Tag: Video Viral

  • حمزہ شہباز نے ایک بار پھر سُر بکھیردیے، ویڈیو وائرل

    حمزہ شہباز نے ایک بار پھر سُر بکھیردیے، ویڈیو وائرل

    مسلم لیگ ن کے نائب صدر حمزہ شہباز نے ایک بار پھر گانا گا کر حاضرین سے خوب داد سمیٹی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    حمزہ شہباز یوں تو اکثر حکومت پر گرجتے برستے رہتے ہیں لیکن قدرت نے انہیں سریلی آواز عطا کی ہے جس کا وہ گاہے بگاہے مظاہرہ کرتے رہتے ہیں یہ شوق شاید انہیں اپنے والد اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے ورثے میں ملا ہے کیونکہ وہ بھی گانے سے کافی شغف رکھتے ہیں۔

    ٹوئٹر پر ایک صارف نے ویڈیو شیئر کی ہے جس میں مسلم لیگ ن کے نائب صدر حمزہ شہباز خوبصورت دھن پر مبنی ایک پرانی بھارتی فلم کا گیت گارہے ہیں۔

     

    ویڈیو شاید کسی میٹنگ کی ہے جس کی صدارتی کرسی پر حمزہ شہباز براجمان ہیں جبکہ دیگر کرسیوں پر خواتین وحضرات بیٹھے ہوئے ہیں جہاں حمزہ 70 کی دہائی کی مشہور زمانہ بھارتی فلم مقدر کا سکندر کے لیے کشور کمار کا گایا ہوا گیت ’’روتے ہوئے آتے ہیں سب، ہنستا ہوا جو جائے گا وہ مقدر کا سکندر کہلائے گا‘‘ گا رہے ہیں۔

    اس موقع پر وہاں موجود ایک شخص اپنے موبائل سے ان کی ویڈیو بناتا ہے جب کہ گیت کے اختتام پر شرکا حمزہ شہباز کو تالیاں بجا کر خوب سراہتے ہیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل حمزہ شہباز نے اپنے بھانجے اور مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کی شادی میں بھی اپنی آواز کا جادو جگایا تھا اور’’سہانی چاندنی راتیں ہمیں سونے نہیں دیتیں‘‘ گایا تھا ان کے ساتھ مریم نواز اور جنید صفدر نے بھی گیت گائے تھے۔

    مزید دیکھیں:’سہانی چاندنی راتیں ہمیں سونے نہیں دیتیں‘ حمزہ شہباز کی ویڈیو وائرل

    یاد رہے کہ حمزہ شہباز کے والد اور مسلم لیگ ن کے صدر واپوزیشن لیڈر شہباز شریف بھی گلوکاری سے خاصا شغف رکھتے ہیں اور متعدد مواقعوں، جلسوں اور ٹی وی شوز میں گانے گاچکے ہیں۔

  • بوڑھی خاتون نے پہاڑ سرکرکے نوجوانوں کو مات دیدی، ویڈیو وائرل

    بوڑھی خاتون نے پہاڑ سرکرکے نوجوانوں کو مات دیدی، ویڈیو وائرل

    بھارت میں ایک 62 سالہ بوڑھی خاتون نے سہیادری پہاڑی سلسلے کی سب سے اونچی چوٹی کو سرکرلیا جس کی ویڈیو دیکھ کر  سب حیران ہورہے ہیں۔

    دنیا میں ایسے لوگوں کی کمی جو ہروقت کچھ نہ کچھ ایڈونچر کرنے کے لیے تیار رہتے ہیں لیکن یہ ایڈونچر اگر کسی عمررسیدہ کی طرف سے انجام پایا ہو اور وہ بھی پہاڑ کی چوٹی سر کرنے جیسا ایڈونچر تو دنیا تو حیران رہ جاتی ہے۔

    ایسا ہی ایک حیران کن واقعہ بھارت میں ہوا ہے جہاں 62 سالہ بوڑھی عورت نے ایک بلند چوٹی کو انتہائی تیز رفتاری سے سر کیا جس کی ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور لوگ اسے بے حد سراہ رہے ہیں۔

    62 سالہ خاتون نے کیرالہ میں سہیادری پہاڑی سلسلے کی سب سے اونچی چوٹیوں میں سے ایک، اگستیارکوڈم چوٹی کو سر کرکے نامکمن کو ممکن بنادیا۔

     

    سہیادری پہاڑی سلسلے میں اگستیار کوڈم سب سے اونچی اور مشکل ترین ٹریکنگ چوٹیوں میں سے ایک ہے، جسے 16 فروری کو بنگلور سے تعلق رکھنے والی ایک 62 سالہ خاتون نے بڑی جانفشانی کے ساتھ عبور کیا ہے۔

    یہ خاتون اس چوٹی کو سرکرنے کے جذبے سے بنگلور سے اپنے بیٹے اور اس کے دوستوں کے ساتھ آئی تھیں۔

    خاتون نے کہا کہ بلند چوٹیاں سرکرنا ان کا ہمیشہ سے ہی خواب رہا ہے لیکن شادی کے بعد گزشتہ 40 سال سے وہ خاندانی ذمے داریاں نبھا رہی تھی، لیکن اب اس کے بچے بڑے ہوچکے ہیں اور اپنے اپنے کاموں میں مصروف ہوچکے ہیں تو میں نے سوچا کہ اب میں اپنے خوابوں کو پورا کرسکتی ہوں۔

    عمر میں بوڑھی مگر ہمت میں جوان خاتون کی پہاڑ پر چڑھنے کی ویڈیو دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین بھی حیران ہو رہے ہیں اور اپنے تبصروں میں ان کی ہمت کی خوب داد دیتے نظر آرہے ہیں۔

  • نوجوانوں کو برفیلے پانی میں ڈوبنے سے بچالیا گیا، ویڈیو وائرل

    نوجوانوں کو برفیلے پانی میں ڈوبنے سے بچالیا گیا، ویڈیو وائرل

    برف کی تربیتی مشق دو نوعمر زیرتربیت نوجوانوں کیلیے حقیقی زندگی میں ریسکیو مشن میں بدل گئی، ریسکیو کارکنوں نے بروقت کارروائی کرکے انکی جان بچائی۔

    یہ واقعہ ہے امریکی ریاست میسوری کے علاقے میری لینڈ ہائٹس کا جہاں میری لینڈ ہائٹس فائر فائٹرز پروٹیکشن ڈسٹرکٹ کے فائر فائٹرز کریو کوئر جھیل کا سفر کررہے تھے، ان کی مشقیں ختم ہی ہونے والی تھیں کہ انہوں نے دیکھا کہ زیرتربیت دو نوعمر جمی ہوئی جھیل کے پار بھاگ رہے ہیں۔

    صرف چند منٹ میں ہی یہ منظر ایک خوفناک منظر میں بدل گیا جب اچانک برف ٹوٹ گئی اور دونوں نوجوان برفیلی جھیل میں گرگئے۔

    فائر پروٹیکشن ڈسٹرکٹ نے فیس بک پر شیئر کیا کہ نوجوانوں کو خطرے میں دیکھ کر عملے کے دو ارکان دو سینئر ساتھیوں کے ہمراہ ان کی مدد کے لیے روانہ ہوئے اور جلد اس جگہ پہنچنے میں کامیاب ہوگئے جہاں نوجوان برفیلے پانی میں گرے تھے۔

    فیس بک پر مزید لکھا گیا کہ چار ریسکیو ورکرز پر مشتمل عملہ مشکل میں پھنسے نوجوانوں کو نکالنے میں کامیاب رہا، میری لینڈ ہائٹس پولیس ڈیپارٹمنٹ کے افسران کا شکریہ جنہوں نے ریسکیو میں مدد کی۔

    اس سارے واقعے کا پانچ منٹ کا کلپ یو ٹیوب پر شیئر کیا گیا جس کو اب تک ہزاروں لوگ دیکھ کر ریسکیو عملے کے جذبے کو سراہ چکے ہیں۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک ریسکیو کارکن جمی ہوئی جھیل کے ٹوٹے ہوئے اس حصے کی جانب بڑھ رہا ہے جہاں نوجوان ڈوبا تھا اور اسے رسی کے ذریعے باہر نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیا جاتا ہے۔

    ویڈیو کے دوسرے میں دکھایا گیا ہے کہ دو ریسکیو کارکن دوسرے نوجوان تک پہنچنے کے لیے جمے ہوئے پانی پر آہستہ آہستہ چل کر اس کی طرف بڑھنے کی کوشش کرتے ہیں یہاں بھی انہوں نے نوجوان کو بچانے کے لیے رسیوں کا استعمال کیا جسے محفوظ مقام پر موجود دوسرے ورکرز کھینچتے ہیں۔

     

    اس حوالے سے فائر ڈیپارٹمنٹ نے ایک تنبیہہ بیان جاری کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ ہم کہتے ہیں کہ برف سے دور رہو، بچ جانے والے یہ دونوں نوجوان خوش قسمت تھے کہ قریب ریسکیو عملہ تھا اور انہیں بروقت ریسکیو کرلیا گیا لیکن ہر بار ایسا نہیں ہوسکتا۔

    فائر فائٹرز کی اس کارکردگی کو صارفین نے بھی بہت سراہا ہے۔
    ایک صارف نے لکھا کہ ناقابل یقین، خدا کا شکر ہے کہ آپ ان دو نوجوانوں کو تربیت دے رہے تھے اور ان کا مشاہدہ کررہے تھے ، کوئی شک نہیں کہ فائر مینز نے ان کی جان بچالی

    ایک اور صارف نے کہا یقیناْ یہ صحیح جگہ بروقت اقدام تھا اور اس کاوش میں شامل ہرایک کے لیے شاباش۔

  • پراسرار سمندری مخلوق تعاقب میں! رونگٹے کھڑے کردینے والی ویڈیو وائرل

    پراسرار سمندری مخلوق تعاقب میں! رونگٹے کھڑے کردینے والی ویڈیو وائرل

    سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں نامعلوم ماہی گیرسمندر میں تیزی سے بوٹ چلارہا ہے جب کہ اس کے عقب میں ایک پراسرار مخلوق اس کا تعاقب کرتی نظرآرہی ہے۔

    ہماری زمین پر سمندر کے گہرے پانیوں میں ایسی ایسی مخلوقات موجود ہیں جو اب تک انسانی نظروں سے پوشیدہ ہیں۔

    کبھی کبھی ان ہی گہرے پانیوں میں ایسی مخلوقات ظاہر ہوتی ہیں جنہیں اس سے قبل کسی انسانی آنکھ نے نہیں دیکھا ہوتا اور بعض اوقات یہ دریافت اپنی جسمانی ہئیت سے سائنسدانوں اور محققین کو بھی حیرت سے دوچار کردیتی ہے۔

    ایسا ہی کچھ حیران کن منظر حال ہی میں ایک کیمرے میں قید ہوا، جس کی ویڈیو ان دنوں سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس کو دیکھنے والے حیران ہونے کے ساتھ سنسنی سے دوچار ہورہے ہیں۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک ماہی گیر اپنی بوٹ کو انتہائی تیز رفتاری سے سمندر سے گزار رہا ہے، جب کہ اس کے عقب میں اتنی ہی تیزی سے ایک سیاہ پراسرار مخلوق اس کا پیچھا کرتی نظر آتی ہے جس کی چمکتی آنکھیں اس کو مزید خوفناک بنارہی ہے، ماہی گیر اسی پراسرار مخلوق سے بچنے کے لیے انتہائی رفتار سے بوٹ چلارہا ہے۔

    نامعلوم ماہی گیر کی یہ وائرل ویڈیو برازیل کے ساحلی علاقے ریو گرانڈ ڈوسل کے قریب سمندر میں بنائی گئی ہے، اصل ویڈیو کے آن اسکرین متن میں لکھا ہوا ہے کہ ’’یہ مجھ پر حملہ کرنا چاہتا تھا‘‘۔

     

    یہ نامعلوم پراسرار مخلوق دیکھنے میں لمبی، پتلی اور سیاہ ہے اور بار بار پانی سے چھلانگ لگاتی اور بھاگنے والے ماہی گیر کا پیچھا کرتے نظر آتی ہے۔

    بوٹ کا تعاقب کرتے ہوئے یہ تقریباْ 10 بار پانی سے باہر نکلتی ہے اور اس کی چمکتی آنکھیں اس کو مزید پراسرار اور خوفزدہ بناتی ہیں۔

    بعد ازاں بوٹ کو پکڑنے میں ناکامی کے بعد یہ پراسرار مخلوق اس کا تعاقب کرنا چھوڑ دیتی ہے۔

    47 سیکنڈر پر مشتمل یہ تجسس اور خوف سے بھرپور ویڈیو کلپ کئی سوسشل میڈیا سائٹ پر وائرل ہوچکا ہے اور اب تک ہزاروں صارفین اس کو دیکھ چکے ہیں۔

    کچھ صارفین اسے دیکھ کر خوفزدہ اور حیران ہیں تو کچھ نے اس پر دلچسپ تبصرے بھی کیے ہیں۔

    بعض صارفین نے لکھا ہے کہ چمکتی ہوئی آنکھیں دراصل روشنی منعکس ہونے کے باعث چمکتی دکھائی دے رہی ہیں۔

    کئی صارفین کا کہنا ہے کہ یہ کوئی پراسرار مخلوق نہیں بلکہ سمندر میں رہنے والا ایک جانور ’’سیل‘‘ ہے۔

    لیکن ’’سیل‘‘ سمندر میں 35 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے حرکت کرسکتی ہے جب کہ اس ویڈیو میں اس جانور کو انتہائی تیزرفتاری سے تعاقب کرتے دکھایا گیا ہے۔

  • کھلاڑیوں کو روم سروس کون دے گا؟ دلچسپ ویڈیو وائرل

    کھلاڑیوں کو روم سروس کون دے گا؟ دلچسپ ویڈیو وائرل

    چین میں آئندہ جمعے سے شروع ہونے والے سرمائی اولمپکس میں ہوٹلز میں مقیم کھلاڑیوں کو روبوٹ روم سروس فراہم کریں گے۔

     آپ ہوٹل میں مقیم ہوں اور کوئی چیز اپنے کمرے میں طلب کریں، کمرے کا دروازہ بجے تو دروازہ کھولنے پر روم سروس بوائے کے بجائے کوئی مشین سامنے آئے تو حیران نہ ہوں کیونکہ اب دنیا روبوٹک ورلڈ کی جانب گامزن ہورہی ہے اور کئی شعبوں میں روبوٹ انسانوں کی جگہ لے رہے ہیں۔

    چین میں آئندہ جمعے سے سرمائی اولمپکس کا آغاز ہورہا ہے جس میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے ایتھلیٹس چین پہنچ رہے ہیں، کورونا کی وبائی صورتحال میں کسی بھی نوعیت کی سنگین صورتحال سے بچنے کے لیے روم سروس پر روبوٹ تعینات کیے گئے ہیں۔

    سوشل میؔڈیا پر ایک خبر رساں ادارے نے ویڈیو شیئر کی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے چین کے دارالحکومت بیجنگ کے ہوٹلوں میں روبوٹ روم سروس فراہم کررہے ہیں۔

     

    ویڈیو کلپ میں دکھایا گیا ہے کہ روبوٹ ایک ہوٹل کے کمرے میں جاتا ہے جہاں مقیم مہمان مشین میں پن کوڈ ٹائپ کرتا ہے تو روبوٹک مشین کا دروازہ کھلتا ہے اور مہمان اسمیں موجود اپنا کھانا اٹھا لیتا ہے جس کے بعد کیبنیٹ کا دروازہ خودکار طریقے سے بند ہوجاتا ہے اور روبوٹ وہاں سے واپس چلاجاتا ہے۔

    واضح رہے کہ چین میں 4فروری سے شروع ہونے والے سرمائی اولمپکس 20 فروری تک جاری رہیں گے اور مقامی میڈیا کے مطابق اس میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے 2000 سے زائد ایتھلیٹس کی آمد متوقع ہے۔

  • کیا اداکار ہریتھک روشن نے دوسری شادی کرلی؟ ویڈیو وائرل

    کیا اداکار ہریتھک روشن نے دوسری شادی کرلی؟ ویڈیو وائرل

    بھارتی اداکار ہریتھک روشن کا ایک لڑکی کا ہاتھ پکڑے ریسٹورینٹ سے باہر آنے کی تصاویر اور ویڈیو  وائرل ہونے کے بعد انکی دوسری شادی کی چہ مہ گوئیاں شروع ہوگئیں۔

    ویڈیو میں‌ اداکار ہریتھک روشن کو ممبئی میں ایک لڑکی کا ہاتھ پکڑے ریسٹورینٹ کے باہر نکلتے دیکھا گیا، لڑکی نے چہرے پر ماسک پہن رکھا تھا، اداکار نے لڑکی کو گاڑی میں بٹھایا اور وہاں سے روانہ ہوگئے۔

    یہ ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی اور صارفین کی جانب سے اس پر مختلف تبصرے کیے جارہے ہیں، کچھ مداحوں کا کہنا تھا کہ ہریتھک نے خاموشی سے ساتھی اداکارہ کے ساتھ دوسری شادی کرلی ہے۔

     

    ادھر بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ہریتھک روشن کے ساتھ گزشتہ روز اداکارہ صبا آزاد کو دیکھا گیا تھا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں اداکاروں کو کافی عرصے سے ایک دوسرے کے ساتھ دیکھا جارہا ہے اور ان کے درمیان قربتیں بڑھ رہی ہیں۔

    صبا آزاد کا اصل نام صبا سنگھ گریوال ہے اور وہ اداکاری کے ساتھ گلوکاری اور ڈائریکشن کے میدان میں بھی سرگرم ہیں۔

    واضح رہے کہ اداکار ہریتھک روشن نے پہلی شادی اپنی بچپن کی دوست اور محبت سوزانے خان سے کی تھی اور ان سے دونوں کے 2 بچے بھی ہیں تاہم یہ جوڑا 7 سال قبل اپنی راہیں جدا کرچکا ہے۔

  • خوفناک اژدہے کی گھر میں چہل قدمی، اہلخانہ خوف سے ہکا بکا

    خوفناک اژدہے کی گھر میں چہل قدمی، اہلخانہ خوف سے ہکا بکا

    بنکاک : ان دنوں سوشل میڈیا پر ایک دیو ہیکل اژدہے کی ویڈیو نے ہلچل مچا رکھی ہے، گھر میں داخل ہونے والے خوفناک اژدہے کو دیکھنے والے دم بخود رہ گئے۔

    ویڈیو کے مناظر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اژدھا گھر میں داخل ہونے کے بعد کس انداز سے واپس گیا۔ یہ واضح نہیں ہوسکا کہ اژدھے کی یہ ویڈیو تھائی لینڈ کے کس علاقے کی ہے تاہم سانپ کے مناظر حیران کن تھے جس پر انٹرنیٹ صارفین نے خوف کا بھی اظہار کیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سانپ دیوار پر رینگتا ہوا چھت پر گیا اور پھر وہاں سے اتر کر نامعلوم مقام کی جانب چل پڑا۔ اژدہا جب گھر کی چھت پر گیا تو وہاں ایک خوش نصیب بلی بھی ٹہلتی ہوئی نظر آئی جسے اگر وہ دیکھ لیتا تو شاید وہ نظر نہ آتی۔

    سوشل میڈیا صارفین نے بلی کے حوالے سے بھی دلچسپ تبصرے کیے، کسی کا کہنا تھا کہ بلی پر حملہ بھی ہوسکتا تھا۔

    ایک سوشل میڈیا صارف نے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی جسامت رکھنے والا سانپ کیسے دیوار  پر رینگ سکتا ہے۔

  • بچوں کے ساتھ پالتو جانور بھی طالبعلم ، دلچسپ ویڈیو وائرل

    بچوں کے ساتھ پالتو جانور بھی طالبعلم ، دلچسپ ویڈیو وائرل

    ترکی کے ایک اسکول میں بچوں کے ساتھ ایک بلی بھی طالبعلم ہے جس کو اسکول انتظامیہ کی جانب سے اسٹوڈنٹ کارڈ بھی جاری کیا گیا ہے۔

    اسکول کے بہت سے درجے ہوتے ہیں، کچھ صنفی بنیادوں پر ہوتے ہیں، کچھ کو ایجوکیشن جہاں لڑکے اور لڑکیاں ایک ساتھ تعلیم حاصل کرتے ہیں لیکن ایک اسکول ایسا بھی ہے جہاں ایک عام پالتو جانور کو دیگر بچوں کی طرح طالبعلم کا درجہ حاصل ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو نے لوگوں کی توجہ سمیٹ لی ہے جس میں ایک بلی کو اسکول کے بچوں کے ساتھ ایک کلاس روم میں بیٹھے دکھایا گیا ہے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق ترکی کے شمال مغربی صوبے برسا میں ایک آوارہ لیکن خوبصورت بلی گھومتی پھرتی بچوں کے اسکول کی ایک کلاس میں آگئی اور صرف آ نہیں گئی بلکہ اس کو یہ کلاس روم اور بچے اتنے اچھے لگے کہ وہ روزانہ کلاس روم میں آکر بیٹھنے لگی۔

    اسکول انتظامیہ نے جب بلی کا یہ جذبہ دیکھا تو انہوں نے بھی بلی کو اسکول میں باقاعدہ داخلہ دے کر اسٹوڈنٹ کارڈ بھی جاری کردیا، صرف یہی نہیں بلکہ بچوں اور اساتذہ نے اس انوکھی طالبہ کا پیارا سا نام بھی رکھ دیا اور اب اسے ’’کارامل‘‘ کے نام سے پکارا جاتا ہے۔

    اس ویڈیو پر  کو اب تک سینکڑوں افراد دیکھ چکے ہیں اور سوشل میڈیا کے صارفین دلچسپ تبصرے کررہے ہیں۔

  • بے گھر افراد میں رقم بانٹنے والا کون؟ ویڈیو وائرل

    بے گھر افراد میں رقم بانٹنے والا کون؟ ویڈیو وائرل

    امریکا میں ایک ہمدرد ٹک ٹوکر نوجوان نے بے گھر افراد کی مدد کا بیڑا اٹھایا اور ان میں نقد رقم تقسیم کرنا شروع کردی

    جب سے اسمارٹ فون ہماری زندگیوں میں داخل ہوا ہے آئے روز ہمارے سامنے نت نئی ویڈیوز سامنے آتی ہیں مگر ان میں سے ایسی کم ہی ہوتی ہیں جو اپنی مثبت انفرادیت کے باعث دلوں کو چھولیں اور جنہیں دیکھ کر احساس ہو کہ دنیا میں اچھے لوگ کی بھی کمی نہیں۔

       گزشتہ دنوں  کیلیفورنیا سے ایک ویڈیو  نے دیکھنے والوں کو رلایا تھا جس میں سخت سردی میں صرف نیکر پہنے سڑک پر بیٹھے شخص کو سردی سے بچانے کے لیے ایک نوجوان نے  اپنی پہنی ہوئی پینٹ دے دی تھی تو اب  اسی نوعیت کی ایک ویڈیو پیٹر بونڈ نامی ایک ٹک ٹاکر نے شیئر کی ہے جس میں اسے سڑک کنارے بیٹھے بے گھر شخص کو نقد رقم دیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

    ویڈیو میں نوجوان بے گھر شخص کو رقم دینے کے بعد اس کا ردعمل دیکھنے کے لیے رکتا نہیں ہے بلکہ تیزی سے آگے بڑھ جاتا ہے جب کہ امداد لینے والا ہاتھ ہلا کر زور زور سے اظہار تشکر کے الفاظ کہتا ہے۔

    @pterbond

    You’re welcome 🙂

    ♬ Thinking Out Loud – Piano Instrumental – Piano Man Sam

     

    پیٹر بونڈ کے اکاؤنٹ پر جاری ویڈیو میں سے اکثر ویڈیو اسی نوعیت کی ہیں۔

    پیٹر بونڈ کے ٹک ٹاک ایپ پر 3 لاکھ سے زائد فالوورز ہیں اور اب تک ان ویڈیوز پر لاکھوں تبصرے آچکے ہیں۔

    جہاں بہت سارے افراد نے پیٹر کی اس کاوش کو سراہا ہے وہیں کچھ لوگوں نے اس حوالے سے سوالات بھی اٹھائے ہیں کہ ‘‘اس کے پاس بے گھروں کی مالی امداد کے لیے بھاری نقد رقوم کہاں سے آئیں؟’’، کچھ نے تو یہ تک کہا کہ ‘‘اگر ٹک ٹاکر لوگوں کی مدد کرنے میں سنجیدہ ہے تو صرف ویوز کے لیے یہ ویڈیوز ٹک ٹاک پر شیئر نہ کرے’’۔

  • شہری کی اڑن قالین پر سیر! حقیقت ہے یا کہانی، ویڈیو وائرل

    شہری کی اڑن قالین پر سیر! حقیقت ہے یا کہانی، ویڈیو وائرل

    اڑنے والی قالین اب کہانی نہیں رہی، دبئی میں ایک شخص کی قالین پر اڑنے کی ویڈیو نے سوشل میڈیا صارفین کو حیرت زدہ کردیا۔

    متعدد کارٹون اور فلموں میں الہ دین کو ایک قالین پر اڑتے ہوئے دکھایا گیا ہے جو ایک فرضی کہانی تھی مگر اماراتی ریاست دبئی میں ایک شخص کی الہ دین کا لباس زیب تن کیے سمندر پر اڑنے والی قالین پر سوار ہوکر سیر سپاٹے کرنے کی ویڈیو نے دھوم مچا دی ہے۔

    ویڈیو نے میں ایک شخص کو سمندر پر ایک قالین پر سوار ہوکر سیر کرتے دیکھا جاسکتا ہے تاہم یہ ایک فوائل بورڈ ہے جس کے نیچے پہیئے لگے ہوئے ہیں۔

    امریکی یوٹیوبر نے بورڈ کو قالین سے ایسی مہارت سے ڈھانپ دیا ہے کہ دیکھنے والے اسے اصلی اُڑنے والا قالین ہی سمجھ رہے ہیں۔

    ویڈیو وائرل ہونے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصرے کیے جارہے ہیں۔