Tag: Vacancies

  • محکمہ تعلیم سندھ میں 1500 خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا فیصلہ

    محکمہ تعلیم سندھ میں 1500 خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا فیصلہ

    کراچی: محکمہ تعلیم سندھ کی جانب ارلی چائلڈ ہوڈ ٹیچرز کی خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے، خالی آسامیوں پر بھرتیاں تھرڈ پارٹی ٹیسٹنگ کے تحت کی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ نے ارلی چائلڈ ہوڈ ٹیچرز کی خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا فیصلہ کیا ہے، وزیر تعلیم سندھ سردار شاہ نے 1500 خالی آسامیوں پر بھرتیاں کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    صوبائی وزیر تعلیم سردار شاہ کا کہنا ہے کہ ارلی چائلڈ ہوڈ ٹیچرز کی خالی آسامیوں پر بھرتیاں تھرڈ پارٹی ٹیسٹنگ کے تحت کی جائیں گی، بچوں کی ارلی اسکولنگ کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے کلاسز کا آغاز کیا گیا۔

    وزیر تعلیم نے ارلی چائلڈ ہوڈ ٹیچر کے سروس اسٹرکچر اور پروموشن کے رولز بنانے سے متعلق بھی ہدایت کی۔

    یاد رہے کہ سال 2018 میں آئی بی اے کے ذریعے 1100 ای ٹی سی کی خالی آسامیوں کا اعلان کیا گیا تھا، 660 امیدواروں نے ٹیسٹ پاس کیا جن میں سے 400 سے زائد پوزیشنز خالی رہ گئی تھیں۔

  • سی اے اے : فلائٹ سیفٹی مانیٹر کرنیوالا محکمہ دو سال سے سربراہ سے محروم

    سی اے اے : فلائٹ سیفٹی مانیٹر کرنیوالا محکمہ دو سال سے سربراہ سے محروم

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی کی عدم توجہی کے باعث سول ایوی ایشن کا ائیر لائنز کی فلائٹ سیفٹی کو مانیٹر کرنے والا محکمہ سربراہ سے محروم ہے، ڈائریکٹر فلائٹ اسٹینڈرڈز کا عہدہ دو سال کا عرصہ گزر جانے کے باوجود تاحال خالی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور پی آئی اے پر یورپی یونین اور برطانوی پابندی کے باوجود سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عہدیداران کی مسئلے کے حل کیلئے عدم توجہی برقرار ہے۔

    سول ایوی ایشن کا ائیرلائنز کی فلائٹ سیفٹی کو مانیٹر کرنے والا محکمہ اپنے سربراہ سے محروم ہے، ڈائریکٹر فلائٹ اسٹینڈرڈز کا عہدہ دو سال کا عرصہ گزر جانے کے باوجود تاحال پر نہیں کیا جاسکا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ فلائٹ انسپکٹر افتخار عثمانی کو عارضی طور پر چارج دیا گیا ہے مگر اہلیت نا ہونے کے باعث انہیں مستقل نہیں کیا جارہا۔

    اس اہم عہدے کے خالی ہونے پر سول ایوایشن اتھارٹی کے یورپی پابندی اٹھوانے کے اقدامات کی سنجیدگی پر سوالات اٹھ گئے، سول ایوایشن نے خلاف ضابطہ ائیرلائنز میں مختلف عہدوں پر ہم خیال عملے کی تعیناتی کی احکامات بھی جاری کرنا شروع کردیئے۔

    سول ایوی ایشن میں انسپکٹرز کی تعداد میں شدید کمی ہے جس سے ائیرلائنز کا کام متاثر ہورہا ہے، مختلف ائیرلائنز کا 130 سے زائد کیبن کریو انسپکٹرز کی کمی کے باعث وقت پر چیک نہ ہونے پر ڈیوٹی سے محروم ہے جس سے ائیرلائنز کو کافی نقصان کا سامنا ہے۔

    فضائی عملے کے وقت پر چیک نہ ہونے اور اس کے نتیجہ میں گراونڈ ہونے کے باعث ائیرلائنز کا آپریشن متاثر ہورہا ہے، افتخار عثمانی کی ایماء پر جان بوجھ کر چھٹی کے دن چیک رکھے جاتے ہیں جن سے انسپکٹرز دوگنا الاؤنس وصول کرتے ہیں۔

    سول ایوایشن کے پاس پائلٹس کے امتحان اور چیکس کیلئے صرف تین انسپکٹرز ہیں جن میں سے ایک نوکری سے استعفیٰ دے چکا ہے، دوسرا ریٹائرمنٹ پر چلا گیا ہے،600 سے زائد پائلٹس کیلئے صرف ایک انسپکٹر سال کے ہر روز دو چیک فی دن بھی رکھے جائیں تو پورا نہیں ہوتا۔

    انسپکٹرز کی کمی اور سربراہ کی غیر موجودگی سول ایوایشن انتظامیہ کی جانب سے فضائی سیفٹی سے متعلق اقدامات پر شدید سوالیہ نشان ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر فلائٹ اسٹینڈرڈ کی بھرتی کیلئے اخبارات میں اشتہارات دیے گئے ہیں۔

    22مئی کو اشتہار کے ذریعے امیدواروں کی فہرست شارٹ لسٹ کی گئی تھی جس میں سے کوئی بھی معیار پر پورا نہیں اترا تھا اس لیے دوبارہ سے اشتہار جاری کیا گیا ہے، ڈائریکٹر فلائٹ اسٹینڈرڈ کیلئے افتخار عثمانی بھی امیدوار تھے اوران کا نام بھی شارٹ لسٹ میں تھا۔