Tag: v

  • پاکستان کو اسلام آباد کی بیورو کریسی سے خطرہ ہے، سراج الحق

    پاکستان کو اسلام آباد کی بیورو کریسی سے خطرہ ہے، سراج الحق

    کوئٹہ: جماعت اسلام کے امیر سراج الحق نے نومبر میں مینار پاکستان سے تحریک پاکستان ریلی شروع کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ آئین نہ رہا تو فیڈریشن کو یکجا کرنا ناممکن ہوجائے گا حکومت اور دھرنے دینے والی جماعتوں نے مذاکرات کے ایجنڈے پر عمل نہ کیا تو تینوں فریق ذلت کا شکار ہونگے۔

    کوئٹہ میں غزہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فلسطین کی صورتحال مسلمانوں کے عدم اتفاق کا نتیجہ ہے مسلم ممالک یکجا ہوجائیں تو غزہ جیسی صورتحال کسی مسلمان ملک میں نظر نہیں آئے گی انہوں نے کہا کہ حکومت اور دھرنے دینے والی جماعتوں نے اپوزیشن جرگے کی تجاویز کو نظر انداز کیا تو تینوں فریقین کو ذلت کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ دھرنوں کے کارکن ناکام چلے جائیں اس طرح ہوا تو ہمارے کارکن بھی احتجاجی ریلیوں اور دھرنوں سے مایوس ہوجائیں گے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اسلام آباد کی بیوروکریسی سے خطرہ ہے انہوں کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نومبر میں مینار پاکستان سے تحریک پاکستان کا آغاز کیا جائے گا جو لاہور ، خیبر پختونخواء ، کراچی اور خاران ، گوادر تک جائیگی اور پہاڑوں پر بیٹھے لوگوں کو سینے سے لگا کر واپس لائینگے اُن کو پہاڑوں پر نہیں اسمبلیوں میں ہونا چاہیے جیلوں میں یہ لوگ نہیں بلکہ پاکستان کو لوٹنے والوں کو جانا چاہیے۔

  • پی ٹی آئی کے وفد کی امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے ملاقات

    پی ٹی آئی کے وفد کی امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے ملاقات

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے وفد نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں سراج الحق نے اسمبلی سے استعفے نہ دینے اورمذاکرات جاری رکھنے پر زور دیا۔

    اسلام آباد میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے شاہ محمود قریشی ،پرویز خٹک،اور جاوید ہاشمی پر مشتمل پاکستان تحریک انصاف کے وفد سے ملاقات کی۔

    ملاقات میں موجود سیاسی صورتحال کی حکمت عملی پر غور اور خیبرپختونخواہ میں دونوں جماعتوں نے اتحاد برقرار رکھنے پر اتفاق کیا، سراج الحق نے پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی کو استعفے واپس لینے کی تجویز دی۔

    سراج الحق کا کہنا تھا کہ مطالبات کی منظوری کیلئے مذاکرات جاری رکھنے چاہیے، تحریک انصاف کے وفد نے حکومتی کمیٹی کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے سراج الحق کو آگاہ کیا۔

  • کولمبو ٹیسٹ: سری لنکا نے سیریز 0-2 سے جیت لی

    کولمبو ٹیسٹ: سری لنکا نے سیریز 0-2 سے جیت لی

    کولمبو : کولمبو ٹیسٹ میں بھی پاکستانی بیٹنگ لائن فلاپ ہوگئی، سری لنکا نے میچ میں ایک سو پانچ رنز سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیریز میں کلین سوئپ کردیا، سری لنکا کے تجربہ کار بیٹسمین مہیلا جے وردھنے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہوگئے۔

    گال کے بعد کولمبو میں بھی پاکستانی بیٹنگ لائن زمین بوس ہوگئی، رنگانا ہیراتھ کی گھومتی گیندوں نے پاکستانی بیٹسمینوں کو گھمادیا، ہیراتھ نے پاکستانی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کرڈالا، کولمبو کے میدان میں ہیراتھ نے چودہ اور سیریز میں مجموعی طور پر تئیس وکٹیں حاصل کیں۔

    سرفراز احمد کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین سیریز میں سری لنکن بولرز کا ڈٹ کر سامنا نہ کرسکا، کولمبو ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں سرفراز نصف سینچری بنا کر آؤٹ ہوئے، سیریز میں پاکستانی وکٹ کیپر نے ایک سینچری اور تین نصف سینچریاں بنائیں۔

    سرفراز بیٹنگ قومی ٹیم دوسری اننگز میں صرف ایک سو پینسٹھ رنز بناسکی، جنید خان انجری کے سبب بیٹنگ کے لئے نہیں آئے ، سری لنکا نے دو میچز کی سیریز میں پاکستان کو کلین سوئپ کردیا۔۔

    میزبان بیٹسمین مہیلا جے وردھنے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہوگئے، میچ کے اختتام پر سری لنکن کھلاڑیوں نے جے وردھنے کو کاندھوں پر اٹھالیا۔

  • گوجرانوالہ:پولیس گردی، محنت کش کی ٹانگ توڑ ڈالی

    گوجرانوالہ:پولیس گردی، محنت کش کی ٹانگ توڑ ڈالی

    گوجرانوالہ : پولیس نے شراب پینے کے الزام میں گرفتار محنت کش کو بد ترین تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، جس سے اس کی ٹانگ ٹوٹ گئی۔

    چھچھر والی کے رہائشی محنت کش پنتیس سالہ اصغر کو پولیس چوکی جنڈیالہ باغوالہ نے گذشتہ روز شراب نوشی کے الزام میں گرفتار کرکے تھانے منتقل کر دیا تھا ، جہاں دو بچوں کے باپ محنت کش اصغر کو پولیس ملازمین نے بد ترین تشدد کا نشانہ بنایا، جس سے اصغر کی ٹانگ ٹوٹ گئی۔

    پولیس نے اصغر کو تشویشناک حالت میں طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹرز نے اصغر پر تشدد کی تصدیق کر دی ہے۔