Tag: Vegetable Seller

  • سبزی ‌فروش کی انتہائی کراہیت آمیز حرکت، ویڈیو وائرل

    سبزی ‌فروش کی انتہائی کراہیت آمیز حرکت، ویڈیو وائرل

    نئی دہلی : نالے کے گندے پانی سے سبزیاں دھونے والا نوجوان دیدہ دلیری سے یہ کام کرتا رہا، سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو دیکھ کر لوگوں کو الٹیاں لگ گئیں۔

    بھارتی ریاست مدھیہ پردیش سے ایک خوفناک ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سڑک کے کنارے نالے پر ایک سبزی فروش دھنیے کی گڈیوں کو نالے کے پانی میں ڈبو رہا ہے۔

    ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ راہگیر کے سامنے ایک نو عمر لڑکا دھنیے کے گچھوں کو سڑک کے کنارے جمع ہونے والے نالے کے پانی میں ڈبو کر دھو رہا ہے۔

    مذکورہ ویڈیو ٹوئٹر پر ایک بھارتی صارف نے شیئر کی ہے جس میں اس نے ڈسٹرکٹ کلکٹر، پولیس ڈی آئی جی اور متعلقہ حکام کو بھی ٹیگ کیا۔

    ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ شخص نالی کے پانی میں دھنیا دھو رہا ہے جبکہ اس موقع پر ویڈیو بنانے والا شخص اسے ایسا نہ کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہتا ہے کہ کیوں لوگوں کی صحت سے کھیل رہے ہو؟ تاہم سبزی فروش اسے نظر انداز کرکے اپنے کام پر لگا رہتا ہے۔

    ویڈیو وائرل ہونے کے بعد بھوپال کے ضلع کلکٹر نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے میونسپل کارپوریشن، محکمہ خوراک اور پولیس کو اس شخص کی شناخت کرنے اور معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

    محکمہ خوراک نے سبزی فروش کے خلاف تھانے میں ایف آئی آر درج کرائی، ایس ایچ او کے مطابق ویڈیو میں نظر آنے والا شخص شہر کی سبزی منڈی میں سبزی فروخت کرتا ہے۔

    پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ چھاپے کے وقت وہ اپنے گھر پر نہیں ملا اور اس کا فون بھی بند پایا گیا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ اس کا سراغ لگا لیا گیا ہے اور جلد ہی اسے گرفتار کر لیا جائے گا۔

  • سول انجینئر سبزی فروشی کی آڑ میں کیا کرتا رہا؟ پولیس بھی حیران

    سول انجینئر سبزی فروشی کی آڑ میں کیا کرتا رہا؟ پولیس بھی حیران

    ممبئی : بھارت میں ایک تعلیم یافتہ شخص دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے سبزی فروش بن گیا اور اس کی آڑ میں اپنا گھناؤنا کاروبار جاری رکھا۔

    ممبئی کے مضافات میں تاناجی نگر کے کرار گاؤں کا رہائشی28سالہ ملزم سچن سالونکھے ایک ادارے میں بحیثیت سول انجینئر ملازمت کرتا تھا، جسے کورونا لاک ڈاؤن کے دوران نوکری سے برخاست کردیا گیا تھا۔

    ملازمت سے فارغ ہونے کے بعد ملزم نے سبزی فروشی کا کام شروع کیا لیکن وہ لوگوں کو دکھانے کیلئے تھا جبکہ حقیقت میں وہ منشیات فروشی کا گھناؤنا کاروبار کررہا تھا۔

    اس کے گھر سے تھوڑے فاصلے پر ہی ایک سبزیوں کے گودام میں سبزیاں رکھا کرتا تھا، اس کی مشکوک نقل وحرکت دیکھ کر پولیس نے شک کی بنیاد پر اس کے گودام کی تلاشی لی تو وہاں پیاز کی بوریوں میں بھاری تعداد میں گانجہ برآمد ہوا۔

    ممبئی پولیس نے چھاپہ کے دوران گودام سے3بوری گانجہ کی کھیپ برآمد کی جس میں مجموعی طور پر63 کلوگرام گانجہ موجود تھا۔ مارکیٹ میں اس کی قیمت 9 لاکھ 45 ہزار روپے ہے۔

    پولیس نے ملزم سچن سالونکھے کو گرفتار کے مقدمہ درج کرلیا جسے بعد ازاں عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے اسے ریمانڈ پر پولیس تحویل میں دے دیا ہے۔

  • بھارت میں سبزی والا کرونا وائرس کا شکار نکلا، 2 ہزار افراد قرنطینہ ہونے پر مجبور

    بھارت میں سبزی والا کرونا وائرس کا شکار نکلا، 2 ہزار افراد قرنطینہ ہونے پر مجبور

    نئی دہلی: بھارتی شہر آگرہ میں سبزی بیچنے والا کرونا وائرس کا شکار نکلا، حکام نے علاقے کے 2 ہزار افراد کو قرنطینہ میں جانے کا حکم دے دیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق مذکورہ شخص آٹو رکشہ چلاتا تھا تاہم لاک ڈاؤن کے دوران وہ سبزی بیچنے لگا تھا، طبیعت خراب ہونے پر اس کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ کیا گیا تو وہ مثبت نکلا۔

    حکام نے فوری طور پر مذکورہ علاقے میں 2 ہزار افراد کو قرنطینہ میں جانے کا حکم دیا ہے، ضلعی انتظامیہ اس بات پر پریشان ہے کہ ان لوگوں کا پتہ کیسے چلایا جائے جو گزشتہ 14 دن میں اس شخص سے رابطے میں آئے۔

    ایک اور پریشان کن بات یہ بھی ہے کہ خود سبزی والا جس شخص سے متاثر ہوا ہے وہ تاحال اندھیرے میں ہے۔

    حکام کا اندازہ ہے کہ رکشہ چلانے کے دنوں میں اس نے کسی مشتبہ سواری کو اپنے رکشے میں بٹھایا اور اسی سے خود بھی کرونا وائرس کا شکار ہوا۔

    اس سے قبل بھارت میں ہی ایک پیزا ڈلیوری بوائے بھی کرونا وائرس کا شکار نکلا تھا جس کے بعد 72 خاندانوں کو قرنطینہ میں جانا پڑا۔

    یہ وہ خاندان تھے جن کے گھروں پر ڈلیوری بوائے نے گزشتہ 14 دنوں کے دوران پیزا ڈلیوری پہنچائی تھی، بعد ازاں ان میں سے 10 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی تھی۔

    خیال رہے کہ بھارت میں اب تک 16 ہزار 365 افراد کرونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں جبکہ 521 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔