Tag: Vaccination

  • ویکسی نیشن کے حوالے سے جرمنی کا بڑا اقدام

    ویکسی نیشن کے حوالے سے جرمنی کا بڑا اقدام

    برلن: جرمنی میں لوگوں کو کرونا وائرس سے بچاؤ کی مکس ویکسین لگوانے کی اجازت دے دی گئی، حکام کے مطابق اگر لوگ چاہیں تو پہلی ڈوز کے بعد کسی بھی کمپنی کا ایم آر این اے ویکسین کی بوسٹر ڈوز بھی لگوا سکتے ہیں۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق جرمنی نے اپنے لوگوں کو عمر کے حساب سے کرونا سے بچاؤ کی مکس ویکسین لگوانے کی اجازت دے دی۔

    دنیا کے متعدد ممالک میں اس وقت ایک ہی طرح کی ویکسین کے پہلے اور دوسرے ڈوز لگوائے جا رہے ہیں لیکن امریکا، برطانیہ اور فرانس جیسے ممالک میں حکومت نے لوگوں کو مرضی کے مطابق کچھ عرصے بعد دوسری ویکسین لگوانے کی اجازت بھی دے رکھی ہے۔

    تاہم اب تک کوئی ایسا ملک نہیں تھا جس نے لوگوں کو بیک وقت مکس ویکسین لگوانے کی اجازت دی ہے لیکن اب جرمنی نے اپنے شہریوں کو بیک وقت مکس ویکسی نیشن کی اجازت دے دی۔

    جرمنی کے ویکسی نیشن سے متعلق حکومتی ادارے سٹیکو نے کہا ہے کہ جن لوگوں نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے پہلی ڈوز ایسٹرازینیکا کی لگوائی ہو، وہ چاہیں تو اپنی عمر کے حساب سے دوسری ڈوز موڈرنا یا فائزر کی بھی لگوا سکتے ہیں۔

    ادارے کے مطابق اگر لوگ چاہیں تو پہلی ڈوز کے بعد کسی بھی کمپنی کا ایم آر این اے ویکسین کا بوسٹر ڈوز بھی لگوا سکتے ہیں۔

    ایم آر این اے ویکسین کو بوسٹر ڈوز کہا جاتا ہے جو براہ راست بیماری کو نہیں روکتیں بلکہ وہ انسان کے مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے سمیت خلیات میں پروٹین کی پیداوار کو یقینی بناتی ہیں۔

    جرمن حکومت کے مطابق لوگ چاہیں تو فائزر اور موڈرنا کی پہلی ڈوز کے بعد ایسٹرازینیکا کی دوسری ڈوز لگوائیں یا چاہیں تو ایم آر این اے ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگوائیں۔

    حکومتی ادارے کے مطابق تازہ تحقیقات سے معلوم ہوتا ہے کہ مکس ویکسی نیشن کا اثر دیرپا اور پائیدار ہوتا ہے اور ایسا عمل مختلف طرح کے کرونا وائرسز سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔

  • کراچی : دینی مدارس میں آج سے کورونا ویکسی نیشن مہم کا آغاز ہوگیا

    کراچی : دینی مدارس میں آج سے کورونا ویکسی نیشن مہم کا آغاز ہوگیا

    کراچی : دینی مدارس کے علماء کرام، اساتذہ اور طلباء کو کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے کراچی میں قائم جامعتہ الرشید احسن آباد میں ویکسی نیشن مہم کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں2ہزار طلبہ اور اساتذہ کو کورونا ویکسین لگائی جائے گی، کسی بھی دینی ادارے میں کورونا ویکیسن لگانے یہ پہلا اقدام ہے۔

    ذرائع کے مطابق جامعتہ الرشید میں ساینو ویک ویکیسن لگائی جارہی ہے۔ اس اقدام سے عوام الناس میں آگاہی پیدا ہوگی اور معاشرے کے دیگر طبقات بھی اس وباء سے محفوظ رہ سکیں گے۔

    منتظمین کا کہنا ہے کہ طلبہ اور اساتذہ کی رجسٹریشن جاری ہے، جامعتہ الرشید احسن آباد کا یہ اقدام کورونا ویکیسن سے متعلق پیدا ہونے والے شکوک وشہبات کو دور کرے گا۔

    جامعۃ الرشید کراچی کی ایک عظیم دینی درسگاہ ہے جس میں 36 شعبہ جات اور 6 ہزار سے زائد طلبہ اور طالبات زیر تعلیم ہیں، ایک ہزار سے زائد تدریسی و غیر تدریسی عملہ اور فنی ماہرین مصروف کار ہیں۔

    وزارت صحت کی جانب سے جامعۃ الرشید میں کورونا ویکسین لگانے کے لئے دوروزہ کیمپ لگایا گیا تھا۔ جہاں اساتذہ اور طلبہ کو کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگائی گئی۔

    جامعۃ الرشید کے مختلف شعبوں درس نظامی، معہد الرشیدالعربی، کلیۃ الشریعہ، تخصص فی الافتاء، فقہ الحلال، کلیۃ القرأت، فقہ المعاملات، انگلش لینگویج کورس، عربی لینگویج کورس، کلیۃ الفنون، کلیۃ الدعوۃ، تدریب المعلمین، کمز، البیرونی ماڈل سیکنڈری اسکول اینڈ کالج کے مسئولین، اساتذہ اور طلبہ کا ڈیٹا پہلے سے ہی اکھٹا کر لیا گیا تھا۔

    سب سے پہلے جامعۃ الرشید کے تمام شعبوں کے منتظمین اور مسئولین کو ویکسین لگائی گئی۔ اس کے بعد اساتذہ کرام کو اور پھر 18 سال سے زائد عمر والے طلبہ کو کرونا ویکسین لگائی گئی، کیمپ کے منتظمین کے مطابق سائنو ویک ویکسین کی دو خوراکیں لگنی ہیں۔

    کسی بھی دینی ادارے کی ادارتی سطح پر یہ پہلا قدم تھا کہ کسی دینی مدرسے میں کورونا ویکسین کے لئے کیمپ لگایا گیا۔ اس دوران جامعۃ الرشید کےمسئولین، اساتذہ اور طلبہ نے ویکسینیشن کروائی۔

    یاد رہے کہ جامعۃ الرشید کراچی کا شمار پاکستان کے بڑے مدارس میں ہوتا ہے، یہاں پر دینی و عصری دونوں تعلیمیں متوازی طور پر دی جاتی ہیں۔ جامعۃ الرشید میں یہ کیمپ لگانے کا مقصد یہ بھی تھا کہ معاشرے کے دیگر طبقات بھی تمام شکوک و شبہات سے نکل کر اس وبا سے بچاؤ کے لئے ویکسین لگوائیں۔

  • پاکستان میں کرونا ویکسینیشن کا ایک اور ریکارڈ

    پاکستان میں کرونا ویکسینیشن کا ایک اور ریکارڈ

    اسلام آباد: پاکستان میں کرونا ویکسی نیشن کا ایک اور ریکارڈ قائم ہوگیا، 7 روز میں 23 لاکھ افراد کو ویکسین لگائی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ 12 سے 18 جون کے درمیان 23 لاکھ افراد کو کرونا ویکسین لگائی جا چکی ہے۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ یہ تعداداب تک کی سب سےزیادہ ہے، روز 3 لاکھ 32 ہزار افراد کو کرونا ویکسین لگائی گئی۔

    انہوں نے کہا کہ آج مزید 15 لاکھ ویکسین کی خوراکیں پاکستان پہنچ جائیں گی، تقریباً 50 لاکھ ویکسین آئندہ 10 دن میں آجائے گی۔

    اپنے ٹویٹ میں اسد عمر نے مزید کہا کہ انشا اللہ آئندہ ہفتے مزید ریکارڈ بنائیں گے۔

  • کورونا وائرس کی شدت کتنی ہے؟  عالمی ادارہ صحت نے خبردار کردیا

    کورونا وائرس کی شدت کتنی ہے؟ عالمی ادارہ صحت نے خبردار کردیا

    جینیوا : عالمی ادارہ صحت نے متنبہ کیا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا ویکسین کے مقابلے میں زیادہ تیز رفتاری سے پھیل رہی ہے۔

    خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ادھانوم نے صحافیوں سے گفتگو میں جی سیون ممالک کی جانب سے غریب اقوام کے لیے اعلان کردہ ویکسین کی ایک ارب خوراکوں کو ناکافی قرار دے دیا۔

    عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کا کہنا تھا کہ جی سیون کی جانب سے اعلان کردہ ویکسین کی خوراکیں نہ صرف بہت ہی کم ہیں بلکہ ان کا اعلان بھی بہت زیادہ تاخیر سے کیا گیا۔ ان کے مطابق اس وقت ویکسین کی 11 ارب خوراکوں کی ضرورت ہے۔

    خیال رہے سات امیر ممالک پر مشتمل جی سیون گروپ نے اپنے حالیہ سربراہی اجلاس میں غریب اقوام کے لیے کورونا ویکسین کی ایک ارب خوراکیں مہیا کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    یہ اعلان ویکسین کی تقسیم اور ویکسین تک رسائی میں بہت زیادہ تفاوت پر امیر ممالک پر شدید تنقید کے بعد سامنے آیا تھا۔ فروری میں ان ممالک نے13 کروڑ خوراکیں مہیا کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    ٹیڈروس ادھانوم کا کہنا تھا کہ میں جی سیون کی جانب سے ویکسین کی مزید 870 ملین خوراکیں فراہم کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کرتا ہوں جس کی تقسیم کویکس کے ذریعے ہوگی۔‘

    یہ بہت بڑی مدد ہے تاہم ہمیں مزید کی ضرورت ہے اور وہ بھی فوری طور پر۔ اس وقت وبا عالمی طور پر ویکسین کی تقسیم کی رفتار سے تیز پھیل رہی ہے۔
    ان کا کہنا تھا کہ روزانہ 10 ہزار افراد مر رہے ہیں۔ ان کمیونٹیز کو ویکیسن کی ضرورت ہے اور انہیں ابھی چاہیے نہ کہ اگلے سال۔

    خیال رہے امیر ممالک میں ویکسینیشن ریٹ میں بہتری کی وجہ سے زندگی معمول کی طرف آرہی ہے لیکن غریب ممالک میں ویکسین کی فراہمی بہت ہی کم ہے۔

     

  • پنجاب  کے مختلف اضلاع میں ویکسینیشن کے لئے موبائل سروس کا آغاز

    پنجاب کے مختلف اضلاع میں ویکسینیشن کے لئے موبائل سروس کا آغاز

    ملتان: پنجاب سے شہر ملتان سمیت 13 اضلاع میں ویکسی نیشن کے لئے موبائل سروس کاآغاز کردیا گیا ہے، موبائل ہیلتھ یونٹ مختلف علاقوں میں جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت ملتان کوکورونا ویکسی نیشن کے لئے موبائل ہیلتھ یونٹ فراہم کردیا گیا ، موبائل ہیلتھ یونٹ مختلف علاقوں میں جائے گا ، جس کے زریعے ویکسی نیشن کی جائے گی۔

    یاد رہے پاکستان کا پہلاڈرائیوتھروویکسی نیشن سینٹر لاہور میں قائم کردیا گیا ہے ، سینٹر میں گاڑی میں بیٹھے بیٹھے15سے 20منٹ میں ویکسی نیشن مکمل ہوجائے گی۔

    ڈپٹی کمشنر لاہور نے بتایا 3دن کی قلیل مدت میں سینٹرکوقائم کرکےآپریشنل کیا گیا ہے ، ڈرائیوتھروویکسی نیشن سینٹر پیر تا جمعہ رات8 بجے سے رات 2بجے تک کھلا رہے گا جبکہ ہفتہ اور اتوار کو شام 5 بجے سے رات 2 بجے تک کھلے گا۔

    ڈرائیوتھرو ویکسی نیشن سینٹر نشترپارک اسپورٹس کمپلیکس میں قائم کیاگیا ہے اور بینک آف پنجاب نے منصوبے کےانفرااسٹرکچر کے قیام کیلئے مدد فراہم کی۔

    ڈی سی لاہور کا کہنا تھا کہ ہم نےلاہورمیں80لاکھ لوگوں کی ویکسی نیشن کرناہے، اب تک لاہورمیں 10لاکھ لوگوں کی ویکسی نیشن ہوئی ہے۔

  • کورونا سے مزید58 مریض جاں بحق، ملک بھر میں ویکسی نیشن کا عمل جاری

    کورونا سے مزید58 مریض جاں بحق، ملک بھر میں ویکسی نیشن کا عمل جاری

    اسلام آباد : پاکستان میں مزید 58 کورونا کے مریض جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 21 ہزار 323 ہوگئی، ملک بھر میں ایک ہزار490 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈاینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے کورونا کیسز کےتازہ ترین اعداد وشمارجاری کردیئے گئے ہیں، جس میں بتایا گیا ہے کہ 24 گھنٹے میں مزید 58 کورونا کے مریض جاں بحق ہوئے جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 21ہزار323 ہوگئی جبکہ ملک بھر میں کورونا کے 3ہزار205 کیسز تشویشناک نوعیت کے ہیں۔

    ملک میں 24 گھنٹے کے دوران 49ہزار285 ٹیسٹ کئے گئے ، جس میں سے ایک ہزار490افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد 9 لاکھ33 ہزار 630 تک جا پہنچی۔

    این سی او سی کا کہنا ہے کہ ملک میں 24گھنٹےمیں کوروناوائرس کےٹیسٹ مثبت آنےکی شرح 3.02 فیصد ہوگئی جبکہ کورونا کے 8لاکھ  64ہزار931 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

    اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں 3 لاکھ23 ہزار 828، پنجاب میں 3 لاکھ 42 ہزار 498، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 34ہزار 558، بلوچستان میں 25 ہزار 819 ، اسلام آباد میں 81 ہزار 766، آزاد کشمیر میں 19 ہزار 519 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 642 افراد میں کورونا کا شکار ہوچکے ہیں۔

  • 3 سال کے بچوں کے لیے بھی کرونا ویکسین کی منظوری

    3 سال کے بچوں کے لیے بھی کرونا ویکسین کی منظوری

    بیجنگ: چین نے 3 سال کی عمر تک کے بچوں کے لیے کرونا وائرس ویکسین کے استعمال کی منظوری دے دی، چین اس عمر کے بچوں کے لیے ویکسی نیشن کی منظوری دینے والا دنیا کا پہلا ملک ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق چین دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے جہاں 3 سال کی عمر کے بچوں کے لیے کووڈ 19 ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری دے دی گئی ہے۔

    چین کی جانب سے سائنو ویک بائیوٹیک کی تیار کردہ کرونا وائرس ویکسین کو بچوں کے لیے استعمال کرنے کی منظوری دی گئی۔ یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا جب مختلف رپورٹس میں عندیہ دیا گیا تھا کہ بچوں اور نوجوانوں سے کووڈ 19 کے پھیلاؤ کی شرح بالغ افراد جتنی ہی ہوتی ہے۔

    اب تک دنیا کے مختلف ممالک جیسے سنگاپور، امریکا اور یورپ وغیرہ میں 12 سال یا اس سے زائد عمر کے بچوں کے لیے کووڈ ویکسینز استعمال کرنے کی منظوری دی گئی ہے، تاہم اس سے کم عمر بچوں کے لیے ابھی ویکسینیشن نہیں ہورہی۔

    4 جون کو سائنوویک بائیوٹیک کے چیف ایگزیکٹو ین وائی ڈونگ نے چینی میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ کمپنی کی جانب سے بچوں میں ایک کلینکل تحقیق کی گئی تھی جس کا آغاز 2021 کے شروع میں کیا گیا تھا، جس کے پہلے اور دوسرے مرحلے کے کلینیکل ٹرائلز مکمل ہوگئے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ سینکڑوں کیسز سے ثابت ہوا کہ ویکسی نیشن کے بعد 3 سے 17 کی عمر کے گروپ کو بھی 18 سال کے بالغ افراد کے گروپ جتنا تحفظ ملا۔

    عالمی ادارہ صحت نے حال ہی میں سائنو ویک ویکسین کو بالغ افراد کے لیے استعمال کرنے کی ہنگامی منظوری دی تھی۔ انہوں نے ٹرائلز میں شامل بچوں کی تعداد کے بارے میں نہیں بتایا تاہم ان کا کہنا تھا کہ ویکسین بچوں میں بالغ افراد جتنی مؤثر اور محفوظ ثابت ہوئی۔

    ان کا کہنا تھا کہ وہی ویکسین، اتنی ہی مقدار میں 3 سے 17 سال کی عمر کے بچوں کے لیے استعمال ہوسکتی ہے۔ خیال رہے کہ بچوں میں عموماً کووڈ 19 سے متاثر ہونے پر علامات کی شدت معمولی ہوتی ہے۔

  • بچوں کو مخصوص کورونا ویکسین لگانے اجازت دے دی گئی

    بچوں کو مخصوص کورونا ویکسین لگانے اجازت دے دی گئی

    لندن : برطانیہ کے ادارہ صحت نے کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین فائزر/ بائیو این ٹیک کو محفوظ اور مؤثر قرار دیتے ہوئے 12 سے 15برس کے بچوں کے لیے استعمال کی اجازت دے دی۔

    بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ کی میڈیسنز اینڈ ہیلتھ کیئر پروڈکٹس ریگولیٹری ایجنسی (ایم ایچ آر اے) نے کہا کہ انہوں نے نوعمر افراد میں ویکسین کی افادیت کا بغور جائزہ لیا ہے۔

    برطانیہ کی ویکسین کمیٹی اب یہ فیصلہ کرے گی کہ بچوں کو کب سے ویکسین لگائی جائے گی، اس سے قبل 16 برس اور اس سے زائد عمر کے افراد کے لیے فائزر ویکسین کے استعمال کی منظوری دی جاچکی ہے۔

    ایم ایچ آر اے کی چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر جون رائن نے کہا کہ 12 سے 15 برس کے بچوں میں ویکسین کے محفوظ اثرات کی نگرانی کی جائےگی۔ برطانوی محکمہ صحت کے ترجمان نے کہا ہے کہ ماہرین کی ہدایات کے بعد وہ اس حوالے سے مزید اجازت دیں گے۔

    اس وقت برطانیہ میں 18 سال سے کم عمر تمام افراد کو ویکسین نہیں لگائی جارہی تاہم یہ ہدایت جاری کی گئی ہے کہ 16 سے 18 برس کے وہ افراد جو ایک ایسے گھر میں رہائش پذیر ہیں اور انہیں کورونا سے متاثر ہونے کے خدشات درپیش ہیں تو انہیں کووڈ ویکسین لگائی جاسکتی ہیں۔

    عام طور پر بچوں میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا خطرہ انتہائی کم ہے اور انہیں انتہائی کم کیسز میں ہسپتال میں علاج کی ضرورت پڑی، یہی وجہ ہے کہ 18 سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگانے پر توجہ مرکوز کی جارہی ہیں جنہیں وبا سے متاثر ہونے کا زیادہ خدشہ ہے پلانے پر توجہ دی جارہی ہے۔

    یورپی یونین نے حال ہی میں فائزر/ بائیو این ٹیک ویکسین کو 12 سے 15 برس کے بچوں کے لیے کورونا ویکسین کے استعمال کی اجازت دی ہے جبکہ امریکا اور کینیڈا نے رواں ماہ اس عمر کے بچوں کو ویکسین لگانے کا عمل شروع کیا ہے۔

    علاوہ ازیں جرمنی نے عندیہ دیا ہے کہ 12سال سے زائد عمر کے بچوں کو 7 جون سے ویکسین لگائی جائے گی۔

  • کرونا ویکسی نیشن کا ایک اور فائدہ سامنے آگیا

    کرونا ویکسی نیشن کا ایک اور فائدہ سامنے آگیا

    حال ہی میں کی گئی ایک تحقیق میں کہا گیا ہے کہ کرونا ویکسین نہ صرف کرونا وائرس سے محفوظ رکھتی ہے بلکہ وائرس سے متاثرہ لوگوں میں قوت مدافعت بھی بڑھا دیتی ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق امریکا میں کی جانے والی ایک تحقیق میں کہا گیا کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے کی جانے والی ویکسی نیشن وائرس سے متاثرہ لوگوں میں قدرتی مدافعت بڑھا دیتی ہے، یہاں تک کہ وہ تبدیل شدہ شکل کی حامل کرونا وائرس سے بھی انہیں ممکنہ طور پر محفوظ رکھتی ہے۔

    امریکا کی راک فیلیئر یونیورسٹی کے محققین نے کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے خون کا تجزیہ کیا تو انھیں ان مالیکیولز کے ارتقا کا اندازہ ہوا جو کہ مریضوں میں ویکسی نیشن کے بعد ڈیولپ ہوئے تھے۔

    یہ مالیکیولز مریضوں میں بہتر اور طویل المدتی دفاعی صلاحیت بڑھا دیتی ہے، اس تحقیق میں ایسے 63 افراد شامل تھے جو گزشتہ سال موسم بہار میں کرونا وائرس میں مبتلا ہوئے تھے، تاہم اس تحقیق کا ابھی دیگر ماہرین نے جائزہ نہیں لیا۔

    ان افراد کے فالو اپ ڈیٹا سے وقت گزرنے کے ساتھ ظاہر ہوا کہ ان کے امیون سسٹم کے میموری بی سیل نے جو اینٹی باڈیز پیدا کیے وہ سارس کووڈ 2 (جو کہ کرونا وائرس کا سبب بنتا ہے) کو نیوٹرلائز کرنے میں زیادہ بہتر ہوگئے تھے۔

    ماہرین نے اس گروپ میں شامل 26 افراد جنہیں موڈرنا یا فائزر ویکسین کی کم از کم ایک ڈوز لگ چکی تھی، ان میں اینٹی باڈیز مزید بڑھ چکے تھے۔ اور ان میں موجود مدافعتی نظام وائرس کے تبدیل شدہ شکل کے خلاف بھی غیر معمولی طور پر مزاحمت کا حامل ہوچکا تھا۔

  • پاکستان میں کورونا سے مزید 71 افراد جاں بحق، ویکسی نیشن جاری

    پاکستان میں کورونا سے مزید 71 افراد جاں بحق، ویکسی نیشن جاری

    اسلام آباد : پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز اور اموات کا رجحان جاری ہے، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 71 مریض انتقال کر گئے جبکہ 1ہزار771 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 71 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد ملک میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 20 ہزار 850 ہوچکی ہے۔

    این سی او سی کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں ملک میں کرونا وائرس کے 1ہزار771نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 9 لاکھ 22 ہزار 824 ہوگئی ہے۔

    ملک میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 47 ہزار 633 کرونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے، ملک بھر میں کیے گئے مجموعی ٹیسٹس کی تعداد ایک کروڑ 32لاکھ 69ہزار214ہوچکی ہے۔ کورونا مثبت کیسزکی شرح3.71فیصدرہی۔

    گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 397 کرونا مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد ملک میں کرونا سے صحت یاب افراد کی تعداد 8 لاکھ 44ہزار 638 ہوگئی۔

    خیال رہے کہ نہایت مہلک اور نئے کرونا وائرس کووِیڈ 19 کی پہلی لہر اور دوسری کو پاکستان میں بہترین حکمت عملی سے قابو کیا گیا تھا، اب تیسری لہر شروع ہو چکی ہے، جس میں وبا ایک بار پھر بے قابو ہونے لگی ہے اور روزانہ کیسز میں‌ اضافہ ہو رہا ہے۔

    اس کے علاوہ پاکستان میں کورونا ویکسی نیشن کا عمل بھی کامیابی سے جاری ہے اور اب 30 سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکسی نیشن سینٹرز میں ٹیکے لگائے جارہے ہیں، اس کے علاوہ خاص بات یہ بھی ہے کہ اب ویکسی نیشن کیلئے رجسٹریشن کرانا بھی لازمی نہیں ہے۔