Tag: Variant

  • کرونا وائرس کی نئی قسم نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

    کرونا وائرس کی نئی قسم نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

    کرونا وائرس کی نئی اقسام سامنے آرہی ہیں اور یہ خیال کیا جارہا ہے کہ نئی اقسام پرانی قسم سے مختلف اور زیادہ طاقتور ہوسکتی ہیں۔

    حال ہی میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ برازیل میں دریافت ہونے والی کرونا وائرس کی نئی قسم پرانی اقسام کے مقابلے میں زیادہ متعدی ہے۔

    برطانیہ اور برازیل کے ماہرین کی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ پی 1 نامی کرونا وائرس کی یہ نئی قسم 2.2 گنا زیادہ متعدی اور کووڈ سے پہلے بیمار ہونے والے افراد کی مدافعت کو 61 فیصد تک کم کر سکتی ہے۔

    یہ تحقیق ابھی کسی طبی جریدے میں شائع نہیں ہوئی اور اسے پری پرنٹ سرور پر جاری کیا گیا۔

    تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ پی 1 کے نتیجے میں کرونا وائرس کے کیسز میں برازیل کے شہر میناوس میں اضافہ ہوا اور وہاں 2020 کے اختتام میں وبا کی دوسری لہر سامنے آئی۔

    یہ دوسری لہر اس لیے بھی طبی ماہرین کے لیے پریشان کن تھی کیونکہ پہلی لہر کے دوران وہاں بہت زیادہ کیسز کے بعد اجتماعی مدافعت (ہرڈ امیونٹی) کا امکان ظاہر کیا جارہا تھا۔

    تحقیق کے دوران نومبر 2020 سے جنوری 2021 کے دوران اس شہر میں کرونا وائرس سے بیمار ہونے والے افراد کے نمونوں سے وائرس کے جینیاتی سیکونس بنائے گئے۔

    محققین نے دریافت کیا کہ اس قسم کے نمونوں کی شرح 7 ہفتوں کے دوران صفر سے 87 فیصد تک بڑھ گئی۔

    انہوں نے اس نئی قسم میں 17 میوٹیشنز کو شناخت کیا جن میں سے 10 اسپائیک پروٹین کی سطح پر ہوئیں، جس کو یہ وائرس انسانی خلیات میں داخلے کے لیے استعمال کرتا ہے۔

    اسپائیک پروٹین میں ہونے والی 3 میوٹیشنز سے اس نئی قسم کو انسانی خلیات کو مؤثر طریقے سے جکڑنے میں مدد ملی، جن میں سے ایک میوٹیشن این 501 وائے برطانیہ اور جنوبی افریقہ میں دریافت اقسام میں بھی دیکھی گئی تھی۔

    ماہرین نے ان تبدیلیوں کو مدنظر رکھ کر جانچ پڑتال کی کہ اس سے وائرس کی انسانوں کو متاثر کرنے کی صلاحیت پر کیا اثرات مرتب ہوئے۔

    انہوں نے ڈیٹا سے ماڈلز تیار کیے جن سے ثابت ہوا کہ کرونا وائرس کی اوریجنل قسم کے ساتھ ساتھ دیگر اقسام کے مقابلے میں 1.4 سے 2.2 گنا زیادہ متعدی ہے۔

    اسی طرح یہ قسم پرانی اقسام سے متاثر ہونے والے افراد میں پیدا ہونے والی امیونٹی کی شرح کو بھی 25 سے 65 فیصد تک کم کرسکتی ہے، جس سے لوگوں میں دوسری بار کووڈ کا خطرہ بڑھتا ہے۔

    ماہرین کا کہنا تھا کہ نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ پی 1 میں کافی کچھ تبدیل ہوا ہے جو کہ باعث تشویش ہے۔

  • کرونا وائرس کی نئی اقسام کے حوالے سے تشویشناک انکشاف

    کرونا وائرس کی نئی اقسام کے حوالے سے تشویشناک انکشاف

    دنیا بھر میں جہاں کرونا وائرس کے خلاف ویکسینز تیار کر کے انہیں استعمال کیا جارہا ہے وہیں اس وائرس کی نئی اقسام بھی دریافت ہورہی ہیں، حال ہی میں ان اقسام کے بارے میں ایک تشویش ناک انکشاف ہوا ہے۔

    امریکا میں ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق ریاست کیلیفورنیا میں کرونا وائرس کی جو ایک نئی قسم حال ہی میں دریافت ہوئی تھی، وہ اب دنیا کے مختلف حصوں میں تیزی سے پھیل رہی ہے۔

    سیڈرز سینائی میڈیکل سینٹر کی تحقیق میں بتایا گیا کہ کرونا وائرس کی اس نئی قسم کیل 20 سی کا سب سے پہلے مشاہدہ جولائی 2020 میں ہوا تھا، جو لاس اینجلس کی ایک کاؤنٹی کے کیس میں دریافت ہوا۔

    پھر یہ قسم اکتوبر میں جنوبی کیلی فورنیا میں دوبارہ نمودار ہوئی اور پھر نومبر و دسمبر میں تیزی سے پھیلنا شروع ہوگئی۔

    تحقیق میں کہا گیا کہ اب جنوبی کیلیفورنیا میں 50 فیصد کے قریب کیسز اس قسم کا نتیجہ ہیں اور اس تعداد میں ایک ماہ کے دوران لگ بھگ دوگنا اضافہ ہوا ہے۔

    طبی جریدے جرنل آف دی امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ کرونا وائرس کی یہ نئی قسم امریکا کی 19 ریاستوں اور بیرون ملک 6 ممالک تک پھیل چکی ہے۔

    امریکا سے باہر اس قسم کے کیسز آسٹریلیا، ڈنمارک، نیوزی لینڈ، سنگاپور، برطانیہ اور اسرائیل میں دریافت ہوئے ہیں۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ جنوبی کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والے افراد اسے دیگر امریکی ریاستوں اور دنیا کے مختلف حصوں تک پہنچانے کا باعث بنے ہیں۔

    ابھی یہ واضح نہیں کہ کرونا وائرس کی یہ نئی قسم پرانی اقسام کے مقابلے میں کتنی جان لیوا ہے اور موجودہ ویکسینز کے خلاف کس حد تک مزاحمت کرسکتی ہے، اس حوالے سے محققین کی جانب سے ایک اور تحقیق پر کام کیا جائے گا۔

  • کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے کیا اس کی دوسری قسم سے بھی متاثر ہوسکتے ہیں؟

    کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے کیا اس کی دوسری قسم سے بھی متاثر ہوسکتے ہیں؟

    کرونا وائرس کے بارے میں عموماً یہ کہا جارہا تھا کہ اس کی ایک قسم سے متاثر ہونے والے دوسری قسم سے متاثر نہیں ہوسکتے، تاہم اب نئی تحقیق نے اس حوالے سے خدشات پیدا کردیے ہیں۔

    حال ہی میں امریکا میں ہونے والی ایک نئی تحقیق سے علم ہوا کہ جن افراد کا مدافعتی نظام کمزور ہے وہ کرونا کی جس پرانی قسم سے پہلے بیمار ہوئے تھے، دوسری بار بھی اس کا شکار ہوسکتے ہیں۔

    کووڈ 19 سے صحت یاب افراد میں اس بیماری کے خلاف مدافعت کتنے عرصے تک برقرار رہ سکتی ہے، یہ اب تک واضح نہیں۔

    سائنسدانوں کا خیال تھا کہ ایک فرد کا 2 بار کووڈ 19 کا شکار ہونے کا امکان بہت کم ہوتا ہے اور دوسری بار بیماری کی شدت زیادہ نہیں ہوتی، مگر حالیہ پیشرفت سے خدشات میں اضافہ ہوا ہے۔

    جنوبی افریقہ میں نووا واکس کی تجرباتی ویکسین کے ٹرائل کے دوران دریافت کیا گیا تھا کہ 2 فیصد افراد وہاں دریافت ہونے والی نئی قسم سے متاثر ہوئے ہیں جو اس سے قبل بھی وائرس کی پہلی قسم کا شکار ہوئے تھے۔

    برازیل میں بھی نئی قسم سے دوسری بار بیمار ہونے کے متعدد کیسز کو دریافت کیا گیا ہے۔

    امریکا کے ایشکن اسکول آف میڈیسین کی نئی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ 1 فیصد میرین ریکورٹس دوسری بار کووڈ 19 کا شکار ہوئے۔

    اس تحقیق پر کام نئی اقسام کی دریافت سے پہلے مکمل کرلیا گیا تھا اور محققین کا کہنا تھا کہ پہلی بار بیماری کا مطلب یہ نہیں کہ اب آپ اس سے محفوظ ہوگئے ہیں، بلکہ ری انفیکشن کا خطرہ موجود رہتا ہے۔

    دوسری بار کووڈ 19 کے شکار افراد میں اس کی شدت معمولی ہو یا علامات ظاہر نہ ہوں، مگر وہ وائرس کو آگے پھیلا سکتے ہیں۔

    یہی وجہ ہے کہ ماہرین کی جانب سے ویکسی نیشن کو طویل المعیاد حل قرار دیا جارہا ہے جبکہ لوگوں پر فیس ماسک پہننے، سماجی دوری اختیار کرنے اور ہاتھوں کو اکثر دھونے پر زور دیا جارہا ہے۔

  • کرونا وائرس کی نئی قسم کے حوالے سے تشویشناک انکشاف

    کرونا وائرس کی نئی قسم کے حوالے سے تشویشناک انکشاف

    لندن: برطانوی ماہرین کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی نئی قسم پرانی اقسام کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے پھیل سکتی ہے، برطانیہ میں پھیلنے والی کرونا وائرس کی نئی قسم پاکستان سمیت کئی ممالک میں پہنچ چکی ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق برطانیہ میں دریافت ہونے والی کرونا وائرس کی نئی قسم پرانی اقسام کے مقابلے میں بہت زیادہ تیزی سے پھیلنے والی ہے۔

    امپریئل کالج لندن کی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ اس نئی قسم بی 117 کے نتیجے میں کووڈ کیسز ری پروڈکشن یا آر نمبر 0.4 سے 0.7 فیصد تک اضافہ ہوسکتا ہے۔

    عام طور پر کسی وبائی مرض کے بنیادی ری پروڈکشن نمبر کے لیے ایک اعشاری نظام آر او ویلیو کی مدد لی جاتی ہے، یعنی اس ویلیو سے معلوم ہوتا ہے کہ کسی مرض کا شکار فرد مزید کتنے لوگوں کو بیمار کرسکتا ہے۔

    خسرے کا آر او نمبر 12 سے 18 ہے جبکہ 2002 اور 2003 میں سارس کی وبا کو آر او 3 نمبر دیا گیا تھا، اس وقت برطانیہ میں کووڈ کا آر نمبر 1.1 سے 1.3 کے درمیان ہے اور کیسز میں کمی لانے کے لیے اسے ایک سے کم کرنا ضروری ہے۔

    محققین کا کہنا تھا کہ کہ وائرس کی دونوں اقسام کے درمیان فرق بہت زیادہ ہے، یہ بہت بڑا فرق ہے کہ وائرس کی یہ قسم کتنی آسانی سے پھیل سکتی ہے، یہ وبا کے آغاز کے بعد سے وائرس میں آنے والی سب سے سنجیدہ تبدیلی ہے۔

    تحقیق میں بتایا گیا کہ اس نئی قسم کے پھیلاؤ کی شرح میں نومبر میں برطانیہ کے لاک ڈاؤن کے دوران 3 گنا اضافہ ہوا، حالانکہ سابقہ ورژن کے کیسز میں ایک تہائی کمی آئی۔

    برطانیہ میں حالیہ دنوں کے دوران کرونا وائرس کے کیسز کی شرح میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، ابتدائی تحقیقی رپورٹس سے عندیہ ملتا ہے کہ یہ وائرس 20 سال سے کم عمر نوجوانوں خصوصاً اسکول جانے کی عمر کے بچوں میں زیادہ تیزی سے پھیل سکتا ہے۔

    مگر اس نئی تحقیق میں بتایا گیا کہ یہ نئی قسم ہر عمر کے گروپس میں تیزی سے پھیل رہی ہے۔

    محققین کے مطابق ابتدائی ڈیٹا کی ایک ممکنہ وضاحت یہ ہوسکتی ہے کہ نومبر کے لاک ڈاؤن کے دوران تعلیمی ادارے کھلے ہوئے تھے جبکہ بالغ آبادی کی سرگرمیوں پر پابندیاں تھیں، مگر اب ہم نے ہر عمر کے افراد میں اس نئی قسم کے کیسز کی شرح میں اضافے کو دیکھا ہے۔

    تحقیق میں جو چونکا دینے والی بات دریافت کی گئی وہ یہ تھی کہ نومبر میں برطانیہ میں لاک ڈاؤن لوگوں کے لیے ضرور سخت تھا مگر اس سے وائرس کی نئی قسم کا پھیلاؤ رک نہیں سکا۔

    حالانکہ ان پابندیوں کے نتیجے میں وائرس کی سابقہ اقسام کے کیسز کی شرح میں ایک تہائی کمی آئی، مگر نئی قسم کے کیسز کی شرح 3 گنا بڑھ گئی۔

    ابھی اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے تاکہ یہ جاننا ممکن ہوسکے کہ یہ نئی قسم اتنی تیزی سے کیسے پھیل رہی ہے مگر ماہرین کا خیال ہے کہ اس وقت دستیاب کووڈ ویکسینز اس کے خلاف بھی مؤثر ثابت ہوں گی۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی اس نئی قسم میں 14 میوٹیشنز موجود ہیں، جن میں سے 7 اسپائیک پروٹین میں ہوئیں۔

    یہ وہی پروٹین ہے جو وائرس کو انسانی خلیات میں داخل ہونے میں مدد دیتا ہے اور اتنی بڑی تعداد میں تبدیلیاں دنیا بھر میں گردش کرنے والے اس وائرس کی دیگر اقسام کے مقابلے میں کافی نمایاں ہیں۔