Tag: Video Viral

  • سعودی لڑکی پر بہیمانہ تشدد کی ویڈیو وائرل : دو ملزمان گرفتار

    سعودی لڑکی پر بہیمانہ تشدد کی ویڈیو وائرل : دو ملزمان گرفتار

    ریاض : سعودی پولیس نے لڑکی پر بیہمانہ تشدد کرنے والے دو ملزمان کو پکڑ لیا، ملزم نے لڑکی کو اتنی زور سے تھپڑ مارا کہ لڑکی دور جاگری۔

    اس حوالے سے سعودی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عوامی مقام پر لڑکی کو ہراساں کرنے والے دو افراد کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ایک ویڈیو کلپ میں دیکھا جا سکتا ہےکہ دو نوجوانوں نے ایک لڑکی کو کسی بات پر  زناٹے دار تھپڑ مارا کہ اس کو سنبھلنبے کا بھی موقع نہ مل سکا اور وہ اگلے ہی لمحے زمین پر جاگری۔

    ویڈیو کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے اور صارفین کی شدید تنقید کے بعد ریاض کی الفلج گورنری کی پولیس نے حملہ کرنے والے دونوں نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔

    ویڈیو کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ان دونوں ملزمان نے الفلج کی ایک گلی میں لڑکی کو دھکا دیا تو وہ زمین پر گر گئی، اس کے بعد نوجوان اسے چھوڑ کر ایک گروپ میں شامل ہوگئے۔

    جائے وقوعہ پر موجود لوگوں نے یہ سارا منظر دیکنھنے کے باوجود کوئی ردعمل نہیں دیا بلکہ خاموش رہے ویڈیو سے واضح ہورہا کہ دونوں نوجوان اور متاثرہ لڑکی ان ہی لوگوں کے ایک گروپ کا حصہ تھے۔

    سوشل میڈیا پر ویڈیو دیکھ کر صارفین میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی انہوں نے متعلقہ حکام سے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا جس کے بعد پولیس نے ملزمان کو حراست میں لے لیا۔

  • دیو قامت ہاتھی اسپتال پہنچ گیا، عملہ پریشان، آگے کیا ہوا؟ ویڈیو وائرل

    دیو قامت ہاتھی اسپتال پہنچ گیا، عملہ پریشان، آگے کیا ہوا؟ ویڈیو وائرل

    مغربی بنگال کے ایک فوجی اسپتال میں ہاتھی کی موجودگی نے سب کو حیران اور پریشان کردیا، ہاتھی کافی دیر تک اسپتال کی راہداری میں گھومتا رہا۔

    آپ نے اکثر جانوروں کو انسانوں سے مانوس دیکھا ہوگا کہ وہ بغیر کسی ڈر خوف کے عوامی مقامات پر چہل قدمی کررہے ہیں اور دیکھنے والے اس منظر سے محظوظ ہوتے ہیں۔

    ایک ایسا ہی واقعہ مغربی بنگال کے ایک فوجی اسپتال میں پیش آیا کہ جہاں ایک دیو قامت ہاتھی اکیلا اسپتال کے احاطے میں داخل ہوا اور ٹہلتے ہوئے اندر راہداری تک آگیا۔

    اس منظر کو دیکھ کر اسپتال میں موجود عملہ اور دیگر افراد پہلے تو گھبرا گئے لیکن ہاتھی کو پرسکون دیکھتے ہوئے ان کی جان میں جان آئی اور وہ اس کی تصاویر اور ویڈیوز بنانے لگے۔

    انڈین فاریسٹ سروس آفیسر نے ہاتھی کے ایڈونچر کو ظاہر کرنے والی چند تصاویر شیئر کی ہیں، ایک تصویر میں ہاتھی اسپتال کی عمارت کے اندر ہال کا رخ کرتا ہوا نظر آ رہا ہے اور دوسری تصویر میں ہاتھی دروازے کی طرف جاتا ہوا نظر آرہا ہے۔

    بعد ازاں معلوم ہوا کہ اس ہاتھی نے اپنی جسامت کی وجہ سے کچھ کمروں کی دیواروں کے ساتھ کچھ فرنیچر کو بھی جزوی نقصان پہنچایا۔

    سوشل میڈیا پر اس ویڈیو پر صارفین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ہاتھی کے اس عمل کو ’سرپرائز انسپکشن‘سے تعبیر کیا۔

    اس ویڈیو کو صارفین نے حیران کن بھی کہا اور دلچسپ بھی۔ کچھ نے مذاق میں کہا کہ ہاتھی کوئی مریض ہو سکتا ہے جو اسپتال میں علاج کے لیے آیا ہے۔

  • ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کے گانے کی ویڈیو وائرل، مداح بھی مسکرا اٹھے

    ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کے گانے کی ویڈیو وائرل، مداح بھی مسکرا اٹھے

    سیالکوٹ : بھارتی ٹینس اسٹار اور معروف پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا کی دلچسپ ویڈیو صارفین کے لئے تفریح کا سامان بن گئی۔

    ثانیہ مرزا سوشل میڈیا پر گاہے بگاہے اپنی ویڈیو اور تصاویر شیئر کرتی رہتی ہیں اور ان پر صارفین سے خوب داد بھی سمیٹتی ہیں۔

    بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر اپنی پوسٹ شیئر کی جسے دیکھ کر ان کے مداح مسکرائے بغیر نہ رہ سکے۔

    ثانیہ مرزا نے ایک مختصر سی ویڈیو (ریل) شیئر کی ہے، جس میں وہ بیک گراؤنڈ میں ایک بجتے ہوئے گانے تجھ کو یاد ستائے میری پر ’’لپسنگ‘‘ کرتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔

    ان کی اس پوسٹ کو دیکھ جہاں ان کے مداح خوب محظوظ ہو رہے ہیں وہیں اداکارہ شردھا کپور نے بھی ان کی پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے ثانیہ کی اداکاری کو پسند کیا۔

    ثانیہ مرزا نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ جب آپ ڈائٹ پر ہوں تو پھر کیا سوچتے ہیں؟ اسی ویڈیو پر بیک گراؤنڈ میں بجتے گانے ’تجھے یاد ستائے میری‘ پر ثانیہ مرزا ایکٹنگ کرتے ہوئے نظر آرہی ہیں۔

    ویڈیو میں ثانیہ مرزا گرے رنگ کی ٹی شرٹ پہنی ہوئی نظر آرہی ہیں اور انہوں نے اپنے بال بھی پیچھے کی طرف باندھے ہوئے ہیں۔

    بھارتی ٹینس اسٹار کی اس ویڈیو کو چند گھنٹوں میں 30 ہزار سے زائد لوگ دیکھ چکے ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ثانیہ مرزا کی ویڈیو پر دلچسپ تبصروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

  • پورے خاندان کو گھر سمیت نذر آتش کرنے کی خوفناک ویڈیو وائرل

    پورے خاندان کو گھر سمیت نذر آتش کرنے کی خوفناک ویڈیو وائرل

    بھارت میں سفاکیت کی انتہا کردی گئی، ملزمان نے پورے خاندان کو گھر سمیت جلادیا، ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں ایک خوفناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں ملزمان نے انسانیت سوز کارروائی کرکے دیکھنے والوں پر لرزہ طاری کردیا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دو ملزمان گھر کے باہر کھڑے ہوکر دروازے اور کھڑکیوں پر تیل چھڑک رہے ہیں اور پھر ماچس کی تیلی سے اسے آگ لگا کر چلے گئے۔

    ملزمان کی پوری کارروائی گھر کے باہر لگے سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگئی۔ مقامی پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر ملزمان کی شناخت کررہی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق متاثرہ گھر کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ پہلے ہی اس حوالے سے دھمکیاں ملنے کی شکایت پولیس کے علم میں لاچکے ہیں اور ملزمان کے ناموں سے بھی آگاہ کردیا گیا۔

    بلاس پور کے یادونندن نگر کیرہائشی خاتون ریکھا سنگھ نے مقامی تھانے میں رپورٹ درج کرائی اور بتایا کہ وہ اپنے تین بچوں اور شوہر کے ساتھ رہتی ہے، معمول کے مطابق جمعرات کی رات دس بجے ہم سب کھانا کھانے کے بعد سو گئے، رات کے کسی پہر دو نوجوان گھر کو آگ لگانے پہنچے۔

    ملزمان نے گھر کے تمام دروازوں کے سامنے پیٹرول ڈالا اور آگ لگانے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔ آگ لگنے سے گھر کے دروازے اور کھڑکیاں مکمل طور پر جل گئیں۔

    اس کے ساتھ گھر کے باہر نصب سی سی ٹی وی کیمرے بھی جل گئے تاہم آگ لگانے سے قبل کیمرے میں قید ہونے والا پورا واقعہ ریکارڈ ہوگیا۔

    آگ لگنے کے بعد دھواں پھیلنے سے گھر کے تمام افراد کی آنکھ کھل گئی اور انہوں نے فوری طور پر پانی چھڑک کر آگ پر قابو پالیا۔ اگر آگ قریب کھڑی گاڑیوں میں لگی ہوتی تو خوفناک صورتحال پیدا ہوسکتی تھی۔

    واضح رہے کہ پولیس کو ابھی تک اس کیس میں کسی بھی پہلو سے کامیابی نہیں مل سکی ہے تاہم سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

  • مسافر ٹرین میں خوفناک بیل کی موجودگی، پھر کیا ہوا؟ ویڈیو وائرل

    مسافر ٹرین میں خوفناک بیل کی موجودگی، پھر کیا ہوا؟ ویڈیو وائرل

    ٹرین میں سفر کے دوران بیل کو دیکھ کر مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا، بیل نے ٹرین کے عملے کی دوڑیں لگوادیں۔

    ہم اکثر جانوروں کی ایک شہر سے دوسرے شہروں میں منتقلی کے حوالے سے خبریں اور ویڈیوز کا مشاہدہ کرتے رہتے ہیں لیکن اس کا ایک خاص طریقہ کار ہوتا ہے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں ایک بیل کو ٹرین میں سفر کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، جھاڑکھنڈ سے بہار جانے والی ٹرین کے مسافر خوفناک جانور کو دیکھ کر دم بخود رہ گئے۔

    واقعے کے مطابق جب ایک مسافر ٹرین اسٹیشن سے نکلنے کے لیے تیار ہوئی تو تقریباً 10-12 نامعلوم افراد ٹرین میں ایک بیل کے ساتھ سوار ہوئے اور ٹرین میں سفر کرنے والے لوگوں سے کہا کہ وہ اسے صاحب گنج اسٹیشن پر چھوڑ دیں۔

    اس سے پہلے کہ مسافر اس صورت حال کو سمجھ پاتے، جو لوگ بیل کو لے کر آئے تھے اسے ایک ڈبے میں باندھ کر واپس چلے گئے۔

    بہت سے مسافر بیل سے اتنے خوفزدہ تھے کہ وہ بھاگ کر دوسری بوگی کی طرف چلے گئے، وہاں موجود کچھ لوگوں نے اپنے موبائل فون میں اس عجیب و غریب منظر قید کرلیا۔

    گھوڑے کا ٹرین میں سفر تصاویر وائرل

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی مغربی بنگال میں بھی ایک گھوڑے کو مسافروں سے کھچا کھچ بھری لوکل ٹرین میں سواری کرتے دیکھا گیا تھا تاہم پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گھوڑے کے مالک کو حراست منیں لے لیا تھا۔

  • ماہرہ خان کی نقل کرنے والی لڑکی کی ویڈیو وائرل

    ماہرہ خان کی نقل کرنے والی لڑکی کی ویڈیو وائرل

    شوبز شخصیات کے مداح اپنے فنکاروں کو اس قدر پسند کرتے ہیں کہ ان خود ان جیسا بننے کی کوشش کرتے ہیں، اور ان میں سے اکثر کامیاب بھی رہتے ہیں۔

    ظاہر سی بات ہے کہ نقل کرنا بھی ایک فن ہے لیکن نقل کیلئے عقل کی بھی ضرورت ہوتی ہے اور جو لوگ کسی اداکار یا فنکار کو ہو بہو کاپی کرسکتے ہیں انہیں شہرت حاصل کرنے کیلئے ذیادہ محنت نہیں کرنا پڑتی۔

    اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو خوب وائرل ہورہی ہے جس میں پاکستان کی نامور اداکارہ ماہرہ خان کی مداح ان کی نقل کرتے ہوئے دکھائی دے رہی ہیں۔

    ماہرہ خان پاکستان شوبز کی وہ معروف اداکارہ ہیں جن کا شمار لالی وڈ کی تجربہ کار اداکاراؤں میں ہوتا ہے، جنہیں کئی بار ٹرول بھی کیا گیا ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ماہرہ خان کی ایک مداح لڑکی نے ان جیسی آواز نکالنے کا دعویٰ کرتے ہوئے ویڈیو پوسٹ کی ہے۔

    اس مختصر سی ویڈیو میں لڑکی کی جانب سے یہ ثابت کرنے کی کوشش کی گئی ہے کہ وہ ماہرہ خان کے بات کرنے کے انداز کو کاپی کر سکتی ہیں اور ان کی طرح آواز نکال سکتی ہیں۔

    دوسری جانب ستم ظریفی یہ ہے کہ ماہرہ خان کی اس ویڈیو اور انداز کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے پر کچھ صارفین نے لڑکی کپر کڑی تنقید کی تو کسی نے اس کی حوصلہ افزائی کی۔

    تاہم مذکورہ ویڈیو پر کچھ صارفین نے مثبت تبصرے بھی کیے ہیں۔ ویڈیو کو ہزاروں لوگوں نے دیکھا اور اپنے رائے کا کھل کر اظہار کیا۔ اب آپ بتائیں کہ کیا اس لڑکی کا یہ دعویٰ درست ہے؟؟

    واضح رہے کہ اداکارہ ماہرہ خان اب تک بھارتی فلم’رئیس‘’ہمسفر‘’سپر اسٹار‘ ’بن روئے‘ کے علاوہ دیگر کئی فلموں اور ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھاچکی ہیں۔

  • گلوکار ابرار الحق نے اپنے بکرے کو "نچ مجاجن نچ” سنا دیا

    گلوکار ابرار الحق نے اپنے بکرے کو "نچ مجاجن نچ” سنا دیا

    لاہور : پاکستان کے نامور گلوکار اور پی ٹی آئی رہنما ابرار الحق کی اپنے بکرے کے ساتھ گانا گانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    انسٹا گرام پر کی گئی ویڈیو پوسٹ میں انہیں بکرے کی رسی تھامے خوشگوار موڈ میں گانا گاتے ہوئے سنا جاسکتا ہے، انہوں نے رسی کو بطور مائیک استعمال کیا۔

    ابرارالحق سوشل میڈیا سائٹ پر اپنا گانا "نچ مجاجن نچ” اپنے قربانی کے بکرے کو وقف کردیا اور اس کی تعریفوں میں مگن دکھائی دے رہے ہیں۔ ویڈیو میں بکرا بھی گانا انجوائے کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

    یاد رہے کہ ابرارالحق نے اپنا مشہور گانا نچ پنجابن نچ بغیر اجازت بھارتی فلم میں شامل کرنے پر بھارتی میوزک کمپنی کو قانونی نوٹس بھجوا رکھا ہے۔

    ابرارالحق کا کہنا ہے کہ بھارتیوں نے انتہائی بدتمیزی کے ساتھ میرا گانا کاپی کیا، نہ صرف کاپی کیا بلکہ اس کی دھن ہی خراب کردی۔

  • بیٹے کے کم نمبر لانے پر باپ کی حالت قابل دید، ویڈیو دیکھنے والے بھی رو پڑے

    بیٹے کے کم نمبر لانے پر باپ کی حالت قابل دید، ویڈیو دیکھنے والے بھی رو پڑے

    ہینن : باپ اپنے بیٹے کے امتحان میں کم نمبر لانے پر دلبرداشتہ ہوگیا، رپورٹ کارڈ دیکھ کر اس کا ضبط جواب دے گیا، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    تمام والدین کی کوشش ہوتی ہے کہ ان کا بچہ اسکول میں امتیازی نمبروں سے پاس ہو جس کیلئے طرح طرح کے جتن بھی کرتے ہیں۔

    والدین بچوں کی بہترین کارکردگی اور ان کے اچھے مستقبل کیلئے انہیں اسکول کے ساتھ ساتھ ٹیوشن بھی پڑھاتے ہیں تاکہ معاشرے میں وہ بہترین مقام حاصل کرسکیں۔ اتنے جتن کرنے کے بعد بھی اگر بچہ ان کی توقعات پر پورا نہ اترے تو والدین کی پریشانی بجا ہے۔

    چین کے رہائشی ایک باپ کی بھی حالت بھی کچھ ایسی ہی ہے، سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو پر باپ کو روتا دیکھ کر صارفین کے دل پسیج گئے۔

    ہوا کچھ یوں کہ باپ نے اپنے بیٹے کو ریاضی کے پرچے کا امتحان دینے کیلئے خود ٹیوشن پڑھائی اور اس کی تیاری کیلئے ایک سال تک دن رات ایک کردیا۔

    جب امتحان کا رزلٹ آیا تو پیپر میں 100میں سے صرف 06 نمبر دیکھ کر باپ کا دل ٹوٹ گیا، اور وہ خؤد پر قابو نہ رکھتے ہوئے پھوٹ پھوٹ کر رودیا۔

    انسٹا گرام پر وائرل ہونے والی پوسٹ میں باپ کو آنسوؤں سے روتے ہوئے دکھایا گیا ہے، ویڈیو پر صارفین نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

    کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ والد کو چاہیے کہ دل چھوٹا نہ کرے اور بچے کو بھی نہ ڈانٹے بلکہ اسے مزید حوصلہ دے کیونکہ کامیابی اور ناکامی زندگی کا حصہ ہے۔

  • سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو نے دیکھنے والوں کو رُلا دیا

    سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو نے دیکھنے والوں کو رُلا دیا

    غربت انسان کو کہیں کا نہیں چھوڑتی، کم آمدنی والے افراد بے بس ہیں کہ اس مہنگائی کے دور میں وہ اپنے بچوں کی بنیادی ضروریات کیسے پوری کریں۔

    مہنگائی کے اس دور میں اشیائے ضروریہ تک عوام کی رسائی مشکل ترین ہوتی جا رہی ہے، کھانے پینے کی عام چیزوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں۔

    محدود آمدنی رکھنے والا شہری اپنے اہل خانہ کا پیٹ پالنے کیلئے دن بھر کمانے کے باوجود اس پریشانی میں مبتلا ہے کہ شام کو گھر جاکر اپنے بچوں کو پیٹ بھر کر روٹی کھلا بھی سکے گا یا نہیں؟َ

    مہنگائی اور بے روزگاری سے لوگوں میں احساس محرومی جنم لے رہا ہے، لوگ ذہنی بیمار ہوتے جا رہے ہیں ان کی سمجھ میں نہیں آرہا کہ جائیں تو کہاں جائیں۔

    ان ہی مسائل سے نبرد آزما یہ غریب شخص بھی ہے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے، صارفین اس شخص کو بے بسی سے روتا ہوا دیکھ کر خود بھی آبدیدہ ہوگئے۔

    فوٹوگرافر اور ڈیجیٹل مواد کے تخلیق کار آصف خان نے انسٹاگرام پر ایک دل دہلا دینے والی ویڈیو شیئر کی جسے دیکھ کر آپ کے بھی آنسو نکل آئیں گے۔

    چند سیکنڈ پر مبنی یہ خاموش ویڈیو ہمارے معاشرے کی منہ بولتی تصویر ہے کہ غربت انسان کو اتنا مجبور اور لاچار کردیتی ہے کہ اس کے پاس رونے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہوتا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ایک شخص سڑک پر بچوں کیلیے میٹھی چیز بیچتے ہوئے پھوٹ پھوٹ کر روپڑا اور خود ہی اپنے آنسو پوچھ رہا ہے کیونکہ اس کے دکھوں کا مداوا کرنے والا بھی کوئی نہیں۔

    اس دردناک ویڈیو کو6 ملین سے زیادہ بار دیکھا گیا ہے اور صارفین نے اپنے کمنٹس میں افسردگی کے ساتھ اس سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

  • جھگڑے کے بعد کار سوار نے موٹر سائیکل سوار کو روند ڈالا، ویڈیو وائرل

    جھگڑے کے بعد کار سوار نے موٹر سائیکل سوار کو روند ڈالا، ویڈیو وائرل

    نئی دہلی : بھارت میں تیز رفتار کار ڈرائیور نے موٹر سائیکل سوار کو سائیڈ سے ٹکر ماری اور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، ٹریفک حادثے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    نئی دہلی میں پیش آنے والے اس اندوہناک واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا ہے جس میں کار ڈرائیور کیخلاف قتل کرنے کوشش کی دفعہ307بھی شامل کی گئی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق آٹھ سے دس ہیوی موٹر سائیکل سواروں کا ایک گروپ گروگرام سے واپس آرہا تھا کہ اس دوران ایک موٹر سائیکل سوار نے تیز رفتار اسکارپیو کار کو گزرتے دیکھا۔

    مذکورہ بائیک رائیڈر نے کار ڈرائیور کو قریب جاکر تیز رفتاری پر ٹوکا تو جواب میں ڈرائیور نے دھمکیاں دیں اور مغلظات بکیں۔

    اس بات کے بعد تھوڑی دور جاکر اسکارپیو کار ڈرائیور نے جان بوجھ کر موٹر سائیکل سوار کو سائیڈ سے ٹکر ماری جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار بری طرح گرا اور لڑھکتا ہوا سڑک پر لگی ریلنگ سے ٹکرا گیا۔

    خوش قسمتی سے موٹر سائیکل سوار شدید ٹکر کے باوجود زخمی نہیں ہوا اور اٹھ کر کھڑا ہوگیا جو کسی معجزے سے کم نہیں۔

    یہ پورا واقعہ دوسرے بائیکر کے ہیلمٹ میں لگے ہوئے کیمرے میں محفوظ ہوگیا، مذکورہ ویڈیو میں یہ سارا منظر باآسانی دیکھا جاسکتا ہے۔

    ویڈیو وائرل ہونے کے بعد دہلی پولیس نے اس معاملے کا از خود نوٹس لیا اور بائیک سواروں سے تحریری مقدمہ درج کرانے کو کہا۔

    پولیس نے کار سوار ملزم کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے جس میں آئی پی سی کی دفعہ 307 بھی شامل کی گئی ہے۔