بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی اور بھارتی معروف اداکارہ انوشکا شرما کی پہلی ملاقات سے متعلق ایک انوکھی اور مزاحیہ بات سامنے آئی ہے جس کا انکشاف خود کوہلی نے کیا۔
سال 2017 میں شادی کے خوبصورت بندھن مین بندھنے والے ویرات کوہلی اور انوشکا شرما اکثر اپنے انٹرویوز میں کچھ نیا ہی انکشاف کرتے رہتے ہیں۔
تاہم بھارت کا یہ ہر دلعزیز جوڑا ہمیشہ اپنی محبت کی داستان کسی پرعیاں نہیں ہونے دیتا اور ڈھکے چھپے لفظوں میں ہی اپنی شادی سے قبل محبت کے متعلق بات کرتا ہے۔
ان دنوں سوشل میڈیا پر ان کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے کہ جس میں ویرات کوہلی نے انوشکا سے پہلی ملاقات کے موقع پر گھبراہٹ اور بے اختیار ہوجانے والی ایک حرکت کے بارے میں بتایا۔
ویرات نے بتایا کہ وہ انوشکا سے پہلی مرتبہ 2013 میں ایک اشتہار کی شوٹنگ پر ملے اور انوشکا سے پہلی ہی بات ایسی کردی کہ جس کی وجہ سے وہ بعد میں کافی شرمندہ ہوئے۔
ویرات کا کہنا تھا کہ اشتہار کے سیٹ پر جب انوشکا سامنے سے چلتی ہوئی آئیں تو وہ ویرات ان کو دیکھ کر تھوڑا سا گھبرا گئے، اس وقت انوشکا اونچی ہیلز پہنی ہوئی تھیں اور ان کا قد مجھ سے کافی اونچا معلوم ہورہا تھا، جس پر میں نے انوشکا کو کہا کہ ’کیا اس سے زیادہ اونچی ہیلز پہننے کو نہیں ملی تھیں؟
جس کے بعد انوشکا کو میری یہ بات کافی عجیب لگی اور جواباً کہا ’ایکس کیوز می‘۔ پھر مجھے احساس ہوا کہ شاید یہ کچھ زیادہ ہوگیا، ویرات نے بتایا کہ میں نے بھی اپنے اس سوال کو کافی احمقانہ محسوس کیا اور کہا کہ’میں تو مذاق کر رہا تھا۔‘
ویرات نے اپنی کیفیت بتاتے ہوئے کہا کہ اس لمحے کی گئی اپنی اس فضول بات پر انہیں بے حد شرمندگی ہورہی تھی اور وہ خود اپنے آپ کو ایک بے وقوف انسان لگ رہے تھے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس واقعے کے بعد ہمارا شوٹ مکمل ہوا اور اس دوران انہیں یہ اندازہ ہوا کہ انوشکا کافی اچھی لڑکی ہیں اور وہ سب کی طرح ایک سادہ طبیعت کی ہی مالک ہیں اور اس کے بعد دونوں میں دوستی ہوگئی جس نے محبت کا روپ اختیار کرلیا۔