Tag: Value added tax

  • سعودی عرب: خریداری کے دوران سیاحوں کی ٹیکس کی ادائیگی، حکام کی وضاحت

    ریاض: سعودی عرب میں بیرون ملک سے آنے والے سیاح خریداری کے دوران جو ٹیکس ادا کرتے ہیں، اس کی واپسی کے حوالے سے حکام نے وضاحت جاری کی ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں ٹیکس، کسٹم اور زکوٰۃ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ فی الوقت مملکت میں آنے والے سیاحوں کو واپسی پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس (واٹ) واپس نہیں دیا جا سکتا، واٹ کی واپسی قانون کی شق نمبر 73 سے مشروط ہوگی۔

    کسٹم و ٹیکس اتھارٹی نے قانون کی شق نمبر 73 کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اتھارٹی اس امر کی پابند نہیں کہ مملکت آنے والے سیاحوں کو واپسی پر یہاں خریداری پر وصول کیا گیا ٹیکس واپس کیا جائے۔

    قانون کی شق کے مطابق اتھارٹی کی جانب سے ایک یا ایک سے زائد سروسز مہیا کرنے والوں کو متعین کیا جائے جو سیاحوں کا کیس وصول کر کے ان کی نیابت کرتے ہوئے اتھارٹی میں واٹ کی واپسی کا مطالبہ کریں۔

    اتھارٹی کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ ایسی سروس مہیا کرنے والے اداروں کی فہرست جاری کریں۔

    قانون کی شق 73 میں اس حوالے سے مزید کہا گیا ہے کہ ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی واپسی کے لیے ایسے سیاح جو جی سی سی ممالک کے رہائشی نہ ہوں وہ اپنا کیس مقررہ سروس مہیا کرنے والے ادارے میں جمع کروا سکتے ہیں۔

    ان سیاحوں کو یہ بھی ثابت کرنا ہوگا کہ جو اشیا انہوں نے خریدی ہیں وہ انہیں مملکت یا جی سی سی میں استعمال نہیں کریں گے بلکہ اپنے ملک لے کر جائیں گے۔

    واٹ کی واپسی کا مطالبہ جمع کرواتے وقت سیاح کا مملکت میں موجود ہونا ضروری ہے، سروس مہیا کرنے والے ادارے کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ کیس کا اچھی طرح مطالعہ کرنے کے بعد اتھارٹی کو ارسال کرے تاکہ وہاں سے منظوری جاری کی جا سکے۔

    اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ کیس موصول ہونے کے بعد ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی واپسی کی منظوری کی صورت میں رقم اسی سروس مہیا کرنے والے ادارے کو منتقل کر دی جائے گی، جس کے ذریعے کیس جمع کروایا گیا تھا، سروس مہیا کرنے والے ادارے کا اختیار ہوگا کہ وہ واپسی کی رقم سے اپنی مقرر کردہ فیس وصول کرے۔

    اتھارٹی کو یہ حق ہوگا کہ وہ موصول ہونے والے کیس کو مکمل یا جزوی طور پر رد کر دے، کیس کی واپسی کی صورت میں متعلقہ ایجنٹ کو کیس بھیج دیا جائے گا جس کے ذریعے اتھارٹی کو جمع کروایا گیا تھا۔

  • سعودی عرب : ٹیکس میں کمی کا عندیہ، بڑی خبر آگئی

    سعودی عرب : ٹیکس میں کمی کا عندیہ، بڑی خبر آگئی

    ریاض : سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان نے کہا ہے کہ سعودی معیشت عالمی کساد بازاری سے نمٹنے اور چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

    محمد الجدعان نے مقامی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ دیگرملکوں کے مقابلے میں اشیاء کے نرخ کنٹرول میں ہیں۔ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت ہے کہ اندرون مملکت پٹرول کے نرخ 70 ڈالر تک رکھے جائیں۔ اس سے مملکت میں مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں مدد ملی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں عالمی اقتصادی حالات پر نظر رکھنا اوراحتیاط برتنا ہوگی۔ سعودی عرب کئی سال سے غذائی اشیا کی درآمد میں روس اور یوکرین پر انحصار کم کرنے کی پالیسی پرگامزن ہے۔

    پیشگی اقدامات کرلیے گئے تھے دنیا کے مختلف ملکوں سےغذائی اشیا درآمد کی جارہی ہیں، اندرون ملک بھی ان کی پیداوار بڑھا دی گئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ’ان اقدامات کا فائدہ یہ ہوا کہ دنیا بھر کے ملکوں پر روس یوکرین بحران کے اثرات مرتب ہوئے، لیکن مملکت کی پوزیشن اس حوالے سے بہت اچھی ہے۔

    محمد الجدعان نے کہا کہ مملکت کی معیشت مستقبل پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ اس کے خوشگوار اثرات پڑ رہے ہیں۔ سال رواں کی پہلی سہ ماہی کے دوران ریکارڈ شرح نمو حاصل ہوئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ’تیل کے ماسوا قومی پیداوار میں شرح نمو 6 فیصد تک برقرار رہنے کا قوی امکان ہے۔
    العربیہ نیٹ کے مطابق سعودی وزیرخزانہ نے کہا کہ سعودی عرب نے متعدد اصلاحات کے ذریعے سرمایہ کاروں کے ساتھ اعتبار کا رشتہ بنایا ہے۔

    سعودی وزیر خزانہ نے کہا کہ سعودی عرب ویلیو ایڈڈ ٹیکس میں کمی پرغور کرے گا۔ یاد رہے کہ سعودی عرب نے 2020 میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی شرح بڑھا کر 15 فیصد کی تھی۔

    ڈیوس میں اجلاس کے دوران انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس میں کمی کریں گے مگر فی الوقت اضافی آمدن سے سعودی خزانے کو مضبوط کر رہے ہیں۔

    ’سعودی عرب مالی استحکام کی پالیسی پرعمل درآمد کرتے ہوئے یہ یقینی بنا رہا ہے کہ ملکی خزانے کے ذخائر مجموعی پیداوار(جی ڈی پی) کی ایک مخصوص حد شرح سے نیچے نہ جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب مالی استحکام کی پالیسی کے آخری مراحل میں داخل ہو گیا ہے۔

  • عمان کا بڑا اقدام : خلیجی ممالک میں چوتھے نمبر پر آگیا

    عمان کا بڑا اقدام : خلیجی ممالک میں چوتھے نمبر پر آگیا

    عمان : خلیجی ملک عمان نے ملکی معیشت کی بہتری کیلئے بڑا قدم اٹھالیا، ملک میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے نفاذ کے بعد عمان "ویٹ” نافذ کرنے والے خلیجی ممالک میں چوتھا نمبر حاصل کرلیا۔

    عمان نے پانچ فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس”ویٹ” متعارف کرا دیا۔ وہ نام نہاد "کھپت ٹیکس” عائد کرنے والا خلیجی تعاون کونسل کاچوتھا ملک بن گیا۔

    اس سے قبل متحدہ عرب امارات ، سعودی عرب اور بحرین مذکورہ ٹیکس عائد کرچکے ہیں، سعودی عرب گزشتہ جولائی میں ویٹ کی شرح میں تین گنا اضافہ کرتے ہوئے اسے 5سے15فیصد کر دیا تھاجس کا مقصد کورونا وائرس سے متعلق امدادی سرگرمیوں کے لئے فنڈ میں مدد کرنا تھا۔

    عمان نے پیش گوئی کی ہے کہ اس ٹیکس کے نفاذ سے عمان کو رواں برس 400 ملین عمانی ریال یعنی 1.04ارب ڈالر حاصل ہو سکیں گے۔ یہ رقم عمان کی جی ڈی پی کے1.5 فیصد کے برابرہے۔ توقع ہے کہ”ویٹ” کے نفاذ سے بڑھتا ہوا مالی خسارہ کم ہوسکے گا۔

    واضح رہے کہ جون2016 میں جی سی سی کی تمام 6 ریاستوں نے ایک مشترکہ "ویلیوایڈڈ ٹیکس” معاہدے پر دستخط کئے تھے جس میں طے پایا گیا تھا کہ تمام رکن ممالک 5 فیصد ویٹ نافذ کریں گے۔

    کویت کی پارلیمنٹ نے ویٹ کے نفاذ کی تاریخ کو کئی مرتبہ ملتوی کیا تاہم عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے گزشتہ برس کہا تھا کہ اسے توقع ہے کہ ویٹ 2022 تک متعارف کرا دیا جائے گا۔

    امید ہے کہ قطر رواں برس کی دوسری یا تیسری سہ ماہی میں ویٹ کے نفاذ کے حوالے سے پیشرفت کرے گا۔ کہا جاتا ہے کہ قطر اس ٹیکس کے انتظامی نظام "ضریبہ” کو حتمی شکل دینے کے قریب پہنچ چکا ہے۔

    عمان کے پاس ویٹ متعارف کرانے کی تیاری کے لئے6 ماہ کا وقت تھا جس کے بعد وہ آنے والے برسوں میں خلیج کا پہلا انکم ٹیکس لگا سکتا ہے۔

    ویٹ سے مستثنیٰ سامان اور خدمات میں مالی خدمات کے علاوہ صحت نگہداشت ، تعلیم ، مقامی مسافر ٹرانسپورٹ ، بنجر زمین ، رہائشی جائیداد کی فروخت اور رہائشی کرائے شامل ہیں۔

    زیرو ریٹیڈ سامان اور خدمات میں تمام برآمدات ، بنیادی غذائی اشیاء، ادویہ ، طبی آلات، سونے، چاندی اور پلاٹینم میں سرمایہ کاری ، خام تیل اور اس سے حاصل ہونے والی دیگر اشیاء قدرتی گیس اور نقل و حمل کا بعض سامان شامل ہے۔

  • سعودی عرب: ٹیکس کی ہیرا پھیری پر متعدد کارروائیاں

    سعودی عرب: ٹیکس کی ہیرا پھیری پر متعدد کارروائیاں

    ریاض: سعودی حکام نے ویلیو ایڈڈ ٹیکس (واٹ) کی ادائیگی کی متعدد خلاف ورزیاں ریکارڈ کر کے متعلقہ افراد کے خلاف کارروائیاں کیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق زکوٰۃ و ٹیکس کی جنرل اتھارٹی کا کہنا ہے کہ مملکت کی سطح پر ایک ہفتے کے دوران تفتیشی ٹیموں نے ویلیو ایڈڈ ٹیکس (واٹ) کی مد میں 510 خلاف ورزیاں ریکارڈ کیں۔

    سعودی حکام کا کہنا ہے کہ مملکت میں یکم جولائی سے واٹ 5 فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد کیا جا چکا ہے, اس بارے میں تمام تجارتی اداروں کو متعدد بار متنبہ بھی کیا گیا ہے کہ واٹ کی ادائیگی میں کسی قسم کی ہیرا پھیری سے کام نہ لیا جائے۔

    اتھارٹی کی جانب سے واٹ کی وصولی کا طریقہ کار واضح ہے جس کے لیے وہ تمام ادارے جو اس سسٹم میں رجسٹرڈ ہیں وہ اس امر کے پابند ہیں کہ مقررہ تناسب سے واٹ ادا کریں۔

    ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی ادائیگی میں گڑبڑ کرنے والوں کے خلاف سخت سزائیں مقرر ہیں۔

    ادارہ ٹیکس کی جانب سے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران تفتیشی ٹیموں نے مملکت کے مختلف شہروں اور قصبوں میں مارکیٹوں، دکانوں، ہوٹلوں اور دیگر تجارتی شعبوں کے 3 ہزار 616 تفتیشی دورے کیے جن میں 510 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں۔

    اس ضمن میں تفتیشی ٹیم کے ذمہ دار کا کہنا تھا کہ نوٹ کی جانے والی خلاف ورزیوں میں رسیدوں پر واٹ نمبر کا اندراج نہ ہونا جبکہ تمباکو کی مصنوعات پر واٹ کی مخصوص نشاندہی نہ کیے جانے کے علاوہ ہوٹلوں کی رسیدوں پر بھی واٹ سیریل نمبر درج نہیں کیا گیا۔

    ذمہ دار نے مزید بتایا کہ بیشتر چالان صارفین کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات پر کیے گئے جن کی تعداد 293 تھی۔

    ٹیکس کی جنرل اتھارٹی نے توجہ دلائی ہے کہ تجارتی ادارے ہر صورت میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس ادا کرنے کے پابند ہیں، وہ ادارے جو ٹیکس کی ادائیگی سے گریز کرتے ہیں ان کے بارے میں اطلاع دینے والوں کو انعام کے طور پر کیے جانے والے جرمانے کی رقم میں سے ڈھائی فیصد ادا کیا جائے گا۔

    اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ صارفین کسی بھی خریداری کے وقت واٹ سیریل نمر ضرور دیکھیں، خریداری کی رسید پر سیریل نمبر نہ ہونے کی صورت میں اتھارٹی کے متعلقہ شعبے میں رپورٹ درج کروائی جا سکتی ہے۔

  • سعودی حکومت کی پرانی گاڑیوں کے مالکان کو خصوصی رعایت

    سعودی حکومت کی پرانی گاڑیوں کے مالکان کو خصوصی رعایت

    سعودی محکمہ زکوۃ و آمدنی نے پرانی گاڑیوں کی خرید وفروخت پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس (واٹ) کے حوالے سے یاد دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ سسٹم میں غیر رجسٹرڈ افراد سے گاڑیوں کی خرید پر واٹ نہیں لیا جاتا۔

    محکمہ نے یہ وضاحت ایک صارف کے اس استفسار کے جواب میں دی جس میں اس نے دریافت کیا تھا کہ کیا سعودی عرب میں پرانی گاڑیوں پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس مقرر ہے؟

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق محکمہ زکوۃ و آمدنی نے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بتایا کہ اگر پرانی گاڑی کسی شوروم یا ویلیو ایڈڈ ٹیکس سسٹم میں رجسٹرڈ شخص کی طرف سے فروخت کی گئی ہو تو ایسی صورت میں اس پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس لیا جائے گا۔

    محکمہ زکوۃ و آمدنی نے توجہ دلائی کہ اگر گاڑی کسی ایسے شخص نے فروخت کی جو نہ تو ویلیو ایڈڈ ٹیکس سسٹم میں رجسٹرڈ ہے اور نہ ہی وہ گاڑیوں کا کاروبار کرتا ہے تو ایسی صورت میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس نہیں لیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ سعودی عرب میں واٹ کی مد میں گزشتہ برس تک 5 فیصد وصول کیا جاتا تھا جس میں اضافے کے بعد یہ تناسب 15 فیصد کردیا گیا ہے،  واٹ ہر خریداری پر ادا کیا جاتا ہے جبکہ خدمات فراہم کرنے والے ادارے اور کمپنیاں بھی اس کی پابند ہیں۔

    ادارہ ٹیکسیشن کی جانب سے ہر کمپنی یا تجارتی فرم و خدمات فراہم کرنے والے اداروں کو جو واٹ سسٹم میں رجسٹرڈ ہوتے ہیں انہیں خصوصی کمپیوٹرائز واٹ نمبر الاٹ کیا جاتا ہے۔

    ادارہ کی جانب سے صارفین کو متنبہ بھی کیا گیا ہے کہ اگر کوئی دکان داریا ادارہ واٹ نمبر کے بغیر ٹیکس وصول کرے اس کے بارے میں ادارے کو شکایت درج کرائی جاسکتی ہے۔

  • سعودی حکومت کا ٹیکس دہندگان کیلئے اہم اعلان

    سعودی حکومت کا ٹیکس دہندگان کیلئے اہم اعلان

    ریاض : سعودی حکومت نے ٹیکس دہندہ شہریوں کی سہولت کیلئے ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی واپسی کا طریقہ انتہائی آسان کردیا ہے، اس سلسلے میں محکمہ کو آن لائن درخواست بھی دی جاسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے محکمہ زکوٰۃ وآمدنی کے ترجمان نے کہا ہے کہ ویلیو ایڈڈ ٹیکس (واٹ) کی رقم کی واپسی کی درخواست آن لائن دی جاسکتی ہے۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق محکمہ کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں اس کی وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ویلیو ایڈڈ ٹیکس (واٹ) کے بیلنس میں زائد رقوم کی واپسی کے لیے رجسٹرڈ اداروں کو مندرجہ ذیل طریقہ کار اختیار کرنا ہوگا۔

    ترجمان کے مطابق سب سے پہلے ان اداروں کے بینک بیلنس میں مطلوبہ سے زائد رقم موجود ہونی چاہئے، اس کے علاوہ ان کی رجسٹری میں بینک آئیبان درج ہونا چاہئے۔

    آن لائن درخواست کا طریقہ یہ ہے کہ محکمے کے پورٹل میں اندراج کریں اوربلا واسطہ ٹیکس کو کلک کریں اس کے بعد ویلیو ایڈڈ ٹیکس کلک کریں پھر واٹ کی رقم کی واپسی پر کلک کریں اور اب رقم کی واپسی پر کلک کریں۔

    یہ تمام چیزیں کرنے کے بعد آپ کے موبائل پر میسج آجائے گا کہ آپ کی درخواست وصول ہوچکی ہے۔

  • سعودی عرب : پیٹرول کی قیمت کے حوالے سے اہم وضاحت

    سعودی عرب : پیٹرول کی قیمت کے حوالے سے اہم وضاحت

    ریاض : سعودی محکمہ زکوٰۃ و آمدنی نے واضح کیا ہے کہ ملک بھر کے پمپنگ اسٹیشنوں میں فروخت ہونے والے پیٹرول کی قیمت میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس (واٹ) شامل ہے۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق محکمے کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک شہری نے پوچھا ہے کہ پیٹرول پمپس پر مختلف قسم کے پیٹرول کی متعین قیمت میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس (واٹ) شامل ہے یا نہیں؟ نیز صارف کو پیٹرول بھرنے کے بعد جو بل فراہم کیا جاتا ہے اس میں واٹ کی وضاحت کیوں نہیں دی گئی؟

    سوال کا جواب دیتے ہوئے محکمہ زکوٰۃ و آمدنی نے واضح کیا ہے کہ تمام پیٹرول پمپس پر فروخت کرنے والے پیٹرول کی قیمت میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس (واٹ) شامل ہے اس لیے اس کی الگ سے وضاحت کی ضرورت نہیں۔

    پیٹرول پمپس جو بل صارف کو دیتے ہیں اس میں ٹیکس رجسٹری نمبر لکھا ہونا چاہیے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ ادارہ محکمے میں رجسٹرڈ ہے اور وہ واٹ ادا کرتا ہے۔

  • سعودی شہریوں نے ریکارڈ خریداری کیوں کی؟

    سعودی شہریوں نے ریکارڈ خریداری کیوں کی؟

    ریاض : سعودی عرب میں مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں نے ویلیو ایڈڈ ٹیکس میں پندرہ فیصد اضافے سے حتی الامکان بچنے کے لیے اس ہفتےزیادہ شاپنگ کی ہے۔

    سعودی محکمہ زکوۃ و آمدنی نے کہا ہے کہ تمام اشیا و خدمات پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس (واٹ ) پانچ فیصد سے بڑھا کر پندرہ فیصد کرنے کا فیصلہ یکم جولائی 2020 سے نافذ ہوگا۔

    سعودی میڈیا کے مطابق محکمہ زکوۃ و آمدنی نے تمام اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ویلیو ایڈڈ ٹیکس پر عمل در آمد کی تاریخ کی پابندی کریں۔

    محکمہ زکوۃ و آمدنی نے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے کہاہے کہ وہ ویلیو ایڈڈ ٹیکس میں اضافے میں تعاون کریں اگر کسی ادارے کی طرف سے اس سلسلے میں کوئی خلاف ورزی دیکھنے میں آئے تو پہلی فرصت میں اس سے مطلع کردیا جائے۔

    ماہرین اقتصادیات کا کہنا ہے کہ ویلیو ایڈڈ ٹیکس میں اضافے کے فیصلے سے سرکاری خزانے کو ابتدائی چھ ماہ کے دوران دس ارب ڈالر کی آمدنی ہوگی۔

    معاشی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ کورونا بحران کے زمانے میں سرکاری و نجی اداروں کو بھاری خسارے کا سامنا کرنا پڑا، دنیا بھر میں تیل کی طلب کم ہوجانے اور نرخ ریکارڈ حد تک کم ہوجانے کی وجہ سے سرکاری آمدنی بہت کم ہوئی، ویلیو ایڈڈ ٹیکس سے تلافی کی بڑی توقعات ہیں۔

    سعودی اخبارات کی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں نے ویلیو ایڈڈ ٹیکس میں پندرہ فیصد اضافے سے حتی الامکان بچنے کے لیے اس ہفتے زیادہ شاپنگ کی، ایسا سامان جو جلد خراب نہیں ہوتا بڑی تعداد اور مقدار میں خریدا گیا۔

    گھریلو سامان فروخت کرنے والے مراکز میں کافی رش دیکھا گیا جبکہ تجارتی مراکز کی جانب سے مختلف قسم کی پیشکشیں بھی کی گئیں۔

    ریاض میں گاڑیوں کے تاجر نجم العتیبی نے کہا کہ یہ درست ہے کہ ویلیو ایڈڈ ٹیکس میں اضافے سے قبل صارفین نے زیادہ خریداری کی ہے مگر کوئی خاص خریداری نہیں ہوئی ہے۔

    سونے کے تاجر جابر السھاری نے کہا کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران سونے اور اس کے زیورات کی طلب میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
    سعودی خاتون سارہ نے بتایا کہ معاشی اخراجات بڑھ رہے ہیں۔ میں نے کھانے پینے کی کچھ چیزیں اور درآمدی مشروبات ذخیرہ کرلیے۔ ان سب کی قیمتیں بڑھنے والی ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق گزشتہ مہینوں کے دوران خوراک کے ماسوا اشیا کی طلب میں کمی کے باعث افراط زر میں ایک فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی۔

    بعض تجزیہ نگاروں نے توقع ظاہر کی ہے کہ ویلیو ایڈڈ ٹیکس میں اضافے کی وجہ سے جولائی میں سالانہ کی بنیاد پر افراط زر چھ فیصد تک پہنچ جائے گا۔

    ایک مصری شہری ابو عمر نے کہا کہ کورونا بحران کے باعث تنخواہوں میں بیس فیصد کمی کے بعد ویلیو ایڈڈ ٹیکس میں اضافہ بھاری پڑے گا، اب مجھے 35 فیصد کم آمدنی میں گزارہ کرنا ہوگا۔ میرے تین بچے ہیں بڑی مشکل ہوگی۔

    الرکاز کمپنی کے ایگزیکٹیو چیئرمین عبدالمحسن الفراج نے توقع ظاہر کی کہ حکومت کو سال رواں کے باقی ماندہ مہینوں میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس سے چالیس ارب ریال تک کی آمدنی ہوگی۔