Tag: visa

ویزا اور امیگریشن کی تازہ ترین خبروں کے لیے آپ کا ذریعہ

پاکستان سے دنیا بھر کے ممالک کے لیے ویزا کے نئے قوانین، امیگریشن کی پالیسیوں میں ہونے والی تبدیلیوں، اور بیرون ملک سکونت اختیار کرنے یا سفر کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے اہم اعلانات کے بارے میں بروقت اور قابل اعتماد معلومات حاصل کریں۔ چاہے آپ تعلیم، ملازمت، سیاحت یا مستقل رہائش کے لیے بیرون ملک جانے کا ارادہ رکھتے ہوں، ہماری یہ پیج آپ کو باخبر رکھنے اور آپ کے فیصلوں میں مدد فراہم کرنے کے لیے وقف ہے۔ ویزا اپ ڈیٹس، امیگریشن کے رجحانات، اور پاکستانیوں کے لیے دستیاب بین الاقوامی مواقع سے متعلق تمام ضروری معلومات کے لیے ہمارے ساتھ رہیں۔’”

Visa and Immigration News in Urdu for Pakistanis

  • امریکا نے انٹرنیشنل کرمنل کورٹ کی چیف پراسیکیوٹر کا ویزہ منسوخ کردیا

    امریکا نے انٹرنیشنل کرمنل کورٹ کی چیف پراسیکیوٹر کا ویزہ منسوخ کردیا

    واشنگٹن : امریکا نے بین الاقوامی فوجداری عدالت کی چیف پراسیکیوٹر فاتو بن سودہ کا ویزا منسوخ کر دیا ہے، جس کی تصدیق بن سودہ کے دفتر نے بھی کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی فوجداری عدالت کے چیف پراسیکیوٹر کے ویزے کی منسوخی کو افغانستان میں امریکی فوج کے مبینہ جنگی جرائم کی ممکنہ انکوائری کا ردعمل خیال کیا گیا۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ فاتو بن سودہ کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی فوج داری عدالت کے چیف پراسیکیوٹر اپنا کام بغیر کسی دباؤ میں آئے جاری رکھیں گے۔

    امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ اگر عالمی عدالت فوجداری عدالت نے امریکی فوج یا اس کے اتحادیوں کے خلاف تفتیشی عمل شروع کیا تو اس میں شریک عدالتی اہلکاروں کا امریکا میں داخلہ ممنوع قرار دے دیا جائے گا۔

    مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ اگر انٹرنیشنل کرمنل کورٹ نے اپنا رویہ درست نہیں کیا تو اقتصادی پابندیوں سمیت مزید اقدامات اٹھانے کو تیار ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل کرمنل کورٹ بے گناہ انسانوں کے قتل عام، انسانی حقوق کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات، جنگی جرائم میں ملوث افراد و ممالک کے خلاف کارروائی کرتا ہے۔

    خیال رہے کہ عالمی فوجداری عدالت کو سنہ 2002 میں اقوام متحدہ کے ایک معاہدے کے تحت بنایا گیا تھا جس کی برطانیہ سمیت 123 ممالک نے حمایت کی تھی تاہم چین، بھارت اور روس سمیت متعدد ممالک نے اسے تسلیم نہیں کیا تھا۔

    بعدازاں افریقی ممالک نے انٹرنیشنل کرمنل کورٹ پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ افریقیوں کے ساتھ انصاف نہیں کررہے جس کے بعد افریقی ممالک اس انٹرنیشنل کرمنل کورٹ سے نکل گئے تھے۔

  • سعودی حکام کا غیرملکی سیاحوں کی ویزہ فری انٹری پرغور

    سعودی حکام کا غیرملکی سیاحوں کی ویزہ فری انٹری پرغور

    ریاض : سعودی حکام نے ویژن 2030 کے تحت غیر ملکی شہریوں کو بغیر ویزہ ریاست میں داخلے کے منصوبے پر کام شروع کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب اپنی معیشت کا انحصار تیل سے کم کرنے اور معیشت کو مستقل بنیادوں پر مستحکم کرنے کےلیے مختلف منصوبوں پر کام کررہے ہیں جس کے تحت غیر مذہبی سیاحت کو بھی فروغ دیا جارہا ہے۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ مذکورہ منصوبہ تاحال ابتدائی مراحل میں ہے، اس کو رواں برس ہی حتمی شکل دے دی جائے گی اور سال کے آخرتک نیا ویزہ سسٹم متعارف کرا دیا جائے گا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں غیرملکی سیاحوں کے لیے عاید پابندیوں میں نرمی کی جائے گی اوریورپ، جاپان، امریکا اورچین کے شہریوں کو بغیر ویزہ ریاست میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔

    خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی حکام مذکورہ منصوبے کے تحت مسلمانوں کے علاوہ غیر ملکی سیاحوں کو بھی تاریخی مقامات تک رسائی کے لیے ویزے جاری کرنے پر بھی سوچا جارہا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ جمعرات کو سعودی حکام نے سمندر پار زائرین کو برقی ویزہ دینے کے منصوبے کی منظوری دی تھی جس تحت ویزے کی درخواست آن لائن دی جائے گی اور سعودی سفارت خانے یا قونصل خانے جانے کی ضرورت بھی پیش نہیں آئے گی۔

    مزید پڑھیں : سیاحت کا فروغ، سعودی حکومت نے نئی ویزہ پالیسی کا اعلان کردیا

    یاد رہے کہ گزشتہ برس سعودی حکومت نے سیاحت کو فروغ دینے کےلیے نئی اور آسان ویزہ پالیسی اعلان کیا تھا جس کا ایک مقصد دسمبر میں ہونے والی فارمولا ون کو ریس کو فروغ دینا تھا۔

    حکومت کی جانب اس سہولت کا اعلان گزشتہ برس نومبر میں کیا گیا تھا جس کے بعد 1000 سے زائد غیر ملکی سیاح ریاض پہنچے تھے اور انہوں نے دارالحکومت سمیت مختلف شہروں کا دورہ کیا تھا۔

    ولی عہد محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ ہم سعودی عرب کو ایساملک بنانا چاہتے ہیں جہاں ہر ملک کا شہری آئے اور سیر و تفریح کرے، اس اقدام کا مقصد روشن خیالی اور معیشت کو مستحکم کرنا ہے۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں ولی عہد محمد بن سلمان کے ویژن 2030 کے بعد وسیع پیمانے پر اصلاحاتی عمل شروع ہوچکا ہے جس سے مملکت کی مختلف صنعتوں پر اثر پڑنا شروع ہوگیا ہے، اسی سلسلے میں ایک عرصے سے بند سعودی سینما کی بھی واپسی ہوچکی ہے۔

  • امریکا کا جمال خاشقجی کے مبینہ قاتلوں کے ویزے منسوخ کرنے کا اعلان

    امریکا کا جمال خاشقجی کے مبینہ قاتلوں کے ویزے منسوخ کرنے کا اعلان

    واشنگٹن: سعودی صحافی جمال خاشقجی کا ترکی میں سعودی کونصل میں قتل کیے جانے کے بعد امریکا نے قاتلوں کے ویزے منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق گذشتہ ہفتے ترک شہر استنبول میں قائم سعودی قونصلیٹ میں سعودی شہری اور صحافی جمال خاشقجی کو بےدردی سے قتل کردیا گیا تھا۔

    امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ خاشقجی کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث کچھ افراد کے ویزےمنسوخ کریں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ قتل میں مبینہ طور پر ملوث افراد پر پابندیاں بھی لگائی جائیں گی، جمال خاشقجی کے قتل سے متعلق حقائق کا پتا چلا رہے ہیں۔

    امریکا میں سب سے بڑی سرمایہ کاری سعودی عرب کی ہے: صدر ٹرمپ

    پومپیو کا کہنا تھا کہ ایک صحافی کی آواز کا سفاکانہ طریقے سے دبایا جانا ناقابل برداشت ہے، اس قتل کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں سعودی صحافی جمال خاشقجی کو ترکی میں سعودی کونصل خانے میں قتل کردیا گیا تھا، بعد ازاں امریکی صدر نے اس واقعے کی شدید مذمت کی تھی۔

    ٹرمپ نے جمال خاشقجی کے قتل سے متعلق سعودی وضاحت اور تحقیقات پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب تک ہمیں جواب نہیں ملتا میں مطمئن نہیں ہوں۔

    علاوہ ازیں امریکا نے سعودی سفارت خانے میں جمال خاشقجی کے مبینہ قتل پر ریاض میں منعقد ہونے والی سرمایہ کاری کانفرنس کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔

  • شاہ محمود قریشی کا اپنے عراقی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ، دورہ عراق کی دعوت

    شاہ محمود قریشی کا اپنے عراقی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ، دورہ عراق کی دعوت

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے عراقی ہم منصب ابراہیم الجعفری سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، اس دوران ویزہ کے معاملات پر گفتگو ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق ٹیلی فونک گفتگو کے دوران عراقی وزیر خارجہ ابراہیم الجعفری نے شاہ محمود کو دورہ عراق کی دعوت دی اور دونوں وزرائے خارجہ نے زائرین کو ویزہ مشکلات کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا۔

    عراقی وزیر خارجہ نے ویزہ کے عمل کو تیز کرنے کی یقین دہانی کرائی اور عراقی وزیرخارجہ نے شاہ محمود قریشی کو عراق کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔

    وزیر خارجہ سے عراق کے سفیر کی ملاقات

    قبل ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے عراق کے سفیر کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں ویزے کے مکمل طریقہ کار کو مزید آسان بنانے پر زور دیا گیا۔

    خیال رہے کہ دفتر خارجہ کےمطابق وزیر خارجہ نے پاکستانی زائرین کے ویزہ معاملے پر بات چیت کی۔ وزیر خارجہ نے ویزے پر مختلف رپورٹس پر تشویش سے بھی آگاہ کیا۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ویزے کے مکمل طریقہ کار کو مزید آسان بنایا جائے، ضروری کوائف کی تفصیلات کو ویب سائٹ پر آویزاں کیا جائے۔

  • یورپی یونین کا رکن ممالک سے غیر ملکیوں کو شہریت کم دینے کا مطالبہ

    یورپی یونین کا رکن ممالک سے غیر ملکیوں کو شہریت کم دینے کا مطالبہ

    پیرس: یورپی یونین کی جانب سے اپنے رکن ممالک سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ غیر ملکیوں کو یورپی شہریت کم دیں اور احتیاط کا مظاہرہ کریں۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی یونین کے رکن ممالک سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اس بلاک سے باہر کی ریاستوں کے باشندوں کو یورپی شہریت کم دیں اور اس عمل میں بہت احتیاط کا مظاہرہ کریں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یورپی یونین کی کمشنر برائے انصاف ’ویرا جوروا‘ نے کہا ہے کہ یورپی یونین اور یورپی کمیشن کو اس بات پر گہری تشویش ہے کہ یورپ میں ’گولڈن پاسپورٹ‘ کا اجراء زور پکڑتا جا رہا ہے۔

    نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم نہیں چاہتے کہ ایسے غیر ملکیوں کی صورت میں یورپ میں ممکنہ طور پر بہت خطرناک افراد بھی آزادانہ گھومتے پھرتے رہیں۔


    ایران پر امریکی پابندیاں یورپی یونین نے مسترد کردیں


    ویرا جوروا کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کے بلاک میں شامل ایسے بھی ممالک ہیں جو ان غیر ملکیوں کو زیادہ سے زیادہ شہریت دے رہے ہیں جو ان کے ملک میں بھاری سرماریہ کاری کر رہے ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ یونین کے قبرص، مالٹا اور یونان جیسے ممالک میں ایسا ہوتا ہے کہ وہاں بہت زیادہ سرمایہ کاری کرنے والے غیر ملکیوں کو طویل المدتی رہائشی ویزے یا مقامی شہری حقوق بھی دے دیے جاتے ہیں۔

    خیال رہے کہ یورپی یونین کی شہریت حاصل کرنے والے غیر ملکی اکثر ایسے چینی، روسی یا سابق سوویت یونین کی ریاستوں کے شہری ہوتے ہیں۔

  • ایران کا پاکستانیوں کے ویزا کیلئے میڈیکل سرٹیفیکٹ کی شرط ختم کرنے کا اعلان

    ایران کا پاکستانیوں کے ویزا کیلئے میڈیکل سرٹیفیکٹ کی شرط ختم کرنے کا اعلان

    اسلام آباد : ہمسایہ ملک ایران نے پاکستانی شہریوں کے لیے میڈیکل سرٹیفیکٹ کی شرط ختم کردی۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی سفارت خانے نے پاکستانیوں کو خوشخبری سنادی، پاکستان میں تعینات ایرانی سفیرمہدی ہنردوست نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران نے پاکستانیوں کے ویزا کے لیے طبی سند کی شرط ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے جبکہ میڈیکل سرٹیفکیٹ دینے کی شرط کو ختم کرنے کے عمل کی ایرانی وزیر صحت نے بھی توثیق کردی ہے۔

    ایرانی سفارت خانہ کے مطابق یہ قدم پاک ایران تعلقات کومدنظر رکھ کراٹھایا گیا ہے، فیصلےکا مقصد پاکستانی شہریوں کے لیے آمدورفت آسان بنانا ہے۔

    ایرانی سفیر کا کہنا ہے کہ آج کے بعد پاکستانی شہریوں کو ایرانی ویزے کے لیے درخواست کےساتھ میڈیکل سرٹیفکیٹ دینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے، پاکستانی طبی سند کے بغیر ویزا درخواست دے سکتے ہیں۔

    خیال رہے کہ اس سے پہلے ایران جانے کے خواہشمند افراد کو ویزے کی درخواست کے ساتھ میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوتا تھا، جس میں یہ ثابت ہوتا تھا کہ انہیں خطرناک یا وبائی بیماری نہیں جبکہ اس عمل سے ویزوں کے حصول میں طوالت اور خرچے میں بھی اضافہ ہوتا تھا۔


    مزید پڑھیں :  انڈونیشیا کا پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا قوانین میں نرمی کا اعلان


    یاد رہے کہ اس سے قبل انڈونیشیا نے پاکستانی شہریوں پر عائد ویزا قوانین میں نرمی کا اعلان کردیا جس کے بعد اب انہیں ویزا کے لیے پاکستانی اداروں سے کلیئرنس کی ضرورت نہیں ہوگی۔

    کویت نے پاکستانیوں پر لگائی گئی ویزا پابندی ختم کردی تھی ،کویت نے پاکستان پر چھ سال قبل ویزا پابندی عائد کی تھی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پرشیئر کریں۔

  • بھارت نے پاکستان ریسلنگ ٹیم کو ویزہ دینے سے انکار کردیا

    بھارت نے پاکستان ریسلنگ ٹیم کو ویزہ دینے سے انکار کردیا

    دہلی : بھارت نے پاکستان ریسلنگ ٹیم کو ویزہ دینے سے انکار کردیا۔

    ذرائع کے مطابق بھارت نے پاکستان ریسلنگ ٹیم کو ویزہ دینے سے انکار کردیا، پاکستانی ٹیم دو کھلاڑیوں پر مشتمل تھی، دونوں کھلاڑیوں نے ایشین ریسلنگ چیمپین شپ میں حصہ لینا تھا،   ایونٹ میں  پاکستان کے دو پہلوان محمد انعام اور محمد بلال نے شرکت کرنا تھی۔،

    چیمپین شپ دس سے پندرہ مئی تک بھارت کے شہر دہلی ہونا ہے۔

    سیکریٹری پاکستان ریسلنگ فیڈریشن محمد ارشد نے بتایا کہ 45 دن قبل ہم نے بھارت کے ویزے کیلئے درخواست دی تھی لیکن اب ہمیں بتایا گیا ہے کہ بھارت نے ایونٹ کیلئے ہمارے ریسلرز اور آفیشلز کو ویزے جاری کرنے سے انکار کردیا ہے۔


    مزید پڑھیں : بھارتی ہٹ دھرمی، پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزے دینے سے انکار


    واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب بھارت نے پاکستانی کھلاڑیوں کو  ویزے جاری کرنے سے انکار کیا ،  گزشتہ ماہ  19ویں ایشین جونیئر اسکواڈ چیمپیئن شپ میں بھی بھارت کی جانب سے ویزہ جاری نہ کرنے پر پاکستانی ٹیم ایونٹ میں شرکت نہیں کر سکی تھی۔

    گزشتہ سال دسمبر بھی جونیئر ہاکی ٹیم کو بھی بھارت نے ویزے جاری نہیں کئے تھے اور پاسپورٹ بھی دبالئے تھے۔ جس سے پاکستان جونئیر ہاکی ورلڈ کپ سے باہر ہوگیا تھا۔

  • پاکستان نے بھارت کو اسکواش ایونٹس کی میزبانی نہ دینے کا مطالبہ کردیا

    پاکستان نے بھارت کو اسکواش ایونٹس کی میزبانی نہ دینے کا مطالبہ کردیا

    اسلام آباد: پاکستان نے عالمی اسکواش فیڈریشن سے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ کسی بھی ایونٹ کی میزبانی بھارت کو نہ دی جائے‘ پاکستان کی جانب سے یہ مطالبہ ویزے جاری نہ کرنے کے بعد کیاگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سکوائش فیڈریشن نےکے نائب صدر قمر زمان نے بھارت کی جانب سے ایشین سکوائش چیمپین شپ میں پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزے نہ دینے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ورلڈ اسکواش فیڈریشن ، پی ایس اے اور ایشین اسکواش فیڈریشن کو اپیل کی ہے کہ آئندہ بھارت کو کسی بھی ایونٹ کی میزبانی نہ دی جائے۔

    سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ ایشین اسکواش چیمپن شپ کا انعقاد پاکستان کے بغیر نامکمل ہے کیونکہ پاکستان سینئر اور جونئیر ایشین اسکواش چیمپن شپ کے کئی مرتبہ فاتح رہے ہیں۔

    پاکستان نے ورلڈ جونیئر ٹیم اسکواش چیمپیئن شپ جیت لی


    یاد رہے کہ گزشتہ سال تائیوان میں کھیلے جانے والے ایشین اسکواش چیمپئن شپ کا ٹائٹل پاکستان نے جیتا تھا‘ فائنل میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو 0-2 سے شکست دی تھی۔

    بھارت کی جانب سے عالمی شہرت کے حام کھلاڑیوں کو ویزے نہ جاری کرنے سے بھارت کی نیت واضح ہورہی ہے کہ وہ کرکٹ کے بعد اسکواش میں بھی اپنی روایتیِ ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کررہا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ سال اگست میں پولینڈ میں منعقد ہونے والی ورلڈ جونیئر ٹیم اسکواش چیمپئن شپ بھی پاکستان کے نام رہی تھی، فائنل میں پاکستان کی جانب سے اسرار احمد اور عباس شوکت نے کامیابیاں حاصل کیں تھی۔

  • امریکی سفارتخانے کا ڈپٹی چیئرمین سینیٹ عبدالغفور حیدری کو ویزہ دینے سے انکار

    امریکی سفارتخانے کا ڈپٹی چیئرمین سینیٹ عبدالغفور حیدری کو ویزہ دینے سے انکار

    اسلام آباد :امریکی سفارتخانے نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ عبد الغفور حیدری کو ویزہ دینے سے انکار کردیا، عبدالغفورحیدری کو اقوام متحدہ کی دعوت پر وفد کے ہمراہ امریکا جانا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی سفارتخانے نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ عبد الغفور حیدری کو ویزہ دینے سے انکار کردیا جبکہ وفد کے دیگر اراکین کو ویزہ دے دیا اور ڈپٹی چیئرمین کا پاسپورٹ واپس کردیا ہے۔

    چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے امریکی سفارتخانے کے رویے کا نوٹس لیتے ہوئے امریکا جانے والے وفد کا دورہ منسوخ کردیا، چیئرمین سینیٹ رضاربانی نے ہدایت کی کہ پاکستانی وفد امریکا نہیں جائے گا اور اگر امریکی وفد آیا توان کا بھی خیرمقد م نہیں کریں گے۔

    ڈپٹی چیئرمین نے امریکی ویزہ نہ ملنے کا معاملہ سینیٹ میں اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    خیال رہے کہ مولاناعبدالغفورحیدری کا تعلق جمعیت العلمائے اسلام (ف) سے ہے۔

  • خواجہ سراؤں کے عمرہ کرنے پرپابندی عائد

    خواجہ سراؤں کے عمرہ کرنے پرپابندی عائد

    اسلام آباد: سعودی عرب نے عمرہ پر جانے کے خواہش مند خواجہ سراؤں کو ویزہ نہ دینے کا اعلان کردیا، اس ضمن میں پاکستان میں تعینات سعودی قونصل جنرل نے باقاعدہ نوٹی فکیشن جاری کرتے ہوئے تمام ٹریول ایجنٹس کو احکامات جاری کردیے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق سعودی قونصل خواجہ سراؤں کے عمرے پر جانے کی پابندی کا اعلان کرتے ہوئے تمام ٹریول ایجنٹ کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ خواجہ سراؤں کو عمرے کے ویزے جاری نہ کریں۔

    سعودی حکومت نے ٹریول ایجنٹ کو پابند کیا ہے کہ عمرے پر جانے کے خواہش مند خواجہ سراؤں کے کاغذات وصول نہ کریں اور نہ ہی اُن کو کسی قسم کی مدد فراہم کریں۔ سعودی سفارت خانے کی جانب سے تمام ٹریول ایجنٹس اور ایسوسی ایشنز کو نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

    خیال رہے رواں سال سعودی حکام نے عمرے کے ویزے پر فیس بڑھانے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد ٹریول ایجنٹس نے اس اقدام پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے سعودی حکومت سے اعلان واپس لینے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔