Tag: Value of rupees

  • روپے کی قدر میں تیزی سے کمی کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کرائی جائیں، افتخارعلی ملک

    روپے کی قدر میں تیزی سے کمی کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کرائی جائیں، افتخارعلی ملک

    لاہور : پاک یو ایس بزنس کونسل کے بانی چیئرمین، یونائیٹڈ بزنس گروپ کے چیئرمین اور معروف تاجر رہنما افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ ڈالر مافیا ملکی معیشت کو بری طرح تباہ کررہا ہے اس لئے اس کے خلاف جارحانہ اور نتائج پر مبنی کریک ڈاﺅن کیا جائے۔

    پیر کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ روپے کی قدر میں کمی سے نہ صرف معیشت کے تمام شعبے متاثر ہوئے ہیں بلکہ مہنگائی کے ایک نئے طوفان کو جنم دیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ تاجر برادری ڈالر مافیا کے خلاف کریک ڈاﺅن میں وزیراعظم عمران خان کر بھرپور ساتھ دے گی۔ انہوں نے روپے کی قدر میں تیزی سے کمی کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیٹ بینک اس صورتحال کی وجوہات کی نشاندہی کرے اور انہیں تاجر برادری کے سامنے لائے۔

    انہوں نے اس حوالے سے ایف آئی اے ، آئی بی ، کسمٹز انٹیلی جنس اور سٹیٹ بینک کو متحرک کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ انہوں نے عمران خان کے اس بیان کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ روپے کی قدر گرنے سے پاکستان کو عالمی برادری میں شرمندگی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غیر ملکی زرمبادلہ کی کوئی کمی نہیں بس اس کے بہتر انتظام کی ضرورت ہے۔ انہوں نے غیر قانونی ذرائع سے دولت پاکستان سے باہر منتقل کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 23 سال کے دوران 160 ارب ڈالر کی خطیر رقم ملک سے باہر بھیجی گئی جس کے مقابلے میں غیر ملکی قرضوں کی مالیت 104 ارب ڈالر تھی۔

    انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک مقامی کرنسی ڈیلرز کےلئے رہنما خطوط تیار کرے تاکہ صرف حقیقیخریداروں کو ہی کرنسی فروخت کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی اور ڈالر کی قدر پر مصنوعی کیپ جیسے اقدامات کی تحقیقات کی جائیں کیونکہ ہوسکتا ہے کسی مافیا نے یہ کام اپنے پاس جمع کئے گئے ڈالرز کو مہنگے داموں فروخت کرنے کےلئے کیا ہو۔

    انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ لوگوں کو آئی ایم ایف سے معاہدے بارے آگاہی فراہم کرے اور بتائے کہ کیا اس معاہدے کا تعلق روپے کی قدر میں کمی سے ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت اقتصادی مسائل پر توجہ مرکوز کرے اور بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی شروع کی گئی اقتصادی اصلاحات سے ان کی عوامی مقبولیت میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی نمو میں اضافے کےلئے مقامی تجارت کو فروغ دیا جائے۔

  • معیشت کا بنیادی ڈھانچہ ٹھیک ہوگا تو روپے کی قدر مستحکم ہوگی، اسد عمر

    معیشت کا بنیادی ڈھانچہ ٹھیک ہوگا تو روپے کی قدر مستحکم ہوگی، اسد عمر

    اسلام آباد : وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ معیشت کا بنیادی ڈھانچہ ٹھیک کریں گے تو روپے کی قدر مستحکم ہوگی، پاکستان کے لئے بیل آؤٹ پیکیج ناگزیر ہے۔

    یہ بات انہوں نے سرکاری ٹی وی پر ایک انٹرویو میں کہی، اسد عمر نے کہا کہ دسمبر2017سے روپے کی قدر میں مسلسل کمی ہوئی، پاکستان کے معاشی حالات اس وقت ٹھیک نہیں ہیں، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کی وجہ سے آئی ایم ایف جانا پڑا۔

    امریکا اور چین کی تجارتی جنگ سے خطہ متاثر ہوسکتا ہے، وزارت خزانہ میں سیاسی بنیاد پر فیصلے نہیں ہوسکتے، معیشت کا بنیادی ڈھانچہ ٹھیک کریں گے تو روپے کی قدر مستحکم ہوگی، معاشی استحکام کیلئے12ارب ڈالر درکار ہیں۔

    وزیر خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف سے متعلق الیکشن سے پہلے بھی ہمارایہی بیانیہ تھا، 2013میں ایوان میں بھی کہا تھا کہ آئی ایم ایف جانے کےسوا کوئی چارہ نہیں، کسی حکومت نے پہلے دو ماہ میں آئی ایم ایف سے معاہدہ نہیں کیا، آئی ایم ایف سے معاہدے کیلئے وقت درکار ہوتا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ گزشتہ حکومت نے الیکشن کے پیش نظر بجٹ خسارہ6فیصد سے زائد کردیا، آئی ایم ایف کساتھ ماضی کی تمام حکومتوں نے معاہدے کئے، ماہرین معیشت متفق ہیں کہ پی ٹی آئی کے پاس اس کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا، یقین ہےاگلی حکومت کوآئی ایم ایف کے پاس جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

    وزیرخزانہ کا مزید کہنا تھا کہ مہنگی گاڑیوں اور موبائل پرٹیکس ریٹ بڑھایا ہے، کوشش کی ہے کہ ہماری پالیسیوں سے غریب آدمی کم سے کم متاثر ہو، نیپرا بجلی کی قیمت میں3.79روپے فی یونٹ اضافے کا کہہ رہا ہے، صنعتی شعبے کے لئے بجلی کی قیمتوں میں کمی لائیں گے، ہم پچھلی حکومت کی پالیسیوں کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں اسدعمر نے کہا کہ امریکا کو ہمارے قرضے کی فکر کرنے کی ضرورت نہیں، امریکا نےخود چین کا اربوں ڈالر قرض واپس کرنا ہے۔