Tag: usta muhammad

  • کھیر تھر کینال میں پانی کیوں بند ہے؟ اوستہ محمد کے شہری بوند بوند کو ترس گئے، ویڈیو رپورٹ

    کھیر تھر کینال میں پانی کیوں بند ہے؟ اوستہ محمد کے شہری بوند بوند کو ترس گئے، ویڈیو رپورٹ

    ویڈیو رپورٹ: چاکر خان دیناری

    دریائے سندھ سے ملحقہ بلوچستان کے علاقوں میں پینے کے پانی کا بحران بڑھتا جا رہا ہے، 5 لاکھ سے زائد آبادی والے ضلع اوستہ محمد سمیت دیہات میں بھی تالاب خشک ہو گئے ہیں۔

    بلوچستان کے زرعی علاقوں کے لیے دریائے سندھ سے نکلنے والی کھیرتھر کینال میں پانی کی فراہمی محکمہ ایریگیشن کی مبینہ غفلت کے سبب رواں برس مارچ سے تاحال بند ہے، جس کی وجہ سے ضلع بھر میں پانی ناپید ہو گیا ہے۔ زرعی ضرورتوں کے بعد اب پینے کا پانی بھی لوگوں کو میسر نہیں۔

    اوستہ محمد کھیر تھر کینال پانی نہر

    پانی کی طویل بندش سے شہری اور دیہی علاقوں میں پانی اسٹور کرنے والے تالاب بھی خشک ہو گئے ہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ شدید گرمی میں دریائی علاقہ کربلا بن گیا ہے۔ ضلع اوستہ محمد کے لوگوں کا کہنا ہے کہ کھیر تھر کینال میں پانی پیشگی بند کر کے تعمیراتی کام تاخیر سے شروع کیا گیا، جس سے تاحال پانی بند ہے۔


    زمینداروں نے سولر پینلز والے چھوٹے ڈیمز بنا کر بڑا مسئلہ کیسے حل کیا؟ ویڈیو رپورٹ


    لوگوں کا مطالبہ ہے کہ محکمہ ایریگیشن کے غفلت برتنے والے افسران کے خلاف کارروائی کر کے ضلع بھر کے لوگوں کو پٹ فیڈر کینال سے فوری طور پر پینے کا پانی فراہم کیا جائے۔


    ملٹی میڈیا – ویڈیو خبریں دیکھنے کے لیے کلک کریں


  • اے آر وائی نیوز کی خبر کے بعد اوستہ محمد کے سیلاب متاثرین کو زائد المیعاد اشیا کی فراہمی کا انکشاف

    اے آر وائی نیوز کی خبر کے بعد اوستہ محمد کے سیلاب متاثرین کو زائد المیعاد اشیا کی فراہمی کا انکشاف

    اوستہ محمد: اے آر وائی نیوز کی خبر کے بعد بلوچستان کے ضلع اوستہ محمد کے سیلاب متاثرین کو زائد المیعاد اشیا کی فراہمی کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اوستہ محمد کے سیلاب متاثرین کے ساتھ انتظامیہ نے بھونڈا مذاق شروع کر دیا، اے آر وائی نیوز نے 4 دن پہلے متاثرین کی زبوں حالی کی رپورٹ نشر کی تھی، جس کے بعد انتظامی عجلت کے نتیجے میں ناکامی چھپانے کے لیے متاثرین کو ناکارہ اشیا کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے۔

    متاثرین کو دی جانے والی بیش تر اشیا زائد المیعاد ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جس پر متاثرین میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ تقسیم کردہ سامان سرکاری گودام میں کافی عرصے سے پڑا ہوا تھا، یہ امدادی سامان کب آیا تھا اور اسے تقسیم کیوں نہیں کیا گیا، انتظامیہ کے رویے پر اس قسم کے سنگین سوالات اٹھ گئے ہیں۔

  • اوستہ محمد، گرلز کالج کی طالبات سیشن کورٹ کی عمارت میں تعلیم حاصل کرنے پر مجبور

    اوستہ محمد، گرلز کالج کی طالبات سیشن کورٹ کی عمارت میں تعلیم حاصل کرنے پر مجبور

    کوئٹہ: بلوچستان کے شہر اوستہ محمد میں گرلز کالج کی بلڈنگ نہ ہونے کے باعث لڑکیاں سیشن کورٹ کی خستہ حال عمارت میں تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ضلعی ہیڈکوارٹر اوستہ محمد میں گزشتہ 30 سالوں سے تکمیل کی منتظر گرلز کالج بلڈنگ کا منصوبہ ایک بار پھر کھٹائی میں پڑ گیا ہے۔

    پانچ لاکھ کی آبادی والے شہر میں گرلز کالج کی کلاسز کئی سالوں تک پہلے گرلز ہائی اسکول کی تنگ و تاریک خستہ حال کمروں میں شام کے اوقات میں لی جاتی تھیں، اب بلوچستان ہائی کورٹ کی جانب سے عطیہ کردہ سیشن کورٹ کی پرانی اور خستہ حال چھوٹی سی بلڈنگ میں ہو رہی ہیں۔

    نا گفتہ بہ حالات میں تعلیم حاصل کرنے والی طالبات کا کہنا ہے کہ سہولتوں کی عدم دستیابی کے سب انھیں اعصاب شکن حالات کا سامنا ہے۔

    سائن آف گرلز کالج کی پرنسپل کا کہنا تھا کہ کالج کی کلاسوں میں جگہ کی کمی کے باعث کئی بچیاں دلبرداشتہ ہو کر گھر بیٹھنے پر مجبور ہیں، عمارت نہ ہونے کے سبب اوستہ محمد کے شہریوں میں احساس محرومی بڑھ رہا ہے۔

  • بلوچستان: استا محمد میں بارشوں نے تباہی مچادی

    بلوچستان: استا محمد میں بارشوں نے تباہی مچادی

    جعفرآباد: بلوچستان کے علاقے اُستا محمد میں طوفانی برش اور ژالہ باری نے تباہی پھیلادی ہے،علاقے میں بجلی کی فراہمی کا نظام درہم برہم ہوگیاہے۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع جعفر آباد کے شہر اُستا محمد میں 2 اپریل کو طوفانی بارش اور ژالہ باری ہوئی جو کہ کئی گھنٹے تک جاری رہی۔


    طوفانی بارش کی ویڈیو دیکھنے کے لئے نیچے جائیے


    بارش اور ژالہ باری نے شہر کا نظامِ زندگی درہم برہم کردیا طوفانی ہواؤں سے بجلی اور ٹیلی فون کے کھمبے اکھڑ گئے اور اسکے  سبب گزشتہ 4 روز سے شہر میں بجلی کی فراہمی منقطع اور مواصلات کا نظام بھی جامد ہوکر رہ گیاہے۔

    استا محمد شہر چاولوں کی صنعت کے سبب معروف ہے یہاں 90 سے زائد فیکٹریاں ہیں جنہیں طوفانی بارش نے بے پناہ متاثر کیا ہے۔

    15899_928830593817700_1951950345338916832_n
    ژالہ باری کے مناظر

    ایک رائس فیکٹری کے مالک احمد رضا ابڑو نے اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شہرمیں 90کے لگ بھگ رائس فیکٹریاں ہیں جن کو بارش اور تیز ہواؤں نے شدید نقصان پہنچایا ہے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ تیز ہواوٗں کے سبب بجلی کے کھمبے اکھڑ گئے جس کے باعث گزشتہ چارروز سے بجلی کی فراہمی منقطع ہے جس کے سبب فیکٹریوں میں کام بند ہے اور پانچ ہزار سے زائد مزدوروں کے گھروں کے چولہے بجھ گئے ہیں۔

    11139374_928830640484362_8291071147097093026_n
    طوفانی بارش کے سبب بجلی کا گرا ہو کھمبا

    واپڈا کے ایم ایس ہزار خان نے مقامی ذرائع کوبتایا ہے کہ یہ ایک خلافِ معمول واقعہ ہے جس کی اطلاع کوئٹہ میں واقع مرکزی دفتر کو دی جاچکی ہے اور وہاں سے احکامات آنے کا انتطار ہے۔

    طوفانی بارش نے جہاں شہر کی صنعت کو نقصان پہنچایا ہے وہیں شہری بھی بارش سے ہونے والے نقصانات سے محفوظ نہیں رہے کئی مکانوں کو نقصان پہنچا ہے اور کئی علاقوں میں کچے مکانات کی دیواریں گرگئی تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع تاحال موصول نہیں ہوئی ہے۔

    11128756_928830817151011_4152021405285661605_n
    تباہی کے بعد کے مناظر

    اُستا محمد کراچی سے 550 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔