Tag: vaccine passport

  • جاپان نے اپنے شہریوں کو بڑی خوشخبری سنادی

    جاپان نے اپنے شہریوں کو بڑی خوشخبری سنادی

    ٹوکیو: عالمی وبا کرونا کے پیش نظر دنیا کے متعدد ممالک نے سفری پابندیوں کو سخت کرتے ہوئے اب ویکسین پاسپورٹ کا اجرا شروع کردیا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق جاپان نے مقامی بلدیات کو اگلے ماہ سے ویکسین پاسپورٹ‘‘ نامی تصدیق نامہ جاری کرنے کی اجازت دینے کا عندیہ دیا ہے، جس میں تصدیق کی جائے گی کہ پاسپورٹ ہولڈر کو کرونا وائرس ویکسین لگائی جا چکی ہے۔

    جاپان میں کاروباری حضرات اور دیگر لوگ چاہتے ہیں کہ ایسے تصدیق نامے ان افراد کو جس قدر جلد ممکن ہو سکے جاری کیے جائیں جو بیرونِ ملک سفر کرتے ہیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ مقامی حکومت کے دفاتر ویکسینیشن ریکارڈز کی بنیاد پر قانونی طور پر درست پاسپورٹ کے حامل لوگوں کو جولائی کے آخر تک تصدیق نامے جاری کرنے کا آغاز کریں گے۔

    ان تصدیق ناموں میں سفر کرنے والے کا نام، شہریت، پاسپورٹ نمبر اور ویکسین لگانے کی تاریخ درج ہوگی، حکومت کا کہنا ہے کہ وہ ان تصدیق ناموں کی ڈیجیٹل طرز بھی جاری کر سکتی ہے جس کیلئے آن لائن درخواست دی جا سکتی ہے۔

    دوسری جانب یورپی یونین بھی ویکسین تصدیق نامے متعارف کرانے پر غور کر رہی ہے۔

     

  • دنیا کا پہلا "کورونا وائرس پاسپورٹ” جاری

    دنیا کا پہلا "کورونا وائرس پاسپورٹ” جاری

    بیجنگ : کورونا وائرس کی عالمی وبا کے پیش نظر چینی حکومت نے وبا کے پھیلاؤ کے سد باب اور شہریوں کی فضائی آمد و رفت کے لیے”وائرس پاسپورٹ” متعارف کرادیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی وبا کورونا کے دوران سفری مشکلات کو حل کرنے کے لیے چین نے اپنی شہریوں کے لیے "وائرس پاسپورٹ” کے اجراء کا اعلان کیا ہے۔

    یہ پاسپورٹ ہیلتھ سرٹیفکیٹ کے طرز پر تیار کیا گیا ہے جس میں مسافر کے کورونا ٹیسٹ، ویکسی نیشن اور ضروری طبی معلومات درج ہیں جب کہ پاسپورٹ ہونے کی وجہ سے اس میں سفری تفصیلات بھی موجود ہوں گی۔

    واضح رہے کہ چین میں بیرون ملک سے داخل ہونے یا باہر جانے کے لیے مسافروں کو وائرس پاسپورٹ دکھانا ہوگا تاہم ابھی یہ لازمی نہیں کیونکہ یہ ابتدائی طور پر صرف چینی شہریوں پر لاگو ہوگا البتہ بہت جلد اس نظام کو لازمی اور غیر ملکی مسافروں پر بھی لاگو کیا جائے گا۔

    اس حوالے سے چینی امور خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ "وائرس پاسپورٹ” عالمی معاشی بحالی کو فروغ دینے اور سرحد پار سفر کو آسان بنانے کے لئے تیار کیا جارہا ہے۔ یاد رہے کہ یہ دنیا کا پہلا وائرس پاسپورٹ ہوگا۔

    اس کے علاوہ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی وائرس پاسپورٹ جیسی دستاویز پر غور کیا جا رہا ہے امریکہ اور برطانیہ اسی طرح کے اجازت نامے پر عمل درآمد کے لیے غور کر رہے ہیں۔

    دوسری جانب یورپی یونین ویکسین "گرین پاس ” کے اجراء پر بھی کام کر رہی ہے جس سے شہریوں کو رکن ممالک اور بیرون ملک سفر کرنے کا موقع ملے گا۔