Tag: Vaccinated

  • امریکا: مکمل ویکسینیشن کروانے والے غیر ملکیوں کے لیے خوش خبری

    امریکا: مکمل ویکسینیشن کروانے والے غیر ملکیوں کے لیے خوش خبری

    واشنگٹن: وائٹ ہاؤس نے غیر ملکیوں‌ کو خوش خبری سنائی ہے کہ مکمل ویکسینیٹڈ غیر ملکی 8 نومبر سے امریکا میں داخل ہو سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وائٹ ہاؤس نے جمعے کو ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ غیر ملکی وزیٹرز جنھوں نے کووِڈ نائنٹین کے خلاف مکمل ویکسینیشن کروالی ہے، وہ آٹھ نومبر سے امریکا سفر کے لیے اہل ہوں گے۔

    وائٹ ہاؤس کے اسسٹنٹ پریس سیکریٹری کیوِن میونوز نے ٹوئٹر پر کہا کہ امریکا کی نئی سفری پالیسی، جس میں غیر ملکی شہریوں کو امریکا جانے کے لیے ویکسینیشن ضروری قرار دی گئی ہے، 8 نومبر سے شروع ہوگی۔

    وائٹ ہاؤس کے مطابق یہ اعلان اور تاریخ بین الاقوامی ہوائی سفر اور زمینی سفر دونوں پر لاگو ہوتی ہے۔

    اس اقدام سے ان پابندیوں میں نرمی آئے گی جن کی وجہ سے بیرون ملک غصہ پیدا ہونا شروع ہوا تھا، اور اب ان پابندیوں کی جگہ اندرونی اور بین الاقوامی ہوائی مسافروں کے لیے یکساں شرائط رکھی جا رہی ہیں۔

    اس خبر کو ٹریول انڈسٹری کے لیے خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے، جس کے لیے وفاقی حکومت میں لابنگ کی جا رہی تھی کہ وہ چند ایسے ضابطے اب ختم کر دے جن کی وجہ سے بین الاقوامی سیاحت کے ساتھ ساتھ ایئر لائنز، ہوٹلوں اور مہمان نوازی گروپس کو نقصان پہنچ رہا تھا۔

  • پاکستان کے 20 بڑے شہروں نے  40 فیصد آبادی کو ویکسین لگانے کا ہدف پورا کرلیا

    پاکستان کے 20 بڑے شہروں نے 40 فیصد آبادی کو ویکسین لگانے کا ہدف پورا کرلیا

    اسلام آباد : پاکستان کے 20 بڑے شہروں نے 18سال سے زائد 40 فیصد آبادی کو ویکسین لگانے کا ہدف پورا کرلیا ، اسد عمر نے کہا پاکستان کی 35فیصداہل آبادی کوایک ڈوز لگائی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ 24شہروں میں18سال سےزائد40فیصدآبادی کوویکسین لگانے کا ہدف تھا، اس ہدف کو 20بڑے شہروں نے پورا کرلیاہے، ہدف پورا نہ کرنے والے شہروں میں کوئٹہ،نوشہرہ،مردان،حیدرآباد ہیں۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی 35فیصداہل آبادی کوایک ڈوز لگائی گئی ہے ، اسلام آبادمیں 69فیصد،پنجاب میں 37فیصد ، آزادکشمیرمیں51،گلگت بلتستان کی39فیصد ، کے پی میں 35،سندھ میں32،بلوچستان کی12فیصد آبادی کوویکسین لگائی جاچکی ہے۔

  • سعودی عرب میں داخلے کی اجازت کن افراد کو دی جائے گی؟

    سعودی عرب میں داخلے کی اجازت کن افراد کو دی جائے گی؟

    ریاض : سعودی عرب کی وزارتِ سیاحت نے اعلان کیا ہے کہ وہ مسافر جنہوں نے ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوا لی ہیں انہیں قرنطینہ کے بغیر مملکت میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔ اس کے لیے انہیں صرف اپنے ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ کی ضرورت ہوگی۔

    عرب نیوز کے مطابق  مختلف ممالک سے طے شدہ معیار پر پورا اترنے والے سیاح یکم اگست سے سعودی عرب میں داخل ہو سکیں گے۔

     مکمل طور پر ویکسینیٹڈ افراد وہ ہوں گے جنہیں مملکت میں منظور شدہ ویکسینز کی دونوں خوراکیں لگ چکی ہوں گی، ان میں فائزر، ایسٹرا زینیکا اور موڈرنا شامل ہیں۔

    سعودی عرب جانے والے مسافروں کے لیے یہ بھی ضروری ہے کہ وہ اپنی ویکسین کی خوراک سے متعلق معلومات اس مقصد کے لیے بنائے گئے نئے الیکٹرانک پورٹل میں داخل کروائیں۔

    ان کا ڈیٹا "توکلنا” ایپلی کیشن پر بھی ریکارڈ کیا جائے گا اور اسے مملکت میں دیگر جگہوں میں داخلے کے لیے دکھانا ہوگا۔

    اس حوالے سے وزیر سیاحت احمد الخاطب کا کہنا ہے کہ ’ہم پھر سے سیاحوں کو خوش آمدید کہتے ہیں اور ہم بہت خوش ہیں کہ کورونا وائرس کی وبا کے نتیجے میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کے بعد مملکت میں پھر سے مہمان آئیں گے۔

    جب سب بند تھا اس وقت ہم نے تمام شعبوں میں اپنے قریبی ساتھیوں کے ساتھ شراکت داری کی کوشش کی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ سعودی عرب آنے والے سیاح یہاں کے سیاحتی خزانوں اور اہم مقامات سے لطف اندوز ہو سکیں اور سعودی معاشرے کی ثقافت اور مہمان نوازی دیکھیں۔

    واضح رہے سعودی عرب کی جانب سے ملک میں سیاحت کے فروغ کےلیے 49 ممالک کے شہریوں کو آن لائن سیاحتی ویزے جاری کیے جارہے تھے جبکہ یورپی ممالک کا مشترکہ ویزہ رکھنے والوں کے علاوہ امریکہ اور برطانیہ کا ویزہ رکھنے والوں کے لیے آن ارائیول ویزہ سہولت فراہم کی گئی تھی۔

    آن لائن ویزے کی سہولت میں پاکستان، بھارت ،بنگلہ دیش اور انڈونیشیا کے علاوہ بعض افریقی ممالک شامل نہیں ہیں۔

  • تنخواہیں بند  : کورونا ویکسین نہ لگوانے والے سرکاری ملازمین کیلئے اہم اعلان

    تنخواہیں بند : کورونا ویکسین نہ لگوانے والے سرکاری ملازمین کیلئے اہم اعلان

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کورونا ویکسین نہ لگوانے والے سرکاری ملازمین کی جولائی سے تنخواہیں بند کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی صدارت میں کوروناصوبائی ٹاسک فورس کااجلاس ہوا، اجلاس میں صوبائی وزراڈاکٹرعذرا فضل پیچوہو، سعید غنی، ناصر شاہ، جام اکرام ، ڈاکٹر عبدالباری، ڈاکٹرسارا خان، ڈاکٹر قیصرسجاد شریک ہوئے۔

    مراد علی شاہ نے کہا جو سرکاری ملازم ویکسین نہیں لگوائے گا اس کی جولائی سے تنخواہ بند کی جائے ، سیکریٹری صحت ڈاکٹر کاظم جتوئی نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا باہرسےآنے والے26812مسافروں کاٹیسٹ کیےگئے ، جس میں سے 55مثبت آئے۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ 29مئی کو4مسافروں میں انڈین ویرینٹ کی تشخیص ہوئی ، چاروں مسافروں کو آئیسولیشن میں رکھاگیا ہے ، 4 انڈین ویرینٹ مریض 14 لوگوں سےرابطے میں آئے ، ان کے ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔

    سیکریٹری صحت کا کہنا تھا کہ یکم جون کو12.45 فیصد اور 2 جون کو کراچی میں 11.77 فیصد مثبت کیسز تھے، 27 مئی سے2 جون تک کراچی شرقی میں 21 فیصد نئے کیسز رپورٹ ہوئے، وسطی میں 12 فیصدکیسز اور 15 اموات ہوئیں جبکہ اس وقت 77 مریض وینٹی لیٹرزپرہیں ، جس میں سے 74 کراچی میں ہیں۔

  • کرونا ویکسین لگوانے والوں کو اپارٹمنٹ دینے کا اعلان

    کرونا ویکسین لگوانے والوں کو اپارٹمنٹ دینے کا اعلان

    ہانگ کانگ میں کرونا ویکسین لگوانے والوں کو اپارٹمنٹ دینے کا اعلان کردیا گیا، ہانگ کانگ میں اب تک صرف 12 فیصد آبادی نے ویکسی نیشن کروائی ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق ہانگ کانگ میں لوگوں کو کرونا وائرس کی ویکسین لگانے کی ترغیب دینے کے لیے لاٹری سسٹم کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ لاٹری کے ذریعے کرونا ویکسین لگوانے والے شخص کو اپارٹمنٹ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

    ہانگ کانگ میں ڈیولپر کووڈ 19 ویکسین لگوانے والے شہری 14 لاکھ ڈالر مالیت کے 449 اسکوائر فٹ کے اپارٹمنٹ کے لیے ڈرا کے اہل ہوں گے۔

    ہانگ کانگ کی 75 لاکھ کی آبادی میں سے اب تک صرف 12.6 فیصد افراد کو ویکسین کی دونوں خوراکیں دی گئی ہے، جبکہ اس کے پڑوسی سنگاپور میں 28.3 فیصد آبادی کی ویکسی نیشن ہو چکی ہے۔

    ہانگ کانگ میں مفت اپارٹمنٹ کی پیشکش لوگوں کے لیے نہایت پرکشش ہے کیونکہ یہاں جائیداد کی قیمت بہت زیادہ ہے۔ اسی طرز پہ امریکی ریاستوں نیویارک، اوہائیو، میری لینڈ، کینٹکی اور اوریگن میں بھی ویکسین لینے والے کو بذریعہ قرعہ اندازی اپارٹمنٹ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

  • 100 سالہ شہری کو کرونا وائرس ویکسین لگا دی گئی

    100 سالہ شہری کو کرونا وائرس ویکسین لگا دی گئی

    کراچی: صوبہ سندھ میں معمر ترین شخص کو کرونا وائرس ویکسین لگا دی گئی، مذکورہ شہری کی عمر ایک سو سال ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ میں معمر ترین شخص کو کرونا وائرس ویکسین لگا دی گئی، اسرائیل احمد مینائی نامی شہری کی عمر ایک سو سال ہے۔

    محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیل احمد وہیل چیئر پر بیٹھ کر آغا خان اسپتال پہنچے تھے، ان کے شناختی کارڈ سے ان کی عمر کی تصدیق کی گئی۔

    آغا خان اسٹاف کا کہنا ہے کہ اسرائیل احمد کہیں سے بھی سو سال کے نہیں لگے، ہمارا اندازاہ تھا کہ اسرائیل احمد کی عمر 70 سے 75 سال ہوگی۔

    محکمہ صحت نے مزید بتایا ہے کہ اسرائیل احمد ڈیفنس کراچی کے رہائشی ہیں، انہیں ویکسین دینے سے قبل بلڈ پریشر، شوگر اور دیگر ٹیسٹ بھی کیے گئے تھے جس کے بعد انہیں ویکسین لگائی گئی۔

  • کرونا ویکسین لگوانے پر سینئر ڈاکٹر کو بیگم کی سخت ڈانٹ پھٹکار

    کرونا ویکسین لگوانے پر سینئر ڈاکٹر کو بیگم کی سخت ڈانٹ پھٹکار

    نئی دہلی: بھارت میں ایک سینئر ڈاکٹر کو کرونا وائرس کی ویکسین اکیلے لگوانے پر بیگم کی سخت ڈانٹ پھٹکار سننی پڑگئی، بدقسمتی سے وہ اس وقت ٹی وی پر لائیو تھے چنانچہ انہیں پڑنے والی ڈانٹ لاکھوں افراد نے سنی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر اے کے اگروال اپنی گاڑی میں موجود تھے اور ایک ٹی وی چینل سے براہ راست گفتگو کر رہے تھے، اس دوران ان کی بیگم کا فون آیا۔

    ان کے فون اٹھاتے ہی بیگم نے پوچھا کہ کیا تم کرونا وائرس کی ویکسین لگوانے گئے تھے؟ ڈاکٹر اگروال نے کہا کہ میں پتہ کرنے گیا تھا انہوں نے کہا کہ (کاؤنٹرز) خالی ہیں لگوا لو، تو میں نے لگوا لی۔

    بیگم نے کہا کہ عجیب ہو تم ساتھ نہیں لے جاسکتے تھے، جس پر ڈاکٹر نے کہا کہ وہ سب کو پیر کی صبح لے جائیں گے۔ لیکن ان کی بیگم اس بات پر غصہ کرتی رہیں کہ وہ انہیں ساتھ لے کر کیوں نہیں گئے۔

    یہ گفتگو ڈاکٹر اگروال کے ٹی وی پر لائیو ہوتے ہوئے ہورہی تھی، ڈاکٹر نے کہا کہ وہ ابھی لائیو ہیں جس پر ان کی بیگم نے کہا کہ میں لائیو میں آکر تمہاری ایسی کی تیسی کرتی ہوں۔

    ڈاکٹر کی اس ویڈیو کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک لاکھ سے زائد افراد نے دیکھا اور مختلف تبصرے کیے۔ ایک شخص نے لکھا کہ جب آپ ٹی وی پر لائیو ہوں تو کبھی بھی اپنی بیگم کا فون مت اٹھائیں۔

    ایک شخص نے ڈاکٹر اگروال کی ایک پرانی ویڈیو ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ اس سے قبل وہ ٹی وی پر براہ راست گفتگو کرنے کے دوران سر کا مساج بھی کروا چکے ہیں۔