Tag: visa

ویزا اور امیگریشن کی تازہ ترین خبروں کے لیے آپ کا ذریعہ

پاکستان سے دنیا بھر کے ممالک کے لیے ویزا کے نئے قوانین، امیگریشن کی پالیسیوں میں ہونے والی تبدیلیوں، اور بیرون ملک سکونت اختیار کرنے یا سفر کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے اہم اعلانات کے بارے میں بروقت اور قابل اعتماد معلومات حاصل کریں۔ چاہے آپ تعلیم، ملازمت، سیاحت یا مستقل رہائش کے لیے بیرون ملک جانے کا ارادہ رکھتے ہوں، ہماری یہ پیج آپ کو باخبر رکھنے اور آپ کے فیصلوں میں مدد فراہم کرنے کے لیے وقف ہے۔ ویزا اپ ڈیٹس، امیگریشن کے رجحانات، اور پاکستانیوں کے لیے دستیاب بین الاقوامی مواقع سے متعلق تمام ضروری معلومات کے لیے ہمارے ساتھ رہیں۔’”

Visa and Immigration News in Urdu for Pakistanis

  • سعودی عرب : شاہ سلمان کی ہدایت پر تارکین وطن کو بڑی سہولت کی فراہمی

    سعودی عرب : شاہ سلمان کی ہدایت پر تارکین وطن کو بڑی سہولت کی فراہمی

    ریاض : سعودی محکمہ پاسپورٹ نے مملکت میں کام کرنے والے غیر ملکیوں کو اقاموں، وزٹ ویزوں اور خروج و عودۃ (ایگزٹ ری انٹری) ویزوں سے متعلق خوشخبری سنادی۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر محکمہ پاسپورٹ نے بیرون مملکت موجود مقیم غیرملکیوں کے اقاموں، وزٹ ویزوں اور خروج و عودۃ (ایگزٹ ری انٹری) ویزوں میں مزید 30 نومبر2021 تک توسیع شروع کردی ہے۔

    سرکاری خبر رساں ایجسنی کے مطابق محکمہ پاسپورٹ 25 ربیع الثانی 1443 مطابق 30 نومبر2021تک ویزوں اور اقاموں میں توسیع کسی فیس یا مقابل مالی کے بغیر خود کار نظام کے تحت کررہا ہے۔

    وزیرخزانہ نے کورونا وبا سے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کی قومی پالیسی کے تحت اقاموں اور ویزوں میں توسیع کے احکام جاری کیے ہیں۔

    سعودی حکومت کی پالیسی یہ ہے کہ مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو وبا سے جنم لینے والے مالیاتی و اقتصادی مسائل سے ممکنہ حد تک بچایا جائے۔

    اسی پالیسی کے تحت اقاموں اور ویزوں میں توسیع کی جارہی ہے۔ توسیع محکمہ پاسپورٹ کے دفاتر سے رجوع کیے بغیر ہوگی خودکار نظام کے تحت ہورہی ہے۔

    سعودی محکمہ پاسپورٹ نیشنل انفارمیشن سینٹر کے تعاون سے قانونی طریقہ کار کے مطابق اقاموں، وزٹ ویزوں اور خروج و عودۃ (ایگزٹ ری انٹری) ویزوں کی توسیع کی کارروائی کررہا ہے۔

    بیرون مملکت مقیم ان ملکوں کے شہریوں کے اقاموں اور خروج و عودہ ویزوں میں توسیع کی جارہی ہے جہاں سے وہ کورونا وبا کے باعث سعودی عرب واپس نہیں آسکتے توسیع 30 نومبر 2021 تک کی جارہی ہے۔

    بیرون مملکت موجود ان وزیٹرز کے زیارۃ ویزوں میں توسیع 30 نومبر2021 تک کی جارہی ہے جہاں وہ کورونا وبا کی وجہ سے پھنسے ہوئے ہیں اور وہاں سے انہیں مملکت آنے کی اجازت نہیں ہے۔

  • متحدہ عرب امارات: گولڈن ویزا اسٹیٹس کے بارے میں جاننے کے لیے سہولت متعارف

    متحدہ عرب امارات: گولڈن ویزا اسٹیٹس کے بارے میں جاننے کے لیے سہولت متعارف

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں حکام نے طالب علموں کے گولڈن ویزا اسٹیٹس کے بارے میں جاننے کے لیے ویب ٹول متعارف کروا دیا۔

    اماراتی ویب سائٹ کے مطابق ابو ظہبی ریزیڈنٹس آفس نے امارات میں ہائی سکول طلبا کے والدین کے لیے نیا ویب ٹول شروع کردیا جس سے انہیں اس امر کی تصدیق ہو پائے گی کہ ان کا بچہ اسٹوڈنٹ گولڈن ویزا کے لیے منتخب ہوگیا ہے۔

    اے ڈی آر او کی جانب سے اتوار کو جاری پریس ریلیز کے مطابق اس نئی ویب سائٹ کا اجرا، امارات اسکولز اسٹیبلشمنٹ، ای ایس ای کے اس اعلان کے پس منظر میں ہوا ہے جس میں بتایا گیا کہ کہ ملک میں غیر معمولی صلاحیت کے حامل 2 ہزار 36 طلبا جن میں 950 ابوظہبی کے ہیں، نے گولڈن ویزا کے لیے اہلیت ثابت کردی ہے۔

    ای ایس ای کے مطابق ملک کی وزارت تعلیم کے نصاب کے فائنل امتحان میں 95 فیصد یا اس سے زائد شرح سے نمبر لینے والے طلبا اسٹوڈنٹ گولڈن ویزا کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

    اسی طرح اے ڈی آر او نے قابل رسائی و آسان ویب ٹول ترتیب دیا ہے تاکہ بچوں کے والدین کو معلومات تک رہنمائی کے دوران ان کے خاندانوں کی پرائیویسی بھی رہے۔

  • خروج و عودہ کے حوالے سے سعودی حکام کی وضاحت

    خروج و عودہ کے حوالے سے سعودی حکام کی وضاحت

    ریاض: خروج و عودہ حاصل کرنے کے بعد سفر نہ کریں تو کیا مشکل ہوسکتی ہے، سعودی حکام نے اس حوالے سے وضاحت کردی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں غیر ملکیوں کے لیے اقامہ اور رہائشی قوانین واضح ہیں جن پر عمل کرنا سب کے لیے لازمی ہے، آجر اور اجیر کے حوالے سے بھی قوانین موجود ہیں ان سے آگاہی ضروری ہے۔

    سعودی محکمہ پاسپورٹ کی بیشتر خدمات (جوازات) آن لائن فراہم کی جارہی ہیں، گزشتہ برس کرونا وائرس کے دوران اقامہ اور دیگر معاملات کو نمٹانے کے لیے جوازات نے ابشر اور مقیم پورٹل پر خصوصی سروس کا آغاز کیا تھا۔

    جوازات کے ٹویٹر پر ایک شخص نے دریافت کیا کہ اپنے سائق خاص (فیملی ڈرائیور) کا ہروب لگایا تھا مگر اب وہ واپس ڈیوٹی پر آگیا ہے، ہروب کیسے کینسل کروایا جائے۔

    جوازات کی جانب سے کہا گیا کہ گھریلو ملازمین کے ہروب کو کینسل کروانے کے لیے 15 دن کا وقت ہوتا ہے، جوازات کی ڈیجیٹل خدمات سے استفادہ کرتے ہوئے ہروب کینسل کروانا ممکن ہے۔ مقررہ دو ہفتے کے اندر ابشر پورٹل پر موجود سروس تواصل میں جائیں جہاں مطلوبہ براؤز میں تفصیلات درج کریں اور ارسال کردیں۔

    خیال رہے کہ ابشر پورٹل پر جہاں اقامہ کی تجدید و خروج و عودہ ویزے کے حصول کے علاوہ متعدد سہولتیں موجود ہیں وہاں خصوصی طور پر جاری کردہ براؤز تواصل کا بھی اضافہ کیا گیا ہے جبکہ اس سے قبل رسائل والطلبات کے عنوان سے یہ سہولت محدود طریقے سے پیش کی جارہی تھی۔

    تواصل کے معنی رابطے کے ہیں اور اس سروس کا بنیادی مقصد لوگوں کو جوازات کے دفتر میں بلائے بغیر ان کے مسائل کو حل کرنا ہے۔

    تواصل سروس پر کسی بھی معاملے کے بارے میں جو خود کار طریقے سے مکمل نہیں ہوتا درخواست دی جاسکتی ہے، تاہم اس کے لیے اہم امور کا خیال رکھنا ضروری ہے جن میں درخواست دیتے ہوئے معاملے کے درست اور مختصر نکات درج کیے جائیں، اگرکوئی دستاویزی ثبوت بھی ہو تو اس کی فوٹو اپ لوڈ کردی جائے۔

    ایک غیر ملکی کی جانب سے خروج و عودہ کے حوالے سے پوچھا گیا کہ خروج و عودہ حاصل کرلیا، مگر سفرکرنے کا ارادہ ملتوی کردیا کیا اس صورت میں کسی قسم کی مشکل ہو سکتی ہے؟

    جوازات کی جانب سے کہا گیا کہ خروج و عودہ ویزے کی مدت کے دوران سفر نہ کرنے پر اسے کینسل کروانا لازمی ہے، بصورت دیگر ویزا کینسل نہ کرنے پر جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔

    خیال رہے کہ خروج و عودہ کی فیس ماہانہ بنیاد پر وصول کی جاتی ہے جو 100 ریال ماہانہ ہے جبکہ کم از کم 2 ماہ کی مدت کا خروج و عودہ جاری کروایا جاتا ہے۔

    یہ بھی خیال رکھا جائے کہ خروج و عودہ جاری ہونے کے بعد جمع کروائی گئی فیس ناقابل واپسی ہوتی ہے۔

    ویزے کی مدت کے دوران اسے استعمال نہ کرنے یعنی سفر نہ کرنے کی صورت میں یہ لازمی ہے کہ ویزے کو مقررہ مدت کے دوران کینسل کروایا جائے، بصورت دیگر مدت ختم ہونے پر ایک ہزار ریال جرمانہ ادا کرنا پڑتا ہے۔ جب تک جرمانہ ادا نہیں کیا جاتا اقامہ کی تجدید میں دشواری کا سامنا ہوتا ہے۔

  • امارات جانے والے سیاحوں کے لیے خوشخبری

    امارات جانے والے سیاحوں کے لیے خوشخبری

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات نے سیاحوں کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ 18 سال سے کم عمر بچوں سے ویزا فیس نہیں لی جائے گی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں شہریت و قومیت کے وفاقی ادارے نے کہا ہے کہ سیاحوں کے ہمراہ آنے والے 18 برس سے کم عمر بچوں سے ویزا فیس نہیں لی جائے گی۔

    اس فیصلے پر 15 جولائی سے 15 ستمبر تک عمل درآمد کیا جائے گا۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق ویزا فیس سے استثنیٰ کا فائدہ سیاح کے 18 برس سے کم عمر کے ان بیٹوں اور بیٹیوں کو ہوگا جو والدین یا ان میں سے کسی ایک کے ہمراہ سیاحتی ویزے پر امارات آرہے ہوں گے۔

    سیاحتی ویزا محدود مدتی ہو یا طویل مدت کا، دونوں صورتوں میں سیاح کے 18 سال سے کم عمر بچے ویزا فیس سے مستثنیٰ ہوں گے۔

    خیال رہے کہ اماراتی کابینہ نے سنہ 2019 میں فیصلہ کیا تھا کہ طلبہ اور 18 برس سے کم عمر کے سیاحوں کو امارات آنے کے لیے سہولیات دی جائیں گی۔

    یہ فیصلہ امارات کو پوری دنیا میں تعلیمی اور سیاحتی اعتبار سے پرکشش بنانے کی پالیسی کے تحت کیا گیا ہے۔

  • کویتی حکام کی ویزا و اقامہ کے حوالے سے اہم وضاحتیں

    کویتی حکام کی ویزا و اقامہ کے حوالے سے اہم وضاحتیں

    کویت سٹی: کویتی حکام کا کہنا ہے کہ بیرون ملک پھنسے تارکین وطن کی واپسی کے لیے کویت کا ویزا لازمی شرط ہے، وزارت داخلہ نے اس حوالے سے مزید وضاحت بھی جاری کی ہے۔

    کویتی میڈیا کے مطابق وزارت داخلہ نے تصدیق کی ہے کہ کویتی خواتین اپنے غیر ملکی شوہر اور بچوں کو اسپانسر کرنے کا حق رکھتی ہیں بشرطیکہ ان میں سے کوئی بھی سرکاری یا نجی ادارے کے لئے کام نہ کرتا ہو، خاتون کو کویتی شہری سے شادی کے ذریعے شہریت حاصل نہ ہوئی ہو۔

    وزارت داخلہ کے مطابق اس کے علاوہ غیر کویتی بیویوں اور غیر کویتی بچوں کو رہائشی اجازت نامہ حاصل کرنے کا حق ہے۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ ایسے گھریلو ملازمین جن کا رہائشی اقامہ ملک سے باہر ہونے کے عرصے کے دوران ختم ہوگیا ہے، قانون کی رو سے اگر وہ دوبارہ ملک میں داخل ہونا چاہتے ہیں تو انہیں نئے انٹری ویزا کی درخواست دینا ہوگی اور تمام نئے طریقہ کار پر عمل کرنا پڑے گا۔

    یہی قانون ان غیر ملکی کارکنان پر بھی لاگو ہوتا ہے جو دوسرے ممالک میں پھنسے ہوئے ہیں تاہم کارکنان کو وزارتی مجلس میں کرونا وائرس ہنگامی صورتحال کے لیے وزارتی کمیٹی کی منظوری حاصل کرنا ہوگی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں مقیم غیر ملکی بچوں کے والد اگر ملک سے باہر تھے اور ان بچوں کے رہائشی اجازت نامے کی میعاد ختم ہوجاتی ہے تو جب تک والد ملک میں واپس داخل نہیں ہوجاتے تب تک ان بچوں کے اقاموں کی تجدید نہیں کی جائے گی۔

    اسی طرح اگر والد واپس ملک لوٹنے میں ناکام رہتے ہیں تو اس صورت میں بچے اپنی رہائشی حیثيت میں ترمیم کرسکتے ہیں یا ملک چھوڑ کر جا سکتے ہیں۔

    گھریلو ملازمین سمیت کارکنوں کو جاری کردہ تمام نئے داخلہ ویزوں کے لیے وزرا کی کونسل میں کرونا ایمرجنسی وزارتی کمیٹی کی منظوری درکار ہوگی۔

    غیر ملکی کارکنان جن کے کفیل وفات پا چکے ہیں انہیں ملک میں اپنی رہائشی حیثیت کو ایڈجسٹ کرنا ہوگا، اس سلسلے میں طے شدہ طریقہ کار کے مطابق رہائشی اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا۔ اگر وہ رہائشی اجازت نامہ حاصل نہیں کرتے ہیں تو انہیں ملک چھوڑنا پڑے گا۔

  • سعودی حکام کی ویزا اور اقامہ سے متعلق اہم وضاحت

    سعودی حکام کی ویزا اور اقامہ سے متعلق اہم وضاحت

    ریاض: سعودی محکمہ پاسپورٹ نے ویزا اور اقامہ کے بارے میں لوگوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے اہم وضاحتیں کی ہیں، حکام کا کہنا ہے کہ آجر اور اجیر کے حوالے سے موجود قوانین کی آگاہی ضروری ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر محکمہ پاسپورٹ سے پوچھا گیا کہ سائق خاص (فیملی ڈرائیور) کا خروج نہائی لگایا تھا مگر گزشتہ برس سفری پابندی کے باعث وہ نہ جا سکا اب دوبارہ خروج نہائی لگوانا چاہتا ہوں، کیا اقامہ ایکسپائر ہوگیا ہے؟

    محکمہ پاسپورٹ نے جواب دیا کہ خروج نہائی ویزا لگانے کے بعد 60 دن کی مہلت ہوتی ہے، اس دوران سفر کرنا لازمی ہے اگر سفر نہ کیا جائے تو 60 دن ختم ہونے سے قبل اسے کینسل کروانا ہوگا۔

    اس مدت کے دوران خروج نہائی ویزا استعمال نہیں کیا گیا اور مقررہ مدت بھی ختم ہو گئی ہے، اس لیے لازمی ہے کہ جرمانہ جو کہ 1 ہزار ریال ہے، ادا کرنے کے بعد اقامہ تجدید کیا جائے، بعد ازاں خروج نہائی یا خروج وعودہ ویزا حاصل کیا جا سکتا ہے۔

    ایک اور شخص نے دریافت کیا کہ ان کے اہلخانہ جو مملکت سے باہر گئے ہوئے تھے لیکن کرونا کے باعث عائد سفری پابندی کی وجہ سے اہل خانہ واپس نہیں آسکے، کیا اس کے لیے خروج و عودہ کی مدت میں ابشر اکاونٹ سے توسیع کروائی جا سکتی ہے؟

    محکمہ پاسپورٹ کی جانب سے بتایا گیا کہ غیر ملکیوں کی سہولت کے لیے خروج و عودہ اور اقامہ کی مدت میں توسیع کا اختیار دیا گیا ہے، خروج و عودہ کی مدت میں ابشر اکاؤنٹ سے توسیع کروائی جاسکتی ہے تاہم اس کے لیے مقررہ فیس جمع کروانے کے بعد توسیع کروائیں۔

    یاد رہے کہ کرونا وائرس کے بعد حکومت کی جانب سے خصوصی طور پر ابشر اکاؤنٹ کے ذریعے خروج و عودہ اور اقامہ کی مدت میں توسیع کا آپشن فراہم کیا گیا ہے تاہم بعض افراد اس حوالے سے غلطی یہ کرتے ہیں کہ وہ فیس جمع نہیں کرواتے یا کچھ لوگ فیس جمع کروانے کے بعد یہ تصور کر لیتے ہیں کہ ویزے کی مدت میں توسیع ہوگئی۔

    فیس جمع کروانے کے بعد لازمی ہے کہ ابشر اکاؤنٹ کے ذریعے خروج وعودہ کی مدت میں توسیع کی کمانڈ دی جائے تاکہ کارروائی مکمل ہو سکے۔

    ہر دو صورتوں میں پراسس مکمل کرنا لازمی ہے، مطلوبہ دنوں یا ماہ کی فیس جمع کروانے کے بعد جوازات کے ابشر اکاؤنٹ کے ذریعے باقی کارروائی مکمل کرنا بھی لازمی ہے۔

  • پاکستانی سفارتحانوں سے مینوئل ویزوں کا اجرا بند

    پاکستانی سفارتحانوں سے مینوئل ویزوں کا اجرا بند

    ریاض: دنیا بھر میں پاکستانی سفارتحانوں سے مینوئل ویزوں کا اجرا بند کردیا گیا، پاکستان کے لیے ویزے اب آن لائن جاری ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانے اور قونصلیٹ سمیت دنیا بھر کے پاکستانی مشنز نے وفاقی وزارت داخلہ کی ہدایت پر 31 جنوری سے مینوئل ویزوں کا اجرا بند کر دیا ہے۔

    ریاض میں پاکستانی سفارتخانے اور جدہ میں قونصلیٹ کی جانب سے جاری بیان میں تمام درخواست گزاروں سے کہا گیا ہے کہ وہ آن لائن ویزا پورٹل پر ویزے کے لیے اپلائی کریں۔

    قونصلیٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یکم فروری سے ویزے کے لیے آن لائن درخواستیں دی جا سکیں گی اور ایک ہفتے میں ویزا پراسس ہوجائے گا، اگر کوئی اعتراض ہوا تو درخواست گزار کو انٹرویو کے لیے بلایا جائے گا۔

    یاد رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے 152 ممالک کے لیے آن لائن ویزے جاری کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے فیصلہ کیا ہے آن لائن ویزے کے لیے کوئی بھی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیئے۔

  • روس میں پھنسے غیر ملکیوں کے لیے ریلیف

    روس میں پھنسے غیر ملکیوں کے لیے ریلیف

    ماسکو: روس نے ملک میں موجود ایسے غیر ملکیوں کے لیے، جن کے ویزوں کی مدت ختم ہوچکی ہے، اہم ریلیف کا اعلان کردیا۔

    روس کے امیگریشن حکام کی جانب سے جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی غیر ملکی شہری اپنے ملک میں کرونا وائرس کی پابندیوں کی وجہ سے واپس نہیں جاسکتا، تو اس کے ویزا میں 90 دن کی توسیع کی جاسکتی ہے۔

    روسی حکام کے مطابق مذکورہ ملک میں داخلے کے کھلنے تک کئی بار یہ توسیع کی جا سکتی ہے، یہ حکم 14 دسمبر 2020 سے نافذ العمل ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان سمیت جن ممالک میں بیرونی ممالک سے واپس آنے پر کوئی پابندی نہیں ان کے ویزوں کی مدت میں توسیع نہیں کی جائے گی۔

    خیال رہے کہ روس نے 15 دسمبر تک ویزہ ختم ہوجانے والے غیر ملکیوں کو روس میں رہنے کی اجازت دے رکھی ہے۔

  • سعودی عرب : غیر ملکیوں کے ویزے سے متعلق محکمہ پاسپورٹ کی وضاحت

    سعودی عرب : غیر ملکیوں کے ویزے سے متعلق محکمہ پاسپورٹ کی وضاحت

    ریاض : سعودی حکومت نے مملکت میں مقیم غیر ملکی افراد کو ان کے ویزے سے متعلق تفصیلات اور خروج و عودہ ویزے کی منسوخی کی فیس کے حوالے سے آگاہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی محکمہ پاسپورٹ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ خروج و عودہ ویزے کی منسوخی کے بعد فیس واپس نہیں لی جاسکتی۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق محکمہ پاسپورٹ نے ایک غیرملکی نے استفسار کیا تھا کہ ویزے کی منسوخی کے بعد فیس واپس مل سکتی ہے یا نہیں۔

    مقیم غیرملکی کا کہنا تھا کہ اس نے خروج و عودہ ویزا حاصل کیا تھا تاہم دشواری کی وجہ سے سفر کا پروگرام منسوخ کرنا پڑا، آیا اسے خروج وعودہ ویزے کی فیس واپس لینے کا حق ہے یا نہیں۔

    محکمہ پاسپورٹ نے ٹوئٹر کے اپنے اکاؤنٹ پر غیر ملکی کے استفسار کا جواب دیتے ہوئے واضح کیا کہ ویزے کے اجرا کے بعد اس میں کوئی ترمیم کی جاسکتی ہے اور نہ ہی خروج وعودہ ویزے کی فیس واپس لی جاسکتی ہے البتہ ابشر کے ذریعے ویزا منسوخ کرایا جاسکتا ہے۔

     

  • ویزا پالیسی تبدیل: افغانیوں کو پاکستانی سرحد پر ویزا ملے گا

    ویزا پالیسی تبدیل: افغانیوں کو پاکستانی سرحد پر ویزا ملے گا

    اسلام آباد: حکومت پاکستان نے افغان باشندوں کے لیے ویزا پالیسی تبدیل کردی، افغانیوں کو اب پاکستانی سرحد پر ویزا ملے گا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان نے افغان باشندوں کے حوالے سے اہم فیصلہ کرتے ہوئے ویزا پالیسی تبدیل کردی، افغانیوں کو کابل میں پاکستانی سفارتحانے کے چکر لگانے سے نجات مل گئی، اب انہیں سرحد پر ویزا ملے گا۔

    نئی ویزا پالیسی کے تحت قیام اور ویزا کی مدت اور اندرج کی تعداد کو بھی بدل دیا گیا۔ سفارت اور کونسل خانہ ایک سال کے لیے وزٹ ویزا ملٹی پل انٹریز کے ساتھ جاری کرے گا۔

    افغان شہریوں کو 5 سال کے لیے بزنس ویزا بھی مل سکے گا جو پاکستان میں قابل توسیع ہوگا، افغان طلبا ایک سال کے بجائے اپنی تعلیم کے پورے عرصہ کے لیے ویزا حاصل کر سکتے ہیں۔

    علاوہ ازیں طور خم بارڈر پر مریضوں کو 6 ماہ تک کا ویزا دیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے افغانستان سے تجارت کرنے والوں کے لیے بارڈر مارکیٹیں کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ افغان امن عمل کامیاب ہوا تو خطے میں خوشحالی اور ترقی آئے گی۔

    انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارت کے مواقع ہیں، افغان راہداری تجارت کی سہولت کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔