Tag: visit

  • امریکی خاتونِ اول غیر ملکی دورے پر گھانا پہنچ گئیں

    امریکی خاتونِ اول غیر ملکی دورے پر گھانا پہنچ گئیں

    اکرا: امریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ غیر ملکی دورے پر افریقی ملک گھانا پہنچ گئیں، ان کی آمد پر دارالحکومت میں پرتپاک استقبال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ گھانا پہنچ گئیں، اس دوران ملکی دارالحکومت اکرا میں ان کا بھرپور استقبال کیا گیا، انہوں نے مختلف اسکولوں کا دورہ بھی کیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی خاتون اول کا یہ پہلا دورہ افریقہ ہے، وہ گھانا کے علاوہ دیگر افریقی ملکوں کا بھی دورہ کریں گی، دورے کا مقصدر تعلیم اور صحت کے شعبوں سے متعلق بہتری پر زور دینا اور آگاہی فراہم کرنا ہے۔

    میلانیا نے اکرا میں قائم ایک اسپتال کا بھی دورہ کیا، اور صحت کے شعبوں میں ہونے والے کام کاجائزہ لیا، انہوں نے گھانا کی خاتون اول ریبیکا اکوفو اددو سے ملاقات کی۔

    میلانیا ٹرمپ کا دورہ سعودی عرب ،سر سے اسکارف غائب

    خاتونِ اول کا یہ دورہ ’بچوں کی دیکھ بھال‘ سے متعلق جاری اپنی مہم #BeBest کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

    اس سے قبل گذشتہ سال مئی میں امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر اپنی اہلیہ کے ہمراہ سعودی عرب کا دورہ کیا تھا، اس دوران بھی ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ مذکورہ دورے میں میلانیا ٹرمپ نے سعودی دارالحکومت ریاض میں امریکی انٹریشنل اسکول کا دورہ کرتے ہوئے تعلیمی سرگرمیوں کا جائزہ لیا تھا اور اساتذہ سے ملاقاتیں بھی کی تھیں۔

  • شہزادہ ولیم کا دورہ کینیا، آئرش فوجیوں سے ملاقات، بچوں کے ساتھ روایتی رقص

    شہزادہ ولیم کا دورہ کینیا، آئرش فوجیوں سے ملاقات، بچوں کے ساتھ روایتی رقص

    نیروبی : شہزادہ ولیم نے کینیا میں تعینات آئرش فوجیوں سے ملاقات کے موقع پر مقامی اسکول کا دورہ کرکے بچوں کے ساتھ روایتی رقص کیا اور فٹبال بھی کھیلی۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی شہزادہ ولیم دورہ افریقہ کے دوران گذشتہ روز کینیا میں تعینات برطانوی فوجیوں سے ملاقات کرنے پہنچ گئے، شہزادے نے دارالحکومت نیروبی کے شمال میں واقع کیمپ میں جاری فوجی مشقوں میں حصّہ لیا۔

    آئرش فوجیوں کے ہمراہ تریبتی مشقوں میں شریک
    کینین طلباء کے ساتھ فٹبال کھیلنے کے بعد لیا گیا گروپ فوٹو

    غیر ملکی خبر رساں نیوز ایجنسی کا کہنا تھا کہ شہزادہ ولیم جو سنہ 2006 سے 2013 تک برطانوی فوج میں سروس کی ہے اور ریٹائرمنٹ کے بعد رائل ایئر فورسز کے ریسکیو ہیلی کاپٹر کے پائلٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔

    رائٹرز کا کہنا ہے کہ شہزادے نے فوجی لباس میں آئرش گارڈز کے کرنل جنرل کی حیثیت سے برطانوی فوج کے انفینٹری یونٹ کا دورہ کیا تھا۔

    نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ برطانوی شہزادہ فوجی تربیتی مشقوں میں 100 سے زائد فوجیوں کے ساتھ شامل ہوا تھا۔

    شہزادہ ولیم کینیا کے صدر صدر اہورو کینیاٹا کے ہمراہ

    شہزادہ ولیم نے دورہ کینیا کے موقع پر کینین فوج کے اعلیٰ افسران، مقامی سیاست دان اور صدر اہورو کینیاٹا سے ملاقات کی بعد ازاں شہزادے نے پرائمری اسکول کا دورہ کیا اور اسکول کے طلباء کے ساتھ روایتی ڈانس کیا اور بچوں کے ساتھ فٹبال بھی کھیلی اور بچوں میں کھیلوں کا سامان بھی تقسیم کیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کا کہنا تھا دورہ کینیا سے قبل شہزادہ ولیم نے تنزانیہ اور نمبیا کا دورہ بھی کیا تھا۔

  • ترک صدر نے اپنے دورہ جرمنی کو کامیاب قرار دے دیا

    ترک صدر نے اپنے دورہ جرمنی کو کامیاب قرار دے دیا

    انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردوگان نے کہا ہے کہ دورہ جرمنی خوشگوار اور کامیاب رہا، دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مضبوط ہوں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ترک صدر کا کہنا تھا کہ یہ ایک اہم دورہ تھا، اس دروان جرمن چانسلر سمیت دیگر اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں اور دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔

    انہوں نے کہا کہ جرمن چانسلر انجیلا مرکل سے ہونے والی ملاقات میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جرمنی کے تعاون کی اپیل کی اور مثبت ردعمل کا مظاہرہ کیا گیا۔

    ترک صدر کا کہنا تھا کہ جرمنی سے تعلقات میں کشیدگی ختم کرکے معاشی طور پر بھی دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط روابط چاہتے ہیں تاکہ خطے میں ترقی ہو۔

    ترک صدر اردوان نے جرمنی میں جامع مسجد کا افتتاح کردیا

    ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی کوشش ہے کہ اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے باہمی امور پر توجہ مرکوز کی جائے۔ اس دورے کے دوران ترک صدر نے اپنے جرمن ہم منصب فرانک والٹر شٹائن سے بھی ملاقات کی۔

    علاوہ ازیں ترک صدر رجب طیب اردوگان نے جرمنی میں مسجد کا افتتاح بھی کیا، جس کا شمار یورپ کی بڑی مساجد میں ہوتا ہے، افتتاحی تقریب میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

    اس موقع پر ترک صدر کا جرمن حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ مسجد امن کی نشانی ہے، کلون شہر کی مرکزی مسجد کو ترکی سے تعلق رکھنے والی ایک مسلم تنظیم نے تعمیر کیا ہے۔

  • سعودی عرب کے بعد وزیراعظم عمران خان اگلے دورے پر چین جائیں گے

    سعودی عرب کے بعد وزیراعظم عمران خان اگلے دورے پر چین جائیں گے

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان اکتوبر کے وسط میں اپنے دوسرے غیر ملکی دورے پر چین جائیں گے ، عمران خان کےہمراہ اعلیٰ سطحی وفد بھی چین جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے بعد وزیراعظم عمران خان کا چین کے دورے کا امکان ہے ، عمران خان اکتوبر کے وسط میں چین کادورہ کریں گے، ان کے ہمراہ اعلیٰ سطحی وفد بھی چین جائے گا۔

    پاکستانی وفد چین میں کانفرنس میں بھی شرکت کرے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سی پیک میں تیزی اورمعاشی تعاون پربھی بات ہوگی، اقتصادی شعبےمیں تعاون پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔

    دورے کی حتمی تاریخوں اورملاقاتوں کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان اپنے پہلے غیر ملکی دورے پرسعودی عرب پہنچے تھے ، جہاں انھوں نے  سعودی فرمانروا اور ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔

    وزیراعظم عمران خان کوسعودی شاہ محل میں گارڈ آف آنربھی پیش کیا گیا، وزیراعظم اور ان کے وفد کےاعزاز میں شاہی ضیافت کا اہتمام بھی کیا گیا، وزیراعظم عمران خان نے وفد کے ہمراہ عمرہ بھی ادا کیا، اس موقع پر عمران خان کے لیے بیت اللہ کا دروازہ  خصوصی طور پر کھولا گیا۔

    وزیراعظم عمران خان وفد کے ساتھ بیت اللہ شریف میں داخل ہوئے، وزیراعظم نے وہاں نوافل ادا کیے انہوں نے پاکستان اور عالم اسلام کی سلامتی کی دعا مانگی۔

    بعد ازاں وزیراعظم عمران خان سے سعودی وزير توناائی خالدالفالح، صدر سعودی انویسٹمنٹ فنڈ، ایڈوائزر سعودی کابینہ نے بھی ملاقات کی، ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیراعظم نے سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب میں بتایا کہ5لاکھ گھروں کی تعمیر فوری شروع کررہے ہیں، تعمیر میں سرمایہ کاری کے لیے اوورسیز پاکستانیوں کو مدعو کریں گے۔

  • وزیر اعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر پشاور پہنچیں گے

    وزیر اعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر پشاور پہنچیں گے

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر پشاور پہنچیں گے، جہاں وزیراعلیٰ ہاؤس میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت اور پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر پشاور جائیں گے، دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان وزیراعلیٰ کے پی اور گورنر سے ملاقات کریں گے۔

    وزیراعظم عمران خان وزیراعلیٰ ہاؤس میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں وزیراعظم کو امن وامان کی صورتحال پربریفنگ دی جائے گی اور ایک ماہ کی کارکردگی اور 100روزہ پلان کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔

    گورنرخیبرپختونخوا فاٹا ریفارمز سے متعلق وزیراعظم کو بریفنگ دیں گے۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعظم پارٹی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے جس میں ضمنی انتخابات سمیت دیگر امور زیر غور آنے کا امکان ہے۔

    خیال رہے 7 اگست کو عمران خان ہیلی کاپٹرکیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) کے پشاور آفس میں پیش ہوئے تھے، نیب کا کہنا تھا کہ چیئرمین عمران خان نے 74گھنٹے سرکاری ہیلی کاپٹر غیر سرکاری دوروں کیلئے استعمال کیا۔

    واضح رہے کہ رواں سال 2 فروری کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے سرکاری ہیلی کاپٹراستعمال کرنے پر نیب کے سربراہ نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی نیب خیبرپختونخوا کوانکوائری کاحکم دیا تھا۔

  • ترک جرمن تعلقات میں کشیدگی کو ختم کرنے کیلئے رجب طیب ارودان کا اہم دورہ

    ترک جرمن تعلقات میں کشیدگی کو ختم کرنے کیلئے رجب طیب ارودان کا اہم دورہ

    انقرہ: ترکی اور جرمنی کے درمیان کشیدہ تعلقات کو ختم کرنے کے لیے ترک صدر رجب طیب اردوگان جرمنی کا اہم دورہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق رجب طیب اردوگان کے دورہ جرمنی کے موقع پر جرمن چانسلر انجیلا مرکل سے ملاقات ہوگی، اس دوران دوطرفہ تعلقات سمیت دیگر اہم موضوعات زیر بحث آئیں گے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترک صدر نے واضح کیا ہے اس دورے میں دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید مضبوطی کی بات کی جائے گی، امید ہے دوطرفہ تناؤ ہمیشہ کے لیے ختم ہوجائے گا۔

    اردوگان 27 ستمبر بروز جمعرات کو جرمنی پہنچیں گے، وہ جرمن صدر فرانک والٹر اشٹائن مائر کی دعوت پر جرمنی کا دورہ کر رہے ہیں۔

    جرمنی میں وہ چانسلر انجیلا مرکل سمیت دیگر اعلیٰ عہدیداروں سے بھی ملیں گے، اس کے علاوہ ترک صدر مغربی جرمن شہر کولون میں ایک مسجد کا افتتاح بھی کریں گے۔

    ترکی میں زیر حراست رہنے والی جرمن خاتون صحافی وطن واپس پہنچ گئیں

    خیال رہے کہ 2016 میں ترکی میں ہونے والی ناکام فوجی بغاوت کے بعد سے برلن اور انقرہ کے تعلقات انتہائی کشیدہ ہیں، ترک حکومت نے دو جرمن شہریوں کو بھی ناکام فوج بغاوت میں ملوث ہونے کے شبہے میں گرفتار کرتے ہوئے سزائیں سنائی تھیں۔

    بعد ازاں دونوں ملکوں کے مابین ایک دوسرے کے خلاف سخت بیانات کا تبادلہ بھی ہوا تھا، تاہم گزشتہ برس اکتوبر اور رواں برس فروری میں دونوں جرمن شہریوں کو رہا کر دیا گیا تھا۔

    دوسری جانب انقرہ حکومت برلن پر یہ الزام بھی عائد کرتی ہے کہ اس نے کالعدم کردستان ورکرز پارٹی (پی کے کے) کو ملک میں کام کرنے کی اجازت دے رکھی ہے، جو ناکام فوجی بغاوت میں ملوث ہیں۔

  • وزیراعظم عمران خان کل لاہور کا ایک روزہ  دورہ کریں گے

    وزیراعظم عمران خان کل لاہور کا ایک روزہ دورہ کریں گے

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کل لاہور کا ایک روزہ دورہ کریں گے، جہاں وہ وزیراعلیٰ پنجاب اور گورنر سے ملاقات اور پنجاب کابینہ کےاجلاس کی صدارت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کل ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچیں گے، دورہ لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چوہدری سرور وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے۔

    وزیراعظم عمران خان پنجاب کابینہ کے اجلاس کی صدارت بھی کریں گے، جس میں انھیں 100روزہ پلان پر عمل اور پیش رفت سے آگاہ کیا جائے گا، اس کے علاوہ نئے بلدیاتی نظام سے متعلق بھی بریفنگ دی جائے گی۔

    پارٹی کے اہم رہنماؤں کی بھی وزیراعظم سے ملاقات کا امکان ہے۔

    خیال رہے وزیراعظم عمران خان کا عہدہ سنبھالنے کے بعد لاہور کا دوسرا دورہ ہے۔

    مزید پڑھیں : پنجاب کابینہ کرپشن کے خاتمے کیلئے اپنا بھرپور کردارادا کرے، وزیراعظم

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے اپنے پہلے دورہ لاہور میں وزیراعلیٰ ہاؤس لاہور میں پنجاب کابینہ کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے پنجاب میں لاگو بلدیاتی نظام کی تبدیلی اور اورنج میٹرو ٹرین منصوبے سمیت تمام میگا پراجیکٹس کے آڈٹ کرانے کی ہدایت کرنے کے علاوہ سو دن کے منصوبے پر تیزی سے عملدرآمد جاری رکھنے کی ہدایت کی تھی۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ پنجاب ملک کا سب سے بڑا صوبہ ہے، آپ کے کندھوں پہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، پنجاب کابینہ کی کارکردگی بھی قابل تقلید و مثال ہونی چاہئے، صوبے سے بدعنوانیوں کا خاتمہ سب سے بڑا چیلنج ہے۔

    لاہور میں وزیر اعظم عمران خان سے سابق کرکٹرز اور دوستوں نے ملاقات کی تھی ، ملاقات میں ٹیسٹ کرکٹر ذاکر خان اور جاوید زمان خان سمیت دیگر کرکٹرز شریک ہوئے تھے۔

  • وزیراعظم عمران خان 16 ستمبر کو کراچی کے دورے پر پہنچیں گے

    وزیراعظم عمران خان 16 ستمبر کو کراچی کے دورے پر پہنچیں گے

    کراچی : وزیرِ اعظم بننے کے بعد عمران خان 16 ستمبر کو پہلی بار کراچی کا دورہ کریں گے، دورے میں مزارقائد پر حاضری دیں گے اور قیام امن سےمتعلق اجلاس کی سربراہی کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان 16 ستمبر کو کراچی کے دورے پر پہنچیں گے، دورے کے دوران وزیراعظم مزار قائد پرحاضری دیں گے اور گورنر ہاؤس میں قیام امن سے متعلق اجلاس کی سربراہی کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی میں جاری آپریشن سے متعلق حکام وزیراعظم عمران خان کو بریفنگ دیں گے جبکہ وفاقی حکومت کے منصوبوں سے متعلق بھی وزیراعظم اجلاس کریں گے اور گرین لائن بس منصوبہ سمیت دیگر منصوبوں پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔

    وزیراعظم سے سیاسی جماعتیں اور بزنس کمیونٹی کے افراد بھی ملاقات کریں گے۔

    اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے سرکاری ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ہم نے اپنے آپ کوتبدیل نہ کیا تو آگے تباہی ہے، تبدیلی اس وقت آئے گی جب سوچ سمجھ کر پیسہ خرچ کیا جائے گا، مشکل وقت برداشت کرلیں، 2 سال بعد تنخواہ دار طبقے کو بڑی بڑی تنخواہیں دیں گے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ماضی کے لیے گئے قرضوں پر ہر روز 6 ارب کا سود ادا کررہے ہیں، جب سے ملک آزاد ہوا ہے، حکمران طبقے کا مائنڈ سیٹ تبدیل ہی نہیں ہوا، ہمیں شاہانہ طرز کے مائنڈسیٹ کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

    مزید پڑھیں :   عمران خان اتوار کو خوش خبری لے کرکراچی آرہے ہیں،علی زیدی

    یاد رہے وزیربرائےبحری امورعلی زیدی کا کہنا تھا کہ عمران خان اتوار کو خوش خبری لے کرکراچی آرہے ہیں، کراچی والوں کے لئے خوش خبری کا اعلان وزیراعظم خود کریں گے۔

    خیال رہے کہ وزیرِ اعظم بننے کے بعد عمران خان پہلی بار کراچی کے دورے پر آئیں گے۔

    واضح رہے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیرِ اعظم کو دعوت دی تھی کہ وہ کراچی کا دورہ کریں،  جسے عمران خان نے دعوت قبول کرتے ہوئے 16 ستمبر کو کراچی آنے کا فیصلہ کیا تھا۔

  • ترک وزیرخارجہ اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچ گئے

    ترک وزیرخارجہ اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچ گئے

    اسلام آباد: ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اوغلو اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچ گئے، وہ پاکستانی ہم منصب سمیت دیگر عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی کے وزیر خارجہ میولوت چاوش اوغلو پاکستان کے اس اہم دورے میں اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کے علاوہ دیگر عہدیداروں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

    دورہ پاکستان کے موقع پر دونوں وزرائے خارجہ میں وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوں گے، باہمی تعلقات، تجارتی اور اقتصادی تعاون پر بات چیت ہوگی۔

    ترک وزیرخارجہ پاکستانی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے، چاوش اوغلو نئی پاکستانی قیادت کو ترک صدر کا پیغام پہنچائیں گے۔

    وزیرخارجہ میولوت چاوش اوغلونئی حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے بعد چوتھے وزیرخارجہ ہیں جو پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچے ہیں۔

    خیال رہے کہ ترک وزیر خارجہ پاکستان کے نئے صدر مملکت عارف علوی کو اپنی اور ترک صدر کی جانب سے مبارک باد بھی پیش کریں گے۔

    واضح رہے کہ ترکی اور پاکستان دو ایسے دوست ممالک ہیں جو عالمی پلیٹ فارم پر ایک جیسا موقف رکھتے ہیں اور دونوں ممالک مسئلہ کشمیر اور مسئلہ قبرص کے حل پرایک دوسرے کا مکمل ساتھ دیتے چلے آرہے ہیں۔

  • وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا دورہ امریکا طے پاگیا

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا دورہ امریکا طے پاگیا

    واشنگٹن: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا دورہ امریکا طے پاگیا، وہ 22 ستمبر کو امریکی دارالحکومت واشنگٹن پہنچیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی رواں ماہ بائیس ستمبر کو واشنگٹن پہنچیں گے، اس اہم دورے میں وہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ملاقات کریں گے۔

    سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اہم دورے میں پاکستانی وزیر خارجہ اپنے امریکی ہم منصب مائیک پومپیو سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق شاہ محمود قریشی واشنگٹن میں اہم ملاقاتوں کے بعد 24 ستمبر کو نیویارک پہنچیں گے۔

    سفارتی ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ بعد ازاں وزیر خارجہ 28 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سےخطاب کریں گے، نیو یارک میں شاہ محمود قریشی کی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتوں کا اہتمام کیا جارہا ہے۔

    مائیک پومپیو کے دورہ پاکستان کا اعلامیہ: امریکا نے “ڈومور” کا روایتی مطالبہ دہرا دیا

    خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے پاکستان کا دورہ کیا تھا، اس دوران وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات ہوئی تھی۔

    بعد ازاں امریکی محکمہ خارجہ نے مائیک پومپیو کے دورہ پاکستان کا اعلامیہ جاری کرتے ہوئے پاکستان سے پھر ڈومور کا مطالبہ کیا تھا۔

    واضح رہے کہ اعلامیے میں امریکا نے پاکستان سے ڈومور کا روایتی مطالبہ دہرا تھا، امریکی وزیر خارجہ نے پاکستان پر افغانستان میں امن کے لیے کردار ادا کرنے اور دہشت گردوں، شدت پسندوں کے خلاف فیصلہ کن اقدامات کرنے پر زور دیا تھا۔