Tag: viral video

  • اسٹنگرے فش جو گدگدی کرنے پر انسانوں کی طرح ہنستی ہے، ویڈیو دیکھیے

    اسٹنگرے فش جو گدگدی کرنے پر انسانوں کی طرح ہنستی ہے، ویڈیو دیکھیے

    آپ نے سوشل میڈیا یا یو ٹیوب پر سمندری جانوروں سے متعلق تو بہت سی ویڈیوز دیکھی ہوں گی جن میں عجیب الخلقت مچھلیوں یا دیگر آبی حیات کو دکھایا جاتا ہے۔

    ایک ایسی ہی ویڈیو ٹک ٹاک پر بھی وائرل ہورہی ہے جس میں  پتنگ نما اسٹنگرے فش  نامی ایک مچھلی کو دکھا گیا ہے، جو شکاری کے جال میں پھنس گئی تھی، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شکاری اس مچھلی کو پکڑ کر اسے پلٹ دیتا ہے۔

    Difference between Manta Ray and Stingray | Difference Between

    ویڈیو کی خاص بات یہ ہے کہ جب شکاری اس کے  پیٹ اور گلے کے حصے پر گدگدی کرتا ہے تو وہ مچھلی انسانوں کی طرح ردعمل کرتی ہے اور اس کے چہرے پر کھلکھلاتی ہوئی ہنسی  آجاتی ہے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کو لاکھوں لوگوں نے دیکھا اور ہزاروں نے شیئر بھی کیا، ایک طرف ویڈیو کو بہت پسند کیا جا رہا ہے تو دوسری جانب شکاری کی اس حرکت پر صارفین اپنے غم و غصے کا بھی اظہار کررہے ہیں۔

    The Remarkable Ray of Dublin's Ringsend | Environment & Society Portal

    اس ویڈیو میں 47 ملین سے زیادہ لائیکس تو ہیں لیکن اس نے واضح طور پر صارفین کو دو حصوں میں تقسیم کردیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کشتی پر اس شخص کی جانب سے کیا جانے والا گدگدی کرنے کا یہ عمل بے زبان جانوروں پر ظلم کے مترادف ہے جس کی حمایت نہیں کی جاسکتی۔

    Types of Rays: A Quick Guide

    ایک صارف نے کہا کہ دیکھو کہ وہ کتنی خوش ہے اگر آپ کا دن پوری طرح سے بور گزر رہا ہے تو اس ویڈیو کو دیکھیں آپ کو خوشگوار حیرت ہوگی اور اداسی دور ہوجائے گی۔

    ایک اور کمنٹ میں لکھا گیا کہ محض ٹک ٹاک بنانے کیلئے آپ اس مچھلی کو تکلیف دے رہے ہیں جس سے اس کا دم گھٹ رہا ہے، مجھے امید ہے کہ آپ اسے جلد از جلد پانی میں واپس ڈال دیں گے۔

  • ہراسانی کی  ویڈیو وائرل ہونے پر لڑکی نے موت کو گلے لگالیا

    ہراسانی کی ویڈیو وائرل ہونے پر لڑکی نے موت کو گلے لگالیا

    جھنگ: صوبہ پنجاب کے ضلع جھنگ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ویڈیو وائرل ہونے پر لڑکی نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی ہے۔

    ذرائع کے مطابق واقعہ جھنگ کی تحصیل گڑھ مہاراجہ میں پیش آیا، پولیس نے بتایا کہ واقعہ ایک ماہ قبل پیش آیا تھا، جہاں دو اوباش نوجوانوں نے زبردستی لڑکی کی ویڈیو بنائی، متاثرہ لڑکی منت سماجت کرتی رہی، مگر وہ باز نہ آئے، بعد ازاں لڑکوں نے متاثرہ لڑکی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کردی۔

    ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونےپر لڑکی نے مبینہ طور خودکشی کرلی، واقعے کے بعد پولیس نے ویڈیو بنانے والےلڑکوں کےخلاف مقدمے کا اندراج کیا اور ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کے گھروالوں نے لڑکوں کےخلاف کارروائی نہ کرنےکا فیصلہ کیا ہے،مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے اور ملزمان کے خلاف کارروائی جاری ہے۔

    اس سے قبل رواں ماہ کی اکیس تاریخ کو گڑھ مہاراجہ میں ہی بائیس سالہ لڑکی کو مبینہ طور زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کردیا گیا تھا، پولیس کے مطابق مقتولہ کو اس کی سہیلی نے کھانے پر گھر بلایا تھا، سہیلی کے شوہر نے لڑکی سے زیادتی کی اور تشدد کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں اسے موت کے گھاٹ اتاردیا۔

  • خرگوش کی انوکھے انداز میں تیرنے کی ویڈیو وائرل

    خرگوش کی انوکھے انداز میں تیرنے کی ویڈیو وائرل

    بھارت میں ایک خرگوش کی تالاب میں انوکھے انداز میں تیرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی، خرگوش کے تیرنے کا انداز دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین نہایت محفوظ ہوئے۔

    بھارتی فاریسٹ سروس کی افسر سوزانتا نندا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں ایک خرگوش تالاب میں تیرتا ہوا نظر آرہا ہے۔

    خرگوش تیرتا ہوا تالاب کے کنارے تک پنچا اور پھر جنگل میں گم ہوگیا۔

    سوزانتا نے لکھا کہ اس کے پانی میں تیرنے کا انداز بھی ایسا ہے جیسے بھاگنے کا، یعنی اچک اچک کر۔

    خرگوش کی اس دلچسپ ویڈیو پر لوگوں نے دلچسپ تبصرے کیے۔

  • 7 سالہ بچے کی فٹبال میں مہارت نے لوگوں کو حیران کردیا

    7 سالہ بچے کی فٹبال میں مہارت نے لوگوں کو حیران کردیا

    لندن: 7 سالہ بچے نے فٹبال میں اپنی مہارت دکھا کر بڑے بڑوں کو حیران کردیا، ارات نے 4 سال کی عمر سے فٹبال کھیلنا شروع کیا تھا۔

    ایران سے تعلق رکھنے والے اس بچے کی ویڈیو، جو اب برطانیہ میں مقیم ہے بے حد وائرل ہورہی ہے۔ ارات حسینی فٹبال کھیلنے میں میرا ڈونا، رونالڈو اور میسی جیسی ہی مہارت رکھتا ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ننھا ارات کس قدر تیزی اور ذہانت کے ساتھ کسی ماہر فٹبالر کی طرح فٹبال کو لے کر پنالٹی باکس کی طرف دوڑتا ہے۔

    ارات حسینی آج کل لیور پول اکیڈمی میں ٹریننگ حاصل کر رہا ہے، وہ بارسلونا کی جانب سے کھیلتے ہوئے لیونل میسی کی طرح کا فٹبالر بننے کا خواہشمند ہے۔

    ارات حسینی کے کوچ کا کہنا ہے کہ ارات کی ٹانگوں کی موومنٹ اور اس عمر میں اس کی فٹبال پر گرفت بہت شاندار ہے، وہ آگے جا کر دنیا کا بہترین فٹبالر بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

  • میچ کے دوران ننھے احمد شاہ کی جشن منانے کی ویڈیو وائرل

    میچ کے دوران ننھے احمد شاہ کی جشن منانے کی ویڈیو وائرل

    کراچی: کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے درمیان ہونے والا گزشتہ روز کا میچ ننھے سوشل میڈیا اسٹار احمد شاہ نے بھی بہت انجوائے کیا، ان کے جشن منانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا کے ننھے اسٹار احمد شاہ نے کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کا میچ خوب انجوائے کیا اور جب میچ سپر اوور میں چلا گیا تو انہوں نے خوب جشن منایا۔

    ان کے جشن منانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور مداحوں نے اسے بے حد پسند کیا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان سپر لیگ 5 کے پلے آف مرحلے میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو سپر اوور میں 4 رنز سے شکست دے دی۔

    میچ میں فتح کے بعد کراچی کنگز نے فائنل کے کوالیفائی کرلیا۔

    کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کی جانب سے دیا جانے والا 142 رنز کا ہدف برابر کردیا تھا جس کے بعد میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا۔

    سپر اوور میں کراچی کنگز نے 14 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی ٹیم 9 رنز بنا سکی۔

  • گندا پانی پینے سے میرا مرغا مرگیا: غصے سے بپھرے بچے کی ویڈیو وائرل

    گندا پانی پینے سے میرا مرغا مرگیا: غصے سے بپھرے بچے کی ویڈیو وائرل

    کراچی: صوبہ سندھ میں مون سون بارشوں کے بعد سیلابی پانی تاحال نہ نکالا جاسکا، گندا پانی پینے سے اپنے مرغے کی ہلاکت پر ایک بچہ سخت غصے میں آگیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اندرون سندھ سے تعلق رکھنے والے ایک کمسن بچے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں وہ حکومت کی نااہلی پر سخت نالاں ہے۔

    ویڈیو میں بچہ سیلاب کے پانی میں ایک مرغے کو اٹھائے کھڑا ہے اور سخت غصے میں کہہ رہا ہے کہ اس کا مرغا گندا پانی پینے سے مر گیا، اب ہم یہ پانی پئیں گے تو ہم بھی مرجائیں گے۔

    وہ غصہ سے چلاتے ہوئے کہہ رہا ہے کہ ملک میں غریب تباہ ہوچکا ہے۔

    بچہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے کہتا ہے کہ بلاول یہاں آؤ اور یہ گندا پانی نکالو، ہمیں پینے کا صاف پانی فراہم کرو۔

    مذکورہ بچے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بے حد وائرل ہورہی ہے، سوشل میڈیا صارفین بچے سے ہمدردی کا اظہار کر رہے ہیں جبکہ کچھ افراد حکومت کو تنقید کا نشانہ بھی بنا رہے ہیں۔

  • طویل القامت روبوٹ بحرین کے سلطان کا باڈی گارڈ، وائرل ویڈیو میں کتنی صداقت؟

    طویل القامت روبوٹ بحرین کے سلطان کا باڈی گارڈ، وائرل ویڈیو میں کتنی صداقت؟

    سوشل میڈیا پر جعلی خبروں، تصاویر اور ویڈیوز کا پھیلاؤ نہایت آسان ہے تاہم اب جدید ٹیکنالوجی کی بدولت ایسی چیزوں کی سچائی پرکھنا بھی نہایت آسان ہوگیا ہے، ایسی ہی ایک ویڈیو آج کل سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں بحرین کے سلطان اپنے روبوٹ محافظ کے ساتھ دکھائی دے رہے ہیں۔

    سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص روایتی عرب لباس میں ملبوس آگے آگے چل رہا ہے جبکہ اس کے پیچھے ایک قوی الجثہ روبوٹ نہایت مودبانہ انداز میں چل رہا ہے۔

    فلموں میں دکھائے جانے والے کسی سپر پاور جیسے روبوٹ کے قدموں کی دھمک لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کیے ہوئے ہے اور وہ انگشت بدانداں ہو کر اس طویل القامت روبوٹ کو دیکھ رہے ہیں۔

    سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا گیا کہ عربی لباس میں ملبوس شخص بحرین کے سلطان حماد بن عیسیٰ الخلیفہ ہیں اور روبوٹ ان کا ذاتی محافظ ہے جو 360 کیمروں اور بے شمار پستولوں سے لیس ہے۔

    ایک ویریفائیڈ ٹویٹر اکاؤنٹ سے اس ویڈیو کے ساتھ کیپشن دیا گیا کہ ٹیکنالوجی بہت تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے، بہت جلد سیاستدان بھی ایسے محافظ رکھنا شروع کردیں گے۔

    ویڈیو پر لوگوں نے حیرت اور خوف کے ملے جلے تاثرات کا اظہار کیا۔

    تاہم جلد ہی اس ویڈیو کی حقیقت پتہ چل گئی، مختلف ریورس سرچ کے ذریعے علم ہوا کہ ویڈیو میں دکھائی دینے والا شخص نہ تو بحرین کے سلطان ہیں نہ ہی یہ روبوٹ ان کا باڈی گارڈ ہے۔

    یہ ویڈیو 18 فروری 2019 کی ہے جب ابو ظہبی انٹرنیشنل ڈیفینس ایگزی بیشن میں پہلی بار اس روبوٹ کو پیش کیا گیا۔ 8 فٹ طویل اور 60 کلو گرام وزنی اس روبوٹ نے نمائش کے شرکا کا استقبال کیا۔

    خلیج ٹائمز کی اگلے روز کی شائع شدہ رپورٹ کے مطابق اس روبوٹ کا نام ٹائٹن ہے اور یہ متعدد زبانیں بولنے کی اہلیت رکھتا ہے، یہ دنیا کا فرسٹ کمرشل انٹرٹینمنٹ روبوٹ ہے جسے ایک برطانوی کمپنی نے تیار کیا ہے۔

    خلیج ٹائمز کی پوسٹ کردہ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ روبوٹ لوگوں کے درمیان گھوم پھر کر ان سے انگریزی اور عربی زبان میں باتیں کر رہا ہے۔ شرکا اشتیاق سے اسے دیکھتے اور اس کے ساتھ تصاویر بناتے دکھائی دے رہے ہیں۔

    روبوٹ میں 360 کیمرے اور بندوق نصب ہیں، اس حوالے سے کوئی دعویٰ سامنے نہیں آیا۔

    ایک اور رپورٹ کے مطابق وائرل ویڈیو میں موجود شخص بحرین کی ڈیفنس فورس کے چیف آف اسٹاف لیفٹننٹ جنرل دیاب تھے جو اس نمائش میں شریک ہوئے تھے۔

  • بلی سر پر آگری : وائرل ویڈیو نے دیکھنے والوں کو حیرت زدہ کردیا

    بلی سر پر آگری : وائرل ویڈیو نے دیکھنے والوں کو حیرت زدہ کردیا

    بیجنگ : سڑک پر اپنے کتے کے ساتھ چہل قدمی کرنے والے شخص کے سر پر اچانک بلی آگری جس پر وہ خوف کے عالم میں اسی وقت بے ہوش ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق چین کے شہر ہاربن میں ایک حیرت انگیز واقعہ پیش آیا یے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور لوگ اپنے اپنے انداز میں اس پر اپنے خیالات کا اظہار کررہے ہیں۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص جس کا نام گاؤ فنگوا ہے اپنے کتے کے ساتھ چہل قدمی کرنے کیلئے گھر سے نکلتا ہے تو اس دوران اس کے پڑوس والے گھر کی بالکونی سے ایک سیاہ اور سفید رنگ کی بلی اس کے سر پر گرتی ہے۔،

    گاؤ فنگوا اس غیر متوقع حالات کیلئے بالکل تیار نہ تھا اور اس کا ذہن بھی اس حالت میں کام نہیں کررہا تھا جب اس نے اس دردناک چوٹ کو محسوس کیا اور دیکھا کہ ایک بلی اس کے سر پر آن گری ہے تو وہ خوفزدہ ہوکر بے ہوش ہوگیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ شخص کو23 روز تک اسپتال میں رہنے کے بعد ڈسچارج کردیا گیا ہے اور اس کا علاج فزیو تھراپی کے ذریعے باقاعدگی سے جاری ہے۔

    اس واقعے کے بعد بلی کو قریب کی عمارت میں بھاگتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے اپنے مالک پر حملہ کرنے پر کتا اس بلی کا پیچھا کرتا ہے، ذرائع کے مطابق بلی گاؤ فنگوا کے پڑوسی کی ہے اس پڑوسی کی شناخت یو کے نام سے ہوئی ہے۔

    دوسری جانب اطلاعات یہ ہیں کہ گاؤ فنگوا کے اہل خانہ اور بلی کا مالک زخمی شخص کے علاج معالجے یا حادثے کے معاوضے کی ادائیگی سے متعلق رابطے میں ہیں۔

  • کیا یہ خوبصورت آتش بازی اولمپکس 2020 کی افتتاحی تقریب کی ہے؟

    کیا یہ خوبصورت آتش بازی اولمپکس 2020 کی افتتاحی تقریب کی ہے؟

    جاپانی دارالحکومت ٹوکیو میں آتش بازی کی ایک وائرل ویڈیو کی حقیقت سامنے آگئی، آتش بازی کو اولمپکس 2020 کی افتتاحی تقریب میں کی جانے والی آتش بازی قرار دیا جارہا تھا۔

    گزشتہ چند دن سے سوشل میڈیا پر ٹوکیو میں کی جانے والی آتش بازی کی ایک ویڈیو بے حد وائرل ہورہی ہے، ویڈیو میں جاپان کی سب سے بلند پہاڑی ماؤنٹ فیوجی پر رنگین آتش بازی سے آسمان روشن دکھائی دے رہا ہے۔

    ویڈیو میں پس منظر میں بجتی موسیقی دیکھنے والوں کو مسحور کر رہی ہے۔

    سوشل میڈیا پر کہا گیا کہ یہ آتش بازی 2020 کے اولمپکس کھیلوں کی افتتاحی تقریب میں کی جانی تھی تاہم کرونا وائرس کی وجہ سے اولمپک گیمز کو ایک سال کے لیے ملتوی کردیا گیا، اولمپک گیمز اب 23 جولائی 2021 سے شروع ہوں گے۔

    ویڈیو کے حوالے سے کہا گیا کہ اس آتش بازی کو مزید ایک سال تک محفوظ رکھنا خطرناک ثابت ہوسکتا تھا چنانچہ حکام نے فیصلہ کیا کہ انہیں استعمال کرلیا جائے۔

    اسی آتش بازی کے خوبصورت مظاہرے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تاہم جلد ہی یہ ویڈیو جعلی ثابت ہوئی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹس کے مطابق اس ویڈیو کے کچھ فریمز سنہ 2015 کی ایک ویڈیو سے مماثل ہیں، یہ ویڈیو 2015 میں ماؤنٹ فیوجی پر کی جانے والی اس آتش بازی کی ہے جو اقوام متحدہ کی جانب سے ماؤنٹ فیوجی کو عالمی ورثہ قرار دیے جانے کی خوشی میں کی گئی۔

    اولمپکس آتش بازی والی وائرل ویڈیو کے متعدد فریمز 2015 کی اس ویڈیو سے لیے گئے، بعد ازاں فائر ورک سیمولیٹر نامی ایک ویب سائٹ سے اس ویڈیو کو مکمل طور پر تخلیق کیا گیا۔

    دوسری جانب جاپانی میڈیا کے مطابق 24 جولائی کو جاپان کے 121 مقامات پر آتش بازی کا اہتمام کیا گیا تھا، یہ آتش بازی اسی روز کی گئی جب ملتوی شدہ اولمپکس 2020 کا آغاز ہونا تھا۔

    البتہ یہ آتش بازی نہ تو ویڈیو میں دکھائی گئی آتش بازی جیسی تھی، اور نہ ہی یہ وہ آتش بازی تھی جو اولمپکس 2020 کی افتتاحی تقریب کے لیے تیار کی گئی تھی۔

    ہجوم جمع ہونے سے روکنے کے لیے مذکورہ ایونٹس کے وقت و مقام خفیہ رکھے گئے تھے۔

  • قہوہ پینا مہنگا پڑ گیا، بل دیکھ کر سعودی شہری کے ہوش اڑ گئے

    قہوہ پینا مہنگا پڑ گیا، بل دیکھ کر سعودی شہری کے ہوش اڑ گئے

    ریاض: سعودی عرب کے شہر ابہا میں فیملی کے ساتھ قہوہ پینے کے لیے آنے والے شہری کے بل دیکھ کر ہوش اڑ گئے، شہری نے شکوہ کیا ہے کہ سیاحت کو فروغ دینے کے لیے یہ طریقے نہیں ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ایک سعودی شہری کو ابہا کے قہوہ خانے میں قہوہ پینا مہنگا پڑ گی، بل دیکھ کر شہری کے ہوش اڑ گئے۔

    مذکورہ شہری اپنی فیملی کے 8 افراد کے ساتھ قہوہ پینے آیا تھا جس کے بل کی کہانی انہوں نے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کی جو وائرل ہوگئی۔

    شہری کا کہنا تھا کہ وہ اہلخانہ کے ہمراہ سیاحت کے لیے ابہا پہنچے تھے، 8 افراد کے قہوے کا بل انہیں 400 ریال پیش کیا گیا جس کا مطلب یہ ہے کہ فی قہوہ 50 ریال چارج کیے جا رہے ہیں۔ اتنی بڑی رقم ناقابل فہم ہے۔

    سعودی شہری کا کہنا تھا کہ سیاحت کو کامیاب بنانے کے یہ طریقے نہیں ہیں، سیاحت اس وقت کامیاب ہوگی جب بنیادی ڈھانچہ اور خدمات اچھی ہوں گی۔

    شہری نے شکوہ کیا کہ انہوں نے قہوہ خانے کے مالک سے بات چیت کی کوشش کی مگر وہ بے کار ثابت ہوئی۔

    وائرل ویڈیو میں شہری کو یہ کہتے بھی سنا گیا کہ کیشیئر کے پاس ایک انتباہ چسپاں ہے جس میں تحریر ہے کہ اگر رقم 50 ریال سے کم ہوگی تو باقی ماندہ رقم واپس نہیں کی جائے گی۔

    مزید یہ کہ قہوہ خانے میں بچوں کے لیے کرسیوں کا انتظام ہے اور نہ ہی کریڈٹ کارڈ کے ذریعے بل کی ادائیگی کا کوئی طریقہ کار موجود ہے۔