Tag: Vice President of Cuba

  • پاکستان سے باہمی تجارت و سرمایہ کاری میں تعاون کے خواہاں ہیں ، نائب صدر کیوبا

    پاکستان سے باہمی تجارت و سرمایہ کاری میں تعاون کے خواہاں ہیں ، نائب صدر کیوبا

    اسلام آباد : کیوبا کے نائب صدر ڈاکٹر روبرٹو موریلز اوجدہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ باہمی تجارت و سرمایہ کاری اور ہیلتھ کئیر سمیت متعدد شعبوں میں قریبی تعاون کے خواہاں ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر تاجر براری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    کیوبا کے نائب صدر نے تاجروں سے خطاب میں کہا کہ کیوبا پاکستان کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری اور ہیلتھ کئیر سمیت متعدد شعبوں میں قریبی تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے کیونکہ دونوں ممالک مختلف فیلڈز میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنے کی عمدہ صلاحیت رکھتے ہیں.

    اس موقع پر پاکستان میں تعینات کیوبا کے سفیر جبرئیل ٹیل کیپوٹ اور کیوبا کی وزارت خارجہ و وزارت پبلک ہیلتھ کے نمائندگان بھی موجود تھے۔

    کیوبا کے نائب صدر نے کہا کہ دونوں ممالک قدرتی ادویات سمیت ایک دوسرے کے ساتھ متعددمصنوعات و سروسز کا تبادلہ کر سکتے ہیں لہذا باہمی تجارت کا فروغ کیوبا اور پاکستان کی اہم ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے۔

    انہوں نے کہا کہ کیوبا کے پاس قدرتی وسائل اور معدنیات کے زیادہ ذخائر نہیں ہیں لہٰذا کیوبا کی قیادت نے بائیو ٹیکنالوجی سمیت سائنس و ٹیکنالوجی کے فروغ پر زیادہ توجہ دی تا کہ نالج اکانومی کو فروغ دیا جائے۔

    انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کے سرمایہ کار کیوبا کا دورہ کر کے جوائنٹ وینچرز اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں۔

    اس موقع پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے2005کے زلزلے کے بعد پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون کرنے پر کیوبا کی قیادت اور عوام کا ایک مرتبہ پھر شکریہ ادا کیا۔

    انہوں نے زور دیا کہ پاکستان اور کیوبا تجارتی وفود کا تبادلہ بڑھانے کی حوصلہ افزائی کریں جس سے دوطرفہ تجارت بہتر ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ کیوبا نے میڈیکل سائنس میں بہت ترقی کی ہے لہذا وہ میڈیکل سمیت دیگر شعبوں کی ٹیکنالوجی پاکستان کو منتقل کرے تاکہ ہمارا صنعتی شعبہ بھی بہتر طور پر ترقی کرسکے۔

  • اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان سے کیوبا کے نائب صدر کی ملاقات

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان سے کیوبا کے نائب صدر کی ملاقات

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان سے کیوبا کے نائب صدر نے ملاقات کی، ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط بنانے پراتفاق کیا گیا، وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی برادری نہتے کشمیریوں کی تحریک کا ساتھ دے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے کیوبا کے نائب صدر نے وفد کے ساتھ ملاقات کی، ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط بنانے پراتفاق کیا گیا۔

    اس موقع پروزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اورکیوبا کے درمیان دوستانہ تعلقات ہیں۔ پاکستانی عوام میں کیوبا کے سابق صدر فیڈل کاسترو کا احترام پایا جاتا ہے، کیوبا میں انسانی ترقی متاثر کن ہے۔

    انہوں نے کیوبن نائب صدر کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم سے آگاہ کیا اور کہا کہ عالمی برادری نہتے کشمیریوں کی تحریک کا ساتھ دے۔

    وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ ہم اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا پرامن حل چاہتے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں بھارت انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کررہا ہے۔

    اس موقع پردونوں رہنماؤں نے سیاسی اورمعاشی تعلقات استوار کرنے پر اتفاق کیا۔ کیوبن وفد نے پاکستان میں صحت اور تجارت کے شعبوں میں دلچسپی کا اظہار بھی کیا۔

  • اسلام آباد : کیوبا کے نائب صدر کا قومی ادارہ صحت کا دورہ

    اسلام آباد : کیوبا کے نائب صدر کا قومی ادارہ صحت کا دورہ

    اسلام آباد : کیوبا کے نائب صدر نے کہا ہے کہ این آئی ایچ شعبہ صحت کیلئے اہم ذمہ داری نبھا رہا ہے، ادارے کی کارکردگی اور خدمات قابل تعریف ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی ادارہ صحت کے دورے کے موقع پر کیا۔ اس حوالے سے ترجمان قومی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ سربراہ قومی ادارہ صحت عامراکرام نے کیوبن نائب صدر سلوا ڈور میسا کا پرتپاک استقبال کیا۔

    عامر اکرام نے کیوبن نائب صدر کو ادارے کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی، کیوبن نائب صدر سلوا ڈور میسا نے ویکسین سازی پلانٹ اور لیبارٹریز کا بھی دورہ کیا۔

    اس موقع پر کیوبن نائب صدر نے ادارہ صحت کی کارکردگی اور خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ این آئی ایچ شعبہ صحت کیلئے اہم ذمہ داری نبھا رہا ہے۔

    کیوبن نائب صدر نے شعبہ صحت میں تعاون کے فروغ میں دلچسپی کا اظہار کیا، ترجمان کے مطابق سربراہ قومی ادارہ صحت عامراکرام کا کہنا تھا کہ این آئی ایچ کی ویکسین سازی اور انسداد امراض کیلئے اہم خدمات ہیں۔

    قومی ادارہ صحت میں وسیع پیمانے پر اصلاحات جا ری ہیں، اس کے علاوہ ادارہ صحت کو عالمی معیار کا ادارہ بنانے کیلئے مؤثر اقدامات کیے جارہے ہیں۔