Tag: #viralvideo

  • وائرل ویڈیو: چوہا ’سینہ تان کر‘ کھڑا ہو گیا، بلی بھاگنے پر مجبور

    وائرل ویڈیو: چوہا ’سینہ تان کر‘ کھڑا ہو گیا، بلی بھاگنے پر مجبور

    کون ہے جس نے چوہے اور بلی پر بننے والی مشہور ترین کارٹون سیریز ٹام اینڈ جیری نہ دیکھی ہو اور پسند نہ کی ہو، لیکن ایک ایسی ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں آپ حقیقت میں چھوٹے سے چوہے کو بلی کو بھاگنے پر مجبور کرتے دیکھیں گے۔

    وائرل ویڈیو میں آپ کو حقیقی زندگی کے ’ٹام اینڈ جیری‘ دکھائی دیں گے، آپ نے سنا اور دیکھا ہوگا کہ بلی کو دیکھ کر چوہا اپنی جان بچانے کے لیے بل میں گھس جاتا ہے، لیکن یہاں چھوٹا سا چوہا بھاگتا نہیں بلکہ ’سینہ تان کر‘ کھڑا ہوتا ہے اور بلی کا مقابلہ کرتا ہے۔

    بلی اور چوہے کی اس ’خوب صورت‘ لڑائی کی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے، جسے ایک ٹوئٹر صارف وائرل ہوگ نے شیئر کیا تھا، اس ویڈیو کو اب تک سوا لاکھ سے زیادہ بار دیکھا گیا ہے۔

    ویڈیو میں آپ ایک کالی و سفید بلی کو دیکھ سکتے ہیں جو ایک چوہے کو بھگانے کی کوشش کر رہی ہے، لیکن چوہا ہے کہ بھاگتا ہی نہیں، بلکہ ’سینہ تانے‘ کھڑا نظر آتا ہے۔

    صرف یہی نہیں، دل چسپ اور حیرت انگیز بات یہ ہے کہ بلی بار بار اسے پنجے مارتی لیکن چوہا پھر بھی نہیں بھاگتا، اور اس کی بجائے وہ بلی کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کرتا ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بلی کی بجائے چوہا بلی کا پیچھا کر رہا ہے۔

    کئی بار پنجے مارنے کے بعد بھی جب چوہا بھاگتا نہیں اور بلی کی طرف جارحانہ انداز میں بڑھتا ہے تو بلی ہار مان لیتی ہے، اور ہٹنے پر مجبور ہو جاتی ہے۔

  • وائرل ویڈیو: چور اسمارٹ فون لے کر بھاگا، دروازہ بند تھا، پھر کیا ہوا؟

    وائرل ویڈیو: چور اسمارٹ فون لے کر بھاگا، دروازہ بند تھا، پھر کیا ہوا؟

    ویسٹ یارکشائر: بعض اوقات چور بھی ایسی مشکل میں پھنس جاتے ہیں، جس کے بارے میں انھوں نے سوچا بھی نہیں ہوتا، ایسا ہی ایک چور کے ساتھ ہوا جو موبائل شاپ سے موبائل چرا کر بھاگ جانا چاہ رہا تھا۔

    سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں ایک چور کو نہایت پریشان کن صورت حال میں گرفتار دیکھا گیا، چور نے دکان دار سے دیکھنے کے بہانے اسمارٹ فون لیا اور اگلے لمحے دروازے کی طرف بھاگ اٹھا، لیکن دروازہ اسے بند ملا۔

    یہ واقعہ برطانیہ کی ایک میٹروپولیٹن کاؤنٹی ویسٹ یارکشائر کے ٹاؤن ڈیوزبری میں ایک موبائل مارکیٹ کی دکان میں پیش آیا، چور نے منیجر سے دیکھنے کے بہانے ایک مہنگا فون لیا، اور اسے لے کر بھاگ اٹھا، لیکن دروازہ بند تھا۔

    چور اگلے لمحے پلٹا اور مجبوراً شرمندہ ہوتے ہوئے موبائل خاموشی سے منیجر کے حوالے کر دیا۔

    چور نے خود کو ہوشیار سمجھا تھا لیکن بری طرح مار کھا گیا، اس نے جو فون لے کر بھاگنے کی کوشش کی تھی اس کی مالیت 1,600 پاؤنڈ بتائی جاتی ہے۔ یہ سارا واقعہ سی سی ٹی وی میں فوٹیج میں قید ہو گیا اور ویڈیو کی فوٹیج وائرل ہو رہی ہے۔

    یہ واقعہ 4 دسمبر کو مقامی وقت کے مطابق شام 4 بجے کے قریب پیش آیا، فرار ہوتے وقت چور بہت پھرتیلا تھا لیکن واپسی پر بھیگی بلی بن گیا، اسے دکان دار سے التجا کرنی پڑی کہ گلاس ڈور کا لاک کھول دے اور اسے جانے دیا جائے۔

    اسٹور منیجر کی شناخت افضل آدم کے نام سے ہوئی ہے، برطانوی چینل میٹرو نیوز کے مطابق افضل نے کہا کہ انھوں نے 2020 میں 250 پاؤنڈ میں دروازے کو لاک کرنے کا سسٹم لگایا تھا۔

    انھوں نے کہا کہ ماسک اور اونی کنٹوپ پہنے چوروں کو پہچاننا مشکل ہوتا ہے، اس لیے لاک لگانے سے وہ اچھی طرح گرفت میں آ جاتے ہیں، اور اس واقعے سے تو لاک سسٹم نے اپنی قیمت ادا کر دی ہے۔

  • بیکری میں ڈکیتی، ڈاکو نے کسی خاص مزاحمت کے بغیر گولی چلا دی (ویڈیو)

    بیکری میں ڈکیتی، ڈاکو نے کسی خاص مزاحمت کے بغیر گولی چلا دی (ویڈیو)

    کراچی: شہر قائد میں ڈاکوؤں کی دیدہ دلیری اس حد تک بڑھ گئی ہے کہ واردات کے دوران بنا کسی خاص مزاحمت کے بھی گولی چلانے لگے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے منظور کالونی میں ایک بیکری میں ڈکیتی کی واردات کے دوران ڈاکو نے ملازم کو ڈرانے کے لیے اس کے پیروں کے پاس بے خطر گولی داغ دی۔

    منظور کالونی کی ڈیسنٹ بیکری میں لوٹ مار کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی، جس میں ڈاکو کو گولی چلاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    یہ واردات گزشتہ روز ہوئی تھی، جس میں ڈاکو 70 ہزار سے زائد نقدی اور 4 موبائل فون لوٹ کر لے گئے تھے، فوٹیج میں 3 ڈاکوؤں کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔

    کیش کاؤنٹر کی طرف آنے والے ڈاکو نے معمولی مزاحمت پر ملازم پر گولی چلا دی تھی، تاہم ملازم خوش قسمتی سے گولی لگنے سے محفوظ رہا۔

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک ڈاکو لوٹ مار کرتا رہا، دیگر دو نگرانی کرتے رہے، لوٹ مار کرنے والے نے کیش کاؤنٹر سے نقدی اور ملازمین سے موبائل فون چھینے۔

    رپورٹ کے مطابق واردات کے بعد تینوں ڈاکو بہ آسانی فرار ہو گئے تھے۔

  • غزہ میں فلسطینی بچوں اور خواتین پر بزدلانہ اسرائیلی بمباری کی دل دہلا دینے والی ویڈیو

    غزہ میں فلسطینی بچوں اور خواتین پر بزدلانہ اسرائیلی بمباری کی دل دہلا دینے والی ویڈیو

    غزہ سٹی: غزہ میں فلسطینی بچوں اور خواتین پر بزدلانہ اسرائیلی بمباری کی دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فلسطینی علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیل کے فضائی حملے دوسرے روز بھی جاری رہے، جس سے شہادتیں 24 ہو گئی ہیں۔

    فلسطینی وزارت صحت کے حکام نے کہا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں اب تک چوبیس افراد جاں بحق، 203 زخمی ہو چکے ہیں، جاں بحق افراد میں 6 بچے اور 2 خواتین بھی شامل ہیں۔

    غزہ پر فضائی حملوں کا دوسرا روز، اسرائیل نے 24 فلسطینی شہید کر دیے

    الجزیرہ کے مطابق غزہ کی پٹی میں اسرائیلی جیٹ طیاروں کی جانب سے دوسرے روز بھی محصور فلسطینیوں پر بمباری کے نتیجے میں متعدد بچے شہید ہو گئے ہیں۔

    اسرائیلی جنگی طیاروں کی جانب سے رہائشی علاقوں پر بمباری کے باعث غزہ میں فلسطینی خوف و ہراس کی زندگی گزار رہے ہیں، گزشتہ روز رہائشی علاقے پر ایسا ہی ایک خوف ناک اور دل دہلا دینے والا حملہ کیا گیا، جس کی ویڈیو ٹویٹر پر وائرل ہو گئی ہے۔

    ویڈیو میں فلسطینی شہریوں، بچوں اور خواتین کی چیخ و پکار سنائی دے رہی ہے، لوگ جانیں بچانے کے لیے دوڑ رہے ہیں، سڑک پر ایک بلی بھی محفوظ ہونے کے لیے دوڑتی نظر آتی ہے۔

  • ایشین چیمپئن باکسر تیمور خان کے رِنگ میں اترنے کی ویڈیو سامنے آ گئی

    ایشین چیمپئن باکسر تیمور خان کے رِنگ میں اترنے کی ویڈیو سامنے آ گئی

    بینکاک: ایشین چیمپئن باکسر تیمور خان کے رِنگ میں اترنے کی ویڈیو سامنے آ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی باکسر تیمور خان نے بھارتی حریف کو ایک زبردست مقابلے میں دھول چٹا دی ہے، اور ایشین چیمپیئن بن گئے ہیں۔

    بینکاک میں ایشین باکسنگ فیڈریشن کا ٹائٹل جیتنے والے تیمور خان بھارتی نمبر ون باکسر کو شکست دے کر ایشین ہیوی ویٹ چیمپئین بنے ہیں۔

    انھوں نے چوتھے راؤنڈ میں بھارتی باکسر کو ناک آؤٹ کر دیا تھا۔

    پاکستانی باکسر نے بھارتی حریف کو دھول چٹا دی، ایشین چیمپیئن بن گئے

    اس شان دار مقابلے سے ذرا دیر قبل کی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں پاکستانی ہیوی ویٹ باکسر شان دار استقبال کے ساتھ باکسنگ رِنگ کی طرف آتے ہیں۔

    تیمور خان ایک انٹرنیشنل پروفیشنل باکسر ہیں، مقابلے کے لیے رِنگ میں اترنے کے لیے ان کا اسٹائل بھی خوب رہا، ویڈیو میں آپ تیمور خان کا اسٹائل دیکھ کر محظوظ ہوں گے۔

  • ہاتھیوں‌ نے گنے کے ٹرک کو ‘وصولی’ کے بغیر جانے نہیں دیا، ویڈیو وائرل

    ہاتھیوں‌ نے گنے کے ٹرک کو ‘وصولی’ کے بغیر جانے نہیں دیا، ویڈیو وائرل

    شاہراہوں پر ٹول ٹیکس کے بارے میں تو آپ جانتے ہوں گے لیکن ایک ایسی دل چسپ ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں انسان نہیں بلکہ ہاتھیوں کو ایک ٹرک کو ‘وصولی’ کے لیے روکے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

    یہ ویڈیو انڈین فاریسٹ سروس کے افسر پروین کاسوان نے ٹوئٹر پر پوسٹ کی ہے، ویڈیو کے مطابق ہاتھیوں‌ نے گنے کے ٹرک کو ‘وصولی’ کے بغیر جانے نہیں دیا۔

    سڑک پر گنے کا ٹرک جا رہا تھا کہ دو ہاتھیوں نے اس کا راستہ روک لیا، اور اسے تب تک روکے رکھا جب تک ٹرک پر سوار شخص نے انھیں گنے پیش نہیں کیے۔

    یہ ویڈیو ایک بالغ اور ایک ہاتھی بچے کی ہے، جب ٹرک کے اوپر سے ہیلپر نے گنے کے گٹھے نیچے پھینکے تو دونوں ہاتھی اسے کھانے کے لیے نیچے کچے میں چلے گئے اور یوں سڑک کا راستہ صاف ہو گیا۔

    پروین کاسوان نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ آپ اس ٹیکس کو کیا کہیں گے؟

    اس ویڈیو کو 20 لاکھ سے زیادہ بار دیکھا گیا اور 65 سے زیادہ لائیکس حاصل ہو چکی ہیں، صارفین نے اس ویڈیو پر دل چسپ رد عمل کا اظہار کیا۔

    کسی نے لکھا یہ ہاتھی گیری ہے، کسی نے اسے ہفتہ وصولی کہا، کسی نے لکھا میٹھا ٹیکس۔

  • ثانیہ مرزا کی  وائرل ویڈیو کے چرچے، بھارتی کھلاڑی بھی داد دینے پر مجبور

    ثانیہ مرزا کی وائرل ویڈیو کے چرچے، بھارتی کھلاڑی بھی داد دینے پر مجبور

    بھارتی ٹینس اسٹار اور معروف پاکستانی کرکٹر کی اہلیہ ثانیہ مرزا کی دلچسپ ویڈیو صارفین کے لئے تفریح کا سامان بن گئی۔

    ثانیہ مرزا سوشل میڈیا پر گاہے بگاہے اپنی ویڈیو اور تصاویر شیئر کرتی رہتی ہیں اور صارفین سے خوب داد سمیٹتی ہیں، آج کل ان کی اردو اور انگریزی کے “سفر” پر ایک مزاحیہ ویڈیو کا خوب چرچا ہے جسے دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین خوب محضوظ ہورہے ہیں۔

    ویڈیو اور تصاویر شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو کے کیپشن میں ثانیہ نے لکھا کہ جب لوگ آپ سے پوچھیں کہ ایک بچے اور 8 بیگز کے ساتھ سال میں 30 ہفتے سفر کرنا اور پروفیشنل ٹینس کھیلنا کیسا ہے؟

    یہ بھی پڑھیں: ثانیہ مرزا کو شعیب ملک کی کون سی عادت پسند نہیں؟

    جس پر بھارتی ٹینس اسٹار نے انگریزی سے ناواقف خاتون کی آواز پر لپ سنکنگ کرتے ہوئے کہا کہ “مجھے سفرنگ کا بہت شوق ہے، آئی لَو ٹو سفر، میں سفر کرکر کے ہی یہاں تک پہنچی ہوں، یہ بہت لَولی ہے، مے یو آل سفر۔”

    ثانیہ مزرا کی اس ویڈیو پر دلچسپ تبصرے جاری ہیں، بھارتی ٹینس اسٹار روہن بوپنا نے بھی ثانیہ کی ویڈیو پر تبصرہ کیا کہ آپ کے لیے سفرنگ (تکلیف دہ) کا خواہش مند ہوں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Sania Mirza (@mirzasaniar)

  • ریچھ کے بچے کا والہانہ رقص، وائرل ویڈیو نے شائقین کے دل جیت لئے

    ریچھ کے بچے کا والہانہ رقص، وائرل ویڈیو نے شائقین کے دل جیت لئے

    انٹرنیٹ صارفین کو تفریح کے بے پناہ موقع فراہم کرتی ہے جبکہ کچھ ویڈیوز تو دل کو چھو لینے والی ہوتی ہے اور تادیر تک اسے یاد رکھا جاتاہے۔

    ایسی ہی ایک ویڈیو نے سوشل میڈیا صارفین کے دل میں گھر کرلیا ہے، محض تیرہ سیکنڈز کے اس مختصر کلپ نے اب تک پچیس لاکھ سے زائد صارفین کو اپنا گرویدہ بنالیا ہے۔

    مذکورہ ویڈیو ریچھ کے ننھے منے بچے کی ہے، پرجوش ریچھ کا یہ بچہ اپنی پچھلی ٹانگوں پر کھڑا ہونے کے بعد ادھر ادھر قلابازیاں کھاتے ہوئے ڈانس کررہا ہے، زمین پر لڑھک رہا ہے، جسے اسے کوئی بڑی خوشی مل گئی ہو۔

    بچہ اس طرح محو ڈانس ہیں جیسے اسے کوئی دیکھ نہ رہا ہوں، ،مگر کسی پروفیشنل فوٹو گرافر نے ڈانس کرتی ویڈیو کو اپنے کیمرے کی میموری میں محفوظ کرنے کے بعد سوشل میڈیا پر وائرل کیا۔

    شرارتی ریچھ کے بچے کی ویڈیو انٹرنیٹ پر تیزی سے وائرل ہوچکی ہے جس پر صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔

    https://twitter.com/Yoda4ever/status/1532332451854536705?s=20&t=rShIkGMuyqffG_BOZVcNqA

  • کے کے کی عین موت سے قبل کی ہوٹل کی فوٹیج سامنے آ گئی

    کے کے کی عین موت سے قبل کی ہوٹل کی فوٹیج سامنے آ گئی

    ممبئی: مشہور بھارتی پلے بیک سنگر کے کے کی عین موت سے قبل کی ہوٹل کی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کے نہایت مقبول گلوکار کرشن کمار کنتھ (کے کے) کی اچانک موت سے پورا ملک صدمے کی کیفیت میں ہے، منگل کو کولکتہ میں لائیو کانسرٹ میں پرفارمنس کے بعد جب وہ ہوٹل منتقل ہوئے تو انھیں اچانک دل کا جان لیوا دورہ پڑ گیا تھا۔

    کے کے کی کئی وائرل فوٹیجز سامنے آئی ہیں جن میں وہ موت سے کچھ ہی دیر قبل بری کیفیت میں نظر آتے ہیں، اب ہوٹل کے اندر کی بھی ایک سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے، جس میں وہ کوریڈور میں گزرتے دکھائی دیتے ہیں۔

    اس ویڈیو میں وہ لفٹ میں نظر آئے، یہ ویڈیو گلوکار کو اسپتال لے جانے سے پہلے لفٹ کیمرے نے قید کی تھی، ویڈیو کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ کے کے بہت تھکے ہوئے تھے اور ان کی طبیعت ٹھیک نہیں تھی، ایک اور ویڈیو میں کے کے کو اسٹیج سے واپس آنے کے بعد ہوٹل کے کوریڈور میں بھاگتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

    کے کے کی طبیعت بگڑنے کی ویڈیو منظرعام پر آگئی

    اس سے قبل کے کے کی ایک اور ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں وہ مداحوں کے ہجوم میں گھرے ہوئے تھے، ان کی ٹیم انھیں اس مقام سے لے جانے کی کوشش کر رہی تھی، ویڈیو میں کے کے کے کو دیکھ کر آسانی سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ وہ بہت تھکے ہوئے تھے، ایک اور وائرل کلپ میں گلوکار اپنی ٹیم کو آڈیٹوریم کے اندر گرمی اور نمی کے بارے میں بتاتے ہوئے بھی سنائی دے رہے ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق کے کے سینے میں درد کی شکایت کے بعد اسٹیج چھوڑ کر چلے گئے تھے، موت کے بعد گلو کار کے آخری میوزک پروگرام کی کئی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔

  • کراچی: لوٹ مار کی وارداتیں نہ رک سکیں، ایک اور فوٹیج سامنے آ گئی

    کراچی: لوٹ مار کی وارداتیں نہ رک سکیں، ایک اور فوٹیج سامنے آ گئی

    کراچی: شہر قائد میں لٹیروں کی کارروائیاں رک نہ سکیں، لٹیرے شہریوں کو گھر کے سامنے لوٹ کر بہ آسانی فرار ہو جاتے ہیں، ایسی ہی ایک اور واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ہفتے کو کراچی کے علاقے کورنگی میں ایک شہری کو گھر کے باہر لوٹ لیا گیا، واقعے کی فوٹیج سامنے آنے پر پولیس حکام نے بیان میں کہا ہے کہ لٹیروں کی تلاش کی جا رہی ہے۔

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کورنگی میں شہری نے جیسے ہی موٹر سائیکل باہر کھڑی کی، لٹیرے موٹر سائیکل پر پہنچ گئے، اور شہری سے نقدی اور موبائل فون چھین لیا۔

    دوسری طرف کراچی پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیجز پر کارروائیاں شروع کر دی ہیں، ایس ایس پی سٹی شبیر احمد سیٹھار نے بتایا کہ موٹر سائیکل لفٹنگ میں ملوث ایک ملزم کو تھانہ کلری کی حدود سے فوٹیج کی مدد سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ لٹیرے سے ایک چوری شدہ موٹر سائیکل برآمد کی گئی ہے، ملزم کو موٹر سائیکل چوری کرتے ہوئے فوٹیج میں بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

    گزشتہ روز بھی بریگیڈ پولیس نے ایک کارروائی میں سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے 2 ملزمان کو گرفتار کیا تھا، جو موٹر سائیکل لفٹنگ اور اسٹریٹ کرائمز میں ملوث تھے، پولیس کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان کی شناخت شہروز اور عتیق کے نام سے ہوئی، ان سے 2 پستولیں، چھینی ہوئی رقم، اور چوری شدہ موٹر سائیکل بھی برآمد ہوئی۔

    منگل کو بھی موٹر سائیکل چوری کر کے فروخت کرنے والا ایک گروہ پکڑا گیا تھا، اے وی ایل سی پولیس نے بتایا کہ 4 رکنی ملزمان کا گروہ نشے کا عادی ہے، جن سے مختلف علاقوں سے چوری کی گئی 5 موٹر سائیکلیں بر آمد کی گئیں۔

    معلوم ہوا کہ یہ ملزمان چوری کی موٹر سائیکلوں کو نشے کے عوض فروخت کرتے تھے۔