Tag: Venezuelan

  • وینز ویلا اور پرتگال کے درمیان کھلے سمندر میں تنازعہ

    وینز ویلا اور پرتگال کے درمیان کھلے سمندر میں تنازعہ

    وینز ویلا کی ایک کشتی نے جرمنی کے ایک بحری جہاز کو مبینہ طور پر دانستہ ٹکر مار دی جس کے بعد کشتی ڈوب گئی، واقعے کے بعد وینز ویلا کے صدر نے غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔

    آزادانہ میڈیا رپورٹس کے مطابق کیربیئن کے سمندر میں جرمن کمپنی کا بحری جہاز آر جی سی ایس ریزولوٹ ایک ڈچ جزیرے کی طرف روانہ تھا، جہاز پرتگال کا تھا تاہم اس کی ملکیت جرمن کمپنی کے پاس تھی۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ آدھی رات کے وقت وینز ویلا کی پٹرولنگ کشتی جہاز کے قریب پہنچی اور جہاز کو وینز ویلا کے ایک جزیرے کی طرف لے جانے کا کہا۔

    کشتی پر موجود افراد نے بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ بھی کی اس کے بعد دانستہ کشتی کو جہاز سے ٹکرا دیا۔

    کمپنی کے مطابق جہاز پر 32 افراد کا عملہ موجود تھا جو فائرنگ میں محفوظ رہا، جہاز چونکہ اس سے قبل برفانی مہم جوئیوں کے لیے جاتا رہا ہے لہٰذا ڈھانچہ مضبوط ہونے کی وجہ سے وہ تصادم میں محفوظ رہا، البتہ وینز ویلا کی کشتی کچھ دیر بعد ڈوب گئی۔

    وینز ویلا کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ جہاز نے جان بوجھ کر کشتی سے تصادم کیا۔ انہوں نے کشتی کے ڈوبنے کی تصدیق نہیں کی تاہم بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعے کے کچھ دیر بعد کشتی ڈوب گئی تھی۔

    وینز ویلا کے صدر نکولس مدورو اس تصادم کے بعد سرحدی حدود میں مداخلت اور دہشت گردی کا الزام لگا چکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ ایسا ہی ہے کہ 100 کلو کے باکسر نے ایک نو آموز باکسر کو گھسیٹا اور اسے پیٹنے لگا۔

    بین الاقوامی ماہرین نے اس کا تانا بانا وینز ویلا اور پرتگال کے درمیان حال ہی میں ہونے والے ایک سفارتی تنازعے سے جوڑا ہے۔

    وینز ویلا نے واقعے کی تحقیقات کا بھی اعلان کیا ہے، جہاز فی الحال بحفاظت نیڈر لینڈز کی ایک بندرگاہ پر لنگر انداز کردیا گیا ہے اور وہ جلد ہی اپنا سفر دوبارہ شروع کردے گا۔

  • وینز ویلا کے جنگی طیارے کا عالمی فضائی حدود میں امریکی جہاز کا جارحانہ تعاقب

    وینز ویلا کے جنگی طیارے کا عالمی فضائی حدود میں امریکی جہاز کا جارحانہ تعاقب

    واشنگٹن : امریکی فوج نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ امریکی طیاروں کا پچھا کرنا وینز ویلا کے صدر نیکولس مادورو کے باغیانہ طرز عمل کا کھلا ثبوت ہے۔

    واشنگٹن(این این آئی)امریکی حکام نے بتایا ہے کہ وینز ویلا کے ایک جنگی طیارے نے امریکی انٹیلی جنس طیارے کا کیریبین سمندر کے علاقے میں عالمی فضائی حدود میں پرواز کے دوران جارحانہ انداز میں تعاقب کیا، یہ واقعہ دونوں ملکوں کے درمیان جاری کشیدگی میں اضافے کا واضح ثبوت بتایا جا رہا ہے۔

    امریکی فوج کی سدرن کمانڈ کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ عالمی فضائی حدود میں وینز ویلا کے جنگی طیارے کاہمارے جہاز کا پچھا کرنا وینز ویلا کے صدر نیکولس مادورو کے باغیانہ طرز عمل کا کھلا ثبوت ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہناتھا کہ وینز ویلا امریکا پر بین الاقوامی قوانین کو پامال کرنے کا الزام عائد کرتا ہے مگر اس کے طیارے عالمی فضائی حدود میں بھی امریکی طیاروں کا پیچھا کرتے ہیں۔

    امریکی حکام کا کہنا تھا کہ امریکا کا ایک طیارہ اے بی3 جو متعدد نوعیت کے مشن پر تھا کا عالمی فضائی حدود سے گذرتے ہوئے وینز ویلا کے سو۔30 طیارے نے تعاقب کیا، امریکا اس اقدام کو وینز ویلاکی طرف سے جہاز اور اس کے عملے کو خطرے میں ڈالنے کی کوشش قرار دیتا ہے۔

    دوسری طرف وینز ویلا کے وزیر دفاع ولادی میر باڈرینو لوبیز نے دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکا ایک جنگی جہاز کسی پیشگی اطلاع کے بغیر وینز ویلا کی فضائی حدود میں گھس آیا تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ امریکی جہاز نے وینز ویلا کے مرکزی ہوائی اڈے کی کمرشل پروازوں کوخطرے میں ڈال دیا تھا۔

  • وینزیلابحران، موجودہ حکومت کے گرد مزید گھیرا تنگ

    وینزیلابحران، موجودہ حکومت کے گرد مزید گھیرا تنگ

    کراکس: وینزویلا میں جاری سیاسی بحران میں موجودہ حکومت کے گرد مزید گھرا تنگ ہوگیا، امریکا نے ملکی وزیرخارجہ خورگے اریزا پر پابندی عائد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی امریکی ملک وینزویلا ان دنوں شدید سیاسی ومعاشی بحران کا شکار ہے، جبکہ امریکا نے ملکی حکومت کے بجائے اپوزیشن کا ساتھ دینے کا اعلان کررکھا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ امریکا نے وینزویلا کے وزیرخارجہ پر پابندی عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’خورگے اریزا‘ سفارت کاری کے ساتھ ساتھ صدر نکولاس مادورو حکومت کی بدعنوانیوں پر پردہ ڈالنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

    امریکا نے اعلان کیا ہے کہ ملکی صدر مادورو کے اندرونی حلقوں میں بدعنوان عناصر کو ہدف بنانے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، وزیرخارجہ پر پابندی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

    دوسری جانب حکومت نے ملکی اپوزیشن کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ بھی جاری رکھا ہوا ہے، ذرائع نے اپوزیشن لیڈر جون گائیڈو کی گرفتاری کے بھی امکانات ظاہر کیے ہیں۔

    یاد رہے کہ وینزویلا میں 23 جنوری کو اپوزیشن لیڈر اور پارلیمںٹ کے اسپیکر جون گائیڈو نے خود کو عبوری صدر قرار دیا تھا جس کے بعد امریکا اور بعض دوسرے علاقائی ممالک نے صدر نکولس مادورو کی جگہ گائیڈو کو ملک کا عبوری صدر تسلیم کرلیا ہے۔

    وینزویلا کے خودساختہ صدر پر نئی پابندی عائد

    خیال رہے کہ امریکا سمیت کئی یورپی ممالک کی حمایت حاصل کرنے والے جون گائیڈو نے گذشتہ ماہ لاطینی امریکی ممالک کا دورہ کیا تھا اس دوران انہوں نے ملک میں جاری بحران پر تبادلہ خیال بھی کیا تھا۔

    وینزویلا میں جاری سیاسی بحران کے پیش نظر روس مقامی حکومت کا ساتھ دے رہا ہے، جبکہ امریکا نے روس کو خبردار کیا ہے کہ وہ کسی بھی اقدامات سے باز رہے۔