Tag: viral

  • مشن امپاسبل 7: ٹرین کا انجن پہاڑی سے گر پڑا، ویڈیو وائرل

    مشن امپاسبل 7: ٹرین کا انجن پہاڑی سے گر پڑا، ویڈیو وائرل

    ہالی ووڈ اداکار ٹام کروز کی نئی فلم مشن امپاسبل 7 کی شوٹنگ کا ایک سین سوشل میڈیا پر بے حد وائرل ہورہا ہے جس میں ٹرین کا انجن پہاڑی سے گرایا گیا ہے۔

    ہالی ووڈ کے معروف اداکار ٹام کروز ایک بار پھر مشن امپاسبل کے نئے حصے میں واپس لوٹ رہے ہیں جس کی شوٹنگ جاری ہے، مشن امپاسبل کے نئے حصے کے لیے ٹرین کے انجن کے پہاڑی سے گرنے کا منظر سوشل میڈیا پر بے حد وائرل ہورہا ہے۔

    اس سین کو برطانیہ کے علاقے ڈربی شائر میں 20 اگست کو فلمایا گیا تھا اور مقامی فوٹوگرافر نے اسے اپنے کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کر کے ٹویٹر پر شیئر کیا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by VillagerJim (@villagerjim)

    رپورٹس کے مطابق ٹام کروز بھی اس موقع پر موجود تھے اور ہیلی کاپٹر سے انجن کے گرنے کا مشاہدہ کررہے تھے۔

    فوٹو گرافر جم نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ 5 ماہ سے ہم نئی مشن امپاسبل فلم کے اس سین کا انتظار کررہے تھے جس میں ٹرین کو پہاڑی سے نیچے گرایا گیا، ٹام بھی وہاں موجود تھے۔

    فوٹو گرافر نے میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے ٹام کروز کو خود ہیلی کاپٹر اڑاتے ہوئے دیکھا۔

    اس ٹرین انجن کو کچھ دن پہلے اس گاؤں میں پہنچایا گیا تھا اور اس سین کے لیے فلم کی ٹیم نے خصوصی طور پر ٹریک تیار کروایا تھا۔

    ٹام کروز اکثر اپنی فلموں میں خطرناک اسٹنٹ کر چکے ہیں اور کئی مواقع پر ان کی زندگی بھی خطرے میں پڑگئی تھی۔

    یہ فلم ٹام کروز کی ایکشن سیریز مشن امپاسبل کی ساتویں فلم ہے، سیریز کی ساتویں فلم میں ٹام کروز کے ساتھ اداکارہ ونیسا کربی، ربیکا فرگوسن، ہائلے ایٹویل، سائمن پیگ اور ہینری زیمی سمیت دیگر اداکار موجود ہیں۔

    فلم کی ریلیز کرونا وائرس کی وبا کے نتیجے میں تاخیر کا شکار ہوچکی ہے اور شوٹنگ کو بھی متعدد مرتبہ کیسز یا دیگر مشکلات کے باعث روکا گیا۔

  • اسما نبیل کینسر سے کیسے لڑتی رہیں؟

    اسما نبیل کینسر سے کیسے لڑتی رہیں؟

    معروف مصنفہ اسما نبیل کی 2 روز قبل کراچی میں وفات ہوئی جس پر شوبز کے کئی فنکاروں نے دکھ کا اظہار کیا، ان کا ایک پرانا انٹرویو سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ اپنی بیماری پر بات کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔

    بطور مصنفہ، پروڈیوسر، شاعرہ اور کریٹو کنسلٹنٹ اپنے فرائض سرانجام دینے والی اسما نبیل کو سنہ 2013 میں 34 سال کی عمر میں چھاتی کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔

    ان کے ایک پرانے انٹرویو کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں انہوں نے بہت سی باتوں کا تذکرہ کیا تھا۔

    اسما کا کہنا تھا کہ 7 سال قبل پہلی مرتبہ جب مجھے پتہ چلا کہ کینسر ہے تو لگا زندگی رک سی گئی ہے، ضروری نہیں زندگی میں کوئی بھی صدمہ فوری آئے اور ایک دم اثر کرے، بعض اوقات آہستہ آہستہ بھی کوئی چیز آپ پر اثر انداز ہوتی ہے اور میرے ساتھ یہ ہی ہوا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ علاج کے دوران ایک وقت ایسا بھی آیا کہ کلمے پڑھ لیے تھے، لگ رہا تھا کہ اب میں مزید نہیں رہوں گی لیکن ہر صدمہ یا تو آپ کو کمزور کردیتا ہے یا بہت زیادہ مضبوط، میں شکرگزار ہوں کہ اس کے بعد میں کافی مضبوط ہو کر دوبارہ کھڑی ہوئی۔

    اسما کا کہنا تھا کہ بیماری کے دوران لوگ آپ کو پیار دینے کی کوشش کررہے ہوتے ہیں لیکن دنیا کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ بیچارگی کی نظریں انسان کو کمزور بنا دیتی ہیں، وہ انجانے میں اس شخص کی ہمت توڑ رہے ہوتے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ میں اتنی پڑھی لکھی تھی پھر بھی جب کینسر کی رپورٹ میرے ہاتھ میں آئی تو میں بالکل ایسے ہوگئی تھی جیسے کچھ سمجھ ہی نہیں آرہا ہو، ایسی بیماری کے دوران ذہنی اور جذباتی طور پر بریک ڈاؤن آتے ہیں جو مجھے بھی آئے، مجھے بیٹھے بیٹھے ٹھنڈے پسینے آنا شروع ہوجاتے ہیں۔

    اسما نے تمام خواتین سے اپیل کی تھی کہ جو بھی میری جیسی خواتین اس مرض سے لڑ رہی ہیں وہ دیگر عورتوں کو آگاہی فراہم کرنے کا ذریعہ بنیں اور ان کی مدد کریں۔

  • شاہ سلمان کی اپنے بھائیوں کے ساتھ پرانی تصویر وائرل

    شاہ سلمان کی اپنے بھائیوں کے ساتھ پرانی تصویر وائرل

    ریاض: خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی اپنے بھائیوں کے ساتھ ایک پرانی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہے جسے لوگوں کی جانب سے بے حد پسند کیا جارہا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی اپنے تین بھائیوں کے ہمراہ ایک پرانی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہے، تصویر میں شاہ فہد بھی موجود ہیں۔

    وائرل ہونے والی تصویر میں دائیں جانب شاہ فہد بن عبدالعزیز، برابر میں شہزادہ سلطان بن عبدالعزیز اور ان کے بعد شاہ سلمان نظر آرہے ہیں جبکہ آخر میں شہزادہ ترکی الثانی بیٹھے ہوئے ہیں۔

    چاروں بھائی انتہائی خوشگوار برادرانہ ماحول میں ایک دوسرے سے باتیں کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔

    سوشل میڈیا صارفین نے اس تصویر پر پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ تصویر اس بات کی علامت ہے کہ شاہ سلمان اپنے بزرگ برادران کا اعتماد حاصل کیے ہوئے تھے۔

  • مختلف ممالک کی پولیس کا ایک دوسرے کو ڈانس کرنے کا چیلنج

    مختلف ممالک کی پولیس کا ایک دوسرے کو ڈانس کرنے کا چیلنج

    برن: سوئٹزر لینڈ پولیس کی مشہور افریقی گانے پر ڈانس کی ویڈیو دنیا بھر میں وائرل ہوگئی جس کے بعد مختلف ممالک کی پولیس نے اس گانے پر رقص کرنا شروع کردیا۔

    سوئٹزر لینڈ پولیس کی یہ ڈانس ویڈیو سوشل میڈیا پر چند روز قبل سامنے آئی جس میں مشہور افریقی گانے پر رقص کیا جارہا ہے۔ ویڈیو میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے مختلف اداروں کے افسران ہم آہنگ ہو کر تھرکتے دکھائی دے رہے ہیں۔

    یہ ویڈیو مختلف ویڈیوز کا مجموعہ ہے جس میں فیلڈ میں کام کرنے والے اہلکار، دفاتر میں بیٹھے افسران اور مانیٹرنگ اسکرینز کے سامنے موجود سیکیورٹی عملہ ڈانس کر رہا ہے۔

    یہ ویڈیو بے حد وائرل ہوئی تاہم اس کی مقبولیت میں اس وقت مزید اضافہ ہوگیا جب آئرلینڈ پولیس کو اسے بطور چیلنج قبول کرنے کا کہا گیا۔

    پرتگال میں مقیم ایک آئرش ریڈیو جوکی (آر جے) فرینکی بیٹس نے ویڈیو ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ سوئس پولیس نے اس مشکل وقت میں اپنے لوگوں کے لیے کچھ خاص کرنے کا فیصلہ کیا، کیا آئرش پولیس بھی اس چیلنج کو قبول کرے گی؟

    اس ٹویٹ کو متعدد افراد نے ری ٹویٹ کیا یہاں تک کہ سوئس پولیس کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ سے بھی کہا گیا کہ وہ اس چیلنج کو پورا کیے جانے کے منتظر ہیں۔

    صورتحال اس وقت مزید دلچسپ ہوگئی جب آئر لینڈ کے ڈپارٹمنٹ آف جسٹس نے بھی اپنے اکاؤنٹ سے ٹویٹ کیا اور آئر لینڈ پولیس کو اکساتے ہوئے اس چیلنج کو پورا کرنے کا کہا۔

    بالآخر آئرش پولیس کے ٹویٹر اکاؤنٹ پر ٹویٹ کیا گیا اور کہا گیا کہ ہمیں چیلنج قبول ہے۔

    تاحال آئرش پولیس نے اپنے ڈانس کی ویڈیو جاری نہیں کی، قیاس ہے کہ پولیس افسران ڈانس اسٹیپس کی تیاریوں میں مصروف ہوں گے، تاہم ٹویٹر پر ہونے والی اس گفتگو سے دنیا بھر کے افراد محفوظ ہوئے۔

    یہی نہیں مختلف ممالک کی پولیس نے بھی اس ڈانس چیلنج کو پورا کرنا شروع کردیا۔

    فرینکی بیٹس نے ہی مختلف ویڈیوز ٹویٹ کیں جن میں سے ایک فرانسیسی پولیس اور ایک جنوبی افریقی شہر جوہانسبرگ کی پولیس کی ہے جس میں پولیس اہلکار اس گانے پر ڈانس کر رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ افریقی زبان کا یہ گانا سنہ 2019 میں ریلیز کیا گیا تھا جس کے بعد فروری 2020 میں چند افریقی نوجوانوں نے اس پر ڈانس کیا جس کی ویڈیو بے حد وائرل ہوئی تھی۔

  • منفی 45 ڈگری سینٹی گریڈ میں ہوا میں جمے نوڈلز کی تصویر وائرل

    منفی 45 ڈگری سینٹی گریڈ میں ہوا میں جمے نوڈلز کی تصویر وائرل

    سائبیریا کی سخت سردی میں جمے ہوئے نوڈلز اور انڈے کی تصویر وائرل ہوگئی اور صرف تصویر دیکھ کر ہی لوگ ٹھٹھرنے لگے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پوسٹ کی گئی یہ تصویر سائبیریا کے ایک قصبے میں لی گئی جہاں اس وقت درجہ حرارت منفی 45 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔

    ٹویٹر صارف نے اسے پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ آج میرے قصبے کا درجہ حرارت منفی 45 ڈگری ہے۔

    تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نوڈلز اور انڈا ہوا میں جما ہوا ہے۔ ٹویٹر صارفین نے اس تصویر کو دیکھ سخت حیرانی کا اظہار کیا۔

    صارف کا کہنا تھا کہ سائبیریا کا موسم بہت عجیب ہے، ایک دن یہاں منفی 45 ڈگری سینٹی گریڈ ہوتا ہے، اور اگلے دن وہ مثبت 4 ہوجاتا ہے، اور پھر اگلے دن دوبارہ منفی 30 سے نیچے چلا جاتا ہے۔

  • بادلوں کے درمیان بلی نمودار، لوگ حیران

    بادلوں کے درمیان بلی نمودار، لوگ حیران

    کسی بھی تصویر کا اینگل بہت معنی رکھتا ہے، بعض تصاویر صرف اپنے اینگل کی وجہ سے تبدیل ہو کر کچھ کا کچھ معنی دینے لگتی ہیں۔

    اس کی ایک مثال یہ تصویر ہے جس میں ایک بلی بادلوں میں بیٹھی دکھائی دے رہی ہے اور یوں معلوم ہورہا ہے جیسے بادلوں میں بلی کی شبیہہ موجود ہے۔

    سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی یہ تصویر بہت وائرل ہورہی ہے اور لوگ اس پر حیرت کا اظہار کر رہے ہیں۔

    مگر ایک خاتون کی جانب سے شیئر کی گئی یہ تصویر دراصل فریب نظر ہے۔

    اس عکس میں جو بلی نظر آرہی ہے، وہ ان خاتون کے گھر کی شیشے کی کھڑکی کے پاس بیٹھی تھی جس کے پس منظر میں بادل تھے، خاتون نے اس بلی کی ایک تصویر بنا کر اسے ٹویٹر پر شیئر کردیا۔

    لیکن سفید رنگ کی یہ بلی شیشے کی وجہ سے بادلوں کا ہی عکس معلوم ہونے لگی، غور سے دیکھنے پر تصویر میں شیشہ بھی نظر آسکتا ہے۔

    سوشل میڈیا صارفین اس تصویر پر خوشگوار حیرت کا اظہار کر رہے ہیں۔ کچھ صارفین نے اس تصویر پر ایڈیٹنگ کر کے اسے مزید دلچسپ بنا دیا۔

  • شہید امجد صابری کی بیٹی ٹک ٹاک اور انسٹاگرام پر مقبول

    شہید امجد صابری کی بیٹی ٹک ٹاک اور انسٹاگرام پر مقبول

    کراچی: معروف قوال امجد صابری شہید کی بیٹی حورین کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، لوگوں نے انہیں دیکھ کر حیرت کا اظہار کیا۔

    امجد صابری شہید کی بیٹی حورین سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹاگرام اور ٹک ٹاک پر اکثر اپنی ویڈیوز شیئر کرتی رہتی ہیں۔

    https://www.instagram.com/p/CBmhFU4BK1D/?utm_source=ig_web_copy_link

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Hoorain Amjad Sabri (@hoorainn._) on

     

    View this post on Instagram

     

    Ek Or vIdeO 🤣

    A post shared by Hoorain Amjad Sabri (@hoorainn._) on

    ان کی کچھ ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں جس پر ان کے فالوورز نے ان سے پوچھا کہ کیا وہ واقعی امجد صابری کی بیٹی ہیں؟

    بعد ازاں حورین نے اپنے بچپن کی ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ اپنے مرحوم والد امجد صابری کے کندھوں پر نظر آرہی ہیں، تصویر کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ ہاں میں ہی امجد صابری کی بیٹی ہوں۔

     

    View this post on Instagram

     

    Yeah I’m amjad sabri’s daughter❤️🌟

    A post shared by Hoorain Amjad Sabri (@hoorainn._) on

    مداحوں نے ان کے لیے دعاؤں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    https://www.instagram.com/p/CBkkvy1ByAZ/?utm_source=ig_web_copy_link

    خیال رہے کہ قوال امجد صابری کو سنہ 2016 میں رمضان کی ایک سہ پہر ان کی گاڑی پر فائرنگ کر کے شہید کردیا گیا تھا۔ امجد صابری اس وقت روزے کی حالت میں تھے اور رمضان نشریات میں شرکت کے لیے گھر سے نکلے تھے۔

  • ایرانی مذہبی شخصیت کی دکان پر ٹِن پیک اٹھانے کی ویڈیو وائرل

    ایرانی مذہبی شخصیت کی دکان پر ٹِن پیک اٹھانے کی ویڈیو وائرل

    تہران : ٹن پیک اٹھانے کا منظر دکان میں نصب سیکورٹی کیمرے کی آنکھ نے واضح طور پر محفوظ کر لیا، سوشل میڈیا صارفین نے ویڈیو پر دلچسپ تبصرے کیے۔

    تفصیلات کے مطابق ایران میں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ایک وڈیو کلپ وائرل کیا گیا ہےجس میں ایک دکان کے اندر موجود مذہبی شخصیت کو کھارے پانی کی مچھلی کے ٹِن پیک ڈبے اٹھا کر اپنے جبّے کی جیب میں ڈالتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے،یہ منظر دکان میں نصب سیکورٹی کیمرے کی آنکھ نے واضح طور پر محفوظ کر لیا۔

    میڈیا ذرائع کا کہنا تھا کہ نظام ولایت فقیہ کے مخالفین و سیکولر نظام کے حامی صارفین میں یہ وڈیو وائرل ہو گئی۔ اس حوالے سے مزاحیہ اور سنجیدہ تبصرے سامنے آئے جن میں ایران میں نافذ نظام ولایت فقیہ کے تحت 40 برسوں سے حکمران مذہبی شخصیات کے حوالے سے لوگوں نے دل کی بھڑاس نکالی۔

    ایک ٹویٹ میں کہا گیا کہ یہ دیکھو اس کا مطلب ہے کہ حکمراں نظام اپنے پاس کام کرنے والے ملاؤں کی تنخواہ بھی ادا نہیں کر سکتا کہ اس ملا کو ٹن پیک چرانے کا سہارا لینا پڑا۔

    ایک ٹویٹ میں ذرا مختلف تبصرہ سامنے آیا۔ اس کے نزدیک ملاؤں نے یہ سمجھ رکھا ہے کہ یہ ملک ان کی مشترکہ ملکیت ہے لہذا عوام کا سارا پیسہ ان کے لیے حلال ہے۔

    عرب خبر رساں ادارے کے مطابق اس سے قبل بھی ایک مخصوص گروہ نے ایران کی عرب اور کرد اقوام کی طرف سے سپریم لیڈر کی برطرفی کے ساتھ ملک میں جمہوری اور وفاقی نظام قائم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

  • ہیمامالنی کی پارلیمنٹ کے باہر جھاڑو لگانے کی ویڈیو وائرل

    ہیمامالنی کی پارلیمنٹ کے باہر جھاڑو لگانے کی ویڈیو وائرل

    نئی دہلی : حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی رکن پارلیمنٹ اور بالی ووڈ کی ڈریم گرل ہیما مالنی نے جھاڑو لگا کر صفائی کی اہمیت اجاگر کی۔

    تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ سابقہ ڈریم گرل و بھارتی سیاست دان ہیما مالنی نے حکمران جماعت کی صفائی مہم کے دوران بھارتی پارلیمنٹ کے باہر جھاڑو لگا کر ملک بھر کو صفائی کی تعلیم دی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ بھارت کی موجود ہ سرکار آئے دن بھارت شہریوں کو صفائی ستھرائی کی اہمیت سے متعلق تعلیم دینے میں لگی رہتی ہے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مودی سرکار کبھی ٹوائلٹ کی اہمیت کی مہم چلاتی ہے تو کبھی گلی محلوں میں صفائی کی اہمیت آگاہی فراہم کررہی ہے تو کبھی کچھ اور۔

    صفائی مہم کے تناظر میں ہیمامالنی بھی ساتھی ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ لوک سبھاکے باہر جھاڑو لگانے پہنچیں تھیں تاہم نزاکت سے جھاڑو لگانے کے باعث انٹرنیٹ انہیں طنز و مزاح کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

    عمر عبداللہ نامی صارف نے ٹویٹ میں طنز کیا کہ ’پارلیمنٹ ہاؤس پورے ملک کی صاف ترین جہگوں میں سے ایک ہے خاص طور پر جب سیشن جاری ہوتو وہاں کہاں جھاڑو دے رہے ہیں‘۔

    ایک صارف نے ٹویٹ کیا کہ ’انوراگ ٹھاکر اپنی کرکٹ کی صلاحیتوں کو استعمال کررہے ہیں جبکہ ہیمامالینی اپنی فنکاری کی صلاحیتوں کا استعمال کررہی ہیں‘۔

    خیال رہے کہ بھارت کی آبادی 130 کروڑ سے زائد ہے،وہاں صحت اور صفائی انتہائی اہم مسائل ہیں۔

  • مہاجرین کی لاش پر گالف کھیلنے کی تصویر وائرل، کارٹونسٹ ملازمت سے فارغ

    مہاجرین کی لاش پر گالف کھیلنے کی تصویر وائرل، کارٹونسٹ ملازمت سے فارغ

    اوٹاوا/واشنگٹن : کینیڈین پبلیشنگ کمپنی نے مہاجر باپ اور بیٹی کی لاش پر گولف کھیلتے ٹرمپ کی ڈرائنگ بنانے والے کارٹونسٹ کو ملازمت سے فارغ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ 26 جون کو امریکا اور میکسیکو کے بارڈر پر امریکا میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران دریائے ریو گرینڈے میں پانی کی لہروں میں چل بسنے والے ایل سلواڈور کے مہاجر باپ اور بیٹی کی موت کی تصاویر نے دنیا کو جھنجوڑ دیا تھا۔

    یاد رہے کہ پانی کی لہروں میں ڈوب کر ہلاک ہونے والے ایل سلواڈور کے 25 سالہ آسکر البرٹو اور ان کی 2 سالہ بیٹی کی پانی میں تیرتی لاش کی تصاویر سامنے آنے کے بعد دنیا بھر میں غم کی لہر چھاگئی تھی اور لوگوں نے ڈونلڈ ٹرمپ پر تنقید کرنا شروع کردی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ امریکا اور میکسیکو کے بارڈر بند ہونے کی وجہ سے وسطی اور شمالی امریکی ممالک کے سیکڑوں مہاجرین مشکلات کا شکار ہیں اور کئی لوگ غیر قانونی طور پر امریکا میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران یا تو گرفتار ہو جاتے ہیں یا پھر وہ موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔

    ایل سلواڈور کے مہاجر والد اور ان کی بیٹی کی موت کی تصاویر وائرل ہونے کے بعد کینیڈا کے ایک کارٹونسٹ نے باپ اور بیٹی کی موت کی تصویر کے ساتھ ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک ڈرائنگ تیار کی تھی۔

    کینیڈین کارٹونسٹ مائیکل ڈی آدر نے ڈونلڈ ٹرمپ کی یہ ڈرائنگ 26 جون کو ہی بنائی تھی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی، مائیکل ڈی آدر نے اپنی ڈرائنگ میں ڈونلڈ ٹرمپ کو مہاجر باپ اور بیٹی کی موت کی تصویر پر گولف کھیلنے کے لیے تیار دکھایا گیا تھا۔

    ڈرائنگ میں ڈونلڈ ٹرمپ کے ہاتھ میں گولف ریکٹ دکھائی گئی تھی اور انہیں گولف گاڑی کے ساتھ مہاجر باپ اور بیٹی کی لاش کے قریب پہنچ کر پریشان دکھایا گیا تھا،ساتھ ہی تصویر میں ڈونلڈ ٹرمپ کو مرنے والے باپ اور بیٹی کو تعجب سے دیکھتے ہوئے دکھایا گیا اور ڈرائنگ میں امریکی صدر کی جانب سے سوالیہ جملہ لکھا گیا تھا کہ ’اگر آپ برا نہ منائیں تو میں آپ کی لاشوں پر گولف کھیل لوں‘۔

    مائیکل ڈی آدر کی یہ ڈرائنگ وائرل ہونے کے بعد اب انہیں نوکری سے فارغ کردیا گیا ہے، مائیکل ڈی آردر نے ایک ٹوئیٹ کے ذریعے بتایا کہ ان کی بنائی گئی ڈرائنگ وائرل ہونے کے بعد ان کا کام کرنے کا فری لانس معاہدہ منسوخ کردیا گیا۔