Tag: VENEZUELA

  • امریکا نے وینزویلا کے صدر کا طیارہ ضبط کر کے فلوریڈا پہنچا دیا

    امریکا نے وینزویلا کے صدر کا طیارہ ضبط کر کے فلوریڈا پہنچا دیا

    واشنگٹن: امریکا نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کا طیارہ ضبط کر لیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کو امریکی محکمہ انصاف نے کہا ہے کہ پابندیوں کی خلاف ورزی پر وینزویلا کے صدر کا ہوائی جہاز قبضے میں لے لیا گیا ہے۔

    روئٹرز نے رپورٹ کیا ہے کہ امریکا نے اس بات کا تعین کرنے کے بعد کہ طیارے کی خریداری میں امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی کی گئی ہے، وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کے زیر استعمال طیارہ قبضے میں لے کر ڈومینیکن ریپبلک سے فلوریڈا پہنچا دیا ہے۔

    وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کا 13 لاکھ ڈالر مالیت کا طیارہ کئی ماہ سے ڈومینیکن ری پبلک میں موجود تھا، ملک کے وزیر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ طیارہ مرمت کے لیے ورکشاپ پر کھڑا تھا، طیارے کی ضبطی کے امریکی اقدام کو وینزویلا کی حکومت نے غیر قانونی قرار دے دیا ہے۔

    حکومت نے اپنے سخت رد عمل میں کہا کہ یہ قدم ڈاکہ زنی کے سوا کچھ نہیں، یہ ایک غیر قانونی قدم ہے اور امریکا کی جانب سے یہ مجرمانہ عمل بار بار کیا جا رہا ہے۔

    وینزویلا اوپیک کی رکن ریاست ہے، امریکا نے اس کے تیل کے اہم ترین شعبے، مادورو اور ان کے ساتھیوں پر بھاری پابندیاں عائد کر رکھی ہیں، اور جس طرح حالیہ انتخابات میں مادورو نے دھاندلی کی ہے، اس بات کا امکان بڑھ گیا ہے کہ ان پر مزید پابندیاں لگ سکتی ہیں۔

    28 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں مادورو پر اندرون اور بیرون ملک مسلسل دباؤ بڑھ رہا ہے، جس میں انھوں نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ جیت گئے ہیں، تاہم اپوزیشن کا کہنا ہے کہ اس کے ووٹوں کی کاپیاں اس کے امیدوار کو فاتح ثابت کرتی ہیں۔

    امریکی اٹارنی جنرل میرک گارلینڈ نے ایک بیان میں کہا کہ ڈاسالٹ فالکن 900EX طیارہ غیر قانونی طور پر ایک شیل کمپنی کے ذریعے 13 ملین ڈالر میں خریدا گیا تھا اور اسے نکولس مادورو اور اس کے ساتھیوں کے استعمال کے لیے امریکا سے باہر اسمگل کر دیا گیا تھا۔ وائٹ ہاؤس کی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان نے کہا ’’اس اقدام سے مادورو وینزویلا پر اپنی غلط حکمرانی کے نتائج کو محسوس کرتے رہیں گے۔‘‘

  • وینزویلا کے عوام نے صدر نکولس مادورو کی جیت مسترد کر دی، عالمی سطح پر انتخابی نتائج پر شک کا اظہار

    وینزویلا کے عوام نے صدر نکولس مادورو کی جیت مسترد کر دی، عالمی سطح پر انتخابی نتائج پر شک کا اظہار

    کاراکاس: وینزویلا کے عوام نے صدر نکولس مادورو کی جیت مسترد کر دی، عالمی سطح پر بھی انتخابی نتائج پر شک و شبہہ کا اظہار کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی امریکی ملک وینزویلا میں انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد مظاہرے پھوٹ پڑے ہیں، عوام نے صدر نکولس مادورو کے تیسری مدت کے لیے انتخابات جیتنے کے نتائج کو ماننے سے انکار کر دیا ہے۔

    عوام سڑکوں پر نکل آئی ہے، اور صدر مادورو کی کامیابی کے خلاف احتجاج شروع ہو گیا ہے، دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں عوام اور پولیس کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں، کئی رہنماؤں کے مجسموں کو گرا دیا گیا، سیکیورٹی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور ربڑ کی گولیاں استعمال کیں۔

    مظاہرین نے صدر مادورو کے پوسٹر پھاڑ کر جلا دیے جب کہ ٹائروں، کاروں اور کچرے کو بھی نذر آتش کیا۔

    پیر کے روز دارالحکومت کاراکاس کی سڑکوں پر ہزاروں افراد نے ’’آزادی، آزادی‘‘ اور ’’یہ حکومت گرنے والی ہے‘‘ کے نعرے لگائے، جب کہ اپوزیشن نے انتخابی کمیشن کی طرف سے اعلان کردہ سرکاری نتائج پر سوال اٹھایا ہے، اور دنیا بھر کے کئی ممالک نے بھی اس پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا۔

    ایتھوپیا میں مسافر کشتی حادثے کاشکار، 19 افراد ہلاک

    ادھر قومی انتخابی کونسل (CNE) نے 2031 تک تیسری چھ سالہ مدت کے لیے مادورو کے دوبارہ منتخب ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ عوام نے اس بات پر مشہور آنجہانی سوشلسٹ رہنما ہیوگو شاویز کے مجمسے گرائے کہ انھوں نے مادورو کو اپنا جانشین منتخب کیا تھا۔

    اپوزیشن لیڈر ماریا کورینا ماچاڈو نے صحافیوں کو بتایا کہ اب تک دستیاب ووٹنگ ریکارڈز کے جائزے سے واضح طور پر ظاہر ہوتا ہے کہ اگلی صدر ’’ایڈمنڈو گونزالیز اُروتیا‘‘ ہی ہے، جن کے راستے میں مادورو کی عدالتوں نے روڑے اٹکائے۔

    دوسری طرف وینزویلا نے ارجنٹائن، کوسٹاریکا، پیرو، پاناما اور یوروگوئے سے سفارتی تعلقات منقطع کر دیے ہیں، اور لاطینی امریکی ممالک سے اپنے سفارت کاروں کو بھی واپس بلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ مادورو نے بین الاقوامی تنقید اور نتائج کے بارے میں شکوک و شبہات کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وینزویلا ایک ’’فاشسٹ ‘‘ نوعیت کی ’’بغاوت‘‘ کی کوشش کا ہدف تھا۔

  • ویڈیو: سونے کی کان گرنے سے 23 افراد لقمہ اجل بن گئے

    ویڈیو: سونے کی کان گرنے سے 23 افراد لقمہ اجل بن گئے

    وینزویلا میں غیر قانونی سونے کی کان گر گئی، جس کے باعث 23 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جنوبی امریکا کے ملک وینزویلا کی ریاست بولیور کے جنگل میں قائم بولا لوکا نامی سونے کی کان گر گئی۔

    مقامی انتظامیہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کان گرنے کا واقعہ منگل کے روز پیش آیا، اُس وقت تقریباً 200 کے قریب لوگ موجود تھے۔

    انتظامیہ کے مطابق بدھ تک کان سے 23 افراد کی لاشوں کو نکال لیا گیا تھا، جبکہ متعدد افراد کو ریسکیو بھی کرلیا گیا تھا، جنہیں طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    ڈپٹی منسٹر آف سول پروٹیکشن کی جانب سے کان گرنے کی ویڈیو کو مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ایکس پر شیئر کیا گیا ہے۔

    سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لوگ سونے کی کان میں کام کر رہے تھے کہ اچانک کان گرنا شروع ہو گئی، دیکھتے ہی دیکھتے اس کی زد میں درجنوں مزدور آگئے۔

    سب انسپکٹر کی گاڑی کو دلخراش حادثہ، داماد سمیت ہلاک

    واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں بھی اسی خطے میں ہی سونے کی غیر قانونی کان گرنے کا واقعہ پیش آیا تھا، جس کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

  • ایرانی صدر لاطینی امریکا پہنچ گئے، امریکا ایران مذاکرات بحال

    ایرانی صدر لاطینی امریکا پہنچ گئے، امریکا ایران مذاکرات بحال

    تہران: ایرانی صدر ابراہیم رئیسی لاطینی امریکا کے دورے پر وینزویلا پہنچ گئے، امریکا کے ساتھ جوہری مذاکرات کی بحالی کی بھی تصدیق کر دی گئی۔

    ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی صدر لاطینی امریکا کے دورے پر وینزویلا پہنچ گئے ہیں، صدر ابراہیم رئیسی لاطینی امریکی ممالک کے ساتھ تعاون بڑھانے کے معاہدوں پر دستخط کریں گے۔

    ایرانی صدر کیوبا اور نکاراگوا بھی جائیں گے، لاطینی امریکا کے اپنے پہلے دورے میں، ایران کے سخت گیر صدر نے پیر کے روز اپنے وینزویلا کے ہم منصب سے ملاقات کی اور امریکا کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان ایک ’’مشترکہ دشمن‘‘ موجود ہے۔

    صدر ابراہیم رئیسی کے وینزویلا کے دورے سے ٹھیک ایک سال اور ایک دن قبل وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے ایرا کا دورہ کیا تھا، یہ دونوں ممالک امریکی اقتصادی پابندیوں کی زد میں ہیں۔

    رئیسی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان روابط ’’معمولی نہیں ہیں، بلکہ ایک اسٹریٹجک تعلقات ہیں‘‘، انھوں نے اس بات پر اصرار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کے ’’مشترکہ مفادات اور ہمارے مشترکہ دشمن ہیں۔‘‘

    ایرانی میڈیا کے مطابق دوسری جانب ایران نے امریکا کے ساتھ جوہری معاہدے کی بحالی کے لیے عمان میں مذاکرات کی تصدیق کر دی ہے، ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ جوہری معاہدے کی بحالی کے لیے عمانی حکام کی کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

    انھوں نے کہا امریکا سنجیدگی کا مظاہرہ کرے تو قیدیوں کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا جا سکتا ہے، سفارتی عمل کو کبھی نہیں روکا، اور امریکا کے ساتھ خفیہ بات چیت نہیں کی۔

  • سب سے سستا پٹرول کس ملک میں؟ قیمت جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

    سب سے سستا پٹرول کس ملک میں؟ قیمت جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

    پاکستان سمیت دنیا بھر میں ایندھن کی قیمتوں سے لوگ چیخ رہے ہیں، تاہم ایک ملک ایسا ہے جہاں اس وقت سب سے سستا پٹرول دستیاب ہے۔

    رپورٹس کے مطابق دنیا بھر میں سب سے سستا پٹرول اس وقت جنوبی امریکی ملک وینزویلا میں ملتا ہے، جہاں فی لیٹر پٹرول کی قیمت پاکستانی روپوں میں ساڑھے 4 روپے ہے۔

    دوسری طرف دنیا میں سب سے مہنگا پٹرول اس وقت ہانگ کانگ میں دستیاب ہے، جہاں فی لیٹر پٹرول 588 روپے 71 پیسے میں دستیاب ہے۔

    پاکستان کے پڑوسی ملک ایران میں بھی اس وقت ایندھن بہت سستا ہے، ایک لیٹر پٹرول 10 روپے 74 پیسے میں مل رہا ہے، شام میں پٹرول فی لیٹر 57 روپے میں دستیاب ہے، جب کہ ملائیشیا میں فی لیٹر پٹرول 94 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

    تیل کے ذخائر سے مالا مال قطر میں بھی یہ قیمت 116 روپے فی لیٹر تک پہنچ چکی ہے، سعودی عرب میں ایک لیٹر پٹرول 125 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، دبئی سمیت عرب امارات میں یہ قیمت 194 روپے تک پہنچ چکی ہے۔ افغانستان میں بھی پٹرول مہنگا ہے، فی لیٹر کی قیمت 173 روپے سے زائد ہے، امریکا میں یہ قیمت 252 روپے فی لیٹر سے اوپر جا چکی ہے، بنگلا دیش میں 202 روپے فی لیٹر ہے، چین میں 281 روپے مل رہا ہے۔

    بھارت میں ایک لیٹر پٹرول 270 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، نیوزی لینڈ میں پٹرول 401 روپے فی لیٹر خریدا جا رہا ہے، برطانیہ میں 424 روپے فی لیٹر ہو چکا ہے۔

  • روسی ویکسین وینز ویلا پہنچ گئی

    روسی ویکسین وینز ویلا پہنچ گئی

    کراکس: روس کی تیار کردہ کرونا ویکسین وینز ویلا پہنچ گئی، وینز ویلا کے صدر نے روس کا شکریہ ادا کیا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق روس کی تیار کردہ کرونا ویکسین سپٹنک وی کی پہلی کھیپ لاطینی امریکی ملک وینز ویلا پہنچ گئی، وینز ویلا روسی ویکسین حاصل کرنے والا لاطینی امریکا میں پہلا ملک بن گیا۔

    ویکسین موصول ہونے کے بعد وینز ویلا کے صدر نے روس کا شکریہ ادا کیا ہے۔

    جمعے کے روز دارالحکومت کراکس کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر 2 ہزار افراد کو حفاظتی ٹیکے لگانے کے لیے سپٹنک وی کی دواؤں پر مشتمل کریٹس پہنچے۔

    اس موقع پر نائب صدر ڈلیسی روڈرگز نے مختصر استقبالیہ تقریب کے دوران کارگو قبول کیا جس کے بعد اسے لیبارٹری میں منتقل کردیا گیا۔

    وینز ویلا حکام کا کہنا ہے کہ وہ ویکسین کے کلینیکل ٹرائل کے تیسرے مرحلے کا تجربہ شروع کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔

  • ہمارا سونا واپس کرو، وینزویلا کا بینک آف انگلینڈ کیخلاف کارروائی کا آغاز

    ہمارا سونا واپس کرو، وینزویلا کا بینک آف انگلینڈ کیخلاف کارروائی کا آغاز

    لندن : وینزویلا کی حکومت نے اپنے کروڑوں ڈالر مالیت کے سونے کی واپسی کیلئے برطانیہ کے مرکزی بینک (بینک آف انگلینڈ) کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا آغاز کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وینزویلا کی جانب سے برطانیہ کے خلاف اپنا سونا واپس لینے کے لیے مقدمہ دائر کیا گیا ہے، یہ سونا وینزویلا پر امریکہ اور برطانیہ کی طرف سے عائد کردہ اقتصادی پابندیوں کے بعد ضبط کیا گیا تھا۔

    برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق وینزویلا کی حکومت نے برطانیہ کے مرکزی بینک (بینک آف انگلینڈ) کے خلاف قانونی چارہ جوئی شروع کردی ہے تاکہ اس82 کروڑ ڈالر مالیت کا سونا واپس کرنے پر مجبور کیا جاسکے۔

    وینزویلا میں حکام کا کہنا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ بینک آف انگلینڈ میں موجود کچھ سونا بیچ کر اسے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے کی جانے والی کوششوں میں استعمال کیا جائے۔

    وینزویلا کا کہنا ہے کہ وہ اس بات پر تیار ہے کہ سونے کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم کو براہ راست اقوام متحدہ کو بھیج دیا جائے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ یہ پیسہ کسی اور مقصد لیے استعمال نہ ہو۔

    وینزویلا کا کہنا ہے کہ یہ رقم اقوام متحدہ کے ترقیاتی ادارے (یو این ڈی پی) کو منتقل کر دی جائے تاکہ کووڈ 19 سے نمٹنے کے لیے درکار طبی سامان خریدا جا سکے۔

    یہ قانونی رسہ کشی اس وقت شروع ہوئی ہے جب وینزویلا کا صحت عامہ یا پبلک ہیلتھ کا نظام ابتری کا شکار ہوا اور اس عالمی وبا سے نمٹنے کی اس کی صلاحیت کے بارے میں شک و شبہات ظاہر کیے جانے لگے۔

    لندن میں 14 مئی کو قائم کیے جانے والے اس مقدمے کی دستاویزات کے مطابق وینزویلا کے مرکزی بینک نے یہ استدعا کی ہے کہ ہنگامی بنیادوں پر یہ پیسہ منتقل کیا جانا چاہیے۔

    بی بی سی کے مطابق دوسری جانب بینک آف انگلینڈ سے جب برطانوی خبر رساں ادارے نے رابطہ کیا تو اس نے اس بارے میں کچھ کہنے سے انکار کر دیا۔

  • امریکا نے وینزویلا سے تجارت کرنے والے ممالک کو خبردار کردیا

    امریکا نے وینزویلا سے تجارت کرنے والے ممالک کو خبردار کردیا

    لیما:امریکا نے روس اور چین سمیت دیگر ممالک کوتنبیہ کی ہے کہ وہ وینزویلا کے صدر نکولس کی حکومت کے ساتھ تجارتی روابط رکھنے سے گریز کریں۔

    تفصیلات کے مطابق ایک روز قبل امریکاکے صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی امریکہ میں موجود وینزویلا کے اثاثے منجمد کر چکے ہیں،خیال رہے کہ امریکہ صدر نکولس مدورو کی حکومت کو تسلیم نہیں کرتا جو گزشتہ سال ہونے والے انتخابات کے بعد صدر منتخب ہوئے تھے امریکانے ان انتخابات کو دھاندلی زدہ قرار دے دیا تھا۔

    امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن ان دنوں جنوبی امریکہ کے ملک پیرو کے دارالحکومت لیما میں موجود ہیں جہاں وہ وینزویلا کے مسئلے کے حل کےلئے بلائے گئے 60 ممالک کے اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔

    اپنے خطاب میں جان بولٹن نے کہا کہ ہم ایسے ممالک کو تنبیہ کرتے ہیں جو نکولس مدورو کی حکومت کے ساتھ تجارتی روابط رکھنے کے خواہشمند ہیں۔

    جان بولٹن نے کہاکہ ہم امید کرتے ہیں کہ کوئی بھی ملک وینزویلا کی بدعنوان اور کمزور حکومت کے ساتھ تجارت کے عوض امریکا کے ساتھ اپنے تجارتی مفادات کو خطرے میں نہیں ڈالے گا۔

    اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق وینزویلا کے 3 کروڑ سے زائد شہریوں کو امداد کی ضرورت ہے جبکہ بحران کے باعث لگ بھگ 33 لاکھ شہری ملک چھوڑ چکے ہیں۔

  • جواد ظریف کی وینزویلین صدر سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات بڑھانے پر زور

    جواد ظریف کی وینزویلین صدر سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات بڑھانے پر زور

    کراکس:وینزویلا کے صدر نکولس ماڈورو نے دارالحکومت کراکس کے صدارتی محل میں ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کا استقبال کیا تو قریب تھا کہ وہ اپنے مہمان کے داہنے ہاتھ کی ہڈی توڑ ڈالتے۔

    تفصیلات کے مطابق ظریف نے میڈورو سے مصافحہ کیا تو میڈورو نے انہیںڈرون طیارہ قرار دیا۔ اس کے بعد وینزویلا کے صدر نے ایرانی وزیر خارجہ کے ہاتھ کو اس حد تک زور سے دبایا کہ مہمان شخصیت کو شدید تکلیف محسوس ہوئی اور ظریف اپنی تکلیف کو ہنس کر چھپانے پر مجبور ہو گئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ یہ بات مشہور ہے کہ 57 سالہ نکولس ماڈورو اپنی جوانی میں باکسنگ کے بے حد شوقین تھے اورانہیں کئی بار مخالف حریف کے ساتھ باکسنگ کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا تاہم ظریف اپنے میزبان ماڈورو سے عمر میں دو سال بڑے ہیں اور ماضی میں باکسر بھی نہیں رہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ایرانی وزیر خارجہ نے صدر مادورو سے ملاقات کے بعد وینزویلا کے پہلے نائب صدر ڈیلسی روڈریگویز سے بھی ملاقات کی۔

    خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ایران اور وینزویلا دونوں سیاسی تعلقات کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کررہے ہیں، واضح رہے کہ دونوں ممالک کو امریکاکی جانب سے شدید سیاسی اور معاشی دباؤ کا سامنا ہے۔

  • وینزویلا کے صدر نے اقوام متحدہ کی رپورٹ مسترد کردی

    وینزویلا کے صدر نے اقوام متحدہ کی رپورٹ مسترد کردی

    کراکس: وینزویلا کے صدر نکولاس مادورو نے اقوام متحدہ کی رپورٹ مسترد کردی جس میں ملکی حکومت پر قتل وغارت کا الزام لگایا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حال ہی میں اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ سامنے آئی تھی جس میں وینزویلا حکومت پر الزام عاید کیا گیا تھا کہ وہ عام شہریوں کے قتل عام میں ملوث ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا تھا کہ اپوزیشن لیڈر جون گائیڈو کے حمایتی لوگوں کی رائے زبردستی تبدیل کرائی جارہی ہے اور ماورائے عدالت مخالفین کا قتل عام بھی جاری ہے۔

    ردعمل میں وینزویلا کے صدر نکولاس مادورو کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق مچل بیچلٹ کی وینزویلا کے بارے میں تیار کردہ رپورٹ جھوٹ کا پلندہ ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ رپورٹ حقیقت کے منافی ہے، دروغ گوئی سے کام لیا جارہا ہے، یہ رپورٹ چالبازیوں اور غیر حقیقی معلومات پر مشتمل ہے۔

    یاد رہے کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا تھا کہ پولیس کی جانب سے مخالفین کو گرفتار کرکے ماوارئے عدالت قتل بھی کیا جارہا ہے، اور ردعمل سے بچنے کے لیے ان پر من گھڑت الزامات عاید کیے جارہے ہیں۔

    وینزویلا بحران، حکومت اور اپوزیشن مذاکرات کے لیے تیار

    وینزویلا میں اپوزیشن لیڈر جون گائیڈو کی حمایت دن بہ دن بڑھتی چلی جارہی ہے، امریکا سمیت کئی یورپی ریاستوں نے بھی جون گائیڈو کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

    البتہ غیر ملکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ فریقین رواں ہفتے مذاکرات کی میز پر ہوں گے۔