Tag: visa

ویزا اور امیگریشن کی تازہ ترین خبروں کے لیے آپ کا ذریعہ

پاکستان سے دنیا بھر کے ممالک کے لیے ویزا کے نئے قوانین، امیگریشن کی پالیسیوں میں ہونے والی تبدیلیوں، اور بیرون ملک سکونت اختیار کرنے یا سفر کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے اہم اعلانات کے بارے میں بروقت اور قابل اعتماد معلومات حاصل کریں۔ چاہے آپ تعلیم، ملازمت، سیاحت یا مستقل رہائش کے لیے بیرون ملک جانے کا ارادہ رکھتے ہوں، ہماری یہ پیج آپ کو باخبر رکھنے اور آپ کے فیصلوں میں مدد فراہم کرنے کے لیے وقف ہے۔ ویزا اپ ڈیٹس، امیگریشن کے رجحانات، اور پاکستانیوں کے لیے دستیاب بین الاقوامی مواقع سے متعلق تمام ضروری معلومات کے لیے ہمارے ساتھ رہیں۔’”

Visa and Immigration News in Urdu for Pakistanis

  • دبئی نے سیاحوں کو خوشخبری سنا دی

    دبئی نے سیاحوں کو خوشخبری سنا دی

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی کے سفر کے لیے ڈیجیٹل ویزوں کا اجرا کرونا وائرس سے پہلے کے طریقہ کار کے مطابق جاری کیا جائے گا، پہلے کی آن ارائیول ویزوں کی سہولت بھی جاری ہے۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کے مطابق امارات ایئر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دنیا بھر کے لوگ موسم گرما کی تعطیلات کے بارے میں استفسار کر رہے ہیں۔ دبئی اور امارات ایئر کا دنیا بھر کے لیے پیغام ہے کہ آئیں ہم آپ کو خوش آمدید کہیں گے۔

    امارات ایئر کے مطابق احتیاطی تدابیر کی بدولت آپ کا سفر خوشگوار اور آپ کا قیام محفوظ رہے گا۔

    امارات ایئر کا کہنا ہے کہ سیاح پیشگی ویزا بھی حاصل کر سکتے ہیں، اگر ان کا تعلق ان 70 ممالک میں سے کسی ایک سے ہے جنہیں امارات پہنچنے پر ویزے کی سہولت دی جاتی ہے تو وہ سابقہ سسٹم کے مطابق امارات پہنچنے پر بھی ویزا حاصل کرسکتے ہیں۔

    خیال رہے کہ دبئی نے یکم اگست 2020 سے سیاحوں کی آمد کے نظام کو اپ ڈیٹ کردیا ہے، البتہ پی سی آر کووڈ 19 ٹیسٹ لازمی ہے۔

    ٹرانزٹ کے مسافر ہوں یا دبئی آنے والے ہوں، ہر ایک کو پی سی آر ٹیسٹ سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا۔ علاوہ ازیں امارات ایئر سے برطانیہ یا یورپی ممالک جانے والے مسافروں کو بھی پی سی آر ٹیسٹ سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا۔

    خیال رہے کہ دبئی ان بین الاقوامی شہروں میں سے ایک ہے جنہیں ورلڈ ٹریول اینڈ ٹورازم کونسل (ڈبلیو ٹی ٹی سی) سے محفوظ سفر کا سرٹیفکیٹ مل چکا ہے۔

  • سعودی حکومت کا غیر ملکیوں کی سہولت کیلئے بڑا فیصلہ

    سعودی حکومت کا غیر ملکیوں کی سہولت کیلئے بڑا فیصلہ

    ریاض : سعودی عرب نے سفری پابندیوں کے پیش نظر غیرملکیوں کے خروج و عودہ (ایگزٹ ری انٹری) ویزے میں تین ماہ کی مفت توسیع کر دی ہے۔ توسیع کی کارروائی خود کار نظام کے تحت انجام دی گئی ہے۔

    الاخباریہ کے مطابق محکمہ پاسپورٹ نے ان غیر ملکیوں کے خروج و عودہ ویزے میں تین ماہ کی مفت توسیع نیشنل انفارمیشن سینٹر کے تعاون سے کی ہے جو ویزا حاصل کرنے کے بعد سفری پابندیوں کی وجہ سے سفر نہیں کر سکے۔

    محکمہ پاسپورٹ نے اپنی سرکاری ویب سائٹ پر بتایا ہے کہ ایگزٹ ری انٹری ویزے میں تین ماہ کی مفت توسیع خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر کی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل محکمہ پاسپورٹ نےخروج و عودہ ویزے (ایگزٹ ری انٹری) پر بیرون مملکت مقیم غیرملکیوں کے اقاموں میں خود کار نظام کے تحت توسیع کی ہے۔ یہ توسیع ان تارکین کے اقاموں میں کی گئی ہے جن کی میعاد ختم ہوگئی تھی۔

    دوسری طرف سعودی عرب میں موجود غیر ملکیوں کے وزٹ ویزوں میں خود کار طریقے کے مطابق توسیع کا کام بھی مکمل ہوگیا ہے۔ یاد رہے کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے غیر ملکیوں کے اقاموں اور ویزوں میں تین ماہ کی توسیع کی منظوری دی تھی۔

    کورونا وائرس کے حوالے سے موجودہ حالات غیر معمولی ہیں جن کے پیش نظر سعودی حکومت کی جانب سے خصوصی مراعات کا اعلان کیا گیا تھا۔

    سفری پانبدیوں کے دوران حکومت کی جانب سے غیر ملکیوں کی وطن واپسی کے لیے خصوصی انتظامات کرتے ہوئے عودہ کی سہولت جاری کی گئی تھی جو تاحال جاری ہے۔

    عودہ آپشن سے وہ غیر ملکی مستفید ہو سکتے ہیں جو اقامے پر مملکت میں مقیم ہوں یا جن کے خروج و عودہ یا فائنل ایگزٹ لگے ہوئے ہیں ۔علاوہ ازیں وزٹ ویزے پر آنے والے بھی عودہ یعنی ریٹرن کے آپشن سے مستفید ہو سکتے ہیں۔

    وزارت نے وطن واپسی کے خواہشمند مختلف ویزوں پر مقیم غیرملکیوں کی سہولت کے لیے (عودۃ) آن لائن پروگرام کا اجرا کیا ہے۔
    اس کے تحت واپسی کے خواہشمند تمام غیرملکیوں کو ابشر کے ذریعے واپسی کی درخواست دینے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

    عودہ آپشن پر اندراج کرانے کا طریقہ انتہائی آسان ہے جس میں سفر کرنے والے کا اقامہ نمبر، تاریخ پیدائش، موبائل نمبر اور جس شہر سے سفر کرنا اور جہاں جانا ہے کا اندراج کیا جاتا ہے,عودۃ پروگرام سے استفادے کے لیے ضروری نہیں کہ امیدوار کا ابشر پر اکاؤنٹ بھی ہو۔

  • سعودی محکمہ پاسپورٹ کا اہم اعلان

    سعودی محکمہ پاسپورٹ کا اہم اعلان

    ریاض : سعودی محکمہ پاسپورٹ نے واضح کیا ہے کہ ویزے کی منسوخی کے بعد "مقابل مالی” کی فیس واپس نہیں لی جاسکتی۔

    کورونا وبا کے باعث بین الاقوامی پروازوں کی معطلی کے تناظر میں تارکین نے فضائی، بری اور بحری سرحدوں کی بندش سے قبل "مقابل مالی” فیس ادا کرکے ویزے جاری کرا ئے تھے تاہم سفری پابندیوں کی وجہ سے وہ ویزوں سے کوئی فائدہ حاصل نہیں کرسکے۔
    جرمانے سے بچنے کے لیے بہت سے افراد نے ویزے منسوخ کرادیے۔

    تارکین کا سوال تھا کہ اب جبکہ شاہی فرمان کے تحت اقاموں، خروج و عودہ اور خروج نہائی میں تین ماہ کی مفت توسیع کردی گئی ہے تو کیا انہیں ویزوں کی منسوخی پرویزے کی مد میں ادا کیے جانے والا "مقابل مالی” واپس ملے گا۔

    عاجل ویب سائٹ کے مطابق محکمہ پاسپورٹ نے واضح کردیا ہے کہ’ ویزے کی منسوخی کے بعد "مقابل مالی” واپس نہیں لیا جاسکتا۔

    محکمہ پاسپورٹ نے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کہا کہ "مقابل مالی” ادا کرنے اور اس کے بعد ویزا جاری کیے جانے پر اسے منسوخ کرانے کے باوجود مقابل مالی واپس نہیں ہوسکتا۔ یاد رہے کہ "مقابل مالی” کی فیس نیا ویزا جاری کراتے وقت اور اقامے کی تجدید کے وقت جمع کرائی جاتی ہے۔

    "مقابل مالی” کیا ہے؟

    سعودی عرب میں اپنے شہریوں کو روزگار کی سہولت اور مواقع فراہم کرنے کی غرض سے جامع پروگرام مرتب کیا گیا ہے جسے سعودائزیشن کہا جاتا ہے۔

    سعودائزیشن کے مرکزی پروگرام کے تحت دیگر ذیلی منصوبے تیار کیے گئے جن میں وقتاً فوقتاً تبدیلیاں کی جاتی رہیں، سعودائزیشن کا بینادی ہدف مملکت میں غیر ملکی افرادی قوت پر مرحلہ وار انحصار کم کرتے ہوئے مقامی افراد کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ بڑھتی ہوئی بے روزگاری پر قابو پایا جاسکے۔

    سعودائزیشن کمیٹی کی جانب سے جنوری 2018 سے "مقابل مالی” کے عنوان سے منصوبہ شروع کیا گیا جس میں ہرغیر ملکی کارکن کے حساب سے ماہانہ 300 ریال سعودائزیشن فنڈ میں جمع کرایا جاتا ہے۔

    یہ رقم 2019 میں ماہانہ 500 ریال جبکہ یکم جنوری 2020 سے 700 ریال کے حساب سے لی جاتی ہے۔ "مقابل مالی” کا مقصد غیر ملکی کارکنوں کوروزگار مہیا کرنے کی حوصلہ شکنی کرنا اورلیبر مارکیٹ میں زیادہ سے زیادہ سعودیوں کو مواقع فراہم کرنا ہے۔

  • جعلی ویزے پر بیرون ملک جانے کی کوشش کرنا مسافر کو مہنگا پڑگیا

    جعلی ویزے پر بیرون ملک جانے کی کوشش کرنا مسافر کو مہنگا پڑگیا

    اسلام آباد: جعلی ویزے پر بیرون ملک جانے کی کوشش کرنے والے مسافر کو ایف آئی اے نے گرفتار کرلیا۔

    تفصیلاات کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر جعلی ویزے پر لیبیا جانے کی کوشش کرنے والے مسافر کو گرفتار کیا گیا۔ امیگریشن حکام کا کہنا ہے کہ دستاویزات چیکنگ کے دوران مسافر کا ویز اجعلی نکلا جس کے بعد ملزم کی گرفتاری عمل میں آئی۔

    ایف آئی اے نے مسافر کو انسدادانسانی اسمگلنگ سیل منتقل کردیا۔ واضح رہے کہ جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والے درجنوں ملکی اور غیرملکی گرفتار ہوچکے ہیں۔

    حال ہی میں اسلام آباد ایئرپورٹ پر پی آئی اے ویجلینس نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی دستاویز پر کینیڈا جانے والے افغانی باشندے کو حراست میں لیا تھا۔

    جعلی دستاویزات پر افغان باشندہ گرفتار، لاہور ایئرپورٹ پر مسافر سے چرس برآمد

    خیال رہے جعلی دستاویزات پر گرفتار ہونے والا مذکورہ افغان مسافر پی آئی اے کی پرواز پی کے 781 کے ذریعے اسلام آباد سے ٹورنٹو جا رہا تھا، پی آئی اے کے ویجلینس افسر نے مسافر میر زادہ سے سفری دستاویزات طلب کیے جس کے بعد افسر کو شک ہوا کہ دستاویز جعلی ہیں۔ بعد ازاں ملزم کی گرفتاری عمل میں آئی تھی۔

  • سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات جلد مشترکہ ویزے کا اجرا کریں گے

    سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات جلد مشترکہ ویزے کا اجرا کریں گے

    ریاض: سعودی حکام کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات مشترکہ ویزا جاری کرنے پر کام کر رہے ہیں، اور یہ ویزا محدود مدت کا وزٹ ویزا ہوگا۔

    سعودی اخبار کے مطابق سعودی محکمہ سیاحت و قومی ورثے کی ڈپٹی چیئر پرسن شہزادی ہیفا بنت محمد آل سعود کا کہنا ہے کہ جن ممالک کے شہریوں کو سعودی عرب کا ویزا آن لائن دینے کا پروگرام بنایا گیا ہے وہ ان ممالک سے مختلف ہیں جنہیں متحدہ عرب امارات اپنے ویزے جاری کر رہا ہے۔

    شہزادی ہیفا کے مطابق سعودی و اماراتی مشترکہ ویزے کے باقاعدہ اجرا میں ابھی وقت لگے گا۔ فریقین تکنیکی، قانونی اور انتظامی اعتبار سے تفصیلات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

    دوسری جانب متحدہ عرب امارات کے حکام ویزے کے طریقہ کار اور آن لائن سسٹم کو ایک دوسرے سے مربوط کرنے پر کام کر رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ کچھ دن قبل متحدہ عرب امارات کے وزیر اقتصادیات سلطان المنصوری نے کہا تھا کہ سعودی عرب اور امارات مشترکہ ویزے کے اجرا کے لیے کوشش کر رہے ہیں تاکہ امارات آنے والے سعودی عرب اور سعودی عرب آنے والے متحدہ عرب امارات کی سیر باآسانی کرسکیں۔

    سعودی عرب نے اس سے قبل شینگن ممالک، امریکا اور برطانیہ کے ویزوں کے حامل افراد کو مملکت پہنچنے پر ویزا جاری کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    سعودی حکام نے کہا تھا کہ مذکورہ ممالک کا مؤثر ویزا رکھنے والے افراد بغیر ویزا سعودی عرب آسکتے ہیں، ایسے افراد کو آن ارائیول ویزا جاری کردیا جائے گا۔

  • جعل سازی کے ذریعے کویتی شہریت حاصل کرنے والے کے ساتھ کیا ہوا؟

    جعل سازی کے ذریعے کویتی شہریت حاصل کرنے والے کے ساتھ کیا ہوا؟

    کویت سٹی: جعل سازی کے ذریعے کویت کی شہریت حاصل کرنا خلیجی باشندے کو مہنگا پڑگیا، 7 سال قید بامشقت اور بھاری جرمانے کی سزا سنا دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کویت کی اعلیٰ عدالت نے ایک ایسے خلیجی باشندے کو سزا سنائی جس نے جعل سازی کے ذریعے کویت کی شہریت حاصل کی اور عسکری شعبے میں اپنے پیشہ وارانہ خدمات بھی سرانجام دے رہا تھا۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق خلیجی باشندے کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، جبکہ ملزم کو 7 برس قید بامشقت ا اور ایک لاکھ 67 ہزار دینار جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے، دریں اثنا عدالت نے شہریت میں جعلسازی کے دیگر 8 ملزمان کو بری کردیا۔ کویت غیرملکیوں کو اپنے ملک میں داخلے کے لیے قوانین بھی سخت کررہا ہے۔

    کویت کے پبلک پراسیکیوشن نے الزام عائد کیا تھا کہ مذکوہ شخص نے قومی شناختی کارڈ، برتھ اور شہریت کے سرٹیفکیٹ سمیت دیگر سرکاری دستاویزات سے متعلق جعل سازی کی تھی، اسی بنیاد پر انہیں کویت قوانین کے تحت سزا سنائی گئی۔

    خیال رہے کہ پراسیکیوشن نے خلیجی باشندے کی شناخت ظاہر نہیں کی، تاہم سعودی عرب، کویت، امارات، بحرین، عمان اور قطر جی سی سی میں شامل ہونے کی وجہ سے خلیجی کہلاتے ہیں۔

    کویت آنے کیلئے چال چلن کی سند لازمی قرار

    واضح رہے کہ حال ہی میں حکام نے کویت آنے والے غیر ملکیوں کے لیے نئی شرط رکھ دی ہے، ملک میں داخل ہونا ہے تو چال چلن کی سند(کریکٹر سرٹیفکیٹ) لازمی ہونی چاہیئے۔ کویت حکام نے پہلی بار اقامہ ویزے پر آنے غیرملکیوں کے لیے نیا قانون نافذ کردیا، اب غیر ملکیوں کے کریکٹر کا جائزہ لیا جائے گا، کسی بھی قسم کے جرائم میں ملوث افراد کویت کا ویزا حاصل کرنے سے محروم رہیں گے۔

  • کویت آنے کیلئے چال چلن کی سند لازمی قرار

    کویت آنے کیلئے چال چلن کی سند لازمی قرار

    کویت سٹی: حکام نے کویت آنے والے غیر ملکیوں کے لیے نئی شرط رکھ دی، ملک میں داخل ہونا ہے تو چال چلن کی سند(کریکٹر سرٹیفکیٹ) لازمی ہونی چاہیئے۔

    تفصیلات کے مطابق کویت حکام نے پہلی بار اقامہ ویزے پر آنے غیرملکیوں کے لیے نیا قانون نافذ کردیا، اب غیر ملکیوں کے کریکٹر کا جائزہ لیا جائے گا، کسی بھی قسم کے جرائم میں ملوث افراد کویت کا ویزا حاصل کرنے سے محروم رہیں گے۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق کویت آنے کے خواہش مند افراد اپنے ہی ملک سے کریکٹر کا سرٹیفکیٹ حاصل کرسکتے ہیں جبکہ ملک میں داخل ہونے کے بعد کویت کے متعلقہ اداروں سے بھی اعلیٰ اخلاق کی سند حاصل کرنا ہوگی۔

    کویت وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں تمام کویت سفارت خانوں اور قونصلیٹ کو مذکورہ قوانین کی تفصیلات فراہم کردی گئی ہیں جس میں پہلی بار اقامہ ویزے پر آنے والے غیر ملکیوں کے لیے چال چلن کی سند اپنے ہمرا رکھنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

    کویت آنے والے امیدواروں کی سند کویتی سفارتخانے یا قونصلیٹ سے تصدیق کروائی جائے۔ چال چلن کا سرٹیفکیٹ 3 ماہ سے زیادہ پرانا نہ ہو، ورنہ قابل قبول تصور نہیں کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ کویت میں کریکٹر سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لیے مخصوص پولیس اسٹیشن سے رابطہ کیا جاتا ہے جس کے بعد امیدوار کی فنگر پرنٹ لی جاتی ہے اور باریک بینی سے جائزہ لیا جاتا ہے کہ مذکورہ شخص کسی قسم کے جرائم میں ملوث تو نہیں ہے، بعد ازاں سرٹیفکیٹ کا اجرا ہوتا ہے۔

  • ایرانی حکومت نے چینی شہریوں کیلئے ویزے کی شرط ختم کردی

    ایرانی حکومت نے چینی شہریوں کیلئے ویزے کی شرط ختم کردی

    تہران : ایرانی سیاحت کونسل نے چینی شہریوں کےلیے ویزے کی شرط ختم کردی، کونسل کے چیئرمین نے کہا کہ سیاحت کا شعبہ معاشی مشکلات کے حل میں مدد فراہم کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی حکومت جلد ہی چینی شہریوں کے لیے ویزہ کی شرط ختم کر رہی ہے تا کہ امریکا کی طرف سے ایران پرعائد کردہ اقتصادی پابندیوں کوغیرمؤثر بنانے کے لیے چینی سیاحوں کو ایران میں داخل ہونے کا موقع فراہم کیا جا سکے۔

    ایرانی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ حکومت نے جمہوریہ چین کے باشندوں کے لیے ویزہ کی شرط ختم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

    ایرانی سیاحت کونسل کے چیئرمین علی اصغر مونسان نے بتایا کہ ہمارا ہدف چین کے دو ملین سیاحوں کو ایران میں سیاحت کے لیے آنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایرانی سیاحت کا شعبہ پابندیوں کا ہدف نہیں بنا، سیاحت کا شعبہ امریکا کی طرف سے عائد کردہ سخت ترین اقتصادی پابندیوں کے باعث درپیش معاشی مشکلات کے حل میں مدد فراہم کرے گا۔

    ایرانی خبر رساں اداروں کے مطابق 12 مارچ سے اب تک 52 ہزار چینی باشندے ایران کی سیاحت کےلیے آچکے ہیں، چینی سیاحوں کی تعداد لاکھوں تک لے جانے کے لیے ویزہ کی شرط ختم کی جا رہی ہے۔

  • بنگلہ دیش نے پاکستانیوں کے لیے ویزے کا اجرا روک دیا

    بنگلہ دیش نے پاکستانیوں کے لیے ویزے کا اجرا روک دیا

    اسلام آباد: پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین سفارتی تعلقات مزید کشیدہ ہوگئے، بنگلہ دیش نے پاکستانیوں کے لیے ویزے کا اجرا روک دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش نے پاکستانیوں کے لیے ویزے کا اجرا روک دیا، پاکستانی شہریوں کو گزشتہ 7 روز سے ویزے جاری نہیں کیے جا رہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں بنگلہ دیشی ہائی کمیشن کا ویزا سیکشن گزشتہ پیر سے بند ہے۔ بنگلہ دیش نے فیصلہ اپنے سفارتکار اقبال حسین کو ویزا کے عدم اجرا پر کیا۔ اقبال حسین، بنگلہ دیشی ہائی کمیشن میں پریس اور ویزا قونصلر تھے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اقبال حسین نے جنوری میں ویزا میں توسیع کی درخواست دی تھی۔ وزارت داخلہ نے 4 ماہ گزرنے پر بھی اقبال حسین کو ویزا میں توسیع نہیں دی۔ محمد اقبال حسین ویزا توسیع کے انتظار میں ملازمت سے سبکدوش ہوگئے۔

    ذرائع کے مطابق اقبال حسین کی بیٹی کے ویزا پر بھی توسیع نہیں دی گئی، بنگلہ دیشی پریس قونصلر بیٹی کے ہمراہ تاحال وطن واپسی کے منتظر ہیں۔ ڈھاکہ میں پاکستانی ناظم الامور کی بھی معاملے پر طلبی کی گئی تھی۔

    بنگلہ دیشی حکام کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان ہمارے سفارتکار کی جلد واپسی یقینی بنائے۔ وزارت خارجہ ویزا معاملے پر اپنا مؤقف دینے سے گریزاں ہے۔

  • کرائسٹ چرچ سانحہ کے بعد نیوزی لینڈ کا ویزہ حاصل کرنیوالوں کی تعداد میں اضافہ

    کرائسٹ چرچ سانحہ کے بعد نیوزی لینڈ کا ویزہ حاصل کرنیوالوں کی تعداد میں اضافہ

    ویلنگٹن: کیوی ادارہ برائے مہاجرین کا کہنا ہے کہ سانحہ کرائسٹ چرچ کے بعد نیوزی لینڈ کا ویزہ حاصل کرنیوالوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ میں مساجد پر ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد ویزہ حاصل کرنے والے خواہشمندوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق نیوزی لینڈ کا ادارہ برائے مہاجرین نے ایک بیان میں کہا کہ 15 مارچ کو ہوئی دہشت گردی سے 10 روز قبل کے مقابلے میں اس کے بعد نیوزی لینڈ میں قیام کرنے والے خواہشمندوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

    اسسٹنٹ ڈائیریکٹر پیٹمر المس کا کہنا تھا کہ دہشت گردی سے 10 روز قبل نیوزی لینڈ آنے کے خواہشمندوں کی 8 ہزار 844 درخواستیں موصول ہوئی تھی، جبکہ اس کے بعد 6 ہزار457درخواستیں دی گئی۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ سب سے زیادہ درخواستیں امریکا سے موصول ہوئی جو 674 کے مقابلے دہشت گردی کے بعد 1165 تک پہنچ گئی۔

    پاکستانیوں کی جانب 65 درخواستوں کے مقابلے میں 333 درخواستیں موصول ہوئیں، جبکہ ملائشیا سے 67 کے مقابلے میں 165 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل عدالت نے سفید فام دہشت گرد برینٹن ٹیرنٹ پر 50 افراد کے قتل کی فرد جرم عائد کی تھی تاہم دہشت گرد پر دہشت گردی کا مقدمہ چلانے سے پہلے نیوزی لینڈ کی عدالت نے ملزم کے دماغی معائنے کا حکم دے دیا۔

    سانحہ کرائسٹ چرچ، جنگلی حیات کیلئے قائم ٹرسٹ کا شہید بچوں کو خراج تحسین

    یاد رہے کہ 15 مارچ کو نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں دہشت گرد حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں خواتین وبچوں سمیت 49 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے تھے۔