Tag: Violence

  • ویڈیو : بھارتی فوجی افسر کا ائیر لائن کے عملے پر وحشیانہ تشدد

    ویڈیو : بھارتی فوجی افسر کا ائیر لائن کے عملے پر وحشیانہ تشدد

    سری نگر : مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجی افسر کی جانب سے نجی ائیر لائن کے عملے پر وحشیانہ تشدد کا واقعہ پیش آیا ہے۔ جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سری نگر ائیرپورٹ پر بھارتی فوجی افسر نے نجی ایئرلائن کے اسٹاف پر لاتوں، گھونسوں اور راڈ سے حملہ کردیا۔

    بھارتی فوجی افسر نے اسپائس جیٹ ائیرلائن کے گراؤنڈ اسٹاف کے چار ملازمین پر تشدد کرکے انہیں شدید زخمی کر دیا، عملے کے ایک رکن کی ریڑھ کی ہڈی اور دوسرے کا جبڑا توڑ دیا۔

    تشدد کے شکار دیگر دو ملازمین بھی لہولہان ہوگئے، بھارتی فوجی افسر مقررہ وزن سے زائد بیگج طیارے میں لے جانے پر مصر تھا۔

    ائیر لائن کے اسٹاف نے بھارتی فوجی افسر کو زائد بیگج ادائیگی کا کہا تو وہ آپے سے باہر ہوگیا، متاثرہ عملے کی درخواست پر بھارتی فوجی افسر کیخلاف بڈگام تھانے میں ایف آئی آر درج کرلی گئی۔

    بھارتی فوجی افسر کی درندگی پر مقبوضہ کشمیر کی جماعتوں نے بھرپور مذمت اور اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔

    اسپائس جیٹ نے مقامی تھانے میں شکایت درج کروائی ہے، اور واقعے کو ’ قاتلانہ حملہ‘ (مؤثر طور پر دفعہ 307، تعزیراتِ ہند) کے تحت لیا جا رہا ہے۔

    اگر الزام ثابت ہو جاتا ہے تو مذکورہ افسر کو کئی سال کی قید اور فوجی ملازمت سے معطلی یا برخاستگی جیسے اقدامات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج نے اپنے افسر کیخلاف تحقیقات کا وعدہ کیا پھر چپ سادھ لی۔ متاثرہ شخص نے مذکورہ افسر کیخلاف کارروائی کی اپیل کی ہے۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فام ایکس پر واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد عوامی سطح پر سخت ردِ عمل دیکھنے کو ملا۔ صارفین نے اسپائس جیٹ کے عملے سے ہمدردی کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ ملزم کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

  • واپڈا اہلکاروں پر تشدد کرنے والوں کو لینے کے دینے پڑگئے

    واپڈا اہلکاروں پر تشدد کرنے والوں کو لینے کے دینے پڑگئے

    اسلام آباد : پولیس نے واپڈا اہلکاروں پر بہیمانہ تشدد کرنے والے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، سوسائٹی مالکان نے عدالت سے اسٹے لے رکھا تھا جسے خارج کردیا گیا تھا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد پولیس نے آئیسکو ملازمین پر تشدد کرنے والے نجی سوسائٹی کے مالکان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔

    رپورٹ کے مطابق مذکورہ مقدمہ ایس ڈی او روات محمد ریاض کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس میں
    سوسائٹی کے صدر، جنرل سیکرٹری اور سائٹ انچارج سردار الطاف اور امجد خان کو نامزد کیا گیا ہے۔

    اس کے علاوہ واپڈا اہلکاروں پر تشدد کے مقدمے میں مزید 30 سے 40 نامعلوم ملزمان کو بھی نامزد کیا گیا ہے، ،مزید تفتیش جاری ہے

    مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ ملزمان آئیسکو کے 82.5 ملین روپے کے نادہندہ ہیں عدالت سے اسٹے آرڈر  لے رکھا تھا۔

    متن کے مطابق عدالت نے 8 جولائی کو اسٹے آرڈر خارج کردیا تھا، جس کے بعد کارروائی کی غرض سے آئیسکو ملازمین سوسائٹی پہنچے۔

    بجلی منقطع کرنے کیلیے سوسائٹی پہنچنے پر وہاں موجود سوسائٹی مالکان اور ان کے ساتھیوں نے واپڈا اہلکاروں پر تشدد کیا، ملزمان نے واپڈا کالونی پردھاوا بولا اور سرکاری گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا۔

  • ڈیفنس میں با اثر شخص کا نوجوان پر سرعام تشدد، بہن معافیاں مانگتی رہی

    ڈیفنس میں با اثر شخص کا نوجوان پر سرعام تشدد، بہن معافیاں مانگتی رہی

    کراچی : شہر قائد کے پوش علاقے ڈیفنس میں با اثر شخص کی جانب سے نوجوان پر سرعام تشدد کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے، متاثرہ شخص اور اس کی بہن نے بار بار معافی کی درخواست کی لیکن اس کا کوئی اثر نہیں لیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ڈیفنس کے علاقے اتحاد ٹاؤن میں ایک شہری پر تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

    ویڈیو میں ایک با اثر شخص کو لڑکی کے سامنے نوجوان پر تشدد کرتے دیکھا جاسکتا ہے، لڑکی اور نوجوان کو بچانے کیلئے معافیاں مانگ رہی ہے۔

    اس حوالے سے ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی نے کہا کہ واقعہ کس وجہ سے ہوا اور کس جگہ ہوا اس کی تحقیقات کررہے ہیں، ابھی تک کسی نے پولیس کو واقعے کی اطلاع نہیں دی ہے، سوشل میڈیا سے واقعے کا علم ہوا تحقیقات کررہے ہیں۔

    ایس ایس پی نے بتایا کہ فوٹیج میں تشدد کرنے والے با اثر شخص کی شناخت سلمان فاروقی کے نام سے ہوئی ہے، سلمان فاروقی اور اس کے گارڈ نے شہری پر تشدد کرکے قانون کو ہاتھ میں لیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ شہری پر تشدد کرنے والا شخص سلمان فاروقی بائیونک فلمز نامی اشتہاری کمپنی کا سی ای او ہے۔

    ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی نے بتایا کہ بااثر ملزم کی گرفتاری کیلیے اس کے دفتر پر چھاپہ مارا گیا تاہم ملزم کا دفتر بند ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق واقعے کی شکایت پولیس کو نہیں دی گئی، فیملی کی بھی تلاش جاری ہے،
    ملزم کی گرفتاری کیلئے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

  • ٹک ٹاکر رجب بٹ کا شہری پر مبینہ تشدد، ویڈیو وائرل

    ٹک ٹاکر رجب بٹ کا شہری پر مبینہ تشدد، ویڈیو وائرل

    لاہور : معروف یوٹیوبر اور ٹک ٹاکر رجب بٹ کی جانب سے ایک نوجوان شہری پر مبینہ تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق متاثرہ شہری عمران نے رجب بٹ کیخلاف تھانہ ستوکتلہ میں درخواست دے دی ہے۔

    درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ ٹک ٹاکر رجب بٹ کے ساتھ دیگر دو اور افراد نے اس کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

    اس حوالے سے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ رجب بٹ ایک شہری کی کار کے سامنے اپنی گاڑی لا کر اسے روک لیتا ہے جس میں اس شہری کے اہل خانہ بھی موجود ہیں۔

    رجب بٹ اس متاثرہ شہری عمران کو تشدد کا نشانہ بناتا ہے اس کے ساتھ موجود دو نامعلوم افراد نے بھی شہری سے مار پیٹ کی۔

    متاثرہ شہری عمران نے ٹک ٹاکر کیخلاف تھانہ ستوکتلہ میں درخواست دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ میرے اہل خانہ کے سامنے مجھ پر تشدد کیا گیا جس سے مجھے شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا اور واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل کردی گئی۔

    علاوہ ازیں اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ تشدد کے شکار شہری کی جانب سے تھانے میں درخواست دائر کرنے کے بعد ٹک ٹاکر کی جانب سے شہری کو درخواست واپس لینے کیلیے دباؤ ڈالا جارہا ہے۔

    لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی پی او لاہور نے ڈالا کلچر پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ دوسری جانب شہری نے الزام عائد کیا ہے کہ پہلے مجھ پر تشدد کیا گیا اور اب درخواست واپس لینے کیلئے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔

    مزید پڑھیں : یوٹیوبر رجب بٹ کے خلاف ایک اور مقدمہ درج

    یاد رہے کہ اس سے قبل بھی یوٹیوبر کیخلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا، ایف آئی آر میں نیا پرفیوم متعارف کرانے کا بھی ذکر کیا گیا تھا۔

    لاہور پولیس نے 25 مارچ کو یوٹیوبر رجب بٹ کیخلاف دائر مقدمے میں پیکا ایکٹ کی دفعات شامل کی تھیں۔ مذکورہ مقدمہ تھانہ نشترکالونی میں درج کیا گیا، ایف آئی آر میں جذبات مجروح کرنے کی دفعات شامل کی گئی تھیں۔

    اس کے علاوہ مقدمے میں رجب بٹ کی جانب سے نیا پرفیوم متعارف کرانے کا بھی ذکر کیا گیا تھا، جس پر مختلف حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔

  • میکسیکو : مسلح افراد کی اندھا دھند فائرنگ 6 ہلاک

    میکسیکو : مسلح افراد کی اندھا دھند فائرنگ 6 ہلاک

    سان جوان : میکسیکو کے ایک بار پر مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے۔

    مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ گزشتہ صبح میکسیکو کے ساحلی صوبے تاباسکو کے ایک بار میں پیش آیا جو ان دنوں بڑھتے ہوئے تشدد کی لپیٹ میں ہے۔

    ریاستی اٹارنی جنرل کے دفتر کے ڈپٹی پراسیکیوٹر گلبرٹو میلکیڈیس مرانڈا نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ پانچ افراد جائے وقوعہ پر مردہ حالت میں ملے جب کہ ایک زخمی اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔

    ڈپٹی پراسیکیوٹر نے کہا کہ ابتدائی رپورٹس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مسلح افراد کا گروپ ایک شخص کی تلاش میں نائٹ کلب میں داخل ہوا اور وہاں موجود لوگوں پر فائرنگ کردی۔

    ایک حکومتی عہدیدار نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر بتایا کہ یہ حملہ ولاہرموسا میں ہوا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وفاقی حکام مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر اس جرم کی تفتیش اور اس سے نمٹنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے اور فائرنگ کے محرکات بھی واضح نہیں ہو سکے ہیں۔

    سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں لوگوں کو بار سے بھاگتے ہوئے اور کچھ کو زخمیوں کی مدد کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

    واضح رہے کہ اسی ماہ کے آغاز میں مرکزی میکسیکو کے بار میں فائرنگ کا ایک اور واقعہ پیش آیا تھا، جس میں 10 افراد ہلاک اور 13 زخمی ہو گئے تھے۔ یہ حملہ تاریخی شہر کریٹارو کے مرکز میں ہوا جو حالیہ دنوں تک ہمسایہ ریاستوں میں بڑھتے ہوئے تشدد سے محفوظ سمجھا جاتا تھا۔

  • پی ٹی آئی کے ایک اور رہنما پر نامعلوم افراد کا تشدد، اسپتال منتقل

    پی ٹی آئی کے ایک اور رہنما پر نامعلوم افراد کا تشدد، اسپتال منتقل

    پشاور : پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے رہنما کو نامعلوم افراد نے تشدد کا نشانہ بنا کر شدید زخمی کردیا، علی زمان ایڈووکیٹ کو طبی امداد کیلیے مقامی اسپتال میں داخل کرادیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی کے پی) کے رہنما اور پی کے 73 سے سابق امیدوار علی زمان ایڈووکیٹ کو عیدگاہ روڈ پر نامعلوم ملزمان نے زدوکوب کیا۔

    نامعلوم افراد کے بہیمانہ تشدد سے پی ٹی آئی رہنما علی زمان ایڈووکیٹ شدید زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کی فراہمی کیلئے فوری طور پر ایل آرایچ اسپتال منتقل کیا گیا۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور ان کی عیادت کیلئےایل آرایچ اسپتال پہنچ گئے۔

    اس کے علاوہ سابق گورنرشاہ فرمان، اسپیکر بابر سلیم سواتی، وزرا مینا خان، ظاہر شاہ اور پختون یار نے بھی علی زمان ایڈووکیٹ کی عیادت کی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن پر بھی اسلام آباد کے علاقے جی سیون میں خواجہ سراؤں نے بلیڈ سے حملہ کرکے ان کو شدید زخمی کردیا تھا۔

  • بھارتی پولیس کا مسلمان نوجوان کو کرنٹ لگا کر بدترین تشدد

    بھارتی پولیس کا مسلمان نوجوان کو کرنٹ لگا کر بدترین تشدد

    پرتاپ گڑھ : بھارتی گجرات کے ایک تھانے میں پولیس نے محض لائسنس نہ ہونے پر مسلمان نوجوان کو کرنٹ لگا کر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا، اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اترپردیش میں پرتاپ گڑھ ضلع کے تھانہ دیلہو پور پولیس نے چیکنگ کے دوران نوجوان پر بجلی کے جھٹکے لگا کر تشدد کیا۔

    پولیس کے تشدد سے زخمی نوجوان کی حالت غیر ہوگئی تو اسے اسپتال لے جایا گیا جہاں اس کی حالت بدستور تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق کرنٹ لگا کر تشدد کرنے کے الزام میں ڈی ایس پی رانی گنج کی ہدایت پر تھانہ میں تعینات ایک سب انسپکٹر سمیت تین پولیس اہلکاروں کے خلاف قاتلانہ حملہ سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    زخمی نوجوان محمد دانش کے بھائی محمد محسن کی جانب سے ڈی ایس پی کو دی جانے والی درخواست میں بتایا گیا کہ گزشتہ شام 6 بجے اس کا بھائی محمد دانش عرف کیف چھتپال گڑھ بازار سے گھر پریلا گاؤں بائیک سے واپس آرہا تھا کہ برسنڈہ پل کے نزدیک ایک سب انسپکٹر اور دو کانسٹیبل چیکنگ کررہے تھے۔

    پولیس نے محمد محسن کے بھائی کو روک کر کاغذات طلب کیے تو بھائی نے کاغذات دکھاتے ہوئے کہا کہ اس کے پاس ڈرائیونگ لائسنس نہیں ہے جس پر پولیس اہلکار گالیاں دیتے ہوئے اسے تھانہ لے گئے جہاں بجلی کا کرنٹ لگاکر اس پر تشدد کیا گیا جس کے سبب اس کا بھائی شدید زخمی ہوگیا۔

  • دلت خاتون کو کھمبے سے باندھ کر بہیمانہ تشدد، دردناک ویڈیو

    دلت خاتون کو کھمبے سے باندھ کر بہیمانہ تشدد، دردناک ویڈیو

    بنگلورو : بھارت میں ہندوؤں کی نچلی ذات دلت افراد سے انتہائی ذلت آمیز سلوک کیا جاتا ہے جس کی مثال آئے روز میڈیا میں نظر آنے والی خبریں ہیں۔

    اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو گردش کررہی ہے جس میں ایک دلت خاتون پر غیرانسانی ظلم کے واقعے کو ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک اونچی ذات کا ہندو ایک دلت عورت پر اس لیے تشدد کررہا ہے کہ اس کی گائے گھومتی پھرتی کھیت میں آگئی تھی وہ شخص شدید غصے کے عالم میں اس بے بس خاتون کو ایک درخت سے باندھ کر اس پر بے دردی سے جوتے برسا رہا ہے۔

    خاتون کے ساتھ مار پیٹ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ہے جس کے بعد اونچی ذات کے شخص امریش کمبر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شوبھما ہریجن نامی یہ خاتون ملزم سے التجا کرتی ہے کہ وہ اسے چپل سے مارنا بند کرے لیکن وہ تشدد جاری رکھتا ہے۔

    تھانے میں درج کی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جب خاتون کی گائے کھیت میں داخل ہوئی تو اس نے فوری طور پر اسے وہاں سے نکالا اور اسے گھر لے جانے لگی لیکن ملزم نے اسے روک لیا اور کھمبے سے باندھ دیا۔

  • بجلی کنکشن کاٹنے والے ملازمین کو مار مار کر لہولہان کردیا

    بجلی کنکشن کاٹنے والے ملازمین کو مار مار کر لہولہان کردیا

    میاں چنوں : بااثر افراد نے بجلی کا کنکشن کاٹنے کیلئے آنے والے واپڈا ملازمین کو بہیمانہ تشدد کانشانہ بنایا، ایک ملازم کو تشویشناک حالت میں اسپتال میں داخل کرادیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر میاں چنوں میں ریکوری اور بجلی چوری کیخلاف کارروائی کیلئے جانے وا لے واپڈ لائن سپرنٹنڈنٹ کلیم اوران کے ساتھیوں کو متعدد افراد نے مار مار کر شدید زخمی کردیا۔

    مذکورہ ملازمین کو ایک شخص کے ڈیرے پر لے جاکر رسیوں سے باندھ کر بری طرح پیٹا گیا، واپڈا چیئرمین شرافت نے میڈیا کو بتایا کہ واپڈا ملازمین واجبات کی عدم ادائیگی پر بجلی کا کنکشن منقطع کرنے گئے تھے

    انہوں نے کہا کہ عتیق اور شفیق نے اپنے ملازمین کے ساتھ مل کر واپڈا اہلکاروں پر بہیمانہ تشدد کیا، تشدد سے زخمی ہونے والے واپڈ لائن سپرنٹنڈنٹ کلیم کی حالت تشویشناک ہے جنہیں ملتان نشتراسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    دوسری جانب واپڈا ملازمین نے اپنے ساتھی ورکروں پر تشدد کے خلاف کام چھوڑ ہڑتال کر دی اور واپڈا ملازمین نے تشدد میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ان کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری تک احتجاج جاری رکھیں گے۔

  • سعودی لڑکی پر بہیمانہ تشدد کی ویڈیو وائرل : دو ملزمان گرفتار

    سعودی لڑکی پر بہیمانہ تشدد کی ویڈیو وائرل : دو ملزمان گرفتار

    ریاض : سعودی پولیس نے لڑکی پر بیہمانہ تشدد کرنے والے دو ملزمان کو پکڑ لیا، ملزم نے لڑکی کو اتنی زور سے تھپڑ مارا کہ لڑکی دور جاگری۔

    اس حوالے سے سعودی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عوامی مقام پر لڑکی کو ہراساں کرنے والے دو افراد کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ایک ویڈیو کلپ میں دیکھا جا سکتا ہےکہ دو نوجوانوں نے ایک لڑکی کو کسی بات پر  زناٹے دار تھپڑ مارا کہ اس کو سنبھلنبے کا بھی موقع نہ مل سکا اور وہ اگلے ہی لمحے زمین پر جاگری۔

    ویڈیو کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے اور صارفین کی شدید تنقید کے بعد ریاض کی الفلج گورنری کی پولیس نے حملہ کرنے والے دونوں نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔

    ویڈیو کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ان دونوں ملزمان نے الفلج کی ایک گلی میں لڑکی کو دھکا دیا تو وہ زمین پر گر گئی، اس کے بعد نوجوان اسے چھوڑ کر ایک گروپ میں شامل ہوگئے۔

    جائے وقوعہ پر موجود لوگوں نے یہ سارا منظر دیکنھنے کے باوجود کوئی ردعمل نہیں دیا بلکہ خاموش رہے ویڈیو سے واضح ہورہا کہ دونوں نوجوان اور متاثرہ لڑکی ان ہی لوگوں کے ایک گروپ کا حصہ تھے۔

    سوشل میڈیا پر ویڈیو دیکھ کر صارفین میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی انہوں نے متعلقہ حکام سے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا جس کے بعد پولیس نے ملزمان کو حراست میں لے لیا۔