Tag: Visa extension

  • عرب امارات کا وزٹ ویزا اور اس میں توسیع، حکام کا اہم اعلان

    عرب امارات کا وزٹ ویزا اور اس میں توسیع، حکام کا اہم اعلان

    ابو ظہبی: متحدہ عرب اماراتی حکام نے وزٹ ویزے میں 90 دن تک آن لائن توسیع کروانے کا مژدہ سنایا ہے، ویزا کے حوالے سے دیگر قوانین میں بھی ترمیم کی جارہی ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں قومی شناخت، شہریت، کسٹم اور پورٹس سیکیورٹی کے وفاقی ادارے نے رشتہ داروں کے وزٹ ویزوں میں توسیع کے حوالے سے ترمیم جاری کی ہے۔

    نئی ترمیم کے تحت رشتہ دار یا دوست کے وزٹ ویزے میں 90 دن تک توسیع ہو سکتی ہے، یہ ویزا ملٹی پل یا سنگل انٹری کے لیے ہو۔

    وزٹ ویزے میں 30، 60 یا 90 دن تک کی توسیع وفاقی ادارے کے ماتحت اسمارٹ چینل کے ذریعے افراد اکاؤنٹ سے ہو سکتی ہے۔

    وفاقی ادارے کا کہنا ہے کہ 90 روزہ ویزا ہولڈرز کے ویزے میں ایک بار 30 دن کی توسیع کی اجازت دی گئی ہے، اگر اقامے کی میعاد 6 ماہ سے زیادہ کی ہو تو ایسی صورت میں اقامے کی تجدید کی درخواست نہیں دی جا سکتی۔

    نئی ترمیم کے تحت جی سی سی ممالک کے شہریوں کے اکاؤنٹ میں اماراتی آئی ڈی کے بغیر ویزا ڈیٹا کی منسوخی یا ترمیم کی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے۔

    متحدہ عرب امارات کے وفاقی ادارے نے 15 سہولتیں فراہم کی ہیں، ادارہ نئے حالات میں سامنے آنے والی ضروریات کو مدنظر رکھ کر ترامیم کر رہا ہے۔

  • سعودی عرب: ٹریفک خلاف ورزیوں کے باوجود وزٹ ویزے میں توسیع ہوسکتی ہے؟

    سعودی عرب: ٹریفک خلاف ورزیوں کے باوجود وزٹ ویزے میں توسیع ہوسکتی ہے؟

    ریاض: سعودی محکمہ پاسپورٹ کا کہنا ہے کہ مملکت آنے والے کسی شخص کے ریکارڈ پر ٹریفک خلاف ورزیاں ہوں تو اس کے باوجود وزٹ ویزے میں توسیع ہوسکتی ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی ویزے میں ابشر پلیٹ فارم کے ذریعے توسیع کروائی جاسکتی ہے، ویزا ختم ہونے سے سات دن قبل توسیع ممکن ہے، توسیع میڈیکل انشورنس کے بغیر نہیں ہوگی۔

    محکمہ پاسپورٹ کا کہنا ہے کہ مقررہ ہدایات کے مطابق توسیع 180 دن سے زیادہ کی نہیں ہوسکتی، اس بات کو مدنظر رکھا جاتا ہے کہ توسیع کی صورت میں وزٹ ویزا ہولڈر 180 دن سے زیادہ سعودی عرب میں نہ گزارے۔

    محکمہ پاسپورٹ کا کہنا ہے کہ اگر وزٹ ویزا ختم ہوئے 3 دن گزر جائیں اور توسیع نہ کروائی گئی ہو تو ایسی صورت میں جرمانہ ہوگا۔

    محکمہ پاسپورٹ کا کہنا ہے کہ وزٹ ویزے کو اقامے میں تبدیل نہیں کیا جاسکتا تاہم اگر میزبان کے ریکارڈ پر ٹریفک خالاف ورزیاں ہوں تو اس کے باوجود وزٹ ویزے میں توسیع ہوسکتی ہے۔

  • روس میں پھنسے غیر ملکیوں کے لیے ریلیف

    روس میں پھنسے غیر ملکیوں کے لیے ریلیف

    ماسکو: روس نے ملک میں موجود ایسے غیر ملکیوں کے لیے، جن کے ویزوں کی مدت ختم ہوچکی ہے، اہم ریلیف کا اعلان کردیا۔

    روس کے امیگریشن حکام کی جانب سے جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی غیر ملکی شہری اپنے ملک میں کرونا وائرس کی پابندیوں کی وجہ سے واپس نہیں جاسکتا، تو اس کے ویزا میں 90 دن کی توسیع کی جاسکتی ہے۔

    روسی حکام کے مطابق مذکورہ ملک میں داخلے کے کھلنے تک کئی بار یہ توسیع کی جا سکتی ہے، یہ حکم 14 دسمبر 2020 سے نافذ العمل ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان سمیت جن ممالک میں بیرونی ممالک سے واپس آنے پر کوئی پابندی نہیں ان کے ویزوں کی مدت میں توسیع نہیں کی جائے گی۔

    خیال رہے کہ روس نے 15 دسمبر تک ویزہ ختم ہوجانے والے غیر ملکیوں کو روس میں رہنے کی اجازت دے رکھی ہے۔

  • ویزے کی مدت : عمان حکومت نے غیر ملکی کارکنان کو خبردار کردیا

    ویزے کی مدت : عمان حکومت نے غیر ملکی کارکنان کو خبردار کردیا

    مسقط : کورونا وائرس کی وبا سے متعلق سپریم کمیٹی کی ایک پریس کانفرنس میں وزیر صحت بریگیڈیئر سید العاصمی نے کہا ہے کہ وہ کارکنان جن کے ورک ویزوں کی میعاد ختم ہوگئی ہے انہیں سلطنت میں واپس جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    بریگیڈیئر العاصمی نے بتایا کہ فی الحال ویزا کا اجراء معطل ہے اگرچہ خاندان کے افراد کے لئے داخلہ صرف ان لوگوں کے لئے دستیاب ہے جو یہاں قانونی رہائش رکھتے ہیں، انہوں نے شہریوں اور رہائشیوں کو سپریم کمیٹی کے جاری کردہ رہنما اصولوں پر تعاون کرنے شکریہ ادا کیا۔

    وزیر صحت کا کہنا تھا کہ اگرچہ نقل مکانی پر پابندی کی خلاف ورزیوں اور ماسک نہ پہننے پر کچھ مقدمات درج کیے گئے ہیں، کورونا ایس او پیز اور دیھگر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو تنبیہ کی جاتی ہے کہ وہ خود پر عائد جرمانے بروقت ادا کریں۔

    بریگیڈیئر العاصمی نے کہا کہ کسی بھی قسم کی غیر قانونی اقدام میں ملوث افراد کے نام اور ان کی تصاویر کو عام کردیا جائے گا،
    وزیر صحت نے بتایا کہ عمان میں 3،919 طبی عملہ کورونا وائرس میں متاثر ہوا ہے، ان میں سے بیشتر کمیونٹی انفیکشن کی وجہ سے ہیں۔

  • سعودی عرب کا ویزہ رکھنے والے افراد کے لئے بڑی خبر

    سعودی عرب کا ویزہ رکھنے والے افراد کے لئے بڑی خبر

    ریاض : سعودی عرب کی حکومت نے کورونا کرفیو اور پروازوں کی بندش کے باعث مملکت میں مقیم سیاحوں کے ویزوں میں ازخود تین ماہ کی توسیع کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی محکمہ پاسپورٹ نے غیر ملکی سیاحوں کی بڑی مشکل آسان کردی، اس حوالے سے سعودی ڈائریکٹریٹ جنرل آف پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ’جوازات‘ کی جانب سے مملکت میں موجود سیاحتی ویزوں پر مقیم غیر ملکیوں کے ویزوں میں تین ماہ کے لیے خود کار توسیع کردی گئی ہے۔

    جوازات کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سیاحتی ویزے پر آنے والے سیاح جو کورونا وائرس کی وجہ سے بین الاقوامی پروازوں پر عائد کی جانے والی پابندی کے باعث مملکت سے روانہ نہیں ہو سکے ان کے ویزوں کی مدت میں بغیر کسی فیس کے 3 ماہ کی توسیع کردی گئی ہے۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق ڈائریکٹریٹ جنرل جوازات کا کہنا ہے کہ سیاحتی ویزے پر آنے والے وہ افراد جو مملکت میں مقیم ہیں اور واپس نہیں جاسکے انہیں اپنے ویزوں میں توسیع کے لیے جوازات سے رجوع کرنے کی ضرورت نہیں کیونکہ ان کے ویزوں میں خودکار طور پر توسیع کردی جائے گی۔

    واضح رہے کہ مملکت میں کورونا وائرس کے بعد مارچ کے دوسرے ہفتے سے پروازوں پر مرحلہ وار پابندی عائد کردی گئی تھی جس کی وجہ سے سعودی عرب سے جانے والے اور یہاں آنے والی پروازوں پر پابندی لگا دی گئی تھی۔

    سعودی حکومت نے اپنے شہریوں کو واپس لانے کے لیے مرحلہ وار خصوصی پروازیں جاری کی ہوئی ہیں جن کا سلسلہ ابھی تک جاری ہے۔

    یاد رہے کہ سعودی عرب میں فروغ سیاحت کے لیے گزشتہ برس جامع نظام مرتب کیا گیا تھا جس کے تحت مختلف ممالک کےشہریوں کو آن آرائیول بھی سیاحتی ویزوں کا اجرا شامل ہے۔

    دوسری جانب کرونا وائرس کے باعث پروازوں پر عائد کی جانے والی پابندی کی وجہ سے سعودی حکومت کی جانب سے مملکت میں مقیم ایسے غیر ملکی جو اپنے وطن جانا چاہتے ہیں کی واپس کے لیے خصوصی منصوبہ بھی جاری ہے جسے عودہ کا نام دیا گیا ہے۔