اسلام آباد : غریب عوام سے گھریلو استعمال کی سستی اشیاء کا واحد آسرا چھن گیا، ملک بھرمیں ایک ہزار کے قریب یوٹیلٹی اسٹورز بند کردیے گئے، زیادہ تر اسٹورز دیہی علاقوں میں بند کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق غریب عوام کی سستی اشیاکی خریداری کاواحد سہارہ بھی ختم ہوگیا، ملک بھرمیں ایک ہزار کےقریب یوٹیلٹی اسٹورز بند کر دیے گئے۔
چیئرمین یونین یوٹیلٹی اسٹورز عارف حسین شاہ نے کہا ایک ہزار اسٹورزکی بندش غیرقانونی ہے، یوٹیلٹی اسٹورز ایکنک کی منظوری کے بغیر بند کئے گئے، اسٹورز کی بندش ایکنک کمیٹی کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے۔
عارف حسین شاہ نے مطالبہ کیا وزیراعظم عمران خان یوٹیلٹی ا سٹورز کی بندش کانوٹس لیں اور اسٹورز پر اشیاکی سپلائی بحال کی جائے، بندش کا سلسلہ بند نہ ہوا تو ملازمین ،عوام ملکر احتجاج کریں گے۔
یاد رہے چند روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ضروری اشیا، سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے کابینہ پرائس کنٹرول کمیٹی کو مصنوعی مہنگائی کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کی تھی اور صوبے میں گراں فروشوں کے خلاف مؤثر کارروائی کا حکم بھی دیا تھا۔
خیال رہے گذشتہ سال یوٹیلٹی اسٹورز ملازمین نے ادارے کی ممکنہ نجکاری کے خلاف اسلام آباد کے ڈی چوک پر چار روز زسے دھرنا دیاتھا تاہم مذاکرات کی کامیابی کے بعد صدر سی بی اے یوٹیلٹی اسٹورز عارف شاہ نے کہا تھا کہ یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کی نجکاری نہیں کی جائے گی، دو سال کا ایڈہاک ریلیف نومبر کی تنخواہ کے ساتھ ملے گا، بیل آؤٹ پیکیج 10 کے بجائے 14 ارب روپے کا ملے گا۔