Tag: visit srilanka

  • سری لنکن فوج کے ساتھ مل کردہشتگردوں کو نیست و نابود کردیں گے، آرمی چیف

    سری لنکن فوج کے ساتھ مل کردہشتگردوں کو نیست و نابود کردیں گے، آرمی چیف

    کولمبو: آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ پاکستانی اور سری لنکن افواج خطے کے وسیع تر مفاد میں مل کر کام کریں گی، سری لنکن فوج کے ساتھ مل کردہشتگردوں کو نیست و نابود کردیں گے۔

    سری لنکا کے دورے پر موجود پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کا ایک تقریب میں کہنا تھا کہ پاکستان اور سری لنکا نے دہشتگردی کے خلاف ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا۔

    آرمی چیف نے کہا کہ ضرب عضب کا مرکزی خیال پاکستان اور خطے میں امن قائم کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے دہشتگردی کا نیٹ ورک توڑنے میں کامیابیاں حاصل کی ہیں، دہشتگردوں کے خلاف آپریشن منطقی انجام تک پہنچائیں گے ۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا دورہ سری لنکا جذبہ خیرسگالی کاعکاس ہے، سری لنکن فوج کی ٹریننگ میں پاک فوج کی خدمات گرانقدر ہیں۔

         پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق  جنرل راحیل شریف  نے اپنے 3 روزہ سری لنکا کے دورے کے دوران تعمیری ملاقاتیں کیں، جب کہ آرمی چیف کے دورے سے پاک سری لنکا عسکری تعلقات بھی مستحکم ہوئے، اس موقع پر جنرل راحیل شریف کا  کہنا تھا کہ قوم کی حمایت کے ساتھ آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے جس کا مقصد پاکستان میں امن اور استحکام لانا ہے۔

    جنرل راحیل شریف نے کوئٹہ ملٹری اکیڈمی سے تربیت حاصل کرنے والے سری لنکن فوجی افسروں سے خطاب بھی کیا جب کہ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سری لنکن فوج کی قربانیاں اورعزم قابل ستائش ہیں، ترقی اوراستحکام کے سفر میں اپنے سری لنکن بھائیوں کے ہم قدم ہیں۔