Tag: visit

  • اسپتالوں میں مریضوں کو سہولتیں دینے کے اقدامات کر رہے ہیں: ڈاکٹر فیصل سلطان

    اسپتالوں میں مریضوں کو سہولتیں دینے کے اقدامات کر رہے ہیں: ڈاکٹر فیصل سلطان

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے پمز اسپتال کا دورہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ اسپتالوں میں مریضوں کو سہولتیں دینے کے اقدامات کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے پمز اسپتال کا دورہ کیا، ڈاکٹر فیصل سلطان نے علاج کے لیے آنے والے مریضوں سے بات چیت کی۔

    انہوں نے مریضوں سے مشکلات بھی دریافت کیں۔

    اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ مریضوں کو بہترین سہولتوں کی فراہمی ہماری ترجیح ہے، اسپتالوں میں مریضوں کو سہولتیں دینے کے اقدامات کر رہے ہیں۔

    ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس ایس او پیز پر عملدر آمد کا فقدان ہے، ملک بھر میں ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے۔

  • میران شاہ میں پہلے پاسپورٹ آفس کا افتتاح

    میران شاہ میں پہلے پاسپورٹ آفس کا افتتاح

    میران شاہ: وفاقی وزیر داخلہ شيخ رشيد نے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں پہلے پاسپورٹ آفس کا افتتاح کردیا، انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں میڈیکل یونیورسٹی کے لیے وزیر اعظم سے بات کروں گا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شيخ رشيد نے شمالی وزیرستان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے میران شاہ میں پہلے پاسپورٹ آفس کا افتتاح کردیا، ميران شاہ ميں وزير داخلہ کو علاقے کے مسائل پر بريفنگ دی گئی۔

    وزير داخلہ نے علاقے کے لیے نادرا کی 2 موبائل وین فراہم کرنے کا بھی وعدہ کیا۔

    اس موقع پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ دور دراز علاقوں کے شہری موبائل وین سے مستفید ہوسکیں گے، انگور اڈہ سمیت دیگر علاقوں میں بھی پاسپورٹ آفس بنائيں گے، پاسپورٹ، نادرا دفاتر ميں ميرٹ پر مقامی لوگ بھرتی کريں گے، خواتین کو بھی تربيت دے کر بھرتی کیا جائے گا۔

    وزیر داخلہ نے قبائلی عمائدین اور معززین کے جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی عوام نے جانوں کی قربانیاں دے کر پاکستان کو بچایا ہے، آپ نے پاکستان کے بقا کی جنگ لڑی، قوم کو آپ پر ناز ہے۔

    انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں میڈیکل یونیورسٹی کے لیے وزیر اعظم سے بات کروں گا، جرگہ منعقد کرنے کے لیے بھی وزیر اعظم سے بات کروں گا۔ جرگے کی روایت کا حامی ہوں، اس علاقے میں اپنی روایات کے مطابق قوانین کا نفاذ ہونا چاہیئے، جرگہ ایک بہترین متبادل نظام انصاف ہے۔

    وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وزیرستان کے سماجی خدوخال بہت منفرد ہیں، علاقائی قوانین کو مضبوط کرنے کی کوشش کریں گے، علاقائی رسم و رواج کے مطابق قوانین بنانے کے لیے بات کروں گا۔

    انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں پاسپورٹ دفتر کا افتتاح کر دیا ہے، پاسپورٹ اور نادرا کے دفاتر میں مقامی اسٹاف کو بھرتی کیا جائے گا، نادرا رجسٹریشن کے لیے 2 موبائل وینز فوری فراہم کریں گے۔ شناختی کارڈز کے فوری اجرا کے لیے انتظامات کر رہا ہوں۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاک افغان بارڈر پر آمد و رفت کے لیے امیگریشن کو آسان بنایا جائے گا، جنوبی وزیرستان میں انٹرنیٹ کی سہولت مہیا کردی گئی ہے، شمالی وزیرستان میں انٹرنیٹ سروس اسی سال شروع ہوجائے گی۔ علاقے کو ترقی دینے کے لیے مزید فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔

  • وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر علاج فوجی جوانوں سے ملاقات

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر علاج فوجی جوانوں سے ملاقات

    راولپنڈی: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ فار ری ہیبلی ٹیشن میڈیسن (اے ایف آئی آر ایم) راولپنڈی کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے وہاں زیر علاج جوانوں کے عزم اور حوصلے کی داد دی اور کہا کہ ہماری جری افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ فار ری ہیبلی ٹیشن میڈیسن (اے ایف آئی آر ایم) راولپنڈی کا دورہ کیا۔

    اس موقع پر سربراہ آرمی میڈیکل کور لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر اور ادارے کے سربراہ نے ان کا استقبال کیا۔

    وزیر خارجہ کو آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ فار ری ہیبلی ٹیشن میڈیسن کی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی، انہوں نے مختلف وارڈز کا دورہ کیا اور وہاں زیر علاج با ہمت اور پرعزم جوانوں سے ملاقات کی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق وزیر خارجہ نے وہاں فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کو بھی سراہا اور زیر علاج جوانوں کے عزم اور حوصلے کی داد دی۔

    اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہماری جری افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دیں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے ساتھ ہے۔

    انہوں نے خطے میں استحکام کے لیے قربانیاں دینے والے جوانوں کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق اے ایف آئی آر ایم ملک میں مصنوعی اعضا کا بڑا اور جدید مرکز ہے، انسٹی ٹیوٹ میں محاذ جنگ پر زخمی ہونے والے جوانوں کو علاج کے لیے لایا جاتا ہے۔

  • مودی کا دورہ بنگلہ دیش : ہزاروں افراد کا احتجاج، پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں

    مودی کا دورہ بنگلہ دیش : ہزاروں افراد کا احتجاج، پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں

    ڈھاکہ : بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دو روزہ بنگلہ دیش کے دورے کے خلاف دار الحکومت ڈھاکہ میں مظاہروں کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

    اس حوالے سے غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز طلبہ سمیت ہزاروں شہریوں کے شدید احتجاج پر پولیس کی جانب سے ربر کی گولیاں اور آنسو گیس کا استعمال کیا گیا۔

    پولیس کی جانب سے مطاہرین پر لاٹھی چارج سے30 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے جبکہ جمعہ کی دوپہر ڈھاکہ کے بیت المکرم علاقہ میں بھی زبردست احتجاجی مظاہرہ ہوا۔

    بنگلہ دیش کی میڈیا رپورٹ کے مطابق آج ہونے والے مظاہرے میں دو صحافیوں سمیت تقریباً 50 افراد زخمی ہوئے ہوئے ہیں۔ بنگلہ دیش میں وزیر اعظم مودی مخالف احتجاج گزشتہ ہفتے شروع ہوا تھا جب ڈھاکہ یونیورسٹی کے طلبہ سمیت ہزاروں افراد نے مظاہرے میں شرکت کی تھی۔

    رپورٹ کے مطابق تمام زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ڈھاکہ میڈیکل کالج اسپتال میں داخل کرایا گیا، متعدد اسلامی تنظیموں کے ممبران اور دیگر مظاہرین نے تازہ مظاہرہ وزیر اعظم نریندر مودی کی بنگلہ دیش آمد کے خلاف بعد نماز جمعہ شروع کیا تھا۔

    مظاہرین نماز جمعہ کے بعد جلوس کی شکل میں بیت المکرم قومی مسجد کے باہر جمع ہوئے اور نریندر مودی کی آمد کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ جس کے بعد پولیس نے مظاہرین کے خلاف کارروائی کی۔

    پولیس کے لاٹھی چارج کے جواب میں مظاہرین نے قانون نافذ کرنے والے افسران پر اینٹ اور پتھر برسانے شروع کر دیئے۔ اس کے بعد پولیس نے آنسو گیس کے گولے داغ کر صورت حال کو قابو میں کیا۔

    گزشتہ روز ہونے والے مظاہرے میں33افراد کو نقص امن کے تحت گرفتار کیا گیا تھا، مظاہرین کے ترجمان کا کہنا تھا کہ احتجاج میں 2 ہزار طلبہ بھی شامل ہوگئے تھے۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے دو روزہ دورہ کا مقصد بنگلہ دیش کی آزادی کی گولڈن جوبلی کے موقع پر منعقدہ جشن میں شرکت کرنا ہے۔

  • طیارہ حادثہ : کور کمانڈر کراچی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، اہم ہدایات جاری

    طیارہ حادثہ : کور کمانڈر کراچی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، اہم ہدایات جاری

    کراچی : طیارہ حادثے کے بعد کور کمانڈر کراچی لیفٹننٹ جنرل ہمایوں عزیز نے جائےحادثہ کا دورہ کیا اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ایئر پورٹ کے قریب پی آئی اے کے مسافر طیارے کو حادثہ پیش آنے کے بعد اطلاع ملتے ہی کور کمانڈر کراچی لیفٹننٹ جنرل ہمایوں عزیز جائے وقعہ پر پہنچے،کور کمانڈر کراچی نے جائے حادثہ پر امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور امدادی ٹیموں کو ہدایات جاری کیں۔

    واضح رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایت پر پاک فوج اور رینجرز کے دستے امدادی کاموں میں مصروف ہیں اور ہلاک و زخمی ہونے والوں کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے، اس موقع پر پاک فوج اور رینجرز کے دستے امدادی سرگرمیوں میں بھرپور معاونت کررہے ہیں۔

    اس حوالے سے ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ42سے43میتوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جبکہ5افراد زخمی ہیں، زخمیوں میں زیادہ ترمحلے کے افراد شامل ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ جائے حادثہ پر 15سے20گھر شدید متاثر ہوئے ہیں۔

  • متاثرین کو سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر امداد دی جارہی ہے: شاہ محمود قریشی

    متاثرین کو سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر امداد دی جارہی ہے: شاہ محمود قریشی

    ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ متاثرین کو سیاسی وابستگی سے بالا تر ہو کر امداد دی جارہی ہے، ملتان امدادی رقم کی تقسیم سے متعلق پورے پنجاب میں ٹاپ پر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کے ہمراہ منظور آباد اور قاسم پور کالونی کے احساس کفالت سینٹرز کا دورہ کیا۔ وزیر خارجہ نے امدادی رقم کی ترسیل کے طریقہ کار کو چیک کیا اور متاثرین سے گفتگو کی۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ متاثرین کے لیے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام بڑا پیکج ہے، 1 کروڑ 25 لاکھ خاندانوں میں 144 ارب روپے تقسیم کیے جا رہے ہیں، متاثرین کو سیاسی وابستگی سے بالا تر ہو کر امداد دی جارہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل سسٹم کے تحت امداد کا شفاف نظام اپنایا گیا ہے، ملتان میں متاثرین میں اب تک 1 ارب 36 کروڑ روپے تقسیم کیے ہیں۔ ملتان امدادی رقم کی تقسیم سے متعلق پورے پنجاب میں ٹاپ پر ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ملتان میں قائم قرنطینہ بھی پاکستان کا سب سے بڑا مرکز تھا، ملتان قرنطینہ میں چاروں صوبوں کے افراد کی میزبانی کی گئی۔

    ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے وزیر خارجہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملتان میں امدادی رقم کی ترسیل کا آج دسواں دن ہے، امدادی رقم کے لیے مجموعی طور پر 25 سینٹر فعال ہیں۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ پہلے مرحلے میں 1 لاکھ 358 متاثرہ خاندانوں کو امداد دی گئی، دوسرے مرحلے میں 37 ہزار 961 متاثرین کو امداد دی جا رہی ہے۔ تیسرے مرحلے کے متاثرین کی فہرست پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ تیار کر رہا ہے۔

    ڈی سی نے مزید بتایا کہ متاثرین کو گھروں پر اطلاع دے کر امداد حاصل کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا، سینٹرز بند ہونے کے بعد بھی متاثرین بینکوں سے امداد حاصل کر سکیں گے۔

  • وزیر اعلیٰ پنجاب کا بغیر پروٹوکول شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ

    وزیر اعلیٰ پنجاب کا بغیر پروٹوکول شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور جزوی لاک ڈاؤن کی صورتحال کا جائزہ لیا، انہوں نے اپنے فرائض انجام دینے والے اہلکاروں کو شاباشی بھی دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے رات گئے بغیر پروٹوکول لاہور کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے سیکیورٹی کے بغیر مختلف مارکیٹوں اور شاہراہوں کا دورہ کیا۔

    اس دوران وزیر اعلیٰ پنجاب نے خود گاڑی ڈرائیو کی اور جزوی لاک ڈاؤن کی صورتحال کا جائزہ لیا، وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے ناکے پر فرائض انجام دینے والے اہلکاروں کو شاباش دی۔

    اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ تاجر برادری نے حکومتی فیصلے پر عملدر آمد کر کے قومی ذمہ داری نبھائی ہے، قانون نافذ کرنے والے اہلکار اپنے فرائض جانفشانی سے ادا کر رہے ہیں، شہری کرونا سے محفوظ رہنے کے لیے گھروں میں رہیں۔

    وزیر اعلیٰ نے بعض سڑکوں پر زیادہ ٹریفک پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے دوروں سے زمینی حقائق سے آگاہی ملتی ہے، ہم آزمائش کے وقت عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ میرا ہر لمحہ اپنے عوام کو کرونا سے بچانے کے لیے وقف ہے۔

  • حکومت کا پہلا میگا پروجیکٹ، وزیر اعظم جائزہ لینے پہنچ گئے

    حکومت کا پہلا میگا پروجیکٹ، وزیر اعظم جائزہ لینے پہنچ گئے

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے پہلے میگا پروجیکٹ کی منصوبہ بندی مکمل ہوگئی جس کا جائزہ لینے کے لیے وزیر اعظم عمران خان خود سائٹ پر پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نیا کمرشل شہر بنانے کی منصوبہ بندی مکمل ہوگئی، وزیر اعظم عمران خان ’نیو بلیو ایریا‘ منصوبے کا جائزہ لینے خود سائٹ پر پہنچ گئے۔

    وزیر اعظم عمران خان بغیر پروٹوکول اور سیکیورٹی منصوبے کی سائٹ پر پہنچے۔ جہاں انہوں نے انتظامات کا جائزہ لیا۔ وزیر اعظم کو نیلامی کے طریقہ کار پر بریفنگ دی گئی۔

    وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کے لیے ایف 9 پارک کے سامنے 170 کنال زمین مختص کی گئی ہے۔ جدید تعمیرات اور ہائی رائز بلڈنگ پر مبنی کمرشل سٹی عالمی طرز پر تعمیر ہوگا۔ اوور سیز پاکستانیوں کو سرمایہ کاری کی خصوصی دعوت دی جائے گی۔

    بریفنگ کے مطابق لندن، دبئی، مانچسٹر، شکاگو اور گلاسکو سمیت بڑے شہروں میں روڈ شو ہوں گے، وفاقی ترقیاتی ادارہ اپریل کے پہلے ہفتے میں کمرشل نیلامی کرے گا۔

    وزیر اعظم کی ہدایت پر نیلامی میں حصہ لینے والوں کو سہولت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور مکمل ایڈوانس ٹیکس دینے کی شرط ختم کردی گئی ہے۔ کامیاب بولی دہندگان کو رقم کی ادائیگی کے لیے 30 دن کا وقت ملے گا۔ اوور سیز پاکستانیوں کو رقم کے انتظام کے لیے مناسب وقت دیا جائے گا۔

    حکام کے مطابق منصوبے سے ابتدائی طور پر حکومت کو 25 سے 30 ارب ملیں گے، حکومت آمدن کا کچھ حصہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروجیکٹ میں استعمال کرے گی اور رقم بے گھر اور غریب افراد کے لیے سستے گھروں کی تعمیر پر خرچ ہوگی۔

    منصوبے سے روزگار اور معاشی سرگرمیوں میں اضافے سمیت تعمیراتی انڈسٹری کو بھی فروغ ملے گا۔

  • وزیراعظم عمران خان  3 فروری کو ملائیشیا جائیں گے

    وزیراعظم عمران خان 3 فروری کو ملائیشیا جائیں گے

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان 3فروری کو ملائیشیا جائیں گے ، جہاں وہ ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد سے ون آن ون ملاقات کریں گے ، جس میں دو طرفہ تعلقات، تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ پر گفتگو ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے ملائیشیا کے 2روزہ سرکاری دورے کا شیڈول طے ہوگیا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان 3فروری کو ملائیشیا جائیں گے، ان کے ہمراہ اعلٰی سطح کاوفدبھی ملائیشیا روانہ ہوگا۔

    ذرائع کے مطابق دورے کے دوران وزیراعظم کی ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد سے ون آن ون ملاقات بھی ہوگی اور دوطرفہ تعلقات،تجارت وسرمایہ کاری کے فروغ پربھی گفتگوہوگی جبکہ پاکستان،ملائیشیا کےدرمیان وفودکی سطح پر مذاکرات 4فروری کوہوں گے۔

    یاد رہے گذشتہ سال دسمبر میں ملائیشین وزیراعظم نے عمران خان کیلئے پروٹون 70 گاڑی کا تحفہ بھیجا تھا، جسے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد وزیراعظم کی جانب سے وصول کیا۔

    مزید پڑھیں : مہاتیر محمد کا وزیراعظم عمران خان کو پروٹون گاڑی کا تحفہ

    خیال رہے کہ مارچ  2019 میں ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تھے ، جہاں اُن کا نور خان ایئربیس پر وزیراعظم عمران خان نے شانداراستقبال کیا اور مہمان کے اعزاز میں اکیس توپوں کی سلامی دی گئی۔

    ملائیشین وزیراعظم نے ایک روز بعد پروٹون گاڑیوں کا پلانٹ پاکستان میں لگانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کا مقصد دونوں ممالک کی تجارتی شراکت داری کو قائم کرنا ہے۔

  • لینڈ سلائیڈنگ : وزیراعظم عمران خان نے مظفرآباد اسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی

    لینڈ سلائیڈنگ : وزیراعظم عمران خان نے مظفرآباد اسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان لینڈ سلائیڈنگ اور شدید برف باری سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے آزاد کشمیر پہنچے اور مظفرآباد میں اسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والے نقصانات کے بعد اپنی تمام سیاسی مصروفیات ترک کردیں اور آزاد کشمیر پہنچ گئے، وزیر امور کشمیر امین گنڈا پور بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔

      عمران خان نے لینڈ سلائیڈنگ اور شدید برف باری سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، اس موقع پر وزیراعظم کو لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان سے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے بھی ملاقات کی۔

    اس موقع پر وزیراعظم نے متاثرین کی امداد کیلئے کی جانے والی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اورمظفرآباد میں اسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی، انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے بھی ملاقاتیں کی۔

    یاد رہےکہ گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے شدید برف باری اور لینڈ سلائیڈنگ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا تھا کہ موجودہ صورتحال آزاد جموں و کشمیر میں موت اور تباہی کا پیغام لے کر آئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام کو ہنگامی بنیادوں پر امداد کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی فوج اور تمام وفاقی وزارتوں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

    خیال رہے آزادکشمیر اور بلوچستان میں برفباری نے تباہی مچادی ہے، دو روز کے دوران آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 87 ہوگئی ہے ، برف باری سے متاثرہ علاقوں میں آپریشن جاری ہے اور پاک فوج کی ٹیمیں بھی امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔

    مزید پڑھیں : آزاد کشمیر میں شدید برفباری، 62 افراد جاں بحق

    وادی نیلم میں برفانی تودہ گرنے سے62 ہلاکتیں ہوئی جبکہ 56مکان تباہ ہوگئے، ترجمان صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ متاثرین کو کمبل،خوراک پہنچادی گئی،اسپتالوں اور اسکولوں میں عارضی شیلٹرفراہم کردیاگیا ہے۔

    دوسری جانب کے ٹو بیس کیمپ میں 120 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے برفانی طوفانی ہوائیں چل رہی ہیں، براوٹ پیک بیس کیمپ میں کوہ پیماؤں کے خیمے طوفان نے اکھاڑ دیے ، برفانی طوفان سے انفرادی خیموں اور کچن ٹینٹ کو نقصان پہنچا، بیس کیمپ میں موجود غیر ملکی کوہ پیماؤں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، غیر ملکی کوہ پیما کے ٹو، براوٹ پیک اور جی ون پر سرمائی مہم جوئی کر رہے ہیں۔