Tag: visa

ویزا اور امیگریشن کی تازہ ترین خبروں کے لیے آپ کا ذریعہ

پاکستان سے دنیا بھر کے ممالک کے لیے ویزا کے نئے قوانین، امیگریشن کی پالیسیوں میں ہونے والی تبدیلیوں، اور بیرون ملک سکونت اختیار کرنے یا سفر کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے اہم اعلانات کے بارے میں بروقت اور قابل اعتماد معلومات حاصل کریں۔ چاہے آپ تعلیم، ملازمت، سیاحت یا مستقل رہائش کے لیے بیرون ملک جانے کا ارادہ رکھتے ہوں، ہماری یہ پیج آپ کو باخبر رکھنے اور آپ کے فیصلوں میں مدد فراہم کرنے کے لیے وقف ہے۔ ویزا اپ ڈیٹس، امیگریشن کے رجحانات، اور پاکستانیوں کے لیے دستیاب بین الاقوامی مواقع سے متعلق تمام ضروری معلومات کے لیے ہمارے ساتھ رہیں۔’”

Visa and Immigration News in Urdu for Pakistanis

  • چین کا جوابی اقدام، جاپانی شہریوں کو ویزے بند

    چین کا جوابی اقدام، جاپانی شہریوں کو ویزے بند

    بیجنگ: چین نے جوابی اقدام کرتے ہوئے جاپانی شہریوں کو ویزے جاری کرنے پر پابندی عائد کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق چین نے ٹوکیو کی جانب سے چینی مسافروں کے لیے پی سی آر منفی ٹیسٹ رپورٹ کی پابندی ’امتیازی‘ قرار دیتے ہوئے جاپانی شہریوں کو بھی عام ویزا جاری کرنا بند کر دیا۔

    جاپان میں واقع چین کے سفارت خانے نے اطلاع دی کہ جاپان میں موجود سفارت خانے اور قونصل خانے آج سے چین کا سفر کرنے والے جاپانی شہریوں کے لیے عام ویزا معطل کر رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ یہ فیصلہ جاپان کی جانب سے 30 دسمبر کو چین سے آنے والوں پر سخت قرنطینہ اقدامات کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے، ان اقدامات میں لازمی کووِڈ 19 ٹیسٹنگ، اور چین کے لیے پروازوں کے لیے جاپان میں ایئرپورٹس کی تعداد کو 4 تک محدود کرنا شامل ہیں۔

    چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے کہا تھا کہ چین ایسے اقدامات کو ’امتیازی‘ سمجھتا ہے اور بیجنگ جوابی کارروائی کرے گا۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل منگل کو چین نے بھی جنوبی کوریا کے شہریوں کو مختصر مدت کے ویزے جاری کرنے پر پابندی لگا دی تھی۔

  • عرب امارات میں نوکری کے خواہشمند افراد کے لیے بڑی خوشخبری

    عرب امارات میں نوکری کے خواہشمند افراد کے لیے بڑی خوشخبری

    ابو ظہبی: متحدہ عرب مارات میں روزگار کی تلاش کے لیے آنے کے خواہشمند افراد کو بڑی خوشخبری سنا دی گئی، 3 شرائط کی تکمیل کے بعد انہیں خصوصی ویزا جاری ہوگا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات نے اپنے ہاں روزگار کی تلاش کے لیے آنے کے خواہشمند افراد کو بڑی خوشخبری سنا دی ہے، ایسے افراد کو اس کے لیے اسپیشل ویزا جاری ہوگا۔

    یہ ویزا ان لوگوں کو ملے گا جو اس کے لیے مقرر 3 شرائط پوری کریں گے۔

    اماراتی کابینہ نے ملک میں غیر ملکیوں کی آمد اور اقامہ قانون کا جو لائحہ عمل جاری کیا ہے اس میں ملازمت کی تلاش کے لیے خصوصی ویزے کے اجرا کی سہولت دی گئی ہے۔

    ملازمت کی تلاش کے لیے آنے والوں کو سپانسر حاصل کرنا نہیں پڑے گا، اس کے بغیر ہی ویزا جاری ہوگا۔ اس کی پہلی شرط یہ ہے کہ امیدوار اماراتی وزارت افرادی قوت کے پاس رجسٹرڈ اول، دوم یا سوم درجے کے ہنر مندوں میں سے ایک ہو۔

    دوسری شرط یہ ہے کہ اگر امیدوار ہنرمندوں میں سے نہ ہو تو وزارت تعلیم و تربیت کی درجہ بندی کے مطابق دنیا کی 500 بہترین جامعات میں سے کسی ایک یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہو اور یونیورسٹی سے گریجویشن کو 2 سال سے زیادہ نہ ہوئے ہوں۔

    لائحہ عمل میں ملازمت کے ویزے کے اجرا کے حوالے سے تیسری بات یہ کہی گئی ہے کہ اس پر عمل درآمد ستمبر کے آغاز سے شروع سے ہوگا، امیدوار کم از کم گریجویٹ ہو یا اس کے برابر ڈگری ہولڈر ہو۔

    تیسری شرط یہ ہے کہ مقررہ مالی ضمانت فراہم کرے۔

    وفاقی ادارہ برائے قومی شناخت و شہریت و کسٹم متعلقہ اداروں کی منظوری کے بعد غیر ملکی امیدوار کو ملازمت کے مواقع کی تلاش کے لیے وزٹ ویزے کے اجرا کی منظوری دے سکتا ہے۔

    ممکن ہے یہ منظوری ایک سفر کے لیے ہو یا ایک سے زائد بار آنے کی اجازت پر مشتمل ہو۔

    وفاقی ادارہ بنیادی طور پر 8 قسم کے وزٹ ویزے جاری کرتا ہے، ان میں سے ایک ملازمت کے مواقع دریافت کرنے کے لیے آنے والوں کو دیا جاتا ہے۔

    ویزے کی مدت وفاقی ادارہ مقرر کرے گا، ایک سال سے زیادہ کے قیام کی اجازت نہیں ہوگی۔ ویزے کی ماہانہ فیس ہوگی۔ مہینے کے چند روز قیام کی صورت میں بھی پورے ماہ کی فیس وصول کی جائے گی اور ویزے میں توسیع بھی ہو سکتی ہے۔

    اجرا کی تاریخ سے 60 روز کے لیے ویزا جاری ہوتا ہے، اس میں مزید 60 روز کی توسیع ہو سکتی ہے اور ہر بار مقررہ فیس وصول کی جائے گی۔

  • کیا سال میں ایک سے زائد بار عمرے کے لیے آیا جاسکتا ہے؟

    کیا سال میں ایک سے زائد بار عمرے کے لیے آیا جاسکتا ہے؟

    ریاض: سعودی حکام نے اس حوالے سے وضاحت کی ہے کہ بیرون ملک سے عمرہ زائرین سال میں متعدد بار آسکتے ہیں، صرف جدہ ایئرپورٹ سے آنے کی پابندی نہیں رہی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ بیرون مملکت سے زائرین ایک سال کے دوران متعد بار عمرہ کے لیے آسکتے ہیں۔

    وزارت حج کے ٹویٹر پرایک شخص کی جانب سے دریافت کیا گیا تھا کہ کیا ایک سے زائد بار بیرون مملکت سے عمرہ ویزے پر آیا جا سکتا ہے۔

    اس حوالے سے وزارت کا کہنا تھا کہ بیرون مملکت سے زائرین ایک سال کے دوران جتنی بار چاہیں عمرے کے لیے سعودی عرب آسکتے ہیں، وہ مملکت کے کسی بھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ یا ریجنل ایئرپورٹ کے راستے عمرہ ادا کرنے کے لیے آسکیں گے۔

    وزارت حج و عمرہ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ اب تک عمرہ زائرین صرف جدہ یا مدینہ منورہ کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ ہی سے آسکتے تھے، اب وہ سعودی عرب کے کسی بھی انٹرنیشنل یا ریجنل ایئرپورٹ سے عمرہ ویزے پر مملکت آبھی سکتے ہیں اور جا بھی سکتے ہیں۔

    حکام نے کہا کہ جدہ ایئرپورٹ سے آنے کی پابندی نہیں رہی، عمرہ پرمٹ اعتمرنا ایپ کے ذریعے نکلوانا ہوگا، پرمٹ کے بغیر عمرہ کی اجازت نہیں ہوگی۔

  • افغان شہریوں کے لیے ویزا نظام میں مزید سہولت

    افغان شہریوں کے لیے ویزا نظام میں مزید سہولت

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے افغان شہریوں کے لیے ویزا نظام میں تبدیلی کی منظوری دے دی، افغان ڈرائیورز اور ٹرانسپورٹرز کو 48 گھنٹے میں ایک سال تک کے لیے ملٹی پل ویزا مل جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وفاقی کابینہ نے افغان شہریوں کے لیے ویزا نظام میں تبدیلی کی منظوری دے دی ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سفارت خانے موجودہ قومیت کی بنیاد پر ویزا درخواستوں پر کارروائی کی جائے گی۔ افغان ڈرائیورز اور ٹرانسپورٹرز کو 48 گھنٹے میں ایک سال تک کے لیے ملٹی پل ویزا مل جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ اس سہولت کا مقصد دونوں ممالک کو قریب لانا، افغان عوام کی مدد کرنا اور وسط ایشیا سے کاروبار اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔

    وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ کو ویزا پالیسی پر مزید کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔

  • سعودی عرب: ملٹی پل ایگزٹ ری انٹری ویزے پر سفر، کیا ٹریفک چالان رکاوٹ بن سکتا ہے؟

    سعودی عرب: ملٹی پل ایگزٹ ری انٹری ویزے پر سفر، کیا ٹریفک چالان رکاوٹ بن سکتا ہے؟

    ریاض: سعودی حکام نے ملٹی پل ایگزٹ ری انٹری ویزے پر سفر کے لیے ٹریفک چالان کے رکاوٹ بننے کے حوالے سے وضاحت کی ہے۔

    سعودی عرب میں مقیم غیر ملکیوں کو مملکت سے چھٹی پر جانے کے لیے ایگزٹ ری انٹری ویزہ جسے عربی میں خروج و عودہ کہتے ہیں جاری کیا جاتا ہے، خروج و عودہ ویزہ سنگل انٹری اور ملٹی پل انٹری دو طرح کے ہوتے ہیں۔

    سنگل انٹری ویزے کی بھی دو کیٹگریز ہیں۔ جن افراد کے اقامے کی مدت 6 ماہ سے کم ہے انہیں دنوں کے حساب سے ویزہ جاری کیا جاتا ہے جبکہ وہ تارکین جن کے اقامے کی ایکسپائری مدت 6 ماہ سے زائد ہے انہیں 30، 60 اور 120 دن کے ویزے جاری کیے جاتے ہیں۔

    ملٹی پل انٹری ویزے ایسے افراد کے لیے بہتر ہیں جو محدود مدت کے دوران متعدد بار بیرون مملکت سفر کرتے ہوں، ملٹی پل ایگزٹ ری انٹری ویزے کا مقصد زیادہ سفر کرنے والوں کو سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ انہیں بار بار ویزہ حاصل نہ کرنا پڑے۔

    خروج وعودہ کے حوالے سے محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن جوازات کے مطابق خروج و عودہ دو طرح کے جاری کیے جاتےہیں، جن میں محدود مدت ہو وہ دنوں کے حساب سے جاری ہوتا ہے جبکہ دوسرا مہینوں کے حساب سے۔

    سوال کا جواب دیتے ہوئے جوازات کا کہنا تھا کہ خروج و عودہ جو دنوں کے حساب سے جاری کیا جاتا ہے، اس کے مطابق اقامے کی آخری مدت تک کے لیے ایگزٹ ری انٹری حاصل کیا جا سکتا ہے۔

    جہاں تک سوال کا تعلق ہے اس حوالے سے جوازات کا کہنا تھا کہ اس کیس میں دنوں کے حساب سے خروج وعودہ ویزہ جاری کروایا جا سکتا ہے۔

    دنوں کے حساب سے جو خروج و عودہ جاری کیا جاتا ہے اس کا حساب یعنی کاؤنٹ ڈاؤن خروج و عودہ جاری ہونے کے ساتھ ہی شروع ہو جاتا ہے، ایگزٹ ری انٹری ویزہ جو دنوں کے حساب سے جاری کروایا جاتا ہے اس میں واپسی کی تاریخ کا اندراج کیا جاتا ہے۔

    واپسی کی تاریخ کو مدنظر رکھتے ہوئے اس سے ایک دن قبل پہنچ جانا بہتر ہے، اگر مزید قیام کا ارادہ ہو تو اقامے میں توسیع کرنے کے بعد ایگزٹ ری انٹری کی مدت میں توسیع کروائی جاسکتی ہے۔

    خروج و عودہ کی مدت میں توسیع کروانے کی کم از کم فیس 100 ریال ہے جو 30 دن کے لیے ہوتی ہے، جتنے دن توسیع کروائی جائے اسی اعتبار سے فیس جمع کروائی جائے گی تاہم فیس 100 ریال سے کم نہیں ہوتی۔

    ایک اور سوال میں حکام سے پوچھا گیا کہ ملٹی پل ایگزٹ ری انٹری ویزے میں 3 ماہ باقی ہیں، کیا ٹریفک چالان سفر میں رکاوٹ بن سکتے ہیں؟

    سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ غیر ملکی کارکنوں کے لیے لازمی ہے کہ سفر سے قبل ان کے ریکارڈ پر کسی قسم کا واجب الادا چالان باقی نہ ہو۔

  • کیا خروج نہائی کے بعد کفیل تبدیل کیا جاسکتا ہے؟ سعودی حکام نے بتادیا

    کیا خروج نہائی کے بعد کفیل تبدیل کیا جاسکتا ہے؟ سعودی حکام نے بتادیا

    ریاض: خروج نہائی لگانے کے بعد کیا کفالت تبدیل کی جا سکتی ہے؟، سعودی محکمہ پاسپورٹ نے واضح کردیا ہے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک شخص نے ٹوئٹر پر دریافت کیا کہ ’کفیل نے خروج نہائی لگا دیا ہے، کیا اسے کینسل کرکے دوسرے کفیل کے پاس کفالت تبدیل کی جا سکتی ہے؟۔

    جوازات کی طرف سے ٹوئٹر پر سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا گیا کہ خروج نہائی لگائے جانے کے بعد ساٹھ دن کے اندر اس پر سفر کرنا لازمی ہوتا ہے ، سفرکرنے کا ارادہ تبدیل ہونے صورت میں مقررہ مدت کے اندر اندر خروج نہائی کو کینسل کرانا لازمی ہوتا ہے بصورت دیگر ایک ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔

    جوازات سے دریافت کیا گیا ’کارکن چھٹی پر گیا ہوا ہے جہاں اس کا اقامہ ایکسپائر ہو گیا، کیا اقامہ اور خروج وعودہ کی مدت میں اضافہ کیا جائے گا؟‘

    سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ خروج وعودہ کی مدت کا تعین اقامہ کی مدت سے کیا جاتا ہے، کارکن کے بیرون مملکت ہونے کی صورت میں بھی اقامہ کی مدت میں توسیع کرائی جا سکتی ہے۔

    سعودی عرب : خروج نہائی کب اور کیسے منسوخ ہوگا؟

    واضح رہے خروج نہائی یعنی فائنل ایگزٹ ویزہ حاصل کرنے کا مطلب ہوتا ہے کہ کارکن مستقل طور پر مملکت سے جانا چاہتا ہے، اگر کارکن کو خروج نہائی پر نہیں جانا اس صورت میں لازمی ہے کہ کفیل یا اس کے نمائندے کے ذریعے خروج نہائی ویزے کو مذکورہ بالا مدت جو کہ 60 روزہ ہے کے اندر اندر کینسل کرایا جائے۔

    تاہم اس کے لیے لازمی ہے کہ اقامہ بھی کارآمد ہو اس دوران اگراقامہ ایکسپائرہو گیا ہو تو ضروری ہے کہ اقامہ کی ایکسپائری پرعائد ہونے والا جرمانہ ادا کیا جائے۔

  • چین کا امریکی حکام کے ویزوں پر پابندی لگانے کا فیصلہ

    چین کا امریکی حکام کے ویزوں پر پابندی لگانے کا فیصلہ

    بیجنگ: چین نے امریکی حکام کے ویزوں پر پابندی لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چین کی جانب سے امریکی اقدام کا کرارا جواب دے دیا گیا، امریکی حکام کے ویزوں پر پابندی لگانے کا فیصلہ کرتے ہوئے چینی وزارت خارجہ نے بتایا کہ یہ اقدام امریکی سیکریٹری خارجہ اینٹنی بلنکن کے بیان کا جواب ہے۔

    بلنکن نے گزشتہ دنوں الزام لگایا تھا کہ امریکا کے خلاف جابرانہ کارروائیوں میں ملوث بعض چینی حکام کے ویزوں پر پابندی لگا رہا ہے۔

    چینی ترجمان وانگ وین بن نے جمعرات کو کہا کہ چین کی خود مختاری، سلامتی، چینی عوام کے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے چین نے امریکی حکام پر ویزا پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    امریکا میں ہجوم کے ہاتھوں کسی کا قتل نفرت انگیز جرم قرار

    یاد رہے کہ امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن نے رواں ماہ کہا تھا کہ امریکا نسلی اور مذہبی اقلیتی گروہوں کے خلاف ‘جابرانہ کارروائیوں’ میں ملوث ہونے پر کچھ چینی حکام کے ویزوں پر پابندی لگا رہا ہے۔

  • ویزا اور ماسٹر کارڈ کا بھی روس میں آپریشن معطل کرنے کا اعلان

    ویزا اور ماسٹر کارڈ کا بھی روس میں آپریشن معطل کرنے کا اعلان

    یوکرین پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے مالی ادائیگی کی عالمی کمپنیوں ماسٹر کارڈ اور ویزا نے بھی روس میں اپنے آپریشن بند کرنے کا اعلان کردیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق روس کے یوکرین پر فوجی آپریشن کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے کئی عالمی ادارے روس پر پابندیوں کا اعلان کرچکے ہیں، جب کہ ماسٹر کارڈ اور ویزا نے بھی روس میں آپریشن معطل کرنے کا فیصلہ سنا دیا ہے۔

    مالی ادائیگی کی عالمی کمپنیوں ماسٹر کارڈ اور ویزا نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ دنوں میں روس کے ساتھ لین دین کو مکمل طور پر منقطع کر دیں گے، جس کے بعد روس کیلئے جاری کیے گئے کارڈ دیگر ممالک میں کام نہیں کریں گے اور نہ ہی دیگر ممالک میں جاری کیے گئے روس میں چلیں گے۔

    مذکورہ کمپنیوں کی جانب سے اٹھایا گیا اقدام یوکرینی صدر زیلنسکی کی گزارش پر کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ روس نے 24 فروری 2022 کو یوکرین پر فوجی چڑھائی کی تھی، جس کے بعد سے اب تک سیکڑوں فوجی و شہری ہلاک ہوچکے ہیں۔

  • سعودی عرب جانے والے افراد کیلئے ویزے، اہم خبر آگئی

    سعودی عرب جانے والے افراد کیلئے ویزے، اہم خبر آگئی

    کویت سٹی : کویت میں سعودی سفارتخانہ یکم جنوری سے ویزوں کے اجرا کی کارروائی کا آغاز کررہا ہے۔

    ویزے لگانے کے لیے خدمات کو آؤٹ سورس کیا گیا ہے جس کے لیے "تاشیر” کمپنی کی خدمات پیش کی گئی ہیں۔

    کویت میں موجود سعودی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جو لوگ سعودی عرب جانا چاہتے ہوں وہ عمرہ ویزے کے علاوہ کسی بھی قسم کے ویزے کی درخواست "تاشیر” کمپنی کے توسط سے جمع کراسکتے ہیں۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ عمرہ ویزے کی کارروائی رجسٹرڈ ایجنسیوں کے ذریعے ہی کی جائے گی، ماضی میں عمرہ ویزے کے حوالے سے جو طریقہ کار رائج تھا آئندہ بھی اسی کے مطابق عمرہ ویزے جاری ہوں گے۔

    سعودی سفارت خانے نے توجہ دلائی ہے کہ "تاشیر” کمپنی کی ویب سائٹ پر ویزوں کی کارروائی سے متعلق تفصیلات معلوم کی جاسکتی ہیں۔

    واضح رہے کہ بیشترممالک کے سفارت خانوں کی جانب سے ویزے کی کارروائی آوٹ سورس کردی گئی ہیں۔ سفارت خانے معروف کمپنیوں کی خدمات حاصل کر کے ان کے ذریعے ویزے حاصل کرنے والے خواہشمندوں کی درخواستیں وصول کرتی ہیں۔

  • ہنر مند افراد کے لیے خوشخبری، برطانیہ کا ہزاروں ویزے جاری کرنے کا اعلان

    ہنر مند افراد کے لیے خوشخبری، برطانیہ کا ہزاروں ویزے جاری کرنے کا اعلان

    لندن: برطانیہ میں ہنر مند افراد کی کمی سے نمٹنے کے لیے ہزاروں ویزے جاری کرنے کا اعلان کردیا گیا، حکومت نے ویزے فراہم کرنے کے حوالے سے پوسٹ بریگزٹ پالیسی میں نرمی کا فیصلہ کیا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق برطانوی حکومت نے غیر ملکی ہنر مند کارکنوں کو ویزے فراہم کرنے کے حوالے سے پوسٹ بریگزٹ پالیسی میں نرمی کا اعلان کیا ہے، بریگزٹ سے پہلے برطانوی حکومت کا کہنا تھا کہ ملک میں موجود افراد کو روزگار فراہم کیا جائے گا اور غیر ملکی افراد کو روزگار کی منڈی تک رسائی سے روکا جائے گا۔

    تاہم اب برطانوی وزارت ٹریفک نے اعلان کیا ہے کہ کرسمس تک محدود مدت کے لیے تقریباً 5 ہزار ٹرک ڈرائیوروں کو ملک میں لایا جائے گا۔

    حالیہ چند روز میں ایندھن کی ترسیل نہ ہونے کہ وجہ سے متعدد برطانوی پٹرول اسٹیشن عارضی طور پر بند پڑے ہيں، ایندھن کی ڈیلیوری کا نظام متاثر ہونے کی وجہ سے حکومت نے عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ پریشان نہ ہوں اور زیادہ ایندھن خریدنے کی کوشش نہ کریں۔

    اس حکومتی اعلان کے باوجود لوگوں نے افراتفری میں ایندھن خریدنے کی کوشش کی اور کئی پٹرول اور گیس اسٹیشنوں پر ایندھن ختم ہو گیا۔

    اس بحران کا ذمہ دار برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کو ٹھہرایا جا رہا ہے، مختلف اداروں کی طرف سے انہیں آگاہ کیا جا رہا تھا کہ وہ امیگریشن پالیسی میں نرمی لائیں۔ اندازوں کے مطابق برطانیہ بھر میں تقریباً ایک لاکھ ٹرک ڈرائیوروں کی کمی پیدا ہو چکی ہے۔

    اسی طرح پولٹری پروسیسنگ جیسی دیگر اہم صنعتوں کے لیے بھی 5 ہزار 5 سو ویزے جاری کیے گئے ہیں۔ برطانیہ میں اس کمی کی ایک وجہ بریگزٹ کے بعد سے امیگریشن کے سخت قوانین ہیں، جس کی وجہ سے ہنر مند کارکنوں کا برطانیہ جانا مشکل ہو گیا ہے۔

    دوسری جانب برٹش چیمبر آف کامرس کے صدر روبی میک گریگور اسمتھ نے کہا ہے کہ یہ حکومتی اعلان آٹے میں نمک کے برابر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ کا یہ مسئلہ بہت بڑا ہے اور حکومتی اقدامات ناکافی ہیں۔

    دریں اثنا برطانوی وزارت تعلیم نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے پارٹنر اداروں کو کئی ملین کے فنڈ ادا کرے گی تاکہ ملک میں ٹرک ڈرائیوروں کی کمی پوری کرنے کے لیے نئے لوگوں کو تربیت فراہم کی جا سکے۔