Tag: ustad ghulam ali khan

  • استاد غلام علی خان کو ستارہ امتیاز دیتے ہوئے ضیاء الحق نے کیا کہا؟

    استاد غلام علی خان کو ستارہ امتیاز دیتے ہوئے ضیاء الحق نے کیا کہا؟

    کراچی : معروف غزل گائیک استاد غلام علی خان سے کون واقف نہیں؟ ان کی گائی ہوئی غزلیں نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت اور بنگلہ دیش سمیت پوری دنیا میں سنی جاتی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام "ہوشیاریاں” میں گلوکار غلام علی خان کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا اس موقع پر انہوں نے اپنے ماضی میں ہونے والے واقعات اور دیگر شخصیات سے متعلق بہت سی باتیں شیئر کیں۔

    انہوں نے بتایا کہ جنرل ضیاء الحق موسیقی سے بے انتہا شغف اور اس کو سمجھنے والے حکمران تھے، اور کافی حد تک سروں کی اونچ نیچ سے بھی واقف تھے۔

    استاد غلام علی خان نے بتایا کہ جب مجھے ستارہ امتیاز دیا گیا وہ اعزاز مجھے جنرل ضیاءالحق صاحب کے ہاتھوں سے ملا، تقریب کے موقع پر انہوں نے مجھے کہا کہ تم بہت سریلا گاتے ہو۔

    انہوں نے بتایا کہ کسی تقریب کے دوران میں اپنی غزل "ہنگامہ ہے کیوں برپا” گا رہا تھا تو بعد میں جنرل ضیا ء نے مجھ سے کہا کہ واہ بھئی راگ درباری بہت خوب گایا ہے تم نے۔

    پاکستان کے مشہور کامیڈین امان اللہ سے متعلق استاد غلام علی خان نے بتایا کہ وہ بہت ہی نفیس اور محبت کرنے والی شخصیت تھے، اور میرے ساتھ ان کی بہت اچھی دوستی تھی۔

  • استاد غلام علی خان کے بھارت میں کانسرٹ پر شیو سینا نے دھمکی دیدی

    استاد غلام علی خان کے بھارت میں کانسرٹ پر شیو سینا نے دھمکی دیدی

    نئی دہلی : پاکستانی فنکار ایک بار پھر بھارتی انتہاء پسند پارٹی کے نشانے پر آگئے، استاد غلام علی خان کے بھارت میں کانسرٹ پر شیو سینا نے دھمکی دے دی۔

    بھارت کا پاکستانیوں کے خلاف نفرت انگیز رویہ برقرار ہے، پاکستانی فنکار غلام علی کی بھارت میں مقبولیت بھارتی انتہا پسند پارٹی شیو سینا کو نہ ہضم ہوئی۔

    شیو سینا نے اعلان کیا ہے کہ استاد غلام علی خان کا میوزیکل کانسرٹ نہیں ہوسکتا۔

    شیو سینا نے کھلے لفظوں میں منتظمین کو دھمکی بھی دے دی کہ یہ کانسرٹ کسی صورت نہ ہو، اگر ہوگیا تو نتائج کے ذمہ دارخود ہوں گے، شیو سینا کا پاکستانی فنکاروں کے خلاف احتجاج اور مخالفت کوئی نئی بات نہیں۔