۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کو ان کا حق لوٹائیں گے، ترقیاتی فنڈز کی غیر منصفانہ تقسیم باب بند کر دیا ہے۔

    ملاقات کے دوران جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کے قیام پر تبادلہ خیال ہوا، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جنوبی پنجاب کا ہر ضلع، ہر شہر اور ہر گاؤں ترقی کے عمل میں شریک ہوگا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ دیہات تک رسائی پراجیکٹ کے تحت دیہی علاقوں کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی جائے گی، جنوبی پنجاب میں نئے اسپتال، کالج اور  یونیورسٹیاں بنائی جارہی ہیں۔

  • عثمان بزدار نے شہباز شریف سے زیادہ حکومتی خزانے کی بچت کی،  فیاض چوہان

    عثمان بزدار نے شہباز شریف سے زیادہ حکومتی خزانے کی بچت کی، فیاض چوہان

    لاہور : پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض چوہان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کے اخراجات میں اضافے سے متعلق رپورٹ قابل مذمت ہے، عثمان بزدار نے عمران خان کے وژن کے مطابق عوام کی خدمت کی۔

    یہ بات انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، فیاض چوہان نے گزشتہ اور موجودہ دور حکومت کا موازنہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ شہبازشریف دور میں سی ایم سیکریٹریٹ میں زیادہ افسران تھے۔

    انہوں نے کہا کہ شہبازشریف دور میں450ملازمین اور200افسران تعینات تھے جبکہ اس وقت سی ایم سیکریٹریٹ میں403ملازمین اور145افسران ہیں،سال2017-18میں انٹرٹینمنٹ اور تحائف کی مد میں9کروڑ روپے خرچ کیے گئے، عثمان بزدار کے پہلے سال تحائف اور مہمان نوازی پر5کروڑ30لاکھ روپے کے اخراجات آٓئے۔

    اس کے علاوہ شہبازشریف کے آخری سال پیٹرول کی مد میں3کروڑ40لاکھ خرچ کیے گئے، عثمان بزدار پیٹرول کا خرچہ 2کروڑ10لاکھ تک لے کر آئے۔

    فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ سال2017-18میں گاڑیوں کی مرمت کی مد میں4کروڑ24لاکھ خرچ ہوئے تھے، موجودہ دورحکومت کے پہلے سال یہ خرچہ 2کروڑ90لاکھ ہوا۔

    اس کے علاوہ کنٹریکٹ ملازمین کی تنخواہ پر2017-18میں6کروڑ64لاکھ روپے کے اخراجات آئے۔ عثمان بزدارکے دورحکومت کے پہلے سال یہ خرچ صرف 19لاکھ روپے رہا۔

    فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف دور میں ڈائریکٹر کو منی لانڈرنگ کیلئے استعمال کیا جاتا تھا، ان کے متعدد کیمپ آفسز کے برعکس بزدار کا ایک بھی کیمپ آفس نہیں ہے، عثمان بزدار نے عمران خان کے وژن کے مطابق عوام کی خدمت کی۔

    وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ ان اخراجات میں اضافے کی رپورٹ غلط حقائق اور بدنیتی پرمبنی اور قابل مذمت ہے،  پیمرا قوانین کے تحت غلط رپورٹ پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔