Tag: vehicle

  • چالان پر مشتعل ہو کر شہری نے اپنی گاڑی تباہ کردی

    چالان پر مشتعل ہو کر شہری نے اپنی گاڑی تباہ کردی

    عمان: اردن میں ایک شہری نے 3 بار چالان کیے جانے پر مشتعل ہو کر گاڑی کو پہاڑ کی چوٹی سے دھکا دے دیا اور گاڑی تباہ کردی۔

    العربیہ نیٹ کے مطابق اردن میں ایک شہری نے مہم جوئی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی گاڑی کو پہاڑی کی چوٹی سے گرا کر اس کی ویڈیو بنائی اور اسے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر پوسٹ کی۔

    اردنی شہری شادی المداحہ اپنے غصے پر قابو نہ رکھ سکا کیونکہ اسے جنوبی اردن کی الکراک گورنری میں 3 مقامات پرٹریفک خلاف ورزی پر چالان ہوا، اس لیے اس کے پاس اپنی گاڑی کو پہاڑ کی چوٹی سے دھکیلنے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا۔

    اس نے گاڑی کا چالان بھرنے سے انکار کرتے ہوئے اپنی گاڑی ہی کو تباہ کردیا۔

    مشتعل شہری جعفر المداحدہ نے فیس بک پر لائیو ویڈیو میں اس کی وضاحت کی کہ اس کے ساتھ کیا ہوا۔

    اس نے وضاحت کی کہ وہ کل صبح بیدار ہوا اور ایک کلو لیموں خریدنے گیا، جہاں ایک ٹریفک سارجنٹ نے اسے روکا اور اس کا چالان کیا۔

    اس نے کہا کہ خلاف ورزی ایک شق سے ہونی چاہیئے تھی، بحث بڑھ کر 3 شقوں کی خلاف ورزی بن گئی، جس سے اس شخص نے انکار کر دیا۔ اس کے اس رویے پر سوشل میڈیا پر ملا جلا رد عمل سامنے آیا ہے۔

    دوسری طرف اردنی پبلک سکیورٹی ڈائریکٹوریٹ کے میڈیا ترجمان کرنل عامر السرتاوی نے گاڑی کی ٹریفک خلاف ورزی کی تفصیلات بتائی۔

    انہوں نے تصدیق کی کہ گاڑی کے ڈرائیور نے اسے اس طرح روکا جس سے ٹریفک میں رکاوٹ پیدا ہوئی، ٹریفک سارجنٹ کی جانب سے ایک سے زائد بار پوچھے جانے کے باوجود اس نے تعاون سے انکار کیا۔

  • خوفناک حادثہ، گاڑی پل سے اڑتی ہوئی نیچے جا گری

    خوفناک حادثہ، گاڑی پل سے اڑتی ہوئی نیچے جا گری

    امریکا میں ایک خوفناک ٹریفک حادثے میں ایک گاڑی پل سے اڑتی ہوئی درختوں میں جا گری جس کے بعد اس میں آگ لگ گئی، گاڑی کا ڈرائیور تشویشناک حالت میں اسپتال میں زیر علاج ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق یہ خوفناک حادثہ لاس اینجلس میں پیش آیا، واقعے کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شعلوں سے گھری ایک گاڑی نہایت تیز رفتاری سے پل پر دوڑ رہی ہے اور پھر اچانک وہ پل کی دیوار سے ٹکرا کر ہوا میں اڑتی ہے اور نیچے درختوں میں جا گرتی ہے۔

    نیچے گرتے ہی گاڑی میں شعلے بھڑک اٹھتے ہیں۔

    موقع پر موجود کئی افراد حادثہ دیکھتے ہی تیزی سے گاڑی کی طرف دوڑے تاکہ ڈرائیور کی مدد کرسکیں تاہم ڈرائیور بری طرح گاڑی میں پھنسا ہوا تھا، جس کے بعد ایک شہری نے 911 پر کال کی۔

    لیکن اس سے قبل ہی موقع پر موجود پٹرولنگ پولیس کے اہلکار وہاں پہنچ گئے اور تیزی سے ڈرائیور کو جلتی گاڑی سے باہر نکالا۔

    ڈرائیور کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق تاحال اس واقعے کے اسباب نامعلوم ہیں اور پولیس اس بارے میں تحقیقات کر رہی ہے۔

  • کرونا وائرس سے صحت یابی کے بعد 72 سالہ شخص کے لیے گاڑی کا تحفہ

    کرونا وائرس سے صحت یابی کے بعد 72 سالہ شخص کے لیے گاڑی کا تحفہ

    ریاض: سعودی عرب میں 72 سالہ شخص کے کرونا وائرس سے صحت یاب ہونے کے بعد اس کے بیٹے اور خاندان نے انہیں گاڑی تحفے میں دی، سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    سعودی وہب سائٹ کے مطابق جازان ریجن کے ایک خاندان نے اپنے والد 72 سالہ محسن قصادی کو کرونا وائرس سے صحت یابی پر نئی گاڑی کا تحفہ دیا ہے۔

    محسن قصادی کے بیٹے موسیٰ نے بتایا کہ والد کے وبائی مرض سے صحت یابی کی خوشی میں احسان مندی کے اظہار کے لیے گاڑی کا تحفہ دیا ہے۔

    موسیٰ نے کہا کہ میرے والد 2 ہفتے سے موت و حیات کی کشمکش میں تھے، والد نے ہماری تعلیم و تربیت میں اپنی ساری توانائیاں لگا دیں۔ اولاد کا بھی فرض ہے کہ جب ماں باپ بوڑھے ہوجائیں تو وہ انہیں تنہا نہ چھوڑیں۔

    تحفے میں دی گئی گاڑی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تو صارفین نے اس کی غیر معمولی پذیرائی کی۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گاڑی کو خوب سجایا گیا تھا، گاڑی کی چابی لیتے وقت محسن قصادی کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو آگئے۔

  • نمبر پلیٹ کے ساتھ دو نمبری آپ کو بھاری نقصان پہنچا سکتی ہے

    نمبر پلیٹ کے ساتھ دو نمبری آپ کو بھاری نقصان پہنچا سکتی ہے

    ریاض: سعودی محکمہ ٹریفک نے واضح کیا ہے کہ کسی اور گاڑی کی نمبر پلیٹ استعمال کرنا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہے جس پر 5 سے 10 ہزار ریال تک جرمانہ مقرر ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق محکمہ ٹریفک پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ کسی بھی گاڑی کا مالک دوسری گاڑی کی نمبر پلیٹ استعمال نہیں کر سکتا۔ ایسا کرنے پر پابندی ہے اور اس کی خلاف ورزی پر جرمانہ مقرر ہے۔

    ٹریفک پولیس کے مطابق خلاف ورزی پر 5 ہزار ریال سے 10 ہزار ریال تک جرمانہ مقرر ہے جبکہ صحیح نمبر پلیٹ لگانے تک گاڑی کو محکمے کی تحویل میں لے لیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ سعودی ٹریفک قانون میں یہ سہولت دی گئی ہے کہ ایک ہی مالک کی ایک گاڑی کی نمبر پلیٹ دوسری گاڑی میں منتقل کی جاسکتی ہے بشرطیکہ محکمہ ٹریفک میں اس کا اندراج کروایا گیا ہو اور اس کی فیس ادا کردی جائے۔

    ایک شرط یہ بھی ہے کہ گاڑی کا ملکیت نامہ جسے سعودی عرب میں ’رخصتہ السیر‘ کہا جاتا ہے ایک ہی مالک کے نام پر ہو۔ گاڑی کی ملکیت کی منتقلی اور رخصتہ السیر کی تجدید کے لیے مؤثر انشورنس دستاویز بھی ضروری ہے۔

    مذکورہ انشورنس گاڑی فروخت ہونے کے بعد بھی مؤثر رہتی ہے، بس نئے مالک کو انشورنس کمپنی میں نجی معلومات کا اندراج کروانا پڑتا ہے۔ انشورنس کمپنی انشورنس کے مکمل دورانیے کی پابند ہوتی ہے خواہ گاڑی کا ملکیت نامہ انشورنس سکیم کے مؤثر ہونے کے دوران ختم کیوں نہ ہوگیا ہو۔

  • کینیڈا: ٹرک نے راہ گیروں کو روند ڈالا، 9 افراد ہلاک، 16 زخمی

    کینیڈا: ٹرک نے راہ گیروں کو روند ڈالا، 9 افراد ہلاک، 16 زخمی

    اوٹاوا: کینیڈا میں ایک تیز رفتار ٹرک نے سڑک کے اطراف موجود شہریوں کو کچل دیا جس کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک اور 16 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں ایک تیز رفتار ٹرک راہگیروں پر چڑھ گیا جس کے باعث متعدد ہلاکتیں سامنے آئیں تاہم زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

    حادثے کی خبر ملتی ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہیں جہاں ریسکیو کا کام جاری ہے جبکہ پولیس حکام کے مطابق ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    کینیڈا میں آئس ہاکی ٹیم کی بس حادثے کا شکار، 14 افراد ہلاک، متعدد زخمی

    حادثے سے متعلق ابتدائی طور پر جاری کردہ بیان میں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ انتہائی افسوس ناک ہے اور جہاں یہ واقعہ پیش آیا ہے وہ کافی مصروف علاقہ ہے، لوگوں سے گزارش ہے کہ وہ اس علاقے میں آنے سے پرہیز کریں، علاوہ ازیں جائے وقوعہ سے کچھ فاصلے پردیگرسروسز بھی معطل کردی گئی ہیں۔

    پولیس حکام کا مزید کہنا تھا کہ واقعے کے بعد ڈرائیور فرارہونے کے بجائے جائے وقوعہ سے کچھ فاصلے پر ہی موجود تھا جس کے باعث وین اوراس کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے، البتہ پولیس کی جانب سے ڈرائیور کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

    کینیڈا میں ہیلی کاپٹر گرکرتباہ،2افراد ہلاک

    دوسری جانب کینیڈا کے وزیر برائے پبلک سیفٹی کا کہنا ہے کہ یہ ایک افسوس ناک واقعہ ہے تاہم ابھی کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا، تحقیقات کے بعد ہی پتہ چلے گا کہ ڈرائیور نے ایسا کیوں کیا اور اس کے پیچھے کیا محرکات تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ایرانی پولیس کا بے حجاب خواتین کی گاڑیاں ضبط کرنے کا اعلان

    ایرانی پولیس کا بے حجاب خواتین کی گاڑیاں ضبط کرنے کا اعلان

    تہران: ایران میں خواتین ڈرائیورز کے لئے ایک نئی مشکل پیدا ہوگئی اگر ان کا حجاب ٹھیک طرح سے نہیں ہوا تو ان کی گاڑی ضبط کرلی جائے گی۔

    تہران کے ٹریفک پولیس چیف جنرل تیمور حسینی کے مطابق گاڑیوں کی ضبطگی کا عمل قانون کے مطابق کیا جائے گا۔

    انہوںنے یہ بھی کہا حجاب کی خلاف ورزی پر جس کی بھی گاڑی ضبط کی جائے گی اس خاتون کو اپنی گاڑی واپس حاصل کرنے کے لئے عدالت سے رجوع کرنا ہوگا۔

    واضح رہے کہ ایران میں1979کے اسلامی انقلاب کے بعد خواتین کے لئے حجاب پہنا لازمی قرار دیا گیا تھا۔

    گزشتہ کچھ سالوں سے اس قانون پر پابندی میں نرمی برتی جانے لگی تھی اور کئی خواتین تہران کی سڑکوں پر بغیر مکمل اسلامی لباس کے نظر آنے لگیں تھیں۔

    ایران کے روشن خیال صدر حسن روحانی نے جون 2013 سے اقتدار میں آنے کے بعد سے کئی سیاسی اورسماجی اصلاحات کی تھیں لیکن تاحال ملک کی سیاسی قیادت قدامت پسند روش پر ہی گامزن ہے۔