Tag: Visit pakistan

  • بیل آؤٹ پیکج : آئی ایم ایف کے نئے مشن چیف 26مارچ کو پاکستان آئیں گے

    بیل آؤٹ پیکج : آئی ایم ایف کے نئے مشن چیف 26مارچ کو پاکستان آئیں گے

    اسلام آباد : پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کیلئے نئے مشن کی آمد رواں ماہ متوقع ہے، نئے مشن چیف سے قرض پروگرام پر فیصلہ کن مذاکرات ہونے کا امکان ہے، اس کے علاوہ ایشیا پیسفیک گروپ کا وفد بھی رواں ماہ پاکستان کا دورہ کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کے نئے مشن چیف ارنیستو راماریز ریگو کی آمد چھبیس مارچ کومتوقع ہے، دورے میں نئے پروگرام کے حصول کیلئے بات چیت کی جائےگی اور حتمی مذاکرات کا امکان ہے۔

    نئے مشن چیف ارنیستو راماریز ریگو ہیرالڈ فنگر کی جگہ پر تعینات ہوئے ہیں۔

    وزارت خزانہ ذرائع کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف میں معاہدہ جلد طے پاجائےگا، پاکستان آئی ایم ایف سے بارہ ارب ڈالر تک کا قرضہ لے سکتا ہے۔

    دوسری جانب ایف اے ٹی ایف کے ذیلی گروپ اے پی جی کا بھی دورہ رواں ماہ متوقع ہے، ایشیا پیسفک گروپ کا وفد پچیس مارچ کو پاکستان آئےگا، دورے میں ایف اےٹی ایف کی گرے لسٹ سےنکلنے کیلئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا جائےگا۔

    مزید پڑھیں :  آئی ایم ایف سے معاہدے پربات چیت آخری مرحلے میں ہے‘ اسد عمر

    یاد رہے تین روز قبل   میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا تھا  پاکستان آئی ایم ایف سے معاہدے کے قریب پہنچ گیا ہے، آئی ایم ایف سے بیل آؤٹ پیکج پربات چیت آخری مرحلے میں ہے،  ممکنہ بیل آؤٹ پیکج پراختلافات میں کمی آئی ہے۔

    وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ حتمی معاہدہ  مذاکرات کے بعد ہوگا، اب تک بیل آؤٹ پیکج پر کوئی بھی رقم طے نہیں پائی،  آئی ایم ایف مشن کی پاکستان آمد سے قبل فنانشل ایکشن ٹاسک فورس ایشیا پیسیفک گروپ بھی پاکستان کا دورہ کرے گا۔

    اسد عمر نے کہا تھا کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے مشن کو حکومت کی جانب سے دہشت گردوں کی مالی معاونت کے حوالے سے اٹھائے گئے سخت اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی۔

  • ترک صدررجب طیب اردوگان آئندہ ماہ  پاکستان کا دورہ کریں گے

    ترک صدررجب طیب اردوگان آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے

    اسلام آباد : ترک صدررجب طیب اردوگان وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر آئندہ ماہ پاکستان کادورہ کریں گے، دورے کے دوران پاکستان ترکی اہم شعبوں میں معاہدوں اور یادداشتوں پردستخط کئے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوگان آئندہ ماہ مارچ  میں پاکستان کادورہ کریں گے ، دورے میں ترک صدرکی وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ون آن ون ملاقات ہو گی جبکہ ہم منصب ڈاکٹرعارف علوی سے بھی ملیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دورے کے دوران دونوں ممالک کےمابین وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے اور پاکستان ترکی اہم شعبوں میں معاہدوں اوریادداشتوں پردستخط کئے جائیں گے۔

    ذرائع کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوگان وزیراعظم عمران خان کی دعوت پرپاکستان آئیں گے، ان کے دورے کی حتمی تاریخ طے کی جارہی ہے۔

    یاد رہے جنوری کے آغاز میں وزیراعظم عمران خان نے اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ ترکی کا دورہ کیا تھا ، جہاں انھوں نے ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی تھی، ملاقات میں پاکستان اور ترکی کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق اس اہم ملاقات میںدونوں سربراہان نے علاقائی اوربین الاقوامی امورپربھی تبادلہ خیال کیا اور تعلقات کی مضبوطی اورمختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بات چیت ہوئی تھی۔

    مزید پڑھیں : سعودی عرب نے پاکستان میں 20 ارب ڈالرسرمایہ کاری کا اعلان کیا: اعلامیہ

    خیال رہے سعودی ولی عہد شہزادہ محمدبن سلمان نے پاکستان کا دورہ کیا تھا ، دورے کے دوران وزیراعظم ہاؤس میں وزیر اعظم عمران خان اورولی عہد کی ون آن ون ملاقات ہوئی ، جس میں باہمی تعلقات کونئی بلندیوں پرلےجانےکاعزم کیاگیا اور دونوں ملکوں کےدرمیان سات تاریخی معاہدوں پر دستخط کیےگئے تھے۔

    سعودی ولی عہد نے پاکستان میں اکیس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا تھا ، یہ سرمایہ کاری تین مراحل میں آئے، جس میں قلیل ، وسط اور طویل المدتی منصوبے شامل ہیں۔

  • سعودی ولی عہد کے تاریخی دورے سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی، ماہرین معاشیات

    سعودی ولی عہد کے تاریخی دورے سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی، ماہرین معاشیات

    کراچی : ماہرین معاشیات اور تجزیہ کاروں نے سعودی ولی عہد کا دورہ مثبت قرار دے دیا، کہتے ہیں کہ شہزادہ محمد بن سلمان کے دورے سے سی پیک کی اہمیت کا بھی اندازہ ہوتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے تاریخی دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے عوام کیلئے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ دورے میں ہونے والے معاہدوں کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے, معاشی ماہرین نے شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ کو معاشی ترقی کی راہ میں سنگ میل قراردے دیا۔

    معروف تجزیہ نگار شاہد حسن کا کہنا ہے کہ سیاسی اختلاف والے ممالک بھی پاکستان میں سرمایہ کاری پر تیار ہیں، تین عالمی کریڈیٹ ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان کی ریٹنگ گرانے کے بعد محمد بن سلمان کا دورہ تاریخی موقع ہے۔

    عابد سلہری نے کہا کہ سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان کیلئے خوش آئند ہے اس سے سی پیک کی اہمیت کا بخوبی اندازہ ہوتا ہے۔ عبدالباسط کا کہنا تھا کہ ملک کی اقتصادی حالت بہتر ہونے سے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔

    دنیا کو پیغام جائے گا کہ پاکستان سرمایہ کاری کیلئے بہترین ملک ہے، سعودی عرب نے پہلی بار صیح معنوں میں پاکستان میں سرمایہ کاری کی ہے۔

  • محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان : نور خان ایئر بیس تمام فضائی آپریشن کے لئے بند

    محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان : نور خان ایئر بیس تمام فضائی آپریشن کے لئے بند

    کراچی : سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے حفاظتی اقدامات کے لیے اہم اقدامات کرلیے، نورخان ایئر بیس کو تمام فضائی آپریشن کے لئے بند کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی پاکستان آمد سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے سیکیورٹی الرٹ جاری کر دیا گیا۔

    اس حوالے سےسول ایوی ایشن اتھارٹی کے احکامات پر نور خان ایئر بیس کو تمام فضائی آپریشن کے لئے بند کر دیا گیا ہے، سول ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ ملکی اور غیر ملکی ایئر لائنز سمیت تمام چارٹرڈ سروس کو بھی نوٹم کے ذریعے مطلع کر دیا گیا۔

    احکامات کے مطابق مسافروں کی آمدو رفت نیو اسلام آباد ایئر پورٹ پر کی جائے گی، ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی پاکستان آمد پر آج رات12بجے سے اگلے24گھنٹے تک نور خان ایئر بیس پر تمام فضائی آپریشن بند رہے گا۔

    مزید پڑھیں: سعودی ولی عہد 17 فروری کو پاکستان کا دورہ کریں گے، دفترخارجہ

    غیر ملکی کارگو اور چارٹرڈ طیارے نیو اسلام آباد ایئر پورٹ کی فضائی حدود استعمال کر سکیں گے۔

    واضح رہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمدبن سلمان کی پاکستان آمد کے موقع پر اسلام آباد میں ان کے فقیدالمثال استقبال کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، راولپنڈی میں دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کر دی گئی ہے۔

    مہمان خاص کو گارڈ آف آنر پیش کرنے کے ساتھ اکیس توپوں کی سلامی بھی دی جائے گی، اس کے علاوہ شہزادہ محمد بن سلمان کو ملک کے سب سے بڑےاعزاز نشان امتیاز سے نوازا جائے گا۔

  • سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان، لگژری گاڑیاں پہنچ گئیں، ہوٹلوں کے 750کمرے بک

    سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان، لگژری گاڑیاں پہنچ گئیں، ہوٹلوں کے 750کمرے بک

    اسلام آباد : سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوگئیں، ان کے استعمال کے لئے سامان اور لگژری گاڑیاں وزیر اعظم ہاؤس پہنچا دی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان 16فروری کواپنے بڑے وفد کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کریں گے، دورہ کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی، ان کے استقبال اور دورے سے متعلق تمام تیاریاں آخری مرحلے میں ہیں۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سات بی ایم ڈبلیو سیون سیریز ،ایک لینڈ کروزر اور آٹھ کنٹینرز پر مشتمل سامان پاکستان پہنچ گیا، سعوی ولی عہد کے استعمال کے لئے سامان وزیر اعظم ہاوس پہنچا دیا گیا، لگژری گاڑیوں کو سعودی عرب سے دو سی ون تھرٹی طیاروں پر نور خان ایئر بیس لایا گیا۔

    اس کے علاوہ شاہی مہمانوں کی رہائش کیلئے آٹھ ہوٹلوں میں ساڑھے سات سو کمروں کی بکنگ کا عمل بھی مکمل کرلیا گیا ہے، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے طیارے میں40رکنی وفد اور شاہی گارڈ کا دستہ ہمراہ ہوگا۔

    مزید پڑھیں: سعودی ولی عہد 16 فروری کو پاکستان کا دورہ کریں گے، سعودی سفیر

    ذرائع کے مطابق ہوٹل انتظامیہ کو ایڈوانس بکنگ کینسل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، مذکورہ ہوٹلوں کو سیکورٹی کلیئرنس کیلئے ایک روز قبل سیل کردیا جائے گا، سعودی وفد کی آمد سے قبل سیکورٹی ادارے ہوٹلز کا کنٹرول سنبھال لیں گے۔

  • سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورے میں  20 ارب ڈالر کے معاہدے کیے جائیں گے

    سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورے میں 20 ارب ڈالر کے معاہدے کیے جائیں گے

    اسلام آباد : سعودی سفارت خانہ کا کہنا ہے کہ سعودی علی عہد محمد بن سلمان 16 سے 17 فروری تک دورہ کریں گے، دورے کے دوران پاکستان اور سعودی عرب میں 20  ارب ڈالر کے معاہدے ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آ گئیں ہیں، ذرائع سعودی سفارت خانہ کا کہنا ہے سعودی علی عہد محمد بن سلمان 16 سے 17 فروری تک دورہ کریں گے، اس دورہ کے دوران پاکستان اور سعودی عرب میں بیس ارب ڈالر کے معاہدے ہوں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے سعودی ولی عہد وزیراعظم ہاؤس میں قیام کریں گے، سعودی ولی عہد دورہ پاکستان کے بعد کوالالمپور روانہ ہوں گے۔

    سعودی سفارت خانہ کے مطابق سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا اور بیس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پاکستان آئے گی۔

    دوسری جانب سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے حوالے سے شاہی مہمان کے استقبال کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں، سعودی ولی عہد اور شاہی مہمانوں کے لئے قیام و طعام کے مختلف آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے۔

    مزید پڑھیں : دورۂ پاکستان ، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے استقبال کی تیاریاں عروج پر

    شاہی مہمانوں کو وزیراعظم ہاوس سمیت ایوان صدر میں ٹھہرائے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے جبکہ محمد بن سلمان کے ہمراہ آئے مہمانوں کے لئے دارلحکومت کے فائیو اسٹارز ہوٹلز کی بکنگ ہوگی۔

    ذرائع کے مطابق دارالحکومت میں تھری لئیر سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے جبکہ ولی عہد کی ذاتی سیکیورٹی ٹیم آج انتظامات کا حتمی جائزہ لے گی۔ وزارت خزانہ ،دفترخارجہ اور پی ایم آفس متوقع معاہدوں کی تیاری میں مشغول ہے۔

    ولی عہد کی آمد پروزیراعظم عمران خان ارکان کابینہ کے ہمراہ استقبال کریں گے، محمد بن سلمان کے دورے کے موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان آئل ریفائنری سمیت 10 بلین ڈالر تک کے معاہدے متوقع ہیں۔

  • سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اگلے ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے

    سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اگلے ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے

    اسلام آباد : سعودی ولی عہد محمد بن سلمان فروری کے تیسرے ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے، وہ پاکستانی قوم سے بھی خطاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان پاکستان کا دورہ کریں گے، ان کا یہ دورہ آئندہ ماہ فروری کے تیسرے ہفتے میں شیڈول ہے۔

    موصولہ اطلاعات کے مطابق وہ اسلام آباد منعقدہ دو روزہ بین الاقوامی سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کریں گے، سعودی ولی عہد پاکستان کے بعد ملائشیا بھی جائیں گے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی ولی عہد اپنے دورے کے دوران پاکستانی قوم سے خطاب بھی کریں گے، اس کے علاوہ شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے موقع پر پاکستانی تاریخ کی سب سے بڑی سرمایہ کاری کا اعلان بھی متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان میں14ارب ڈالر کے معاہدے ہوں گے۔

    مزید پڑھیں: سعودی عرب اور یواےای نے پاکستان میں اربوں ڈالرسرمایہ کاری کی پیشکش کردی، امریکی اخبار کا دعویٰ

    واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ایک امریکی اخبار نے دعویٰ کیا تھا کہ سعودی عرب اور یواے ای نے پاکستان میں اربوں ڈالرسرمایہ کاری کی پیشکش کردی ہے، دوست خلیجی ممالک30ارب ڈالر کے قرضے اور سرمایہ کاری کے لئے تیار ہے۔

    سعودی ولی عہد معاہدوں پر دستخط کیلئے فروری میں پاکستان آئیں گے، یہ ڈیل پاکستان کیلئے بڑا بریک تھرو ثابت ہوگی، دونوں ممالک سے مجموعی طور پر بارہ ارب ڈالر کے قرضے ملنے کا امکان ہے۔

  • اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی صدر ماریہ ایسپی نوزا جمعہ کو پاکستان پہنچیں گی

    اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی صدر ماریہ ایسپی نوزا جمعہ کو پاکستان پہنچیں گی

    اسلام آباد : اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی صدر ماریہ ایسپی نوزا 18جنوری کو پاکستان پہنچیں گی، نو منتخب صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد کسی ایشیائی ملک کا یہ پہلادورہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی نومنتخب صدر ماریہ ایسپی نوزا 18جنوری کو پاکستان پہنچیں گی، صدر جنرل اسمبلی22 جنوری تک پاکستان میں قیام کریں گی۔

    اپنے پانچ روزہ دورے میں صدر جنرل اسمبلی وزیراعظم عمران خان اور صدرمملکت عارف علوی سے خصوصی ملاقات کریں گی، اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ماریہ ایسپی نوزا وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے بھی سے بھی ملاقات کریں گی۔

    واضح رہے کہ بحیثیت صدر جنرل اسمبلی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد ماریہ ایسپی نوزا کا ایشیا کا یہ پہلادورہ ہے، رواں ماہ اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی نے نیویارک میں جنرل اسمبلی کی نومنتخب صدر ماریہ اسپینوزا سے ملاقات کی۔

    پاکستانی سفیر نے بتایا کہ ملاقات میں دورہ پاکستان کی تیاریوں کوحتمی شکل دی گئی۔ ملیحہ لودھی نے بتایا کہ کسی بھی صدرجنرل اسمبلی کا یہ 8سال کے وقفے کے بعد دورہ پاکستان ہے، دورے کے دوران ماریہ اسپینوزاصدراوروزیراعظم پاکستان سے ملاقاتیں کریں گی۔

    مزید پڑھیں: امریکی مخالفت کے باجود پاکستان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا رکن منتخب

    یاد رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں صدر کو سالانہ بنیاد پر ووٹنگ کے ذریعے منتخب کیا جاتا ہے جو صدر جنرل اسمبلی کے اجلاس کی صدارت کرتا ہے۔

  • ملائشین وزیراعظم سرمایہ کاروں کے وفد کے ہمراہ  23 مارچ کو پاکستان کا دورہ کریں گے،ذرائع

    ملائشین وزیراعظم سرمایہ کاروں کے وفد کے ہمراہ 23 مارچ کو پاکستان کا دورہ کریں گے،ذرائع

    اسلام آباد : ملائشین وزیراعظم مہاتیرمحمد سرمایہ کاروں کے وفد کے ہمراہ 23 مارچ کو پاکستان کا دورہ کریں گے، جس میں سرمایہ کاری اور دو طرفہ تعاون کے معاہدے کیےجائیں گے۔

    تفصیلات پاکستان میں غیر ملکی سربراہان مملکت کی آمد کاسلسلہ جاری ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ ملائشین وزیراعظم مہاتیر محمد 23 مارچ کو پاکستان کا دورہ کریں گے، مہاتیر محمد کے ہمراہ سرمایہ کاروں کا وفد بھی پاکستان آئےگا، اس دوران سرمایہ کاری اور دو طرفہ تعاون کے معاہدے کیے جائیں گے۔

    مہاتیر محمد وزیراعظم عمران خان کی خصوصی دعوت پر دورہ کریں گے۔

    خیال رہے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان بھی آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے جبکہ ابوظہبی کے ولی عہد رواں ماہ پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں۔

    یاد رہے 20 نومبر کو وزیراعظم پاکستان کا دارالحکومت کوالالمپور پہنچنے پر بھی ملائشین ہم منصب نے پرتپاک استقبال کیا تھا، وزیراعظم عمران خان اور ڈاکٹر مہاتیر محمد کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی، دونوں نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی، وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا مہاتیر محمد اور انہیں کرپشن کے خلاف ووٹ ملے۔

    وزیراعظم عمران خان نے ملائشین ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی ، جسے انہوں نے قبول کرلیا تھا، ملائشین وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد یوم پاکستان کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم عمران خان کی ملائشین ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت

    دورہ ملائیشیا کے مشترکہ اعلامیہ کے مطابق دفاع، تعلیم، سیاحت، کرپشن کے خاتمہ اوردیگرامورمیں تعاون پراتفاق کیا، ملائیشیا نے دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے پاکستان کی کامیاب کوششوں کوسراہا۔

    پاک ملائیشیا وزرائےاعظم کی روابط بڑھانےکی ضرورت پرزور دیا جبکہ دونوں ممالک کے درمیان ویزوں کےجزوی خاتمہ کا معاہدہ بھی ہوا، ویزوں کے جزوی خاتمے کے معاہدے سے دوطرفہ تعلقات میں بہتری آئے گی جبکہ آئندہ سال اسلام آباد میں پاکستان، ملائیشیا پہلی مشترکہ مشاورت کے انعقاد پر بھی اتفاق ہوا۔

    مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے مہاتیر محمد کو آگاہ کیا گیا اور مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کے لئے او آئی سی کا کردار بھی زیر غور آئے۔

    بعد ازاں ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر عمران کا ملائیشیا کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان کا وفد کے ہمراہ دورہ سود مند ثابت ہوگا۔

  • ولی عہد محمد بن زید النہیان کے دورہ پاکستان پر وفاقی حکومت کا اعلامیہ جاری

    ولی عہد محمد بن زید النہیان کے دورہ پاکستان پر وفاقی حکومت کا اعلامیہ جاری

    اسلام آباد : پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں طویل المدتی سرمایہ کاری فریم ورک پر اتفاق اور تجارت بڑھانے کیلئے ٹاسک فورس کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے، یو اے ای پاکستان کو بیلنس آف پیمنٹ کیلئے3ارب ڈالر دے گا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر اور ابوظہبی کے ولی عہد محمد بن زید النہیان ایک روزہ دورہ پاکستان پر وفاقی حکومت نے اعلامیہ جاری کردیا۔

    اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر ولی عہد محمد بن زید النیہان نے12سال بعد پاکستان کا دورہ کیا، وزیراعظم عمران خان نے ولی عہد کی وزیراعظم ہاؤس میں مہمان نوازی کی، دونوں رہنماؤں میں ون آن ون ملاقات میں باہمی دلچسپی، علاقائی، خطے کے امن اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات میں دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم کرنے کےعزم کا اعادہ کیا، دونوں رہنماؤں کی جانب سے ہرقسم کی دہشت گردی کی مذمت کی گئی، دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا گیا، ولی عہد نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں اور کوششوں کی تعریف کی۔

    ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان میں سماجی اور اقتصادی ترقی کیلئے یو اے ای کی مدد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان میں انسداد پولیو کے خاتمے کیلئے حمایت پر ولی عہد سے اظہار تشکر کیا، اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان نے اماراتی قیادت کو اصلاحاتی ایجنڈے اور احتساب، شفافیت کے لیے اٹھائے اقدامات سے آگاہ کیا۔

    وزیر اعظم نے ولی عہد کو مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی حالت زار اور وادی کی صورتحال سے بھی آگاہ کیا، وزیراعظم نے ولی عہد کو افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا، وزیراعظم نے مفاہمتی مذاکرات میں مہمان نوازی پر یو اے ای کے کردار کو سراہا، دونوں رہنماؤں نے افغانستان کے دیرپا امن اور استحکام میں مل کرکام پر اتفاق کیا گیا۔

    اس موقع پر پاکستان اور یو اے ای کے گہرے اعتماد پر مبنی تعلق کو مزید مضبوط کرنے پرزوردیا گیا، ایک دوسرے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے مشترکہ جدوجہد جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

    اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک میں طویل المدتی سرمایہ کاری فریم ورک پراتفاق اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت بڑھانے کیلئے ٹاسک فورس کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے، یو اے ای پاکستان کو بیلنس آف پیمنٹ کے لئے3ارب ڈالر دے گا، وزیراعظم عمران خان نے3ارب روپے کی امداد پر ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔

    وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ مالی تعاون یو اے ای کے مسلسل عزم اور دوستی کو ظاہر کرتا ہے، وزیراعظم نے یواےای کی سرمایہ کاری کی خواہش کو خوش آئند قرار دیا۔

    اعلامیہ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی جانب سےپاکستان میں بڑی سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا ہے، یو اے ای تیل، گیس سمیت بندرگاہوں اور تعمیراتی شعبوں میں سرمایہ کاری کرے گا، دونوں ممالک کابین الوزارتی کمیشن اجلاس آئندہ ماہ دبئی میں منعقد کرانے کا فیصلہ اور زیر التوا معاہدوں کو حتمی شکل دی جائے گی۔

    دونوں ممالک کے درمیان منی لانڈرنگ، وائٹ کالر جرائم کے خاتمے کیلئے باہمی معاہدے کو حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا گیا۔