Tag: violate

  • امریکا نے وینزویلا سے تجارت کرنے والے ممالک کو خبردار کردیا

    امریکا نے وینزویلا سے تجارت کرنے والے ممالک کو خبردار کردیا

    لیما:امریکا نے روس اور چین سمیت دیگر ممالک کوتنبیہ کی ہے کہ وہ وینزویلا کے صدر نکولس کی حکومت کے ساتھ تجارتی روابط رکھنے سے گریز کریں۔

    تفصیلات کے مطابق ایک روز قبل امریکاکے صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی امریکہ میں موجود وینزویلا کے اثاثے منجمد کر چکے ہیں،خیال رہے کہ امریکہ صدر نکولس مدورو کی حکومت کو تسلیم نہیں کرتا جو گزشتہ سال ہونے والے انتخابات کے بعد صدر منتخب ہوئے تھے امریکانے ان انتخابات کو دھاندلی زدہ قرار دے دیا تھا۔

    امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن ان دنوں جنوبی امریکہ کے ملک پیرو کے دارالحکومت لیما میں موجود ہیں جہاں وہ وینزویلا کے مسئلے کے حل کےلئے بلائے گئے 60 ممالک کے اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔

    اپنے خطاب میں جان بولٹن نے کہا کہ ہم ایسے ممالک کو تنبیہ کرتے ہیں جو نکولس مدورو کی حکومت کے ساتھ تجارتی روابط رکھنے کے خواہشمند ہیں۔

    جان بولٹن نے کہاکہ ہم امید کرتے ہیں کہ کوئی بھی ملک وینزویلا کی بدعنوان اور کمزور حکومت کے ساتھ تجارت کے عوض امریکا کے ساتھ اپنے تجارتی مفادات کو خطرے میں نہیں ڈالے گا۔

    اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق وینزویلا کے 3 کروڑ سے زائد شہریوں کو امداد کی ضرورت ہے جبکہ بحران کے باعث لگ بھگ 33 لاکھ شہری ملک چھوڑ چکے ہیں۔

  • پاناما نے مزید بحری جہازوں سے پرچم ہٹانے کا فیصلہ کرلیا

    پاناما نے مزید بحری جہازوں سے پرچم ہٹانے کا فیصلہ کرلیا

    پاناما سٹی : پاناما میں سمندری نقل و حمل کی اتھارٹی نے بتایا ہے کہ پاناما بین الاقوامی پابندیوں اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے مزید بحری جہازوں سے اپنا پرچم ہٹا لے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاناما کے سابق صدر خوان کارلوس وریلا نے اپنے ملک میں رجسٹرڈ جہازوں میں سے 59 کی رجسٹریشن حذف کرنے کے لیے گرین سگنل دے دیا تھا، گذشتہ چند ماہ کے دوران ایران اور شام سے تعلق رکھنے والے تقریبا 60 جہازوں کو پاناما کی اندراجی فہرست سے حذف کیا جا چکا ہے۔

    یہ پیش رفت 2018 میں واشنگٹن کی جانب سے ایران پر دوبارہ پابندیاں عائد کرنے کے بعد سامنے آئی،مذکورہ ذرائع کے مطابق ان میں سے زیادہ تر جہاز ان کمپنیوں کی ملکیت تھے جن کو ریاست ایران میں چلا رہی ہے۔ تاہم ان میں شام کو تیل پہنچانے سے متعلق بحری جہاز بھی شامل تھے۔

    رواں ماہ جولائی کے اوائل میں ایک بڑا تیل بردار جہاز (گریس 1) جبل طارق کے علاقے میں پہنچا جہاں اسے برطانوی بحریہ نے حراست میں لے لیا۔ اس جہاز پر شام کے خلاف پابندیوں کی خلاف ورزی کا شبہہ ہے۔

    جبل طارق میں حکام نے بتایا کہ یہ تیل بردار جہاز اپنی پوری گنجائش کے ساتھ تیل لے کر مبینہ طور پر شام کی بانیاس ریفائنری کی جانب رواں دواں تھا۔یہ تیل بردار جہاز جبل طارق پہنچا تو اس پر پاناما میں رجسٹرڈ نام موجود تھا۔ تاہم بعد میں پاناما کی حکومت نے بتایا کہ وہ 29 مئی کو اس جہاز کو اپنی اندراجی فہرست سے حذف کر چکی ہے۔

    پاناما میں تجارتی سمندری نقل و حمل کے ڈائریکٹر جنرل رافائیل سیجارویسٹا نے ای میل کے ذریعے رائٹرز کو بھیجے گئے بیان میں بتایا کہ پاناما پرچم ہٹانے کی پالیسی جاری رکھے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد بین الاقوامی پابندیوں کے نظام اور سمندری سیکورٹی سے متعلق پاناما کے قواعد و ضوابط کے تحت اپنے بیڑے کے تناسب کو بہتر بنانا ہے۔

  • ایران کی طرف سے عالمی قوانین اور معاہدوں کی خلاف ورزی کا سلسلہ بدستور جاری

    ایران کی طرف سے عالمی قوانین اور معاہدوں کی خلاف ورزی کا سلسلہ بدستور جاری

    تہران : ایران نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ عالمی مالیاتی امور میں شفافیت کے قوانین پر عملدرآمد کا یورپ اور ایران کے درمیان تجارتی روابط یا سہولیات کے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کی طرف سے مالیاتی امور میں شفافیت سے متعلق عالمی قوانین اور معاہدوں کی خلاف ورزی کا سلسلہ بدستورجاری ہے، جس نے ایران کے لیے یورپی میکنزم پرعمل درآمد کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ایرانیوں کا اس بات پراصرار ہے کہ عالمی مالیاتی امور میں شفافیت کے قوانین پرعمل درآمد کا یورپ اور ایران کے درمیان تجارتی روابط یا سہولیات کے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔

    عرب ٹی وی کے مطابق برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے نے تہران پر امریکی پابندیوں کے باوجود ایران کے ساتھ تجارتی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لیے اینسٹکس کے نام سے ایک نیا پروگرام پیش کیا تھا۔

    خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس پروگرام میں یورپی ممالک نے مالیاتی امور کی شفافیت کے لیے ایران سے بعض مطالبات بھی پیش کیے تھے۔

    اسی دوران ایران نے اسپیشل ٹریڈ اینڈ فینسانسنگ ٹول یا ایس ٹی ایف آئی کے عنوان سے نیا تجارتی چینل قائم کیا مگر دو سال گذر جانے کے باوجود ایران کے شدت پسند قانون ساز ایرانی مالیاتی نظام کی شفافیت کے اقدامات کو آگے بڑھانے میں رکاوٹیںکھڑی کررہے ہیں۔

    بین الاقوامی مالیاتی نگرانی کے ذمہ دار ادارے ایس ٹی ایف آئی کے مطابق ایرانی حکومت مالیاتی امور میں شفافیت لانے سے فرار اختیار کررہی ہے۔ اس طرح ایران میں منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی فنڈنگ کے خدشات بڑھ ہے ہیں۔

    عالمی مالیاتی شفافیت کے لیے کام کرنے والی اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ اگر تہران نے مالی امورمیں شفافیت کی شرائط پوری نہ کیں تو منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی فنڈنگ کی روک تھام مشکل ہوجائے گی۔

  • دوران ڈرائیونگ اسلامی حجاب کی خلاف ورزی، سینکڑوں خواتین کو نوٹس جاری

    دوران ڈرائیونگ اسلامی حجاب کی خلاف ورزی، سینکڑوں خواتین کو نوٹس جاری

    تہران : ایران میں پولیس نے ڈرائیونگ کے دوران حجاب اتارنے اور اسلامی لباس کی خلاف ورزی کے الزام میں سیکڑوں خواتین کو جواب دہی کے لیے پولیس تھانوں میں پیش ہونے کے احکامات جاری کردیئے۔

    تفصیلات کے مطابق حالیہ ایام کے دوران سینکڑوں ایرانی خواتین کو موبائل فون پر پیغامات موصول ہوئے جن میں ان سے کہا گیا کہ وہ ڈرائیونگ کے دوران اور پبلک مقامات پر حجاب اتارنے کے حوالے پولیس مراکز میں پہنچ کر جواب دہی کریں۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ بعض خواتین کو صرف انتباہی پیغامات موصول ہوئے جن میں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ پولیس مراکز سے رجوع کریں۔ جب پولیس مراکز سے رجوع کیا گیا تو انہیں وہاں پر اسلامی لباس اور حجاب سے متعلق سوالات کا سامنا کرنا پڑا۔

    پولیس حکام ان سے بار بار اسلامی لباس اور حجاب کے بارے میں سخت اور تلخ سوالات کرتے رہے، بہت سی خواتین سے تحریری معاہدہ کرایا گیا کہ وہ آئندہ حجاب کی خلاف ورزی نہیں کریں گی۔

    تہران کے پولیس چیف بریگیڈیئر حسین رحیمی کا کہنا تھا کہ حراستی مراکز میں طلب کی گئی خواتین میں سے بیشتر کو رہا کر دیا گیا ہے، ان سے عہد لیا گیا ہے کہ وہ آئندہ اسلامی طرز لباس کی خلاف ورزی نہیں کریں گی۔

    ایرانی پولیس کا بے حجاب خواتین کی گاڑیاں ضبط کرنے کا اعلان

    یاد رہے کہ اس سے قبل ایرانی پولیس کی جانب سے حجاب ٹھیک نہ ہونے یا اسلامی لباس کی خلاف ورزی کرنے والی خواتین کی گاڑیاں ضبط کی گئ تھیں۔

    واضح رہے کہ ایران میں1979کے اسلامی انقلاب کے بعد خواتین کے لئے حجاب پہنا لازمی قرار دیا گیا تھا۔

    گزشتہ کچھ سالوں سے اس قانون پر پابندی میں نرمی برتی جانے لگی تھی اور کئی خواتین تہران کی سڑکوں پر بغیر مکمل اسلامی لباس کے نظر آنے لگیں تھیں۔

  • نکیال سیکٹر پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ، ایک شہری شہید، 4 افراد زخمی

    نکیال سیکٹر پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ، ایک شہری شہید، 4 افراد زخمی

    مظفرآباد : جنگی جنون میں مبتلا بھارتی فوج نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نکیال سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک شہری شہید جبکہ تین خواتین سمیت چار افراد زخمی ہوگئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق لائن آف کنٹرول پر بھارت آپے سے باہر ہوگیا اور  روایتی دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی فوج نے ایل او سی کے قریب آزاد کشمیر کے نکیال سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی ، جس کے نتیجے میں ایک شہری شہید اور تین خواتین سمیت چار افراد زخمی ہوگئے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج نے چھوٹے ہتھیاروں اور مارٹر گولوں سے شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔

    ترجمان کے مطابق پاک فوج نے دشمن کو بھرپور جواب دیتے ہوئے متعدد بھارتی چوکیاں تباہ کردیں، ،بھارتی فوج کو بھاری نقصان کی اطلاعات ہیں۔

    یاد رہے 3 روز قبل بھی نکیال سیکٹر پر ہی بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں لڑکی شہید جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے تھے۔


    عالمی یوم امن کے موقع پر بھارتی جارحیت وبربریت ،6 معصوم شہری شہید


    اس سے قبل عالمی یوم امن کے موقع پربھارتی فوج کی جانب سے ورکنگ باؤنڈری پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں 6 معصوم شہری شہید اور 26 زخمی ہوگئے تھے۔

    واضح رہے کہ  رواں برس بھارتی فوج کی جانب سے متعدد بار لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی جاتی رہی ہے، بھارت اپنے داخلی اور سیاسی کشیدگی اور کشمیر میں جاری ظلم و بربریت سے توجہ ہٹانے کے لیے لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔

    رواں برس آزاد کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے 30 سے زائد افراد شہید جبکہ 176 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔